مذہبی خبریں

عبادت صوم دراصل اطاعت حق، کامل سپردگی، تسلیم و رضاکی کامل نشانی
ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کے ’’حضرت تاج العرفاء ؒ یادگار خطابات‘‘کا تسلسل
حیدرآباد ۔23؍مئی( پریس نوٹ) اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے انسانوں کو اپنی جملہ مخلوقات میں منتخب فرما کر انھیں افضلیت اور اشرفیت کے خصوصی اعزاز سے نوازا۔ پھر انسانی جماعت میں اپنے حبیب حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی امت کو ایمان کی دولت سے سرفراز فرما کر عزت دائمی سے مفتخر فرما دیا۔ مسلمان اپنے ایمان یعنی توحید و رسالت کے عقیدئہ حق اور عبادت یعنی نماز، زکوٰۃ ،روزہ اور حج جیسے فرائض عظیم اور معاملات میں احکام الٰہی و فرامین رسالت پناہی ؐ کے موافق راستی اور درستگی کے ذریعہ ہر دور میں اپنے اعلیٰ روّیوں کے سبب منفرد شناخت بناتے رہے اور ہمیشہ سچائی اور اچھائی کا یہ معیار قائم رکھیں گے۔ عبادات اور معاملات یہ دو اہم پہلو مومنانہ زندگی کے حقائق ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی عبادت میں اخلاص اور خوف و خضوع و نیز جملہ احکام خداوندی پر مداومت عمل اور معاملات زندگی میں قرآن و سنت کی ہدایت کامل پر عمل پیرائی ایک مسلمان کی اصلی پہچان ہے یہی حقائق تمام انسانی جماعت میں اہل ایمان کی عزت کا باعث ہیں ۔ اطاعت حق تعالیٰ اور اتباع رسالتؐ میں واقعتاً مسلمانوں کی سر بلندی اور کامیابی ہے۔ ماہ رمضان المبارک میں ان اطاعتوں کے روح پرور نظارے دیکھے جا سکتے ہیں۔ عبادت صوم کے ساتھ نماز پنجگانہ با جماعت کی ادائیگی، انفاق، خیرات، غرباء و مساکین کی دلدہی، فریضہ زکوٰۃ کی ادائی کے ساتھ ساتھ ہر روزہ دار اچھے اخلاق اور بلند کرداری کے لحاظ سے قابل تحسین نمونہ عمل پیش کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوے ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے 6؍رمضان المبارک کو بعد نماز عصر’’ حمیدیہ‘‘،شرفی چمن ،سبزی منڈی قدیم اور 7؍ رمضان المبارک کو بعد نماز ظہر مسجد صوفیہ گڈی ملکاپور میں خطاب کا شرف حاصل کیا۔ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ حضرت تاج العرفاء سیف شرفی ؒ یادگار خطابات کے اجلاسوں کا آغازقراء ت کلام پاک سے ہوا۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ یہ حقیقت حدیث شریف سے ثابت ہے کہ اعمال کا دارو مدار نیت پر ہے۔ نیت خیر کے موافق عمل صالح کا صدور ہو تو پھر عمل کا اجر و ثواب بے حد و حساب عطا ہوتا ہے۔ ماہ رمضان المبارک میں ہر نیک کام کا اجر اور اس کی شرح ثواب میں بے حد اضافہ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم خاص ہے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ رمضان مبارک میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خاص کرم فرماتا ہے اسی وجہ سے آسمانوں کے دروازے کھل جاتے ہیں اور رحمت پروردگار کا نزول ہوتا ہے جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں تاکہ روزہ داروں کے لئے مغفرت کا سامان ہو۔ ابواب جحیم کا بند کردیا جانا آگ و عذاب دوزخ سے نجات کا مثردہ ہے شیاطین کا پابجولاں ہو جانا بندوں کا برائیوں اور عصیان اور گمراہیوں سے محفوظ ہو جانے کا موجب ہے ایسے بے نظیر نورانی اور فیض بخش ماحول میں اطاعت حق تعالیٰ و اتباع رسول کریم ؐ یعنی احکام قرآن و سنت پر خلوص دل اور جذبہ صحیح کے ساتھ عمل پیرائی بندوں کے لئے دائمی سعادت ہے رمضان مبارک کے شب و روز ہر دو عبادات خاص سے معنون ہیں۔ دن روزہ، نمازوں اور جملہ اعمال خیر کے لئے ہے تو راتیں قیام و تراویح، ذکرو فکر، تسبیح، قراء ت و سماعت کلام پاک سے منور ہوتی ہیں سحری کی برکتیں اور افطار کی دعائیں اور ان کی مقبولیت روزہ داروں کا مقدر ہیں۔ اجلاسوں کے آخر میںبارگاہ رسالت مآب ؐ میں سلام گزرانا گیا اور رقت انگیز دعائیں کی گئی۔

 

کل ہند سنی علماء بورڈ کا جلسہ یوم القرآن
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : کل ہند سنی علماء بورڈ کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ یوم القرآن 25 مئی کو مکہ مسجد میں مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی پروفیسر سید علیم اشرفی جائیسی ، پروفیسر سید محمد تنویر الدین خدانمائی ہوں گے ۔ مفتی محمد حسن الدین ، مفتی محمد مستان علی قادری ، مفتی محمد کاظم حسین اور مولانا محمد عبدالغفار قادری مخاطب کریں گے ۔۔

یکشبی شبینہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام 8 رمضان مسجد حضرت جبار شاہ قریب درگاہ شریف حضرت سید شاہ موسیٰ قادری ؒ حسینی علم زیر نگرانی مولانا سید اقبال ہاشمی یکشبی شبینہ مقرر ہے ۔ حافظ غلام احمد قریشی مکمل قرآن مجید تلاوت کریں گے ۔ نماز عشاء 8-30 بجے ہوگی ۔ سحر کا انتظام رہے گا ۔۔

ماہانہ فاتحہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : جانشین محدث دکن ابوالبرکات مولانا پیر سید خلیل اللہ شاہ قادری کی ماہانہ فاتحہ زیر صدارت مفتی پیر غلام احمد قریشی 8 رمضان جمعرات بعد نماز عصر قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات میں مقرر ہے ۔۔

محفل نعت شہہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : ماہانہ فاتحہ حضرت ابوالبرکات سید خلیل اللہ شاہ نقشبندی 24 مئی کو قیام گاہ محمد غوث نقشبندی واقع بیرون غازی بنڈہ میں مقرر ہے ۔ عصر تا مغرب ۔ جس میں محفل نعت پاک ہوگی اور دعوت افطار کا اہتمام رہے گا ۔۔

حلقہ ذکر الہٰی و عربی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : خانقاہ قادریہ حامدیہ کے زیر اہتمام ہر جمعرات بعد نماز مغرب خانقاہ قادریہ حامدیہ سائی رام انکلیو حیدر شاہ کورٹ راجندر نگر منڈل ، حلقہ ذکر الہیٰ ہوگا اور بعد نماز عشاء اسپوکن عربی کلاسیس منعقد ہوں گی ۔ جس میں عربی سیکھنے والے خواہش مند حضرات کو عربی صرف و نحو کی تعلیم مولانا محمد شرف الدین قادری دیں گے ۔ نگرانی مولانا محمد عابد علی خان کریں گے ۔۔

جلسہ فضائل روزہ اور فضائل زکواۃ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے دوشنبہ 28 مئی کو 3 بجے دن اردو کاٹیج امجد باغ مصری گنج میں جلسہ فضائل روزہ اور فضائل زکواۃ مقرر ہے ۔ جس کو صدر اسوسی ایشن جناب محمد تمیز الدین احمد مخاطب کریں گے ۔ مولانا سراج مدنی نظامت کریں گے ۔۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم سے معنون بائیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاؒ یادگار خطابات کے سلسلہ میں 8 رمضان بعد نماز ظہر مسجد حضرت سیدہ فاطمہ ، جھرہ آصف نگر روڈ اور بعد عصر حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی خطاب کریں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج و محفل ذکر و درود شریف بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی مولانا خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔

 

جلسہ یوم القرآن
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : جامع مسجد اشرفی بڑا بازار قلعہ گولکنڈہ مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی کا خطاب ہوگا ۔ نظامت مفتی محمد عبدالعلیم عابد مظاہری کرینگے ۔۔

 

جامع مسجد سدی عنبر بازار میں
نماز تراویح
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : جامع مسجد سدی عنبر بازار میں چاند رات سے نماز تراویح میں مولانا حافظ محمد مرزا رفیع الدین بیگ روزانہ 3 پارے سنا رہے ہیں ۔ نماز عشاء 8-30 بجے مقرر ہے ۔۔
نماز تراویح
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا فصیح الدین بیابانی چشتی روزانہ 3 پارے خانقاہ ابوالعلائیہ آستانہ حضرت پیر جی قبلہ ابوالعلائی پنچ محلہ میں سنائیں گے ۔ نگرانی مولانا صوفی سید شاہ افتخار محی الدین قادری کریں گے ۔ نماز عشاء 8-30 بجے ہوگی ۔۔
دورہ قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( راست ) : مسجد امام جعفر صادق یاقوت پورہ میں 8 رمضان کو 5-30 بجے شام دورہ قرآن مقرر ہے ۔۔
٭٭ باقر آقا لین نور خاں بازار شریعت کدہ میں 8 رمضان کو 8 بجے شام دورہ قرآن مجید مقرر ہے ۔ مولانا سید نثار حسین حیدر آقا بیان کریں گے ۔۔
٭٭ املی بن علی نگر مولا کا چھلہ میں دورہ قرآن 8 رمضان کو 4-30  بجے دن مقرر ہے ۔۔
٭٭ عاشور خانہ حسین ابن علی سلطان پورہ میں 8 رمضان کو 5 بجے شام مولانا سید علی آقا باقری کی نگرانی میں دورہ قرآن مقرر ہے ۔۔
رمضان المبارک قبولیت دعا کا مہینہ
کتابیں ’ الوردالعام برائے خاص و عام ‘ اور ’ تراویح رمضان میں تسبیح رحمان ‘ کی مفت تقسیم
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : رمضان المبارک قبولیت دعا کا مہینہ اور غمخواری وصلہ رحمی کا مہینہ ہے ۔ اس مہینے میں ہر نیک عمل کا 70 درجے اجر و ثواب ہے ۔ گمراہوں کے حق میں ہدایت کی دعا کرنا اور خود کے لیے راہ حق پر ثابت قدم رہنے کی دعا کرنا ہی غمخواری اور صلہ رحمی کا تقاضہ ہے ۔ برا بھلا کہنے اور انہیں گالی گلوج دینے سے روکا گیا ہے کیوں کہ اس سے اس کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اس کے بجائے رجوع الی اللہ ہونے کا حکم دیا گیا ہے ۔ توبہ و استغفار اور دعا کے ذریعہ قرب خداوندی نصیب ہوتا ہے اور دنیا میں امن و امان قائم ہوسکتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنی کے ذریعہ دعا کا حکم آیا ہے ۔ اس ضمن میں 99 اسمائے الہی کے ذکر اور ہر اسم پاک کی مناسبت سے ایک مختصر جامع دعا پر مشتمل رسالہ ’ الورد العام برائے خاص و عام ‘ مسجدوں ، خانقاہوں اور گھروں میں ذکر الہی کے لیے پروفیسر سید محمد تنویر الدین خدانمائی سابق صدر شعبہ فارسی عثمانیہ یونیورسٹی نے ترتیب دیا ہے ۔اس کے علاوہ ’ تراویح رمضان میں تسبیح رحمان ‘ نامی ایک اور جامع مختصر رسالہ بھی ترتیب دیا ہے ۔ یہ دونوں رسالے افادہ عام کے لیے sufischool.com سے دنیا بھر میں کہیں بھی مفت ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں ۔ ان 99 اسمائے مبارکہ میں سے ہر شخص اپنی حاجت ، ضرورت مزاج اور رجحان کے لحاظ حق تعالی کے کسی ایک نام یا کئی نام کو منتخب کر کے تنہا یا اجتماعی طور پر پڑھ سکتا ہے ۔ یا عصر سے مغرب تک تمام اسمائے الہی کا ورد کیا جاسکتا ہے ۔۔