مذہبی خبریں

طلاق ثلاثہ پر بل ، شریعت میں مداخلت کے مترادف
طلاق ثلاثہ بل پر سمینار ، سرکردہ خواتین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ہندوستانی پارلیمنٹ میں موجودہ حکومت نے طلاق ثلاثہ پر جو بل پیش کیا ہے وہ سراسر غیر دستوری اور مسلمانوں کی شریعت میں صریحاً مداخلت کے مترادف ہے ۔ اسے قانونی حیثیت کے لیے پیش کیا جانا دستور ہند کے بالکل خلاف ہے ۔ اس طرح کے قانون کے ذریعہ بی جے پی حکومت مسلم مرد اور خواتین پر بی جے پی حکومت مزید ظلم و زیادتی کرنے پر اپنا سخت گیر موقف کا منصوبہ بنا رکھی ہے ۔ مرکزی حکومت یا بی جے پی کے اس رویہ سے مسلمان کبھی مایوس اور پست ہمت نہیں ہوں گے ۔ اسلام کے حیات آفرین پیغام کا چراغ صبح قیامت تک روشن رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار خواتین مقررین نے ’ طلاق ثلاثہ بل 2017 ‘ کے موضوع پر منعقدہ سمینار سے کیا جو کے ایل این پرساد آڈیٹوریم فیاپسی ریڈہلز میں منعقد ہوا ۔ اس سمینار کی صدارت پروفیسر جمیل النساء رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کی ۔ اس موقع پر خواتین و طالبات نے حکومت کے اس بل کے متعلق سخت گیر رویہ کی پر زور انداز میں مخالفت کی ۔ ڈاکٹر اسماء زہرہ نے کہا کہ مسلمان اس بل کے سخت مخالف ہیں اور انہوں نے ملک میں مختلف مقامات پر مظاہروں کے ذریعہ بتادیا کہ ہم شریعت اسلامی میں مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کئی ایک نقائص پر مبنی ہے اور کہا کہ دراصل حکومت اس بل کے ذریعہ ہمدردی ظاہر کرنا چاہتی ہے اور اسے عمل آوری کرنے کے لیے بڑی تیزی سے لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بل میں نقائص ہیں اور یہ بل مسلم مرد اور عورت کے لیے یکساں ہے اس کی عمل آوری ظلم و زیادتی کا باعث ہوگی ۔ ڈاکٹر جویریہ جاوید رکن سیرت کمیٹی برائے خواتین نے پروجکٹر کی مدد سے تفصیل سے طلاق ثلاثہ بل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اگر کوئی مرد تین طلاق دے تو اس کو تین سال کی سزا مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر دستوری عمل ہے جس کو ایک سونچے سمجھے منصوبے کے تحت اس ملک میں نافذ کرنے کی کوشش میں مرکزی حکومت ہے ۔شرکاء خواتین نے حکومت کے خلاف نعرے بلند کئے اور پر زور انداز میں نعرہ لگایا کہ ’ طلاق ثلاثہ بل واپس لیا جائے ‘ ۔ محترمہ میمونہ کے درس قرآن سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ خواتین و طالبات کثیر تعداد میں موجود تھے ۔۔

 

جشن مولود کعبہ منقبتی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : مرکزی بزم انوار صوفیہ شاہ ولی اللہی کے زیر اہتمام جشن مولود کعبہ حضرت سیدنا علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہ و سالانہ جشن حضرت سیدنا خواجہ غریب نوازؒ سلطان الواعظین حضرت صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی راز ؒ کی مجلس فاتحہ ، حضرت صوفی شاہ محمد عبدالرزاق قادری چشتی ؒ کی سالانہ فاتحہ 29 مارچ کو درگاہ شریف احاطہ صوفی منزل مصری گنج میں مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر مجلس ختم قرآن مجید ، بعد مغرب مجلس حلقہ ذکر اللہ ، بعد عشاء غیر طرحی منقبتی مشاعرہ و محفل سماع مقرر ہے ۔۔
٭٭ جشن ولادت مولائے کائنات حضرت سیدنا علی ؓ ، و حضرت سیدنا خواجہ معین الدین ؒ آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ بارگاہ حضرت حافظ سید عبداللہ شاہ ولی قادری قبلہؒ میں 29 مارچ کو مقرر ہے ۔ اس موقع پر بعد نماز عشاء محفل درود شریف و ذکر جہری بعد ازاں محفل سماع زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔۔
مدرسہ باب العلوم انوار محمدی کا مشاورتی اجلاس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( راست ) : مولاناسید اسحاق محی الدین قادری بانی و ناظم مدرسہ باب العلم انوار محمدی پولیس کالونی بہادر پورہ نے کہاکہ مدرسہ کے فارغین کے تقسیم اسناد و عطائے خلعت کے جشن جو 6 مئی کو مقرر ہے میں مقامی اور بیرونی حضرات کو مدعو کیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے یکم اپریل اتوار کو 3 بجے دن احاطہ مدرسہ باب العلم انوار محمدی میں ایک مشاورتی اجلاس زیر نگرانی ڈاکٹر میر وجاہت علی ( معتمد مجلس انتظامی ) منعقد ہوگا ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9848173896 پر ربط کریں ۔۔

حمیدیہ میں آج چوتھی محفل حضرت
سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء سید شاہ محمد سیف الدین قادری شرفیؒ کے زیر اہتمام ’حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں 7 تا 13 رجب جاری سالانہ محافل حضرت امیر المومنین سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہ کے سلسلے کی چوتھی محفل 10 رجب کو صبح 8-30 بجے زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین قادری شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ تاج العرفاء منعقد ہوگی ۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی ، مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی ، صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی کے علاوہ نگران محفل کے خطابات ہوں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 29 مارچ بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مخاطب کریں گے ۔۔

محفل سماع اور فاتحہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( راست ) : خیابان مخدومی احاطہ درگاہ حضرت سید شاہ محمد مخدوم حسینیؒ بہادر پورہ میں 29 مارچ کو سالانہ فاتحہ حضرت سیدنا علی المرتضیٰؓ و حضرت سیدنا خواجہ غریب نوازؒ اور ماہانہ فاتحہ حضرت مفتی سید شاہ محمد مخدوم حسینی قادریؒ مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب محفل نعت و منقبت ہوگی ۔ بعد نماز عشاء پیشکشی چادر گل و سلام و فاتحہ خوانی ہوگی۔ 10 بجے شب محفل سماع مقرر ہے ۔ محافل کی نگرانی مولانا سید شاہ حسین پادشاہ قادری مخدومی کریں گے ۔۔