مذہبی خبریں

استقبال شب معراج و عظمت حضرت علیؓ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( راست ) : بزم خواتین کے زیر اہتمام استقبال شب معراج نبویؐ و عظمت حضرت علی کرم اللہ وجہ و امام جعفر صادق پر خصوصی جلسہ کا اہتمام دفتر بزم خواتین اے سی گارڈ پر 12 اپریل جمعرات دو بجے دن محترمہ محمودہ علی بن صلاح صدر بزم کے زیر نگرانی مقرر ہے ۔ محترمہ جہاندار جمال الدین حضرت علی کرم اللہ وجہ پر ، محترمہ ساجدہ ملک سلاسل اربع پر ، محترمہ عظمت النساء حضرت جعفر الصادق ؓ پر محترمہ عرفانہ بیگم واقعہ شب معراج پر محترمہ روحی فاطمہ فضیلت شب معراج پر تقاریر پیش کریں گی ۔ سلام و دعا پر اختتام عمل میں آئے گا ۔۔
اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید شاہ محمد حسینی بندہ نوازی المعروف حسینی پاشاہؒ روبرو درگاہ حضرت سید خواجہ حسین شاہ ولی ؒ شیخ پیٹ ٹولی چوکی کا برآمد صندل مبارک 12 اپریل کو کاشانہ حسینی کونچہ سلطان علی شاہ ملک پیٹ قدیم سے 4 بجے دن زیر نگرانی سجادہ نشین ہوگا۔ رسم صندل مالی بعد نماز مغرب سجادہ نشین انجام دیں گے ۔ بعد نماز عشاء محفل سماع ملک پیٹ میں منعقد ہوگا ۔ 13 اپریل بعد نماز مغرب پیشکشی چادر گل و فاتحہ خوانی بعد نماز عشاء محفل سماع پاشاہ ٹاورس متصل درگاہ حضرت سید خواجہ حسین شاہ ؒ شیخ پیٹ ٹولی چوکی مقرر ہے ۔۔
٭٭ حضرت مخدوم بیابانیؒ موضع آلور منڈل چیوڑلہ ضلع رنگاریڈی کا عرس شریف 25 اور 26 رجب المرجب مقرر ہے ۔ 25 رجب صندل مالی متولی کے مکان موضع آلور سے برآمد ہو کر درگاہ شریف پہنچے گا بعد عصر مراسم عرس انجام دئیے جائیں گے ۔ بعد ادائی مراسم عرس احاطہ درگاہ شریف تقسیم تبرک عمل میں آئے گا ۔ 26 رجب بعد نماز مغرب درگاہ شریف میں چراغاں ہوں گے ۔۔
جلسہ قرات
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( راست ) : بضمن جشن معراج النبیؐ و عرس شریف حضرت سید شاہ اعظم علی صوفی قادری حسنی حسینی صوفی اعظم قطب دکنؒ و عرس شریف حضرت سید شاہ اعظم علی صوفی قادری حسنی حسینی صوفی اعظم ثانی ؒ 12 اپریل جمعرات بعد نماز عشاء تصوف کدہ کبوتر خانہ قدیم ، حسینی علم میں جلسہ قرات مقرر ہے ۔ سرپرستی مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری کریں گے ۔ صدارت مولانا شمس الدین زماں کریں گے ۔ مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری ، مولانا حافظ محمد رضوان قریشی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ قراء کرام اپنے مخصوص انداز میں تلاوت کریں گے ۔۔
دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع 12 اپریل کو 8-45 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد فاروق رضا قادری کا ’ اصلاح معاشرہ ‘ پر خطاب ہوگا اور اس کے بعد ذکر جہری و دعا ہوگی ۔۔
محفل نعت شہہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( راست ) : جناب سید شاہ محمود حسین قادری نقشبندی کی نگرانی میں محفل نعت شہہ کونینؐ 12 اپریل کو بعد نماز عشاء عباسیہ سپلائنگ کمپنی ، موسی باولی نزد اسٹیٹ بنک میں مقرر ہے ۔۔
معراج النبی ؐ کانفرنس
حیدرآباد ۔ 11 اپریل (راست) خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کے زیراہتمام 12 اپریل کو بعد نماز عشاء مدرسہ شمس العلوم روبرو مسجد محمدیہ ایل این نگر یوسف گوڑہ میں معراج النبیؐ کانفرنس مقرر ہے۔ مولانا صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری سرپرستی کریں گے۔ مولانا قاضی شیخ قادر محی الدین قادری اور مولانا شیخ درویش محی الدین خالد قادری خطاب کریں گے۔ جناب محمد زاہد قادری نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔