مذہبی خبریں

جلسہ عظمتِ صحابہؓ و اہل بیتِ اطہارؓ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 22 اکٹوبر بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی ’جلسہ عظمت صحابہؓ ‘ منعقد ہے ۔ مولانا مفتی عبدالمغنی صدر سٹی جمعیتہ العلماء مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

گولکنڈہ قلعہ میں
آج معین خاں کا میوزیکل پروگرام
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : دسہرہ تہوار کے ضمن میں احاطہ گولکنڈہ میں ایک رنگا رنگ شاندار و یادگار میوزیکل پروگرام 22 اکٹوبر جمعرات کو 6 بجے شام مقرر ہے ۔ جس میں نئے پرانے ہٹ سوپر ہٹ سریلے فلمی نغموں کو نامور فلمسٹار و گلوکار معین خاں کے علاوہ ملک کی مقبول گلوکارہ اندرانی باسو ٹھاکر ، ساوتھ انڈیا کشور کمار شان احسن شاہ کے علاوہ کئی گلوکار و گلوکارائیں پیش کریں گے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9246369273 پر ربط کریں ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 22 اکٹوبر جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

جلسہ فیضان غوث اعظمؒ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : الگیلانی عالمی سوسائٹی کے زیر اہتمام جلسہ فیضان حضرت سیدنا غوث اعظم ؒ 22 اکٹوبر جمعرات اردو گھر مغل پورہ میں بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ نگرانی واصف احمد علوی صدر الگیلانی عالمی سوسائٹی کرینگے ۔ مہمان خصوصی مولانا محمد عبدالقوی خطاب کریں گے ۔۔

مرکزی جلسہ یوم شہدائے کربلاؓ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : امارت ملت اسلامیہ آندھرا پردیش کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ یوم شہدائے کربلاؓ 24 اکٹوبر کو 9 بجے صبح جامع مسجد چوک بصدارت مولانا محمد حسام الدین ثانی عامل جعفر پاشاہ امیر ملت اسلامیہ آندھرا پردیش منعقد ہوگا ۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد عبدالقیوم شاکر کی تلاوت کلام پاک سے ہوگا ۔ ڈاکٹر محمد طیب پاشاہ قادری ، جناب محمد مصطفی صدیقی ، حافظ احمد محی الدین حسامی منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ مولانا سید ظفر احمد جمیل ، مولانا سید غوث محی الدین ، رحیم الدین انصاری ، الحاج خلیل الرحمن ، مولانا محمد عبدالقادر قاسمی ، مولانا محمد حفیظ اللہ مظاہری کی تقاریر کے بعد مولانا امیر ملت اسلامیہ کا خصوصی خطاب ہوگا۔ مدرسہ دینیہ اقبال العلوم مع دارالاقامہ سن سٹی کے طلباء کا تعلیمی مظاہرہ ہوگا ۔ نماز ظہر 2 بجے ادا کی جائے گی ۔ خواتین کے لیے پردے کا معقول انتظام رہے گا ۔۔

زیارت آثار مبارک سید الشہداءؓ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : زیارت آثا رمبارک سیدالشہداءؓ دیوڑھی ابوالفضل سید محمودؒ اندرون کمان محمد شکور فتح دروازہ میں 24 اکٹوبر ہفتہ کو مقرر ہے ۔ 3 بجے دن سے قصیدہ بردہ شریف و میلاد خوانی ہوگی قبل از عصر زیارت آثار مبارک ابو زاہد سید حسن قادری خسرو پاشاہ کرائیں گے ۔۔

شہید اعظم کانفرنس
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : شہید اعظم کانفرنس مسجد خواجہ گلشن مہدی پٹنم میں 23 اکٹوبر بروز جمعہ بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی مولانا اکرم پاشاہ قادری ، مولانا سید رضوان پاشاہ قادری بانی قرآن اکیڈیمی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

جلسہ عظمت صحابہؓ و شہدائے اسلام
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جلسہ عظمت صحابہؓ و شہدائے اسلام 22 اکٹوبر بعد نماز عشاء کے ایس کے فنکشن ہال زندہ طلسمات روڈ لال باغ عنبر پیٹ میں منعقد ہے ۔ نگرانی صدر سٹی جمعیتہ العلماء مفتی عبدالمغنی مظاہری کریں گے ۔ صدارت الحاج حافظ پیر شبیر احمد ( صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ و آندھرا پردیش و سابقہ ایم ایل سی ) کرینگے ۔ جلسہ کی نظامت مولانا محمد معز الدین ندوی کریں گے ۔ مہمانان مقرر مولانا عبدالملک مظاہری اور مولانا خواجہ نذیر الدین سبیلی ہوں گے ۔۔

ماہانہ محفل نعت پاکؐ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ماہانہ مجلس فیضان حضرت ابوالبرکات الحاج سید خلیل اللہ شاہ نقشبندیؒ 8 محرم بروز جمعرات کو بعد نماز عشاء قیام گاہ جناب محمد غوث نقشبندی واقع بیرون غازی بنڈہ میں مقرر ہے ۔ جس میں محفل نعت پاکؐ ہوگی ۔۔

جلسہ شہادت امام حسینؓ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مسجد جیلانی میاںؒ اندرون فتح دروازہ میں 22 اکٹوبر جمعرات ، بعد نماز عصر ، جلسہ فضائل ماہ محرم الحرام و ذکر شہادت حضرت امام حسینؓ مقرر ہے ۔ مولانا محمد عبدالقوی کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔
٭٭    رنمست پورہ درگاہ شریف حضرت سید محمد احمد حسینی قادری الرفاعیؒ کی سالانہ فاتحہ کے موقع پر بروز جمعرات 8 محرم کو بعد نماز مغرب قصیدہ بردہ شریف جماعت گلشن رفاعیہ کے اراکین پڑھیں گے ۔ بعد نماز عشاء درگاہ حضرت ممدوح پر چادر گل پیش کی جائے گی ۔ بعد محفل نعت و منقبت جلسہ یاد شہدائے کربلا منعقد ہوگا ۔ جس میں علماء کرام و نعت خواں ہدیہ نعت و منقبت سنائیں گے ۔ اس محفل کی صدارت مولانا سید محمد تقی حسینی قادری الرفاعی کریں گے ۔۔

تحریک مسلم شبان کا جلسہ شہادت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جلسہ شہادت حسین اور موجودہ حالات پر جلسہ عام 10 محرم بروز ہفتہ 2 بجے دن جامع مسجد احسن اللہ خاں ناگاباولی یاقوت پورہ منعقد ہوگا ۔ جس میں جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ مولانا حافظ خالد علی خاں قادری بھی خطاب کریں گے ۔۔

معلمات کے لیے تحریری مسابقہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے زیر اہتمام عقیدہ ختم نبوت 27 دسمبر دفتر مجلس تحفظ ختم نبوت کالی قبر چادر گھاٹ میں مدارس نسواں کے معلمات اور فارغات کے لیے ختم نبوت تحریری مسابقہ منعقد ہوگا ۔ مسابقہ کی بنیاد مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کی شائع کردہ 4 کتابیں ہوں گی ۔ مسابقہ میں شرکت کے لیے فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 10 دسمبر ہوگی ۔ مزید تفصیلات کے لیے فون نمبرات 8801774902 ۔ 9985030527 پر ربط کریں ۔۔

عجمی ماتم گروہ جعفری
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : سید علی حسین طباطبائی سرگروہ جعفری 88 کے بموجب 8 محرم ۷ بجے صبح میر حیدر علی مرحوم ناچارم ، 9 بجے صبح شبر و شبیر علوم حیدری ۔ 10 بجے سید ذکی حسین کھیت بالسٹی ۔ 1 بجے دن سید مہدی علی خاں حسینی کوٹھی ۔ 2 بجے باقر رضوی مرحوم عقب مسجد جعفری ۔ 6-45 شام علی محمد خاں علی یاور منزل ۔ 7-30 بجے شب شبیر علی نزد گول قبر ۔ 8-30 بجے ساجد برادران کھیت بالسٹی ۔ 9 بجے شب امداد جاہ مرحوم عزا خانہ زہرا ۔ 9-30 بجے شب نقی مرحوم کوچہ خطیب 10 بجے شب حیدر علی خاں حمایت نگر میں ماتم ہوں گے ۔۔

عرس شریف
٭٭    نبیرہ خواجہ دکن حضرت خواجہ بندہ نواز گیسودراز بلند پروازؒ کا عرس شریف حضرت بندگی مقدوم سید ملک شاہ حسینیؒ و عرس شریف حضرت بندگی سید نبی شاہ حسینیؒ المعروف زندہ ولی 13 محرم کو شاہ راج پیٹ (مقطعہ اڈلور ) الیر منڈل میں مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ سمیع اللہ حسینی چشتی بندہ نوازی سجادہ نشین و متولی آستانہ عالیہ مراسم عرس انجام دیں گے ۔۔
حمیدیہ میں آج آٹھویں
مجلس سیرت حضرت سیدنا امام حسینؓ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) اور انتظامیہ درگاہ حضرت تاج العرفاء شرفی چمن سبزی منڈی کے زیر اہتمام حسب عمل درآمد قدیم سالانہ مجالس سیرت حضرت سیدنا امام حسینؓ کے سلسلہ کی آٹھویں مجلس 8 محرم کو صبح 8 بجے حمیدیہ واقع شرفی چمن ، ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ تاج العرفاء کی زیر نگرانی منعقد ہوگی ۔ مولانا سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائرکٹر آئی ہرک کے علاوہ نگران مجلس موضوع کے مختلف پہلوؤں پر شرف تخاطب حاصل کریں گے ۔۔

آئی ہرک کا سالانہ مرکزی
جلسہ شہادت عظمیٰ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی جلسہ شہادت عظمیٰ شنبہ 24 اکٹوبر گیارہ بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی مالا کنٹہ روڈ معظم جاہی مارکٹ زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک منعقد ہوگا ۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائرکٹری آئی ہرک ، مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کے علاوہ دیگر علماء کرام اور مشائخین عظام سیرت حضرت سیدنا امام حسینؓ کے موضوع پر شرف تخاطب کی سعادت حاصل کریں گے ۔ نگران جلسہ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کے خطاب کے بعد سلام بحضور امام عالی مقام پیش کیا جائے گا ۔۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع 22 اکٹوبر کو 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر قیادت مولانا محمد آصف لال قادری منعقد ہوگا ۔ قرات و نعت کے بعد نگران تحریک اسلامی مولانا محمد فاروق قادری کا شہادت امام حسینؓ پر خطاب ہوگا ۔۔

 

جلسہ شہادت امام حسینؓ
٭٭    مسجد حکیم شرفی و عزیز النساء میں جلسہ شہادت امام حسین ؓ 22 اکٹوبر بعد عشاء مقرر ہے ۔ مولانا سید محمد عبدالصمد قادری شرفی ، مولانا عبدالرزاق شرفی مخاطب کرینگے ۔۔
٭٭    خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کے زیر اہتمام جمعرات 22 اکٹوبر کو بعد نماز عشاء جلسہ شہادت و محفل نعت و منقبت مسجد معراج بورا بنڈہ میں مقرر ہے ۔ مولانا پیر صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری سرپرستی کریں گے ۔ مولانا شیخ قادر محی الدین نظامی اور مولانا شیخ درویش محی الدین خالد قادری کے خطابات ہوں گے ۔ جناب محمد زاہد قادری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔
٭٭    کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام جلسہ عظمت شہادت امیر المومنین حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم ؓ و حضرت سیدنا امام حسین ؓ و شہدائے کربلاؓ اور ماہانہ فاتحہ جانشین محدث دکن ابوالبرکات حضرت پیر سید خلیل اللہ شاہ قبلہ مجددی زیر صدارت مولانا پیر غلام احمد قریشی مجددی 8 محرم بعد نماز عشاء مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم مقرر ہے ۔ طلباء مدرسہ برکات الحسنات و دیگر حضرات کی حمد باری تعالیٰ ، نعت شریف و منقبت خوانی کے علاوہ علمائے کرام کی تقاریر ہوں گی ۔۔
٭٭    بیت الخیر چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں جمعرات 22 اکٹوبر کو بعد نماز مغرب ڈاکٹر محمد محبوب فرید بعنوان ’ شہادت حق کی معنویت کربلا کے تناظر میں ‘ خطاب کریں گے ۔ جناب محمد شمس الدین کی تلاوت قرآن مجید و اردو ترجمانی سے اجتماع عام کا آغاز ہوگا ۔۔
٭٭    دعوت اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام 22 اکٹوبر بعد نماز عصر تالاب کٹہ خان نگر جامع مسجد محمدیہ میں سالانہ جلسہ شہادت امام حسین زیر صدارت مولانا ابوعبداللہ شاہ محمد اسلم جاوید نقشبندی قادری منعقد ہوگا ۔ حافظ محمد مسلم الدین انصاری کی قرات ، صوفی محمد عرفان احمد قادری کی نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ مبلغین دعوت مولانا محمد عبدالباسط نقشبندی ، مولانا محمد عظمت قادری کے خطابات ہوں گے ۔ حافظ محمد فرید الدین قادری منقبت بہ شان امام عالی مقام پیش کریں گے ۔۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت پیر سید محمد عبدالرحمن قادری الرفاعی و سالانہ فاتحہ حضرت پیر سید محمد بغدادی صاحب قبلہؒ و حضرت پیر سید محمد عبدالکریم حسینی قادری الرفاعی پیر بغدادیؒ صاحب قبلہ حضرت سید محمد صادق حسینی قادری الرفاعیؒ صاحب قبلہ کی سہ روزہ تقاریب عرس شریف 10 ، 11 ، 12 محرم بمقام آستانہ عالیہ روضہ رحمانیہ خطہ صالحین نامپلی دارالسلام روڈ زیر سرپرستی الحاج سید عبدالسلام حسینی قادری الرفاعی بغدادی زیر نگرانی حضرت پیر بغدادی سید محمد حسینی قادری الرفاعی نقیب روضتہ الرحمانیہ خطہ صالحین نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ عالیشان پیمانے پر منایا جائے گا ۔ 10 محرم بعد نماز عشاء روضتہ رحمانیہ خطہ صالحین میں نقیب روضتہ الرحمانیہ مراسم غسل شریف انجام دیں گے ۔ 11 محرم بعد نماز ظہر عنبر پیٹ کاچی گوڑہ سے جلوس صندل شریف برآمد ہوگا ۔ بعد نماز مغرب مجلس و قصیدہ بردہ شریف ، بعد نماز عشاء بدست نقیب روضتہ الرحمانیہ مراسم صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ چادر گل ، سلام و فاتحہ پیش کی جائے گی ۔ بضمن عرس شریف سالانہ جلسہ یاد سید الشہداء سیدنا امام حسینؓ منعقد ہوگا ۔ علمائے کرام و مشائخ کرام مخاطب کریں گے ۔ جس میں مولانا سید محمود حسینی قادری الرفاعی المعروف سادات پیر بغدادی ، مولانا سید بدیع الدین صابری ، مولانا سید خالد قادری ( روزنامہ سیاست ) ، مولانا مبشر احمد رضوی ، مولانا شرف الدین قادری رفاعی ، مولانا افتخار الدین قادری کے خصوصی خطاب ہوں گے ۔ مولانا قاری متین علی شاہ قادری کی قرات کلام پاک سے جلسے کا آغاز عمل میں آئے گا ۔ الحاج محمد امان علی ثاقب صابری قادری ، جناب افضل حسین بیابانی قادری ، جناب حسن زبیدی ، فرحان قادری نعت شریف و منقبت شریف سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔ مولانا اشفاق اللہ خاں نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ حضرت پیر بغدادی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آئے گا ۔ جناب قادری شریف قادری کنوینر جلسہ و جوائنٹ سکریٹری عرس شریف کمیٹی شکریہ ادا کریں گے ۔ 12 محرم بعد نماز عصر تلاوت کلام پاک اور قصیدہ بردہ شریف ، بعد نماز مغرب حلقہ ذکر و پیش کشی چادر گل و جلوس غلاف مبارک بعد نماز عشاء چراغ روشن قادریہ ہوں گی ۔۔

 

سیرت الزہرا کمیٹی کی آٹھویں مجلس
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : 8محرم 6 بجے شام عبادت خانہ بعد نماز مغربین سیرت الزہرا کمیٹی کی آٹھویں مجلس مقرر ہے ۔ مولانا میر محمد علی مقیم ایران مخاطب کریں گے ۔ جناب علی رضا نے شرکت کی گذارش کی ہے ۔۔

میدان کربلا میں حضرت عباس علمدارؓ کے انمٹ نقوش
دبستان جلیل کا جلسہ یاد حسینؓ ، سرکردہ خواتین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : دبستان جلیل شعبہ خواتین کا جلسہ یاد حسینؓ 18 اکٹوبر محترمہ حامدی بیگم کی صدارت محترمہ انیس عائشہ اور محترمہ رابعہ نیاز جلیلی کی نگرانی میں منعقد ہوا ۔ ڈاکٹر اشرف رفیع اس جلسہ کی مہمان اعزازی جب کہ ڈاکٹر فرزانہ حمید داعی اور محترمہ نکہت آراء شاہین ناظم جلسہ تھیں ۔ جنہوں نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ محترمہ بشریٰ سلطانہ کی قرات کلام پاک کے بعد محترمہ ممتاز النساء نے حمد باری تعالیٰ ، محترمہ اطہری فضا نے نعت شریف ، محترمہ شبینہ فرشوری نے نوحہ پیش کیا ۔ محترمہ مریم زمانی نے سورہ المائدہ رکوع نمبر 5 کی تفسیر بیان کی ۔ مہمان اعزازی ڈاکٹر اشرف رفیع نے اپنے پر مغز خطاب میں کہا سرکار دو عالم ؐ نے فرمایا ہے کہ ’ میں تمہارے درمیان دو چیزیں چھوڑے جارہا ہوں قرآن پاک اور اہل بیت اس لیے بیت اطہار سے محبت و عقیدت ہمارے لیے جز ایمان ہے ‘ ۔ محترمہ نسیمہ تراب الحسن نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’ دین محمدیؐ کی حفاظت اور ملت اسلامیہ کو گمراہی کے گرداب سے بچانا یہی حضرت حسینؓ کا مقصد حیات تھا ۔ محترمہ عطیہ نور الحق نے بتایا کہ ’ حضرت عباس علمدارؓ نے میدان کربلا میں شجاعت ، وفا شعاری اور عشق الہی کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں ۔ محترمہ اصغر صدیقہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی زینب بنت علیؓ کو صبر و تحمل استقامت اور زور خطابت وراثت میں ملا تھا ۔ جس کا کمال انہوں نے دربار یزید میں دیکھا دیا ۔ ۔ محترمہ ممتاز جہاں عشرت نے ڈاکٹر اشرف رفیع کا لکھا سلام سنایا ۔ محترمہ حنا شہیدی ، محترمہ اطہر فضا ، محترمہ مشرف کاظمی ، محترمہ سیدہ نسیم بانو اور محترمہ فخر النساء فہیم جلیلی نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔ محترمہ سیدہ غوثیہ بیگم کی دعا کے بعد ڈاکٹر حمیرا جلیلی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔۔