مذہبی خبریں

قرآن مجید کی تعلیمات تا ابد ساری انسانیت کو حق و صداقت کا راستہ دکھاتی رہیں گی
ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کے بائیسویں سالانہ ’’حضرت تاج العرفائؒ یادگارخطابات‘‘
حیدرآباد ۔13؍جون( پریس نوٹ) قرآن مجید رہتی دنیا تک پوری انسانیت کو ایمان و یقین، توحید و رسالت ، حق و صداقت، خیر و بھلائی،توکل و استقامت، نیکی اور راستی کی ہدایت بخشتا رہے گا قرآن مجید صحائف آسمانی میں آخری اور حضور اکرم خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو عطا فرمایا گیا معجزہ عظمیٰ ہے۔ قرآن حکیم بطور خاص اہل ایمان و تقویٰ کا ہادی و رہبر، رحمت پروردگار، وسیلہ نجات اور مکمل دستور حیات ہے جو درحقیقت علوم و حکمت کا گنجینہ اور اسرار الٰہی کا مخزن ہے۔ نزول قرآن شریف کے لئے ماہ رمضان المبارک کا انتخاب اس ماہ کی فضیلت اور عظمت کا واضح نشان ہے جس رات میں قرآن پاک لوح محفوظ سے یکبارگی آسمان دنیا پر نازل ہوا اس کی قدر و قیمت، رفعت و وقعت کا خود قرآن پاک سے ثبوت ملتا ہے۔ان برکتوں سے معمور مہینہ میں حق تعالیٰ نے اپنے مومن بندوں پر روزے فرض کر کے انہیں اپنی عنایتوں اور الطاف کریمانہ سے نواز دیا ہے۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے 27؍ رمضان المبارک کو بعد نماز ظہر مسجد حاجی کمال دارالشفاء اور بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے’’حضرت تاج العرفائؒ یادگار خطابات‘‘ کے بائیسویں سال کے اجلاسوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے کہا کہ قرآن پاک کی تلاوت نعمت عظیم، سماعت موجب سعادت، قرآن مجید کے ارشادات کا سمجھنا کمال فہم اور اسے پڑھانا اور معانی و مطالب کو سمجھ کر دوسروں کو سمجھانا سند تقرب کے حصول کا باعث اور تعلیمات و احکام پر صدق دل سے عمل پیرا ہو جانا دنیا و آخرت کی فوز و فلاح اور سرخروئی کا سبب ہے۔ قرآن حکیم کے اولین ارشاد ’’اقرائ‘‘ کے پیش نظرعلم کی اہمیت، تعلیم کی ضرورت اور ذہن و فکر کی اعلیٰ ترین تربیت کا واضح تصور ملتا ہے دین اسلام میں علوم و فنون کے حصول اور درس و تدریس کی بڑی فضیلت ہے۔انھوں نے کہا کہ قرآن فہمی کے لئے یقینا صاحب قرآن حضوراکرم ؐ سے سچی وابستگی اور محبت لازمی ہے کیوں کہ حضور ؐ کی محبت، توقیر و تعظیم اور اتباع کا قرآن مجید نے خصوصی حکم دیا ہے اور واضح طور پر اعلان فرما دیا ہے کہ اتباع رسالت ؐ ہی دراصل اطاعت الٰہی ہے۔ ماہ رمضان المبارک میں قرآن حکیم کی تلاوت و سماعت کے ایمان پرور مشغلے اور مبارک سرگرمیاں روحانی بالیدگی کا موجب ہیں۔ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ معانی و مطالب کے ساتھ تلاوت قرآن کا سلسلہ ایک اعلیٰ اسلامی معاشرہ اور منشاء حق تعالیٰ کے مطابق زندگی گذارنے کی سعادتوں سے بہرہ مند کرے گا۔انھوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے ان بابرکت لمحات میں ہمیں اپنی انفرادی اور پوری ملت کی اجتماعی بھلائی کے لئے عہد واثق اور اخلاص نیت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور نصرت و رحمت کو طلب کرنے کے لئے پورے خشوع و خضوع کے ساتھ اس کی عبادت اور اس کے احکام کی تعمیل کرنا ہی سعادت عظیم ہے۔ اجلاس کے آخر میں بارگاہ رسالت مآبؐ میں سلام پیش کیا گیا او رپر اثر رقت آمیز دعاء کی گئی۔

قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب
مولانا محمد زعیم الدین حسامی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( راست ) : اللہ تعالیٰ سورۃ البقرہ میں ارشاد فرماتا ہے کہ رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا ہے اور سورۃ القدر میں ہے کہ بے شک ہم نے اس کو ( یعنی قرآن مجید کو ) نازل کیا ایک قدر والی رات میں ۔ ان دونوں آیتوں کو جمع کرنے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ شب قدر ماہ رمضان المبارک میں ہے کیوں کہ قرآن پاک کا نزول شب قدر اور رمضان میں ہوا ہے ۔ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ تم میں بہترین وہ ہے جو قرآن کو سیکھے اور سکھائے ۔ ان خیالات کا اظہار سکریٹری سراج العلماء اکیڈیمی مولانا محمد زعیم الدین حسامی نے مدینہ مسجد حسینی باغ ، رین بازار میں منعقدہ جلسہ شب قدر و عظمت قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے عامتہ المسلمین سے خواہش کی ہے کہ وہ قرآن پاک سے اپنا رشتہ مضبوطی سے جوڑلیں اور اس میں بتائے ہوئے احکامات کے مطابق اپنی زندگی گزاریں ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری قادری بروز جمعرات بعد نماز عصر مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج میں محفل ذکر و درود شریف 14 جون بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔

مساجد کو اتحاد امت اور تعلیم و تربیت کا ذریعہ بنانے کا مشورہ
جناب سید سعادت اللہ حسینی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( راست ) : مساجد کو امت کی تنظیم و شیرازہ بندی اور تعلیم و تربیت کا ذریعہ ہونا چاہئے اور مساجد کے نظام کو مسلمانوں کے مسائل کے حل اور اسلام کے تعارف کا ذریعہ بنائیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب سعادت اللہ حسینی نائب امیر جماعت اسلامی ہند نے آج خواجہ منشن مانصاحب ٹینک میں مساجد کمیٹی کے منتظمین ، ائمہ و خطباء کے اجلاس میں کیا جنہیں جماعت اسلامی شہر حیدرآباد کی جانب سے افطار پر مدعو کیا گیا تھا ۔ اس اجلاس میں نائب امیر جماعت نے خطبات جمعہ ویب سائٹ khutbatejuma.com کا افتتاح کیا اور کہا کہ خطبات جمعہ امت مسلمہ کے اندر شعور کی بیداری اور دینی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے انہیں آمادہ اور تیار کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں ۔ جناب حامد محمد خاں ، جناب ملک معتصم خاں ، مولانا غیاث احمد نے مخاطب کیا ۔ قبل ازیں حافظ محمد رشاد الدین نے تعارفی کلمات پیش کئے ۔ جناب رضا احمد خاں نے خطبات جمعہ ویب سائٹ کا تعارف پیش کیا ۔ جناب سطان محی الدین نے کارروائی چلائی ۔۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم ‘ سے معنون بائیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں 29 رمضان بعد نماز ظہر مسجد کوثر صالح نگر اور بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی خطاب کریں گے ۔۔