مذہبی خبریں

نواسہ حضرت شیخ الاسلام ؒ سید مصطفی قادری کا جدہ میں انتقال
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : جناب سید مصطفی قادری نواسہ حضرت شیخ الاسلام سید محمد بادشاہ حسینی قادریؒ کا 24 اپریل منگل کو جدہ سعودی عرب میں قلب پر حملہ کے باعث انتقال ہوگیا ۔ مرحوم کے فرزند محمود سید مصطفی قادری کے بموجب آج بعد نماز مغرب اماں حوا قبرستان جدہ میں تدفین عمل میں آئی ۔ مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ قادری چمن میں 25 اپریل کو بعد مغرب مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجادہ نشین قادری چمن کی امامت میں ادا کی گئی ۔ اسی اثناء میں مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری ( وارث سرکار وطن ؒ چشتی چمن ) نے جناب سید مصطفی قادری کے سانحہ ارتحال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اپنی ماں کی آغوش سے ہی عشق نبویؐ سے سرشار تھے اور برسوں تک حرم کعبہ کی حاضری اور سرکار مدینہ کے روضہ اطہر کی زیارت سے مشرف رہے ۔ مولانا نقشبندی کی زیر نگرانی آج صبح اتحاد بھون بنجارہ ہلز میں آیات قرآنی کی تلاوت کی گئی ۔ مرحوم کے لیے خصوصی دعائے مغفرت کی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید محمد ابراہیم عارف اللہ شاہ قادری چشتی نقشبندی سہروردیؒ ، عیسیٰ میاں بازار عقب مسجد مینارپٹی میں 29 اپریل کو مقرر ہے ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( راست ) : بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں جمعرات 26 اپریل کو بعد نماز مغرب ڈاکٹر محبوب فرید سلسلہ وار درس قرآن دیں گے ۔ جناب محمد شمس الدین اسلامی لٹریچر پیش کریں گے ۔۔

 

مجلس عزاء
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( راست ) : انجمن عزا داران پنجشنبہ کے جشنوں کا سلسلہ جمعرات 26 اپریل شام 7 بجے سے صدر انجمن محمد اسحاق علی کے مکان دارالشفاء سے آغاز ہوگا ۔ حاجی علی حسین باقری حسین نگر کالونی ، طیب علی عاشور خانہ الحسین جام باغ ، میر حسین علی خاں زوار ( مرحوم ) ، قیصر منزل ، عابد علی خاں والا جاہی و جعفر علی الاوہ سرطوق ، سید رضا حسین نقوی پرانی حویلی ، آغا علی آفندی چھتہ بازار ، عباس علی فرید احاطہ کمال یار جنگ ، بارگاہ شبیر زہرا نگر ، پنجہ شاہ ولایت ، عاشور خانہ قدم رسول میں نائب صدر میر معظم حسین خاں رضوی کے جشن کے بعد جشنوں کے سلسلہ کا اختتام ہوگا ۔۔

 

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 26 اپریل کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔۔
درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بمقام خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیق ؓ ، بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ قادر باغ میں درس قرآن مجید بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان عبدالحمید نزد بھارت کرانہ اسٹور منعقد ہوگا ۔۔
علماء کرام ، اساتذہ ، اکابرین ملت و
تنظیمی قائدین کا مشاورتی اجلاس
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( راست ) : مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی و سادات ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام علمائے کرام ، اساتذہ ، اکابرین ملت و تنظیمی قائدین کا مشاورتی اجلاس 27 اپریل بعد مغرب مدینہ ایجوکیشن سنٹر نامپلی منعقد ہوگا ۔ جناب جسٹس ای اسماعیل صدارت کریں گے ۔ ایجنڈے میں مختلف امور جیسے جامعہ ملیہ اسلامیہ ( دہلی ) کے اقلیتی کردار کا تحفظ ، ڈاکٹر عبدالحق یونیورسٹی ( کرنول ) کے طلباء اساتذہ کے مسائل ، وزیراعظم پندرہ نکاتی پروگرام پر موثر عمل آوری ، خواتین کی بے حرمتی کے خاطیوں کے لیے بھی سزائے موت کی تجویز ، جسٹس بھاسکر راؤ کمیشن کی رپورٹ کا افشاء ، عازمین حج کے کرایوں کو جی ایس ٹی سے استثنیٰ اور انتخابات میں رائے دہی حسب سابق بیالٹ پیپرس کے ذریعہ پر غور و خوض کیا جائے گا ۔۔
جامعتہ البنات الاصلاحیۃ کا
جلسہ تقسیم اسناد
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( راست ) : مولانا عبدالعلیم اصلاحی ناظم جامعتہ البنات الاصلاحیۃ ملک پیٹ کے بموجب جامعتہ البنات اصلاحیہ کا جلسہ تقسیم اسناد بضمن تکمیل عالمیت و فضیلت و تحفیظ القرآن الکریم 30 اپریل آفیسرس میس فنکشن ہال ملک پیٹ میں 9-30 تا 2 بجے دن مقرر ہے ۔ صدارت مولانا محمد جنید بنارسی ( سابق صدر جمعیتہ علماء ہند مہاراشٹرا ) کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شہر و بیرون شہر کی اہم شخصیتیں شرکت کریں گے ۔ جلسہ میں مہمانان خصوصی کے خطابات کے علاوہ طالبات کا تعلیمی مظاہرہ بھی ہوگا ۔۔
اعراس شریف
٭٭ حضرت مفتی سید شاہ محمد مخدوم حسینی المعروف حضرت خواجہ پیر حسینی قادریؒ سابق مفتی جامعہ نظامیہ و عدالت عالیہ کا عرس شریف 27 اپریل کو مقرر ہے ۔ 27 اپریل جمعہ کو بعد نماز عصر خانقاہ مخدومیہ فتح دروازہ سے جلوس صندل برآمد ہو کر مختلف راستوں سے گشت کرتا ہوا ، خیابان مخدومی درگاہ حضرت مفتی مخدوم ؒ بہادر پورہ کشن باغ روڈ پہنچے گا ۔ بعد نماز عشاء خدمت صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ 11 بجے شب محفل سماع زیر نگرانی سجادہ نشین منعقد ہوگی ۔۔