مذہبی خبریں

عرس شریف
حیدرآباد /22 جولائی ( راست ) جگر گوشہ غوث اعظم حضرت سید مرتضی بادشاہ قبلہ حسنی الحسینی قادری چشتی زرین کلاہ حبیب اللہ کا عرس مبارک زیر نگرانی مولانا سید محمود بادشاہ حسینی الحسینی قادری چشتی زرین کلاہ سجادہ نشین نورخان بازار میں 24 جولائی جمعہ کو منعقد ہوگا ۔ بعد نماز عصر مسجد حضرت محی الدین پاشاہ زرین کلاہ میں قرآن خوانی بعد نمازمغرب روانگی جلوس صندل اور درگاہ شریف واقع خانقاہ قبول مصطفوی میں خدمت صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ دعاء خیرامن و سلامتی کے بعد مسجد مذکورہ میں نعت خوانی ہوگی ۔ بعد نماز عشاء تا 12 بجے شب خانقاہ قبول مصطفوری میں مجلس سماع کا انعقاد ہوگا ۔ رات بھر میلاد خوانی ہوگی ۔ بعد نماز فجر سلام بحضور خیرالانام ﷺ اور سجادہ نشین کی دعاء پر تقاریب عرس کا اختتام ہوگا ۔ مولانا سید علی محی الدین قادری چشتی عاکف بادشاہ زرین کلاہ منتخب سجادہ نشین و متولی مراسم عرس انجام دیں گے ۔ 25 جولائی شبنہ کو بعد نماز عشاء خانقاہ قبول مصطفوی میں زیر نگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری ادیبؔ جانشین حضرت کاملؔ نعتیہ مشاعرہ ہوگا ۔ ممتاز نعت گو شعراء و کرام سے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ قاضی فاروق عارفی معتمد مشاعرہ ہوں گے ۔

 

ماہانہ فاتحہ خواجہ خواجگان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : حضرت خواجہ معین الدین حسن سنجری چشتیؒ کی ماہانہ فاتحہ چھٹی شریف 6 شوال المکرم بروز جمعرات بمکان جناب سید ابراہیم قادری ، راگھوا کالونی ٹولی چوکی مقرر ہے ۔ مولانا اسلم پاشاہ گلیمی صدارت کریں گے ۔ نماز عشاء سے مشاغل کا آغاز ہوگا ۔۔
٭٭    حسب عمل درآمد قدیم زیر اہتمام ایچ ای ایچ دی نظام اوقاف کمیٹی و زیر نگرانی مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین خواجہ کا چھلہ مغل پورہ چھٹی شریف 23 جولائی خواجہ کا چھلہ مغل پورہ مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر ختم خواجگان و محفل سماع و چراغ روشن کی جائے گی ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 23 جولائی بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ ،شکر گنج مقرر ہے ۔۔

تحریک اسلامی کا مرکزی اجتماع
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 23 جولائی کو بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ اس اجتماع کا آغاز قرات و نعت شریف سے ہوگا ۔ نگران تحریک مولانا محمد فاروق قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

تحسین عائشہ کا نعتیہ مجموعہ کلام
سوغات تحسین منظر عام پر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : تحسین عائشہ کا حمدیہ ، نعتیہ و منقبتی مجموعہ کلام سوغات تحسین کے زیر عنوان زیور طباعت سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آگیا ہے ۔ جس کے لیے تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے جزوی مالی امداد فراہم کی ہے ۔ قبل ازیں تحسین عائشہ کا ایک اور نعتیہ مجموعہ کلام تجلیات حرم شائع ہو کر مقبول عام ہوچکا ہے ۔ سوغات تحسین کی تقریب رسم اجراء عنقریب انجام پائیگی ۔۔

ماہانہ فاتحہ حضرت ابوالفداءؒ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : مولانا پروفیسر ابوالفداء محمد عبدالستار خاں نقشبندی و قادری خلیفہ مولانا محدث دکنؒ و سابق صدر شعبہ عربی جامعہ عثمانیہ کی ماہانہ فاتحہ 24 جولائی جمعہ 7 بجے صبح آستانہ ابوالفداء واقع میسرم زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری خلیفہ حضرت ابوالفداء مقرر ہے ۔ ذکر و مراقبہ ، قرآن خوانی و ختم خواجگان کے بعد چادر گل پیش کی جائیگی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : عرس شریف حضرت شاہ محمد پیر پاشاہ ملتانی القادریؒ نبیرہ حضرت ملتانی پاشاہؒ ( بیدر شریف ) واقع بارگاہ خانقاہ ملتانیہ قادریہ عالیہ شمس آباد میں مقرر ہے ۔ 10 شوال بعد نماز عشاء مراسم غسل شریف 11 شوال بعد نماز عصر تلاوت کلام پاک و صندل مالی بعد نماز مغرب جلسہ فیضان اولیاء و محفل سماع ہوگی ۔ 12 شوال کو 11 بجے دن محفل درود شریف بعد نماز عصر گل افشانی بعد نماز مغرب محفل نعت پاک و محفل سماع و قل ہوگی ۔ جملہ مراسم سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔۔

حضرت غوثی شاہ ؒ توحید و تصوف کے امام تھے
مسجد کریم اللہ شاہ ؒ میں مولاناغوثوی شاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : بہ مسجد کریم اللہ شاہؒ بیگم بازار حیدرآباد کے نامور بزرگ کنزالعرفان حضرت پیر غوثی شاہ ؒ کی یاد میں 21 جولائی کو ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا ۔مولاناحکیم احمد علی شاہ کی قرآت سے جلسہ کا آغاز ہُوا ، مولانا عظیم الدین روشن ، مولاناعبدالرفیق جنیدی،مولانا کریم محی الدین، مولاناکریم پاشاہ ، ڈاکٹر سیّدبشیر احمد اورمولانااحمد شاہ ابدالی نے حضرت غوثی شاہ صاحب ؒ کی اسلامی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہندوستان کی سرزمین پر قرآن وحدیث کی روشنی میں مسلہء وحدۃ الوجود کا آپ سے بڑھکر کوئی عالم دین نہیں تھا یقینا کنزالعرفان ابوالایقان حضرت پیر غوثی شاہ ؒ توحید و تصوف کے اِمام تھے۔مولاناغوثوی شاہ نے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنزالعرفان ابوالایقان حضرت پیر غوثی شاہ علیہ الرحمہ کی تعلیمات قرآن و حدیث کا نچوڑ ہے ، آپ کی تمام ترزندگی کلمہء طیبہ لاالٰہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ کے اسرار و حقائق کے افہام و تفہیم میں بسرہوئی ، اُس وقت کے بڑے بڑے نامور علماء ومشائخ بھی آپ کی شخصیت سے متاثر تھے جن میں دیوبند کے مشہور عالِم دین حضرت مولانااشرف علی تھانوی ؒ مولانا عبد الماجد دریابادی اور حیدرآباد میں ابو الحسنات حضرت سید عبداللہ شاہ صاحب قبلہؒ قابلِ ذکر ہیں ۔ آپ کی تصانیف نورالنور اور کلمہء طیبہ کو عالم گیر شہرت حاصل ہے یقینا آپ اپنے وقت میں توحید اور تصوف کے امام تھے جامعہ ازہر مصر کے عالم دین مولاناعبد الصمد صارم الازہری ؒ نے آپ کے متعلق فرمایا تھاکہ حضرت شیخ اکبر ابن عربی ؒ اور مولانارومؒ کی کتابوں کا آپ سے بڑھکر میں ؔنے عالِم نہیں دیکھا اور حضرت سید عبداللہ شاہ صاحب قبلہؒ نے فرمایاتھا کہ حضرت غوثی شاہ صاحبؒ جیسی ہستی کو پیدا ہونے کے لئے زمانے کوگردش لگانی پڑے گی ۔ مولاناغوثوی شاہ کے خطاب کے بعد مولاناغوثوی شاہ کی تصنیف ’’اصطلاحاتِ تصوف ‘‘ اوراکرام اللہ شاہ کی تصنیف ’’صحابہء کرام ؓ اور عشقِ رسولؐ ‘‘کا رسم اِجراء عمل میں آیا ۔ ممبئی ، مدراس، بنگلور اور مختلف اضلاع سے کافی تعداد میں عقیدتمند حضرات نے شرکت کی ۔ مسرس شاہد پیراں ، خالد پاشاہ، فاتح شاہ اور اکرام اللہ شاہ نے حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔