مذہبی خبریں

حطیم میں صفوان اور عمیر کے معاہدہ کا حضور انورؐنے جب ذکر کیا تو عمیر ایمان لے آئے
آئی ہرک کا تاریخ اسلام اجلاس،ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب

حیدرآباد ۔26؍اگسٹ( پریس نوٹ)قریش کے اشرار میں عمیر بن وہب کا نام بھی ملتا ہے جس نے مکہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور آپ کے اصحاب کو تکلیف پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا۔جنگ بدر میں عمیر بن وہب کا بیٹا اسیر ہوا۔صفوان بن امیہ نے عمیر بن وہب کو مدینہ جاکر انتقام لینے کے لئے اس شرط پر آمادہ کیا کہ وہ عمیر بن وہب کے قرض کی ادا ئیگی کرے گا اور اور عمیر کے بال بچوں کی کفالت کرے گا۔عمیر بن وہب نے مکمل تیاری کے ساتھ مدینہ کا سفر کیا ۔ چوں کہ ان کا بیٹا اسیر تھا، مسلمانوں نے سمجھا کہ عمیر اپنے بیٹے کو رہا کروانے آئے ہیں۔حـضرت عمر فاروق ؓ نے عمیر کو خاص انداز سے آتا دیکھ کر ان کے اونٹ سے اترتے ہی انھیں پکڑ لیا اور رسول اللہؐ کے سامنے حاضر کیا۔ حضورؐ نے فرمایا کہ ’’بولو! تمہارے اور صفوان کے درمیان کیا معاہدہ ہوا جب کہ وہ اور تم حطیم میں بیٹھے ہوے مشورہ کر رہے تھے؟‘‘ مزید فرمایا کہ ’’تم نے میرے قتل کا ذمہ لیا تھا اور صفوان نے تمہارے قرض کی ادائیگی اور تمہارے اہل و عیال کی خبرگیری کرنے کا عہد کیا‘‘۔ اتنا سننا تھا کہ عمیر بے ساختہ کہہ اٹھے ’’میں گواہی دیتا ہوں کہ بے شک آپ اللہ کے رسول ہیں۔ اس واقعہ کا سوائے میرے اور صفوان کے،کسی کو علم نہ تھا۔ بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس واقعہ سے مطلع فرمایا ہے لہذا میں ایمان لاتا ہوں اللہ پر اور اس کے رسول پر‘‘۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک آج صبح ۹ بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن ،سبزی منڈی میں ان حقائق کا اظہار کیا۔وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیر اہتمام منعقدہ ’۱۳۱۷‘ویں تاریخ اسلام اجلاس کے پہلے سیشن میں سیرت طیبہ کے تسلسل میں واقعات ما بعد غزوہ بدراور ان کے اثرات پر اہل علم حضرات اور سامعین کی کثیر تعداد سے شرف تخاطب حاصل کر رہے تھے۔

بعدہٗ ۳۰:۱۱ بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی مالاکنٹہ روڈ روبرو معظم جاہی مارکٹ میں منعقدہ دوسرے سیشن میں ایک مہاجر ایک انصاری سلسلہ کے تحت صحابی رسولؐ اللہ حضرت بریدہ بن حصیب ؓؓ کے احوال شریف پر مبنی حقائق بیان کئے۔ قرا ء ت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ،نعت شہنشاہ کونین ؐ سے اجلاس کے دونوں سیشنوں کا آغاز ہوا۔ڈاکٹر سید محمد رضی الدین حسان حمیدی معاون ڈائریکٹر آئی ہرک نے خیر مقدمی خطاب کیا۔صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے دعوت حق کے مرحلہ وار اور قوی اثرات پر موثر اور جامع خطاب کیا۔ مولانا مفتی سید شاہ محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل نظامیہ نے ایک آیت جلیلہ کا تفسیری اور ایک حدیث شریف کا تشریحی مطالعاتی مواد پیش کیا۔ پروفیسرسید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے علم فقہ کی اہمیت پر اہم نکات پیش کئے بعدہٗ انگلش لکچر سیریز کے ضمن میں حیات طیبہؐ کے مقدس موضوع پراپنا ’۱۰۴۷‘ واں سلسلہ وار، پر مغز اور معلومات آفریں لکچر دیا۔ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے سلسلہ بیان جاری رکھتے ہوے ایک مہاجر ایک انصاری سلسلہ کے ضمن میںبتایا کہ دوران سفر ہجرت حضرت بریدہؓ اور ان کے ساتھیوں نے رسول اللہ ؐ سے شرف نیاز حاصل کیا۔ بعض علماء سیر نے یہ بھی لکھا ہے کہ قریش کے اعلان انعام کو سن کر وہ بھی حضور انور ؐ کی تلاش میں نکلے تھے تا کہ سو سرخ اونٹ پا سکیں لیکن جب رسول اللہ ؐ کے سامنے انھیں حاضر ہونے کا موقع ملا تو صورتحال اچانک بدل گئی۔ اونٹوں کے بجاے رضاے حبیب کبریاؐ ان کا انعام خاص قرار پایا۔ چنانچہ حضرت بریدہؓ بن حصیب مشرف بہ اسلام ہوے اور ان کے جملہ ساتھیوں نے بھی اسلام قبول کر لیا۔ غزوہ بدر اور احد میں آپ کا اسم گرامی شرکاء کی فہرست میں نہیں ملتا تاہم صلح حدیبیہ میں شرکت اور بیعت رضوان کے شرف سے مالا مال ہونا معلوم ہے۔ غزوہ خیبر میں شریک رہے اور فتح خیبر کی تفصیلات آپ سے مروی ہیں فتح عظیم مکہ مکرمہ کے موقع پر رسول اللہ ؐ کی متابعت کا شرف پایا بعدہٗ سریہ یمن میں حضرت خالدؓ کے ساتھ گئے۔ حضرت علیؓ کی سرکردگی میں مسلمانوں کی جماعت کے ساتھ بھی یمن میں پیش قدمی کا موقع پایا۔ اجلاس کے اختتام سے قبل بارگاہ رسالت پناہیؐ میں حضرت تاج العرفائؒ کا عرض کردہ منظوم سلام پیش کیا گیا۔ ذکر جہری اور دعاے سلامتی پر آئی ہرک کا’1317‘ واں تاریخ اسلام اجلاس اختتام پذیر ہوا۔الحاج محمد یوسف حمیدی نے ابتداء میں تعارفی کلمات کہے اور آخر میں شکریہ ادا کیا۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد 26 اگسٹ (راست) جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ آئی اے ایس کالونی میں درس قرآن مسجد حفصہؓ آئی اے ایس کالونی میں بروز پیر بعد نماز مغرب منعقد ہوگا۔ مولانا محمد فہیم الدین تذکیر بالقرآن پیش کریں گے۔

٭ جماعت اسلامی ہند محلہ الحسنات کالونی میں اجتماعی مطالعہ قرآن بمکان خالد منزل نزد مسجد ابوبکر صدیقؓ الحسنات کالونی میں بعد نماز مغرب منعقد ہوگا۔
مجلس فیضان حضرت خواجہ مرزا محمد بیگؒ
حیدرآباد 26 اگسٹ (راست) ماہانہ مجلس حضرت خواجہ مرزا محمد بیگؒ واقع احاطہ درگاہ حضرت سردار بیگ قبلہؒ آغاپورہ کمان بھوئی گوڑہ میں 15 ذی الحجہ بروز دوشنبہ کو مقرر ہے جس میں بعد مغرب محفل سماع ہوگی۔ مولانا محمد نوراللہ شاہ چشتی مرزائی نگرانی کریں گے۔

مساجد کے احترام و حفاظت پر بڑی فضیلتیں
مسلکی اختلافات کی جگہ نہ بنانے کا مشورہ، مشتاق ملک کا خطاب
حیدرآباد۔/26 اگسٹ، ( پریس نوٹ ) مساجد اسلام کی پارلیمنٹ اور دفاع و اقدام کے مرکز ہیں، مسجد کو آپسی تنازعات اور مسلکی اختلافات کی جگہ نہ بنائی جائے۔ پہلی مسجد بیت اللہ ہے جس کی تعمیر ایک بڑی قربانی کے بعد اللہ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسمعیل علیہ السلام کے ذریعہ کروائی۔ ہجرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد سب سے پہلی مسجد، مسجد نبوی ؐ تعمیر ہوئی۔ جس میں خود حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حصہ لئے اور تمام مسائل کی یکسوئی اور حل مسجد میں ہی ہوتا رہا۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان و کنوینر شرعی فیصلہ بورڈ نے نماز جمعہ سے قبل جامع مسجد ماریڈ پلی سکندرآباد میں ایک اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہا کہ معاشی، خارجی، داخلی، دفاعی جیسے معاملات کے تمام فیصلے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم مسجد نبویؐ میں ہی لیتے رہے۔ آج مساجد کو بانٹنے اور اختلاف پیدا کرنے کا کام کررہے ہیں۔ مساجد میں بڑھتی سیاسی مداخلتوں پر بھی جناب محمد مشتاق ملک نے سخت تنقید کی ۔ مساجد کمیٹیوں کو بھی سیاسی باز آبادکاری کا ذریعہ بنانے کی اطلاعات مل رہی ہیں جو ایک خطرناک عمل ہے، آگے چل کر ملت کی وحدت اور للہیت و اخلاص کونقصان پہنچانے کا باعث ہوگا۔ مساجد مرکز دین ہیں اس کی حفاظت احترام کی بڑی فضیلتیں ـآئی ہیں ۔ مساجد کی اخلاص کے ساتھ خدمت کرنے والوں کو بڑے اجر کی بشارتیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دی ہیں۔