مذہبی خبریں

مسلمانوں کا اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت
عیدگاہ شمس آباد میں مولانا سیدمصطفی علی صوفی سعید پاشاہ قادری کا خطاب
شمس آباد ۔ 17جون ( سیاست نیوز) عیدگاہ شمس آباد میںعیدالفطر کی نماز خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی ۔ مولانا سید مصطفیٰ علی صوفی سعید پاشاہ قادری امام و خطیب عیدگاہ شمس آباد نے امامت و خطابت کی ۔ مولانا نے اپنے بیان میں رمضان کے فضائل اور عید پر تفصیلی بیان کیا ۔ مولانا نے کہا کہ رمضان کا مقدس ماہ مسلمانوں کیلئے رحمتوں و برکتوں والا مہینہ ہے جس میں مسلمان پورے ماہ روزہ رکھتے ہوئے خدا کی عبادت میں مشغول رہتے ہیں اور پنچ وقتہ نماز ادا کرتے ہوئے تراویح کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے ۔ رمضان کے مہینہ میں جو بھی جائز دعائیں ہیں انہیں خدا قبول کرتا ہے ‘ہماری عبادتوں کو قبول کرتا ہے اور ہمیں تمام خوشیاں نصیب ہوتی ہے ۔ رمضان میں فطرہ و زکوٰہ کی رقم غریبوں میں تقسیم کی جاتی ہے جس سے وہ لوگ بھی عید کی خوشیاں مناتے ہیں ہمیں اپنے ساتھ غریب افراد‘ خاندان اور پڑوسیوں کا بھی خیال رکھنا چاہیئے ۔ ہماری خوشیوں میں انہیں بھی شریک کرنا لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان جس طرح رمضان میں پنچ وقتہ نماز ادا کرتے ہیں اسی طرح بعد رمضان بھی نمازوں کو پابندی کے ساتھ ادا کریں جس سے دنیا و آخرت دونوں سنور جائے گی ۔ مولانا نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں تب ہی ہم زندگی میںترقی کریں گے ‘ ورنہ ہمارا حال بھی جس طرح فلسطین ‘ برما ‘ افغانستان ‘ عراق و دیگر ممالک میں ہورہا ہے وہی حال ہمارا ہوگا ۔ ہمیں یہیں سے عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں گے اور اسے برقرار رکھیں گے ۔ آخر میں انہوں نے دنیا بھر میں ہورہے اسلام برادری پر ظلم کرنے والے ظالموں کے خاتمہ کیلئے دعا کی اور بعد نماز عید الفطر عیدگاہ میں کانگریس اور ٹی آر ایس قائدین نے مسلمانوں سے بغلگیر ہوکر عید کی مبارکباد پیش کی ۔

نوجوانوں کو مساجد آباد رکھنے اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین
عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں نماز عیدالفطر ، مولانا قاری سید متین علی شاہ کا خطاب
حیدرآباد 17 جون (راست) عید انعام و اکرام کا دن ہے، عید اس کی ہے جس سے رب راضی ہوگیا۔ ایک بندۂ مومن کے لئے اس سے بڑھ کر اور خوشی کیا ہوسکتی ہے جسے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہوگی۔ عید کے دن اللہ تعالیٰ کی رحمت نہایت جوش میں ہوتی ہے۔ اللہ کی بارگاہ سے کوئی مایوس نہیں لوٹتا۔ آج عالمی سطح پر مسلمانوں کے چہروں پر خوشی و شادمانی چھائی ہوئی ہے لیکن فلسطین، غزہ، عراق، افغانستان، برما، لیبیا وغیرہ کے حالات انتہائی خراب اور ابتر ہیں جہاں پر نہتے مسلمانوں پر ظلم ڈھایا جارہا ہے۔ کئی لوگ بے یار و مددگار اللہ تعالیٰ سے فتح و نصرت کی اُمید لگائے بیٹھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری امام و خطیب عیدگاہ قطب شاہی گنبدان قلعہ گولکنڈہ نے یکم شوال کو منعقدہ نماز عیدالفطر کے کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا متین علی شاہ نے کہاکہ اُمت مسلمہ میں اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جب تک ہم متحد رہیں گے اسلام دشمن طاقتوں کو اپنے اتحاد کے ذریعہ ناکام بناسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تقویٰ ساری خوبیوں کی جڑ اور اسلامی تعلیمات کا خلاصہ ہے۔ اللہ کے دوستوں کو نہ خوف ہوگا نہ وہ غمگین ہوں گے۔ اللہ کے دوست وہ ہیں جو ایمان لائے اور تقویٰ اختیار کرتے ہیں۔ ابتداء میں جناب غلام محی الدین پاشاہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے سجدوں سے مساجد کو آباد رکھیں اور اسلامی تعلیمات پر عمل کریں۔ اُنھوں نے تاسف کا اظہار کیاکہ بعض لوگ نیک کاموں میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ خطیب نے عیدگاہ کی وسیع و عریض اراضی کی بازیابی پر عامۃ المسلمین بالخصوص مقدمات کی پیروی میں اہم کردار نبھانے والے افراد سے دامے درمے سخنے شکریہ ادا کیا۔ رکن اسمبلی حلقہ کاروان کی نگرانی و نمائندگی پر مختلف محکمہ جات آبرسانی، پولیس، ٹرانسکو ، بلدیہ کی جانب سے وسیع و عریض انتظامات عیدگاہ میں کئے گئے۔

ماہ صیام المبارک کے طرز پر نمازوں کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کا مشورہ
جامع مسجد مہدویہ مشیرآباد میں نماز عیدالفطر کے موقع پر مولانا سید بختیار عالم کا خطاب
حیدرآباد۔17جون (سیاست نیوز) ماہ صیام میںخشو ع وخضوع کے ساتھ نمازیں ادا کرنے اور روزوں کے رکھنے کے علاوہ دیگر عبادتوں میں وقت گذارنے والے مسلمانوں کے لئے یقینا عید انعام واکرام کا دن ہے‘ مگر ہمیں اس با ت کابھی خیال رکھنا چاہئے کہ نماز یں صرف رمضان کی حدتک ہم پر فرض نہیں کی گئی ہیں ۔ ایک عاقل اوربالغ مسلمانوں کے لئے تادم حیات اس پر نماز یں فرض ہیں۔ اگر ہم زندگی رمضان کی طرح گذاریں تو موت عید سے کم نہیں ہوگی۔امام وخطیب جامع مسجد مہدویہ مشیر آباد مولانا سید بختیار عالم نے عید الفطر کے موقع پر خطبہ میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ مولانا نے مزید کہاکہ روزہ داروں کے لئے اللہ تعالی نے کہہ دیا ہے کہ یوم محشر انہیںاس کا انعام پروردگار عالم خود اپنے ہاتھ سے دیں گے۔انہو ںنے کہاکہ مگر افسوس کی بات ہے کہ رمضان کے بعد مسجدیں ویران ہوجاتی ہیں۔ ہمیںمساجد کوہمیشہ آباد رکھنے کی ضرورت ہے ۔ رمضان میںجس طرح خشو ع وخضوع کے ساتھ ہم عبادتیں کرتے ہیں اسی طرح ہمیشہ نمازوں اور دیگر عبادتوں کے سلسلے کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے زکوۃ اور فطرہ کی ادائی سے غریب مسلمانوں کو ہونے والے فوائد کا بھی ذکر کیا۔آج کے اس پرآشوب دور میںہمیں اللہ کو راضی کرنے کے لئے پانچ وقت کا نمازی بننا ضروری ہے۔ نماز سے دوری مسلمان کو گمراہی میںمبتلا کردے گی اور یہ گمراہی تباہی کے ساتھ ختم ہوگی۔ انہو ں نے مصلیان جامع مسجد مہدویہ مشیرآباد پر زوردیا کہ وہ رمضان کے بعد بھی پابندی کے ساتھ نمازوں کا اہتمام کریں ۔حضرت سید علی متولی نگران کار جامع مسجد مہدویہ مشیرآباد نے جامع مسجد کے انتظامات میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔