مذہبی خبریں

ادب صادق کا آج جلسہ عید ملاپ مذاکرہ و مشاعرہ
حیدرآباد 24 جون (پریس نوٹ) ادارہ ادب صادق کا جلسہ و مشاعرہ 25 جون دوشنبہ شام 5 بجے سہیل منشن مہدی پٹنم پلر نمبر 17 روبرو محبوب فنکشن ہال جاوید حبیب بیوٹی پارلر منعقد ہوگا۔ صدارت مولانا نادر المسدوسی جبکہ مشاعرے کی صدارت جناب سمیع اللہ سمیع کریں گے۔ مہمانان خصوصی ڈاکٹر فاروق شکیل، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، قاضی فاروق عارفی، یوسف روش، اسلم فرشوری و ذعیم ذمرہ ہوں گے۔ ڈاکٹر عقیل ہاشمی، ڈاکٹر مجید بیدار، ڈاکٹر بیگ احساس مہمانان اعزازی ہوں گے۔ بعدازاں طرحی مزاحیہ مشاعرہ بھی منعقد ہوگا۔ ادبی اجلاس کے پہلے دور میں فی البدیہ مشاعرہ کی اہمیت و افادیت پر ڈاکٹر صادق روشنی ڈالیں گے جبکہ دوسرے دور میں فی البدیہ مشاعرہ میں ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادق کے ریکارڈس پر مذاکرہ منعقد ہوگا۔ ڈاکٹر نادر المسدوسی، ڈاکٹر فاروق شکیل، اسلم فرشوری، سمیع اللہ سمیع و دیگر حضرات حصہ لیں گے۔ یہ جلسہ و مشاعرہ ٹھیک 5 بجے شام شروع ہوکر 7 بجکر 45 منٹ پر ختم ہوجائے گا۔ تمام محبان اردو سے بپابندی وقت شرکت کی درخواست کی ہے۔

مدرسہ بنات الحرم میں داخلے
حیدرآباد 24 جون (راست) تنظیم بنت حرم کے زیراہتمام چلائے جانے والے مدرسہ بنات الحرم (اندرون مکہ مسجد) میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے جس میں شعبہ حفظ القرآن، ناظرہ معہ تجوید، شعبہ عالمیت جس میں مّلا، امامت، مؤذنی، ڈپلوما اِن عربک جن کے امتحانات جامعہ نظامیہ سے دلائے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ٹیلرنگ، عصری تعلیم، مہدی ڈیزائن کی مفت تعلیم دی جاتی ہے۔ کوئی فیس نہیں۔ اوقات مدرسہ 10 تا 4 بجے دن ہر اتوار کو 11 تا 12 بجے دن درس قرآن مجید، 12 تا 1 بجے دن درس بخاری شریف، 1 تا 2 بجے دن مختلف عنوانات پر بیانات ہوں گے جو خواتین وقت نہیں دے سکتیں خصوصی کلاسیس رہیں گی۔ مزید تفصیلات کے لئے فون نمبر 8374183214 پر ربط کریں۔

جشن ولادت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں قادریؒ بریلی شریف
حیدرآباد 24 جون (راست) خانقاہ قادریہ رضویہ سلیمان نگر کے زیراہتمام جشن ولادت اعلیٰ حضرتؒ مسجد توحید درگاہ حضرت حسن شہید رحمۃ اللہ علیہ پرانا پُل پر 25 جون کو بعد نماز عشاء مقرر ہے۔ سرپرستی خلیفہ تاج الشریعہ مولانا ڈاکٹر محمد رفیق رضا قادری کریں گے اور صدارت خلیفہ حضور شعیب رضا ؒمولانا محمد طاہر رضا قادری کریں گے۔ خطیب و امام مسجد توحید مولانا عرفان رضا قادری اور مولانا محمد زاہد رضا قادری اور صدر کرناٹک علماء بورڈ مولانا محمد ظہیرالدین رضا قادری کے خطابات ہوں گے۔ بعد نماز عشاء لنگر کا اہتمام رہے گا۔