مذہبی خبریں

جلسہ استقبال ماہ رمضان و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : بانی و معتمد اطیب اعجاز کے بموجب باغبان سوسائٹی کا سالانہ جلسہ استقبال ماہ رمضان و نعتیہ مشاعرہ 11 مئی جمعہ بعد نماز مغرب میکش ہال احاطہ شجاع الدینؒ کی گنبد ، عیدی بازار میں عمل میں آئے گا ۔ جلسہ و نعتیہ مشاعرہ کی نگرانی جلال عارف کریں گے ۔ مہمانان خصوصی ڈاکٹر فاروق شکیل ، جناب صاحبزادہ مجتبیٰ فہیم ، جناب تاج مضطر ، جناب اکبر خاں ہوں گے ۔ ان کے علاوہ حیدرآباد و اضلاع کے شعراء کرام نعتیہ کلام پیش کریں گے ۔۔

جلسہ استقبال رمضان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں جمعرات 10 مئی کو بعد نماز مغرب جلسہ استقبال رمضان منعقد ہوگا ۔ ڈاکٹر محمد محبوب فرید بعنوان استقبال رمضان مخاطب کریں گے ۔ خواتین کے لیے سماعت کا علاحدہ نظم رہے گا ۔۔

محفل سماع
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : ماہانہ مجلس حضرت خواجہ شجاع الحق چشتیؒ و حضرت گنج انوارؒ 23 شعبان خانقاہ حقانیہ انواریہ روبرو بارگاہ حضرت شاہ راجو قتال حسینیؒ مصری گنج میں مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء ختم خواجگان چشت اور 10 بجے شب محفل سماع ہوگی ۔ جناب خواجہ شاہ محمد شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ جانشین حضرت گنج انوار نگرانی کریں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری ، مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ ، شکر گنج میں مقرر ہے بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

مسجد زاہدہ ستار کا افتتاح
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : جناب ذوالفقار علی خاں کے بموجب قبا کالونی پہاڑی شریف میں مسجد زاہدہ ستار کے نام سے تعمیر کی گئی ۔ 11 مئی کو نماز مغرب کی امامت مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری سے مسجد کا افتتاح عمل میں آئے گا ۔ مولانا ابو عمار عرفان اللہ شاہ نوری مہمان خصوصی ہوں گے ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج محفل ذکر و درود شریف 10 مئی بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر عنبر پیٹ میں 10 مئی کو بعد نماز ظہر زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ حضرت شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

جلسہ استقبال رمضان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : مسجد صفہ جانکی نگر کالونی ٹولی چوکی میں 11 مئی کو بعد نماز مغرب جلسہ استقبال رمضان منعقد ہے ۔ جس میں مولانا احمد عبید الرحمن اطہر ندوی قاسمی مخاطب کریں گے ۔ اور ماہ رمضان کی اہمیت اور اس کی فضیلت پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے ۔ خواتین کے لیے مسجد ہذا کے سیلر میں پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

فارسی میں عربی کے بعد سب سے زیادہ اسلامی مواد
ہندوستانی تاریخ فارسی میں موجود، اُردو یونیورسٹی میں مدرسے اور فارسی پر سمینار کا اختتام
حیدرآباد، 9؍مئی(پریس نوٹ) اسلام جب دنیا کے دیگر ممالک میں پہنچا تو وہاں پر عربی غالب رہی لیکن جب یہ ایران پہنچا تو اس نے فارسی کو اپنالیا۔ عربی کے بعد فارسی ہی وہ زبان رہی جس میں اسلامی لٹریچر بڑے پیمانے پر موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار کل جناب اعظم علی صوفی، صدر جمعیۃ المشائخ نے مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں قومی سمینار کے اختتامی اجلاس میں کیا۔ شعبۂ فارسی، مانو اور فخر الدین علی احمد میموریل کمیٹی، لکھنؤ کے تعاون سے منعقدہ دو روزہ سمینار ’’فارسی زبان و ادب کے فروغ میں مدارس کا حصہ‘‘ کی صدارت ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار مانو نے کی۔ جناب اعظم علی صوفی نے کہا کہ ہندوستان بھر میں فارسی دفتری زبان رہی ہے۔ یہ زبان دکن میں بھی میر محبوب علی خان، نظام ششم کے دور تک رہی۔ نظام ہفتم نواب میر عثمان علی خان نے اردو کو فروغ دیا اور جامعہ عثمانیہ جیسی عظیم الشان یونیورسٹی قائم کی۔ بانیٔ جامعہ نظامیہ مولانا انواراللہ فاروقی بھی عربی اور فارسی پر عبور رکھتے تھے۔ ان کا فارسی کلام شمس الانوار کے عنوان سے شائع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے تین مراکز ہیں۔ پہلا عبادات کے لیے مساجد، دوسرا تعلیم کے لیے مدارس اور تیسرا لوگوں کو جوڑنے کے لیے خانقاہ۔ خانقاہوں نے فارسی کو بہت زیادہ فروغ دیا۔ چشتیہ سلسلہ میں سماع کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ محفل سماع میں پڑھا جانے والا کلام زیادہ تر فارسی ہی ہوا کرتا ۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ بندہ نوازؒ، گلبرگہ کے زمانے تک بھی دینی کتابیں فارسی میں لکھی جاتی تھیں۔ اس کے بعد اردو کا چلن شروع ہوا۔ ڈاکٹر ایم اے سکندرنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہندوستان کی تاریخ فارسی ہی میں موجودہے۔ اس کے علاوہ ہندو مذہب کی تاریخ کے متعلق بھی بڑے پیمانے پر کتابیں فارسی میں دستیاب ہیں۔ عہدِ وسطیٰ اور عہد جدید کی تاریخ کے ذرائع صرف فارسی ہی میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے مدارس کے ذمہ داران سے خواہش ظاہر کی کہ وہ اپنے طلبہ کو دنیاوی علوم کی طرف بھی توجہ دلائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان بھر میں اعلیٰ تعلیم میں مسلمانوں کا گراس انرالمنٹ ریشیو محض 4 فیصد ہے۔ لیکن ایک اچھی بات یہ ہوئی کہ تقریباً 4 تا 5 فیصد طلبہ نے یو پی ایس سی میں کامیابی حاصل کی۔ ہمیں اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ اس لیے عصری علوم کی تعلیم حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر قیصر احمدنے سمینار کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ دو دنوں میں 35 مقالے پڑھے گئے۔ پروفیسر شاہد نوخیز اعظمی، صدر شعبۂ فارسی نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر عزیز بانو، سابق صدر شعبۂ فارسی نے کارروائی چلائی۔مختار عالم کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ ڈاکٹر جنید احمدنے شکریہ ادا کیا۔ ملک بھر سے آئے ہوئے مندوبین کو اسناد پیش کی گئیں۔

 

مدرسہ تعلیم ملڑ کا جلسہ دستار فضیلت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : انتظامی کمیٹی مدرسہ تعلیم ملڑ کے زیر اہتمام مدرسہ تعلیم ملڑ اندرون فتح دروازہ کا سالانہ جلسہ دستار بندی ، 10 مئی کو صبح 10 بجے دن مقرر ہے ۔ صدارت حضرت سید احمد صدر مدرسہ اور نگرانی سید یوسف کریں گے ۔ مہمان خصوصی حافظ محمد رضوان قریشی ، مولانا ولایت قادری ، حافظ محمد عزیز خاں ، مولانا محمد عثمان یمنی ، مولانا محمد ذاکر شاہ محی الدین ناظم مدرسہ شاہ جیلاں شرکت اور مخاطب کریں گے ۔ مولانا محمد مسیح الدین غوری ، تعلیمی رپورٹ پیش کریں گے ۔ قرات حافظ قاری محمد شعیب ، نعت شریف محمد اویس قادری ، کمسن طالبہ سیدہ عشرت بیگم پیش کریں گے ۔ مہمانان میں حافظ شیخ معین الدین ، جناب محمد مظفر علی ، حافظ محمد حمید عمر ملتانی ، جناب سید محمود قادری ، مولانا محمد فرخندہ علی ہوں گے ۔ حافظ محمد حسام الدین غوری ، حافظ محمد عبدالصمد ، حافظ محمد سرفراز قریشی ، حافظ محمد عبدالمعید جنیدی ، حافظ محمد التمش کو دستار فضیلت پیش کی جائیگی ۔۔

 

حمیدیہ میں آج پانچویں محفل
استقبال رمضان المبارک
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفائؒ کے زیر اہتمام 10 مئی صبح 8 بجے تا 9-30 بجے حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں جاری سات روزہ محافل استقبال رمضان المبارک کے سلسلہ کی پانچویں محفل منعقد ہوگی ۔ جس کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفائؒ کریں گے ۔ 19 تا 25 شعبان المعظم جاری محافل استقبال رمضان المبارک میں فضائل رمضان ، فریضہ صوم ، سحر و افطار ، تراویح ، اعتکاف ، تہجد ، صدقات ، واجبہ و نافلہ ، زکواۃ ، انفاق ، خیرات ، طاق راتیں ، نزول قرآن مجید ، شب قدر اور عبادات ماہ صیام کے موضوعات پر سلسلہ وار خطابات ہوں گے ۔۔

 

جلسہ عظمت سیدنا امام اعظم ابوحنیفہ ؓ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام جلسہ عظمت امام اعظم ابوحنیفہ ؓ 10 مئی کو بعد نماز عشاء مسجد صابر روشن فتح شاہ نگر معین باغ منعقد ہے ۔ مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدارت کریں گے ۔ مولانا سید عبدالواسع نقشبندی ، مولانا محمد باقر علی صدیقی خطاب کریں گے ۔۔

طرحی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( راست ) : قاری فیض صدیقی کے بموجب 13 مئی اتوار 3 بجے دن سہیل منشن پلر نمبر 17 مہدی پٹنم بس اسٹانڈ بزم مزاح صادق کا طرحی مشاعرہ بطرح ’ اگر بیلن سے ڈرتے ہو تو بیلن کو چھپا دو تم ‘ 3 بجے دن مشاعرہ شروع ہوگا اور 7 بجے شام اختتام پذیر ہوگا ۔ ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق مزاح نگاری کی تاریخ پر روشنی ڈالیں گے ۔ ادبی اجلاس کو اسلم فرشوری ، یوسف روش مخاطب کریں گے ۔۔