مذہبی خبریں

اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین
جلسہ سیرت رحمتہ للعالمینؐ سے مولانا حسام الدین جعفر پاشاہ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : اسلام اپنے حیات آفرین پیغام ماننے والوں کو اس بات کا درس و ہدایت دیتا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اس پر پابندی کے ساتھ عمل کریں اور رسول کریم ؐ کی ایک ایک ادا کو اپنی زندگی میں راسخ کرنے کی کوشش کریں ۔ اسرائیل یروشلم کو اپنا پائے تخت بنانے کی منصوبہ بندی میں ہے لیکن امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا منصوبہ بالکلیہ طور پر ناکام ثابت ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے سیرت کمیٹی کاروان کی جانب سے منعقدہ 80 ویں جلسہ سیرت رحمتہ للعالمینؐ ، مسجد اقصیٰ ، تحفط شریعت سے کیا جو پنچ بھائی الاوہ کاروان ساہو میں منعقد ہوا ۔ جلسہ کی سرپرستی مولانا سید شاہ عبدالحفیظ شرفی نے کی جب کہ نگرانی مولانا حسام الدین ثانی عامل المعروف جعفر پاشاہ نے کی ۔ مولانا حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے کہا کہ ابھی بھی ملت اسلامیہ کے لیے وقت ہے کہ وہ اپنی آنکھیں کھولیں اور باپ دادا کی اندھی تقلید و رسومات سے باز آجائیں اس لیے کہ کتنی ہی لڑکیاں ایسی ہیں جو جہیز کی وجہ گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر لڑکی کو اسلامی تعلیم و تربیت سے واقف کروایا جائے گا تو وہ اپنے گھر کو جنت نشان بنا پائے گی ۔ انہوں نے طلاق ثلاثہ پر کہا کہ مسلمان کبھی طلاق ثلاثہ کا پابند نہیں رہا بلکہ اس نے ہمیشہ اسلامی اصولوں و ضوابط کو اپنایا لیکن نام نہاد طاقتیں ملک میں طلاق ثلاثہ کو ہوا دے رہی ہے ۔ ڈاکٹر معز الدین قادری شرفی نے کہا کہ سیرت النبیؐ کو اپنی زندگیوں میں راسخ کریں اس سے سرخروئی و کامیابی حاصل ہوگی ۔ مولانا محمد احتشام الدین اسد خطیب مسجد الہی راجندر نگر نے معاشرہ کی اصلاح پر زور دیا اور کہا کہ جب تک عقیدہ کی درستگی اور اولیاء اللہ سے نسبت اور محبت نہ ہو اس وقت تک کامیابی ممکن نہیں ۔ جلسہ کا آغاز حافظ مبارک حسین کی قرات سے ہوا ۔ جناب شاہ نواز ہاشمی اور مصطفی صدیقی (مسکین ) اظہر الدین اور محمد عظیم نے نعت پیش کی ۔ جناب عبدالمومن سبحان صدر سیرت کمیٹی کاروان نے کارروائی چلائی ۔۔

 

اردو گھر میں آج سیرت طیبہ مقامات مقدسہ پر تصویری نمائش
مفتی خلیل احمد افتتاح کریں گے ، خانہ کعبہ کی قدیم تصویر سے نمائش کا آغاز
حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : سیرت طیبہ مقامات مقدسہ کے زیر عنوان مقامات مقدسہ کی نادر و نایاب تصاویر کی نمائش ممتاز ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام اردو گھر مغل پورہ میں 21 دسمبر جمعرات صبح 10-30 بجے سے منعقد ہوگی ۔ صاحبزادہ نواب میر وقار الدین علی خاں صدر سوسائٹی کے بموجب اس نمائش میں 100 سے زائد مقامات مقدسہ کی تصاویر پیش کی جائیں گی ۔ نمائش کا آغاز خانہ کعبہ کی قدیم تصویر سے ہوگا ۔ پھر رسالت مآبؐ کے مقام ولادت ، شارع بنی ہاشم ، حضرت عبداللہ ؓ کا مکان ، حضرت خدیجہ الکبریٰ کے مکان ، حضرت دائی حلیمہ سعدیہؓ کا حجرہ ، اور کنواں ، مقام شق صدر ، جبل نور ، غار حرا ، پہلی اور آخری وحی مبارکہ جو اونٹ کی ہڈی پر تحریر ہے ۔ ان کی تصاویر نمائش میں رکھی جائیں گی ۔ جنت المعلیٰ میں ام المومنین کی مزار پر انہدام سے قبل کی گنبد اور حالیہ منظر ، سفر طائف کے مقامات مقدسہ ، باغ عتبہ ، مقام تبلیغ اور جہاں حضور ؐ زخمی ہونے کے بعد آرام فرمائے ۔ ان مقامات کی تصاویر ، مکہ کا دارارقم جو پہلی اسلامی درس گاہ ، مقام بیعت اولیٰ و ثانی ، مسجد جن ، واقعہ معراج سے متعلق مقامات مقدسہ ، مسجد اقصیٰ ، بیت المقدس ، صخرہ چٹان ، جہاں آپؐ نے امامت فرمائی اور سفر معراج کا آغاز کیا ۔ ہجرت مدینہ ، جبل ثور ، غار ثور ، مسجد قباء ، قبا میں کلثوم بن ہدام کا مکان ، جہاں حضور اکرم ﷺ نے قیام کیا ۔ مسجد نبویؐ کی قدیم تصاویر ، منبر مسجد نبویؐ ، ریاض الجنہ ، مدینہ طیبہ میں میزبان رسولؐ ، حضرت ایوب انصاریؓ کا مکان ، بیئرارس جس کے پانی سے حضور اکرم ﷺ کو غسل دیا گیا ۔ بیئر طویٰ ، بیئر ارس کی تصاویر ، صفہ اسلامی ، جامعہ مسجد قلبتین کے علاوہ مختلف غزوات جیسے میدان بدر ، احد ، خندق ، موتہ ، مقام صلح حدیبہ کی تصاویر جو تاریخ اسلام سے نئی نسل کو واقف کراتی ہیں ۔ اس نمائش میں رکھی جائیں گی ۔ علاوہ ازیں حضور اکرم ﷺ نے تبلیغ اسلام کے لیے جو خطوط مختلف حکمرانوں کو روانہ کئے تھے اس نمائش میں رکھے جائیں گے ۔ میر وقار الدین علی خاں نے عامتہ المسلمین سے اور طلباء وطالبات کے سرپرستوں سے اپیل کی کہ اس نمائش میں شریک ہو کر استفادہ کریں۔ ممتاز ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام چلائے جانے والے طلباء وطالبات و سرپرست اس نمائش میں ناظرین کی رہنمائی میں موجود رہیں گے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( راست ) : عرس حضرت سید فرید پاشاہ قادریؒ کا 2 ربیع الثانی کو درگاہ شریف واقع کشن باغ میں منایا جائے گا ۔ پروگرام کے مطابق بعد نماز عصر قرآن خوانی اور قصیدہ بردہ شریف بعد نماز مغرب چادر گل اور محفل سماع 9 بجے شب تک رہے گی ۔۔

حمیدیہ میں آج دوسری محفل غوث اعظمؒ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک اور انتظامی کمیٹی درگاہ حضرت تاج العرفاء (شرفی چمن) کے زیر اہتمام یکم تا 11 ربیع الثانی گیارہ روزہ محافل حضرت غوث اعظم ؒکے سلسلہ کی دوسری محفل مبارک 21 ڈسمبر صبح آٹھ تا نو ساعت بہ مقام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں منعقد ہوگی ۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک ،مفتی سید محمد سیف الدین قادری حاکم پاشاہ حمیدی معاون ڈائریکٹر آئی ہرک ، صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا علی پاشاہ حمیدی اور نگران محفل ڈاکٹر سید شاہ محمد حمید الدین قادری شرفی سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاءؒ و ڈائریکٹر آئی ہرک موضوع مقدس کے مختلف پہلوئو ں پر شرف خطاب حاصل کریں گے۔

حمیدیہ میںسالانہ طرحی منقبتی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : سالانہ طرحی منقبتی مشاعرہ ؒ بہ ضمن گیارہویں شریف 10 ؍ربیع الآخرم 29؍ ڈسمبر بروز جمعہ بعد نماز عشاء 9 ساعت شب ’’حمیدیہ‘‘ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم بہ طرح ’’ہے تم پر بڑا فضل رب غوث اعظمؒ(قافیہ: سبب، کب، ردیف: غوث اعظمؒ) زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین حسینی رضوی قادری شرفی سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاءؒ و ڈائریکٹر آئی ہرک منعقد ہوگا ۔۔

جشن میلاد النبیؐ و زیارت آثار مبارک
حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( راست ) : جناب معلم حسین الکثیری چیف ٹرسٹی اخوان چیرٹیبل ٹرسٹ کے بموجب جامع مسجد حسین نگر بنڈلہ گوڑہ میں جشن میلاد النبیؐ بروز جمعہ 22 دسمبر کو 11 بجے دن مقرر ہے ۔ نگرانی داعی اسلام غلام نبی شاہ نقشبندی کریں گے ۔ مہمان خصوصی مولانا اولیاء حسینی ، ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی کا خطاب ہوگا ۔ بعد جمعہ زیارت آثار مبارک کا اہتمام ہے ، خواتین کے لیے خصوصی انتظام رہے گا ۔ تقسیم تبرک عمل میں آئے گی ۔۔