مذہبی خبریں

ایمان اور عمل صالح سے امت مسلمہ کا تحفظ
جماعت اسلامی کا داعی الی اللہ پراجتماع، شہزاد ناصر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 مارچ (فیاکس) اللہ تبارک و تعالیٰ امت مسلمہ کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ اگر امت ایمان و عمل صالحہ پر قائم رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرتی رہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب کبھی ایمان اور عمل صالح کرنے والی امت کو دبانے اور کچلنے کی کوششیں کی گئیں، اللہ تعالیٰ نے ایسے ظالموں کو کچل کر رکھ دیا۔ ان خیالات کا اظہار جناب شہزاد ناصر نے سورہ طحہ کی آیات 50-41 کا درس دیتے ہوئے خلوت اسلامک سنٹر میں کیا۔ جماعت اسلامی ہند خلوت کے زیراہتمام ہفتہ واری اجتماع میں بعنوان ’’داعی الی اللہ‘‘ پر شہزادہ ناصر نے کہا کہ سورۃ طحہ نبوت کے پانچویں سال نازل ہوئی ہے جس وقت حالات یہ تھے کہ مکہ میں مخالفین کا ظلم و ستم بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے نبیؐ نے صحابہ کی ایک جماعت کو ہجرت حبشہ کی اجازت دے دی تھی اور وہ جماعت ہجرت کرچکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں یہ پیغام بھی دیا گیا ہیکہ حالات چاہے کتنے بھی سخت کیوں نہ ہوں ظالموں اور جابروں کے سامنے نرمی کے ساتھ دعوت حق پہنچائی جائے اور ان کو ظلم سے باز رہنے کی دعوت دی جائے تو جس طرح فرعون کے درباریوں میں سے حق کا ساتھ دینے والے پیدا ہوئے اسی طرح رہتی دنیا تک مخالفین کو اہل ایمان نرمی کے ساتھ دعوت حق پہنچائیں تو مخالفین کے گروہ سے حق کا ساتھ دینے والے پیدا ہوں گے۔ جناب محمد یوسف علی خان امیر مقامی جماعت اسلامی ہند خلوت نے اختتامی کلمات میں کہا کہ قرآن مجید اور حضرت محمدؐ کی زندگی سے رہنمائی حاصل کرنے والے کسی بھی قسم کے حالات سے نہیں گھبراتے۔ جناب غلام معین نے کارروائی چلائی۔

 

طہارت ، وضو ، نماز جنت کی کنجیاں
کتابچہ نماز اور طہارت کے مسائل کا اجراء ، غلام نبی شاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : طہارت وضو کی کنجی ، وضو نماز کی کنجی ، نماز جنت کی کنجی ہے ۔ جنت میں داخلے کے لیے 3 اہم کنجیاں ہیں ، چونکہ نماز مومن کی معراج اور مومن کی پہچان بھی ہے ۔ اور نماز مومن اور غیروں کے درمیان فرق بتاتی ہے ۔ لہذا نماز کو پورے فرائض و واجبات ، سنن کے ساتھ پورے اہتمام سے ادا کرنا چاہئے تاکہ عبادات قبول ہوجائیں اور دعائیں بھی قبول ہو کر ہم رحمت الہی کے مستحق بن جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار داعی اسلام غلام نبی شاہ نقشبندی نے جامع مسجد غلام نبی شاہ کنگس ایونیو ہاشم آباد میں کتابچہ ’ نماز اور طہارت کے مسائل ‘ کے اجراء کے موقع پر کیا ۔ ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی متولی مسجد نے کہا یہ مختصر سا جیبی کتابچہ انگریزی اور اردو میں تحریر کیا گیا ہے جو نمازوں کی درستگی میں بے حد معاون ہے ۔ شاہ ایجوکیشنل سوسائٹی نے یہ کتابچہ سہل بنایا ہے ۔ جس سے بچوں اور بڑوں کو طہارت ، غسل ، وضو ، نماز کے مسائل جاننے میں آسانی ہوگی ۔ اس موقع پر جامع مسجد غلام نبی شاہ مدرسے کے بچوں میں مفت تقسیم عمل میں آئی ۔ ڈاکٹر مفتاح الرحمن طلحہ نے کارروائی چلائی ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : ابولفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع 8 مارچ بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا ’شان صدیق اکبر ؓ ‘ پر خطاب ہوگا ۔۔

حج و عمرہ کی تربیتی کلاس
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : جناب سید شرف الدین صدر لبیک ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی کے بموجب سوسائٹی ہذا کے زیر اہتمام 13 مارچ سے 10 روزہ حج و عمرہ و مدینہ منورہ تربیتی کورس مع سیرت طیبہ و قرآنی دعائیں ، انسٹی ٹیوٹ آف عربک متصل ہوٹل سٹی ڈائمنڈ مہدی پٹنم میں صبح 10 تا 11 بجے حج ٹرینر مولانا سید آصف الدین ندوی قاسمی کی راست نگرانی میں ہوں گے ۔۔

سالانہ جشن مبارک خاتون جنت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : علی الدین عارف مجاور الاوہ بی بی کے بموجب بہ ضمن ولادت با سعادت خاتون جنت سالانہ جشن مبارک 9 مارچ 6 ساعت الاوہ بی بی بارگاہ سید کونین میں سالانہ جشن مبارک خاتون جنت مقرر ہے ۔ مدعو شعراء کے علاوہ مولانا سید حیدر زیدی بیان کریں گے ۔ من بعد زنانی جشن بھی ہوگا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 8 مارچ جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے۔ مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری مخاطب کریں گے ۔۔

جلسہ تحفظ شریعت و اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : جامع مسجد غریب نواز شمس گوڑہ کے زیر اہتمام جلسہ تحفظ شریعت و اصلاح معاشرہ 9 مارچ کو بعد نماز عشاء شمس گوڑہ المہ بنڈہ خواجہ نگر کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کالونی میں مقرر ہے ۔ مفتی محمد حسن الدین ، مفتی محمد مستان علی قادری ، مفتی عبدالواسع احمد صوفی مخاطب کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا معقول نظم رہے گا ۔۔

جشن ولادت باسعادت خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراؓ ، برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : کل ہند مجلس فیضان مصطفی ؐ کے زیر اہتمام جشن ولادت باسعادت خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراؓ برائے خواتین 9 مارچ کو بعد نماز مغرب اردو گھر مغل پورہ میں حافظ محمد عثمان نقشبندی کی سرپرستی اور مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتیہ ناظمہ عزیز ، مفتیہ تہمینہ تحسین ، مفتیہ سیدہ غوثیہ شاہد ، مفتیہ حافظہ سمیرہ خاتون مخاطب کریں گی ۔۔

 

اجتماع برائے خواتین و طالبات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : شعبہ خواتین بزم علم و ادب کے معتمد عمومی رفیعہ نوشین کے بموجب شعبہ خواتین کا اجتماع برائے خواتین و طالبات 10 مارچ 2-30 بجے دن ایمپائیر اسٹیٹ فلیٹ نمبر 105 اکبر باغ ملک پیٹ میں صدر شعبہ محترمہ سیدہ عابدہ کریم کی صدارت میں مقرر ہے ۔ محترمہ احمدی اختر سورہ احزاب کی دو آیات کی تفسیر بیان کریں گی ۔ محترمہ سیدہ روحی سورہ الکہف کی اہمیت اور فضائل پر بیان کریں گی ۔ محترمہ سیدہ عابدہ کریم سورہ ناس اور سورہ الفلق کی تفسیر بیان کریں گی ۔ پروگرام کا آغاز سیدہ غوثیہ بیگم کی قرات کلام پاک اور ممتاز جہاں عشرت کی حمد باری تعالیٰ سے ہوگا ۔ سیدہ سراج النساء نعت شریف پیش کریں گی ۔ آخر میں محترمہ سیدہ عابدہ کریم کی دعا اور محترمہ حفصہ فاطمہ سلام پیش کریں گی ۔۔

 

تقریب رسم اجراء ’ نور الانوار ‘
و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : سلسلہ عالیہ گودڑ شاہی بیابانی ، رفاعی ، افتخاری ، چشتی القادری ، قاضی پورہ کی حضرت خواجہ ذاکر گودڑشاہی کے نعتیہ مجموعہ کلام ’ نور الانوار ‘ کی رسم اجراء و نعتیہ مشاعرہ 10 مارچ 5 بجے شام اردو مسکن خلوت میں مقرر ہے ۔ مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ سجادہ نشین بارگاہ قاضی پیٹ رسم اجراء انجام دیں گے ۔ نگرانی مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی کریں گے ۔ صدارت جناب قمر الدین کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا خواجہ ضیا الدین خاں اعظمی بیابانی رفاعی قادری ، مولانا خواجہ کاشف الدین خاں اعظمی بیابانی اعظمی رفاعی قادری ، مولانا سید فصیح اللہ حسینی قادری ، مولانا سید دستگیر علی شاہ قادری ، مولانا سید حامد حسین شطاری قادری ، مولانا مستان علی قادری شرکت کریں گے ۔ خیر مقدمی کلمات محمد فاروق علی خاں ادا کریں گے ۔ رسم اجراء تقریب کے بعد نعتیہ مشاعرہ ہوگا ۔ جس کی نگرانی مولانا سید شاہ اعظم علی صوفی کریں گے ۔ اس مشاعرہ میں مدعو شعراء کرام ہی حصہ لیں گے ۔ جن میں قابل ذکر خواجہ شاکر گودڑ شاہی ، ڈاکٹر عقیل ہاشمی ، جلال عارف، سید مسرور عابدی کلام سنائیں گے ۔ ناظم جلسہ و مشاعرہ مسرور عابدی ہوں گے ۔۔

 

درس تفسیر و حلقہ ذکر
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( راست ) : جامع مسجد درگاہ امر اللہ شاہ مغل پورہ میں 8 مارچ کو بعد نماز مغرب حلقہ ذکر مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء درس تفسیر قرآن ہوگا ۔ نگرانی مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی کریں گے ۔ مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی درس دیں گے ۔۔

جامع مسجد عنبر پیٹ میں اتوار کو
عازمین حج کا تربیتی اجتماع
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کا تیسرا تربیتی اجتماع اتوار 11 مارچ کو صبح 10-30 بجے تا 4 بجے شام جامع مسجد عنبر پیٹ میں منعقد ہوگا ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خاں صدارت کریں گے ۔ ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور حج کی تیاریاں اور حج کے سفر سے متعلق اہم نکات بیان کریں گے ۔ جناب یوسف اشرفی امام جامع مسجد عنبر پیٹ کی قرات کلام پاک سے آغاز ہوگا اور جناب مشیر قادری نعت شریف پیش کریں گے ۔ مولانا اعظم علی صوفی مناسک حج و عمرہ بیان کریں گے ۔ مولانا سید ضیا الدین نقشبندی زیارت مدینہ منورہ سے متعلق اہم امور پر روشنی ڈالیں گے اور دعا کا اہتمام بھی کریں گے ۔ احرام باندھنے کا طریقہ سمجھایا جائیگا اور اس کی شرائط بیان کی جائیں گی ۔۔