مذہبی خبریں

عرس شریف
حیدرآباد ۔ /19 ڈسمبر (پریس نوٹ) اولیائے کرام نے دین حنیف کی اشاعت و تبلیغ کیلئے خانقاہی نظام قائم کیا اور ان کی مزارات آج بھی مرجع خلائق خاص و عام ہیں اور ان کا فیضان آج بھی جاری و ساری ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بلا تخصیص مذہب و ملت ان کی مزارات پر حاضری دینے لوگ جوق درجوق پہنچتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید محمد غوث قادری کلیمی سجادہ نشین و متولی آستانہ قطب صاحبؒ نے عرس شریف حضرت سید محمد جیلانی قادری کلیمیؒ کے ضمن میں منعقد ہونے والی استقبالیہ کمیٹی کے انتخاب کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ میں کیا ۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ /19 ڈسمبر (راست) 101 واں 3 روزہ عرس شریف قطب عصر حضرت خواجہ مرزا محمد بیگؒ واقع آغا پورہ میں /13 ، /14 ، /15 ربیع الثانی کو پوری عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا ۔ مولانا شاہ محمد کلیم اللہ چشتی مرزائی و او ایس بابا جانشین سجادہ نشین کی نگرانی میں تیاریاں جاری ہے ۔ جملہ مراسم حضرت شاہ محمد نوراللہ چشتی مرزائی سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔

گیارہ روزہ عظیم الشان تاریخی جلسے فیضان سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ
حیدرآباد ۔ /19 ڈسمبر (راست) کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیراہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی گیارہ روزہ جلسہ فیضان سیدنا غوث اعظم دستگیر ؒ زیرصدارت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری ، صدر کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت حیدرآباد اور اطراف و اکناف حیدرآباد کے مختلف مساجد اور مقامات حسب ذیل تواریخ اوقات پر بصدعقیدت و محبت منعقد ہوں گے ۔

اسوہ نبوی ؐصداقت ، ہدایت اور رحمت کا سرچشمہ
حیدرآباد ۔ /19 ڈسمبر (راست) اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو سارے عالموں کیلئے رحمت بناکر مبعوث فرمایا ۔ جس کا تقاضہ ہے کہ ہر مسلمان سال کے بارہ مہینہ آپ ﷺ کی حیات طیبہ کا مطالعہ بھی کرے اور اپنے گھر میں اس کا مذاکرہ بھی کرے اور ہر فرد آپ ﷺ کی سیرت پاک عمل کی نیت سے سنے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ میرے ان بندوں کو خوشخبری دی جائے جو بات سنتے اور اس کے اچھے پہلو پر عمل کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ، خطیب جامع مسجد ملے پلی و صدر تحفظ ختم نبوت نے اپنے اس خطاب میں فرمایا جو محافل سیرت کے ضمن میں مولانا سید ابوالحسن علی ندوی میموریل سنٹر پر منعقدہ اجتماع میں یکشنبہ کو بعد نماز مغرب ہوا ۔

 

تنظیم بنت حرم کی نعتیہ نشست
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام خواتین و طالبات کے لیے نعتیہ نشست 21 دسمبر بمقام مدرسہ بنات الحرم اندرون مکہ مسجد 11 تا 2 بجے دن زیر نگرانی محترمہ عزیزہ محبوب معتمد تنظیم بنت حرم مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغام محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ جلسہ میں ممتاز شاعرات محترمہ زینت زبیری ، محترمہ نکہت کوثری ، محترمہ اطہری فضا ، محترمہ ثریہ خیر الدین ، محترمہ ممتاز عشرت ، محترمہ تسنیم جوہر ، محترمہ شبینہ اسلم فرشوری ، محترمہ ریحانہ آصف ، محترمہ ریاض فاطمہ تشہیر ، محترمہ محسنہ ، محترمہ تجمل تاج ، محترمہ بتول ، محترمہ نفیس بیگم اپنا کلام پیش کریں گی ۔ خواتین و طالبات سے وقت کی پابندی کے ساتھ شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔۔

 

قرات ، حمد ، نعت و اذاں کی
فری تربیتی کلاس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( راست ) : کلیتہ البنین مغل پورہ میں 20 دسمبر بعد نماز عشاء قرات ، حمد ، نعت و اذاں کی مفت تربیتی کلاسیس حافظ محمد صابر پاشاہ قادری لیں گے ۔۔

جشن میلاد النبیؐ و زیارت آثار مبارک
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( راست ) : جناب معلم حسین الکثیری چیف ٹرسٹی اخوان چیرٹیبل ٹرسٹ کے بموجب جامع مسجد حسین نگر بنڈلہ گوڑہ میں جشن میلاد النبیؐ بروز جمعہ 22 دسمبر 11 بجے دن مقرر ہے ۔ زیر نگرانی داعی اسلام غلام نبی شاہ نقشبندی ، مہمان خصوصی مولانا اولیاء حسینی ، ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی کا خطاب ہوگا ۔ بعد جمعہ زیارت آثار مبارک کا اہتمام ہے ، خواتین کے لیے خصوصی انتظام رہے گا ۔ تقسیم تبرک عمل میں آئے گی ۔۔

تبدیلی غلاف مبارک
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( راست ) : پہاڑی شریف درگاہ حضرت سیدنا بابا شرف الدین قبلہؒ کے مجلس ماہانہ تبدیلی غلاف یکم ربیع الثانی بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ نماز عشاء ٹھیک 8 بجے ہوگی ۔ بعد نماز عشاء تبدیلی غلاف مبارک کی رسم انجام دی جائے گی ۔ بعد تبدیلی غلاف مبارک ختم قرآن و سلام بحضور خیر الانام ؐ میں گذرانا جائے گا ۔ مجلس کا اختتام قاری سید فرید الدین سہروردی گدی نشین آستانہ عالیہ امام و خطیب مسجد بارگاہ کی دعا پر ہوگا۔۔

فاتحہ حضرت خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( راست ) : حضرت محبوب الہ خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ کے ماہانہ فاتحہ 2 ربیع الثانی کو درگاہ شریف حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں مقرر ہے ۔ چار بجے شام تلاوت کلام اللہ ساڑھے پانچ بجے شام ختم خواجگان ، محفل درود شریف بعد عشاء سماع کی محفل منعقد ہوگی ۔ بعد سماع چادر گل پیش کی جائے گی ۔۔

گیارہ روزہ محافل
حضرت سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( راست ) : گیارہ روزہ محافل حضرت سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ بمکان حضرت سید شاہ سلطان محی الدین قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ امام علی شاہ قادریؒ بالا پور بمقام سنتوش نگر بعد نماز عشاء منعقد ہوگی ۔ یکم تا 11 ربیع الثانی سید شاہ اکبر محی الدین قادری شکیل پاشاہ مشائخ بالا پور فضائل و مناقب بیان کریں گے ۔۔

ماہانہ مجلس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( راست ) : ماہانہ مجلس حضرت شاہ محمد شمس الدین ملتانی قادریؒ و حضرت شیخ شاہ محمد ابراہیم المخدوم جی ؒ ( بیدر ) حضرت شاہ محمد قادر پاشاہ ثانی ملتانی قادریؒ یکم ربیع الثانی کو خانقاہ ملتانیہ چھاونی غلام مرتضیٰ کنڈیکل گیٹ میں مقرر ہے ۔۔

 

جلسہ میلاد النبیﷺ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : دینی تعلیمی و صنعتی تنظیم کی شعبہ نسواں دختران ملت کے زیر اہتمام جلسہ عام میلاد النبیؐ برائے خواتین 25 دسمبر دس بجے دن آفیسرس میس فنکشن پلازہ ملک پیٹ میں مقرر ہے ۔ اس جلسہ کی نگرانی محترمہ حامدی بیگم کرینگی ۔۔

نبی خانہ میں وعظ و زیارت آثار مبارکؐ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( راست ) : عملدرآمد قدیم محافل حضرت غوث اعظم دستگیرؒ نبی خانہ حضرت خیر المبین پتھر گٹی روڈ منڈی میر عالم یکم تا 11 ربیع الثانی روزانہ صبح 11 تا 12 بجے دن مولوی معین الدین صدیقی منصور پاشاہ کے مواعظ ہوں گے ۔ گیارہ ربیع الثانی کو بعد وعظ زیارت آثار مبارک ؐ ، موئے مبارک ؐ و قدم رسول ؐ اور غلاف کعبہ شریف کی زیارت کروائی جائے گی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

 

محافل فیضان غوث اعظمؒ
٭٭ جامع مسجد درگاہ امر اللہ شاہؒ ، مغل پورہ میں یکم تا 11 ربیع الثانی محافل فیضان غوث اعظم ؒ روزانہ بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی سجادہ نشین نگرانی کریں گے ۔ مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی ، مولانا سید طالب حسین رضوی ، مولانا محمد عبدالنور ملتانی ، مولانا شاہ محمد تقی احمد و دیگر علمائے دین جامعہ نظامیہ محاطب کرینگے ۔۔
جامعہ نظامیہ کے شیوخ خاموش خدمت دین میں مصروف
عالمی شہرت یافتہ صوفی بزرگ شیخ اشتیاق بابا کے تاثرات
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : عالم اسلام کے عظیم صوفی بزرگ حضرت شیخ ناظم عادل الحقانی الربانی ؒ ( ترکی ) کے خلیفہ خاص مولانا شیخ بابا محمد اشتیاق الحقانی نقشبندی اپنے مختصر دورے حیدرآباد کے موقع پر حیدرآباد کی مختلف خانقاہوں ، آستانوں پر حاضری دی اور ملک کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ نظامیہ کا معائنہ کیا اور جامعہ کے شیوخ حضرات مولانا مفتی محمد عظیم الدین ، مولانا مفتی خلیل احمد ، مولانا محمد خواجہ شریف ، مولانا محمد فصیح الدین سے ملاقات کی اور حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے آستانے پر حاضری دی ۔ حضرت بابا اشتیاق الحقانی نے جامعہ نظامیہ اور بانی جامعہ ، شیوخ جامعہ کی خدمات کو بھر پور خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مختلف دینی اداروں کو جانے کا موقع ملا لیکن جامعہ نظامیہ کو دیکھنے کے بعد ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ صرف ایک علمی درس گاہ نہیں بلکہ روحانیت کو بھی یہاں فروغ دیا جارہا ہے ۔ اسی لیے کہ یہاں کے فارغین بڑے بڑے مقامات پر فائز ہوئے ہیں اور حیدرآباد کے لوگ خوش نصیب ہیں کہ یہاں ایسا عظیم ادارہ ہے اور یہاں کے شیوخ خاموش خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اس دورے میں مولانا صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری ، سید احتشام قادری و دیگر موجود تھے ۔۔
حمیدیہ میں آج پہلی محفل غوث اعظم ؒ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی میں یکم تا 11 ربیع الثانی 11 روزہ محافل غوث اعظم ؒ کی پہلی مجلس 20 دسمبر صبح 8 بجے سے 9 بجے تک منعقد کی جائے گی ۔ عامتہ المسلمین سے اور برادران طریقت سے جناب محمد یوسف صدر استقبالیہ نے شرکت کی درخواست کی ہے ۔۔