مذہبی خبریں

تعلیم عورت کا بنیادی حق ، تعلیم کا اول و آخر مقصد عمل
جامعہ دارالفرقان میں فضیلۃ الشیخ اصغر علی امام مہدی کا خطاب
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (پریس نوٹ) جامعہ دارالفرقان للبنات سعیدآباد میں بروز جمعہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے نو منتخب عہدیداران الشیخ اصغر علی امام مہدی سلفی ، امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند ، الشیخ محمد ہارون سنابلی ،ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند اور جناب عبدالوکیل پرویز خازن مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی جامعہ آمد پر صدر جامعہ محمد عبدالوحید ، معتمد جامعہ محمد عبدالرافع صدیقی ، شیخ الجامعہ محمد عمر خان عمری اور معلمین و معلمات جامعہ نے استقبال کرتے ہوئے ایک تربیتی جلسہ منعقد کیا ۔ نظامت مسعود حسین محمدی معلم و نگران انجمن نے کی ۔ اس موقع پر حافظ عبدالقیوم ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث تلنگانہ اور الشیخ شفیق عالم جامعی ناظم جمعیت اہل حدیث حیدرآباد و سکندرآباد بھی شیوخ کے ساتھ موجود تھے ۔ رمیصاء احمد نے قرأت کلام پاک اور رقیہ بنت عبدالحفیظ نے نظم اور جویریہ بیگم نے اردو تقریر پیش کی ۔ اس کے بعد الشیخ ہارون سنابلی نے کہا کہ وہ صحابیات کو اپنا آئیڈیل بنائیں اور جناب عبدالوکیل پرویز خازن نے کہا کہ آج کے اس ترقی یافتہ دور میں خاص طور پر مسلمان طالبات کو تعلیمی میدان میں ہمیشہ آگے رہنا چاہیے ۔ اس کے بعد الشیخ اصغر علی امام مہدی سلفی نے کہا کہ طالبات دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاق پر بھی توجہ دیں ۔ نیز کہا کہ تعلیم عورت کا بنیادی حق ہے اور تعلیم کا اول و اخر مقصد عمل ہے ۔ اس موقع پر محمد عبدالخالق چلکل گوڑہ اور محمد الیاس بھی موجود تھے ۔ آخر میں محمد عبدالوحید نے ہدیہ تشکر پیش کیا اور اسی کے ساتھ جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) خانقاہِ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارومیاں مصری گنج ’’محفل ذکر و درود شریف ‘‘ /14 ڈسمبر کو بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔

دینی و ادبی کتاب پر ڈسکاؤنٹ ، ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹرس کی پیشکش
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹرس کے کامیاب خدمت کے 18 سال کی مسرت میں /15 ڈسمبر تا /25 ڈسمبر 10 تا 50 فیصد خصوصی رعایتی سیل کا ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹرس پرانی حویلی ، حیدرآباد پر اہتمام کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد میں اب تک کی اپنی نوعیت کا دینی و ادبی کتابوں پر اس قدر رعایتی سیل کا پہلا موقع ہوگا ۔ ملک و بیرون ملک کے معروف ناشرین کے تفاسیر قرآن ، احادیث نبوی ، سیرت النبیؐ و سیرت اصحاب رسول ، فقہ و مسائل ، تصوف ، تاریخ اسلام ، خواتین کے حقوق ، پکوان ، بچوں کے لئے دلچسپ کہانیاں ، لغات و ڈکشنریوں اور بے شمار نئے موضوعات پر کتابوں کا شاندار ذخیرہ دستیاب ہے ۔ شائقین کتب اور علم و ادب کے قدر دانوں کیلئے یہ بہترین موقع ہے ، اس نادر موقع سے بھرپور استفادہ کی خواہش کی جاتی ہے ۔ مزید تفصیلات کیلئے ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹرس پرانی حویلی حیدرآباد (24514892) پر ربط کریں ۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام محفل ختم دلائل الخیرات (درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیرنگرانی حضرت مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔

حلقہ ذکر الٰہی و نعت شاہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) ’’حلقہ ذکر الہٰی و نعت شاہ کونینؐ‘‘ زیرنگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری آستانہ مینائی پھول باغ ، جہاں نما بروز جمعرات بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ شرکت فرماکر ثواب دارین حاصل کریں ۔

جلسہ میلادالنبیؐ
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) الحاج محمد قدیر کے بموجب بتاریخ /16 ڈسمبر بعد نماز عشاء بمقام جمال بی تکیہ دؤدھ باؤلی جلسہ میلادالنبیؐ میں مقرر ہوگا ۔ الحاج مولانا قدوس غوری کاخطاب ہوگا ۔ جلسہ کی صدارت محمد پاشاہ کرسکتے ہیں جبکہ محمد معراج مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ نعتیہ کلام ارسلان خان ، سید جواد اور فرقان حکیم سنائیں گے ۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب /14 ڈسمبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراطِ مستقیم ، آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیرصدارت مولانا محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر ٹھیک 1.30 بجے ہوگی ، خواتین کے لئے پردہ کا نظم رہے گا ۔

جلسہ قرأت بیاد مصباح القراء عبداللہ قریشی الازہریؒ
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) جلسہ قرأت بیاد فضیلت الشیخ حضرت العلامہ حافظ و قاری محمد عبداللہ قریشی الازہری قادری ملتانیؒ /14 ڈسمبر /26 ربیع الاول بروز جمعرات مسجد درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ 11 بجے مقرر ہے ۔ زیرنگرانی ضیاء القراء مولانا محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد استاد شعبہ عربیہ مدرسہ باب العلم انوار محمدی مہمانان خصوصی مولانا سید محمد محمود حسینی الرفاعی المعروف سادات پیر بغدادی ، مولانا محمد عبدالباسط یمانی ، مولانا سید اسحاق محی الدین قادری ، مولانا قاضی محمد ناصر الدین صدیقی ، مولانا غلام محمد خان نقشبندی ، مولانا حافظ محمد فریدالدین قادری نقشبندی امام مسجد درگاہ اس کے علاوہ مدرسہ باب العلم انوار محمدی کے طلباء قدیم و جدید جلسہ قرأت میں حصہ لیں گے ۔ نظامت کے فرائض مولانا حافظ و قاری محمد عبدالنور قادری ملتانی انجام دیں گے ۔

مسجد محمدیہ میں نماز جمعہ کا آغاز
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) نو تعمیر مسجد محمدیہ (اہل سنت و جماعت) کمہاڑواڑی روڈ فتح دروازہ جس کا افتتاح مفکر اسلام مفتی خلیل احمد انوار اللہی شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ کی امامت نماز عصر سے ہوا ۔ بعد ازاں انہوں نے خطاب کیا ۔ علماء مشائخ اور اہلیان محلہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ /15 ڈسمبر جمعہ سے نماز جمعہ کا آغاز ہوگا ۔ مولانا ابو عمار عرفان اللہ شاہنوری خطبہ دیں گے ۔ اور قبل خطبہ فضائل جمعہ اور میلاد شریف خطاب کریں گے ۔ ڈاکٹر محمد عبدالغفور عرفانی کے بموجب قبل نماز بیان اور 1 بجکر 45 منٹ پر خطبہ نماز ہوگی ۔ امام مسجد حافظ محمد اسحاق جنید سلام پیش کریں گے ۔

 

مفتی نسیم احمد اشرفی کا جلسہ تعزیت
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں /14 ڈسمبر کو بعد نماز مغرب علامہ مفتی نسیم احمد اشرفی کا جلسہ تعزیت مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی جامعۃ المومنات کی صدارت میں مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کی قرأت ، قاری حفیظ رضا کی نعت شریف سے ہوگا ۔ پروفیسر ڈاکٹر سید علیم اشرف جائیسی ، مولانا سید شاہ درویش محی الدین قادری ، حافظ محمد عثمان نقشبندی ، مولانا نقی امام ،حافظ محمد علی نقشبندی ، جناب عرفان اللہ شاہ نوری ، ڈاکٹر فصیح الدین نظامی ، مولانا محبوب عالم اشرفی ، سید شاہ حامد حسین شطاری ، ڈاکٹرایس ایم سراج ، جناب محمد فاروق علی خاں ایڈوکیٹ شرکت و مخاطب کریں گے ۔

بیت المقدس کو دارالحکومت تسلیم کرنے پر امریکہ کے خلاف احتجاج
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) امریکہ کا مقبوضہ بیت المقدس کو دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے خلاف درسگاہ جہاد و شہادت کی جانب سے /15 ڈسمبر کو بعد نماز جمعہ جامع مسجد دارالشفاء پر احتجاج مقرر ہے ۔ اس احتجاج میں امریکہ و اسرائیل کا پرچم نذر آتش کیا جائے گا ۔ نماز جمعہ ٹھیک 1:30 بجے ادا کی جائے گی ۔

مظہر قادری فاؤنڈیشن کا آج سالانہ جلسہ
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) حضرت مظہر الحق قادری زرین کلاہؒ سے موسوم ادارہ مظہر قادری فاؤنڈیشن کا سالانہ جلسہ و تقسیم تعلیمی انعامات /14 ڈسمبر کو بعد نماز عشاء اردو مسکن خلوت مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ محمد قبول پاشاہ قادری شطاری صدارت کریں گے ۔ مولانا سید وصی اللہ حسینی قادری و قاری سید ندیم اللہ حسینی مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ ڈاکٹر مولانا احسن بن محمد الحمومی خطیب شاہی مسجد باغ عامہ و اسوۃ حسنہ پر اور پروفیسر محمد مسعود احمد خطاب کریں گے ۔ مولانا سید ابراہیم قادری فاروق پاشاہ زرین کلاہ و سرپرست فاؤنڈیشن خیرمقدمی تقریر کریں گے ۔ مولانا سید قادر محی الدین جنید پاشاہ زرین کلاہ ناظم جلسہ ہوں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری محمد ابراہیم کی قرأت اور شفیع قادری کی نعت شریف سے ہوگا ۔

’ مواعظ حسنہ ، سیرت مولانا محمد حسام الدین فاضلؒ و مولانا محمد حمیدالدین حسامی عاقلؒ
حیدرآباد ۔ /13 ڈسمبر (راست) حسامیہ منزل پنجہ شاہ جہاں /14 ڈسمبر کو بعد نماز عشاء مولانا محمد شاہ جمال الرحمن ، مولانا مفتی محی الدین احمد ، مولانا محمد رحیم الدین انصاری ، مولانا محمد نعیم الدین عادل حسامی ، مولانا محمد غوث محی الدین حسامی ، مولانا محمد شیخ طاہر حسامی ، مولانا محمد ذکی الدین راہی حسامی ، قاری عبدالقیوم شاکر خطاب کریں گے جبکہ خصوصی خطاب مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ کا ہوگا ۔

 

جامعہ نظامیہ میں عصری سہولتوں سے لیس جدید کمپیوٹر لیاب کا قیام
آج بدست حضرت امیر جامعہ و حضرت شیخ الجامعہ افتتاح مقرر
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : علوم اسلامیہ کی عظیم اسلامی اقامتی یونیورسٹی جامعہ نظامیہ عصری گلوبلائزیشن میں ایک اہم سنگ میل کوپار کرتے ہوئے ایک جدید اور عصری سہولتوں سے آراستہ کمپیوٹر سنٹر (کمپیوٹر لیاب) کا قیام عمل میں لارہا ہے جہاں عصری ٹکنالوجی پر مبنی کمپیوٹرس کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔ باب الداخلہ سے متصل عمارت ’’صدرالشیوخ‘‘ میں واقع اس کمپیوٹر لیاب سے طلبہ جامعہ کمپیوٹر انٹرنیٹ کی عصری سہولتوں سے بھر پور استفادہ کرسکیں گے ۔جامعہ نظامیہ میں 1995 سے کمپیوٹر لیاب موجود ہے۔ لیکن اب اس لیاب کی ہمہ جہتی بنیادوں پر توسیع عمل میں لائی گئی ہے۔اور اس کو زیادہ کارکرد اور فعال بنادیاگیا ہے۔14 ؍ دسمبر2017 بوقت 2 بجے دن اس جدید اور عصری کمپیوٹر لیاب کا افتتاح بدست حضرت مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی صابری ‘امیر جامعہ ‘جامعہ نظامیہ‘ اور حضرت شیخ الجامعہ‘ جامعہ نظامیہ عمل میں آئے گا۔اس کمپیوٹر سنٹر سے طلبہ جامعہ کو عصری کمپیوٹر کی تعلیم حاصل ہوگی ۔کمپیوٹر لیاب کی توسیع سے جامعہ نظامیہ نے عصری اداروں کے مماثل سہولتوں کو یقینی بنالیاہے۔جس سے اعلیٰ جماعتوں کے طلبہ عربی کے گرائجویٹ اور پوسٹ گرائجویٹ طلبہ کو کمپیوٹر کی تعلیم کی مکمل رہنمائی اور مہارت حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور ٹکنالوجی سے واقف ہوکر اشاعتِ دین میں کماحقہ اپنا حصہ ادا کرسکیں گے۔جناب سید احمد علی معتمدجامعہ نظامیہ نے اس اطلاع کو دعوت نامہ متصور کرتے ہوئے طلبائے قدیم خصوصاً ارکان ِ مجلس انتظامی سے شرکت کی خواہش کی ہے۔

 

حمیدیہ میں آج 24 ویں محفل میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک اور مجلس انتظامی درگاہ شریف حضرت تاج العرفاءؒ کے زیر اہتمام 24 ربیع الاول کو 8-30 بجے صبح حمیدیہ شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں جاری 26 روزہ محافل میلاد النبیؐ کے سلسلہ کی 24 ویں محفل مبارک منعقد ہوگی۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی علی پاشاہ ، مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی ، اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے خطابات ہوں گے ۔ بعد ازاں نگران محفل ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی مخاطب کریں گے ۔ شعراء کرام ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔۔

حمیدیہ میں سالانہ طرحی نعتیہ و
منقبتی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : 44 واں سالانہ طرحی نعتیہ و منقبتی مشاعرہ بہ ضمن عرس سراپا قدس حضرت تاج العرفاؒ سید شاہ محمد سیف الدین حسینی رضوی قادری شرفیؒ 26 ربیع الاول بعد نماز عشاء 9 ساعت شب حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم بہ طرح ’ میرے سرکار میری بات بنائے رکھیے (قافیہ : سجائے ، نبھائے ، ردیف : رکھیے ) زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین حسینی شرفی منعقد ہوگا ۔۔

حمیدیہ میں جشن میلاد رحمتہ للعالمینؐ و زیارت موئے مبارک
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء سید شاہ محمد سیف الدین قادری شرفیؒ اور اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک کے زیر اہتمام 26 روزہ محافل میلاد النبیؐ کی بابرکت تکمیل کے موقع پر جمعہ 25 ربیع الاول کو جشن میلاد رحمتہ للعالمینؐ زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی بمقام حمیدیہ شرفی چمن سبزی منڈی قدیم منعقد ہوگا ۔ 4 ساعت شام سے قرآن خوانی ، بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف ، بعد نماز مغرب نگران جشن کا ’ آمد رحمت ؐ ‘ کے زیر عنوان خصوصی خطاب ہوگا ۔ بعد نماز عشاء رسول اللہ ؐ کے مقدس موئے مبارک کی زیارت کروائی جائے گی ۔ میلاد عشائیہ کے بعد جلسہ میلاد رحمتہ للعالمینؐ کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔۔

عرس سراپا قدس حضرت تاج العرفاءؒ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء سید شاہ محمد سیف الدین قادری شرفیؒ کے پریس نوٹ کے مطابق 44 ویں عرس سراپا قدس حضرت تاج العرفاء کی دو روزہ تقاریب کا پروگرام اس طرح ہے ۔ شنبہ 26 ربیع الاول کو 8 بجے صبح خدمت صندل بہ مزار حضرت تاج العرفاء ، 4 بجے شام تلاوت قرآن مجید و محفل نعت شہنشاہ کونینؐ بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف و خصوصی خطاب ’ تذکرہ حضرت تاج العرفاء ‘ محفل چراغاں ، 10 بجے شب نماز عشاء کی جماعت ہوگی ۔ بعدہ جلسہ قرات قرآن مجید ، طرحی نعتیہ مشاعرہ ، 27 ربیع الاول صبح 8 بجے تلاوت قرآن مجید و شجرہ خوانی نذرانہ گل بہ مزار حضرت تاج العرفاء، سلام بحضور شہنشاہ کونینؐ و دعا بعدہ تناول تبرک ۔۔

 

محسن انسانیت کانفرنس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( راست ) : یونانی میڈیکل اسوسی ایشن کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول کے مقدس موقع پر محسن انسانیت کانفرنس 15 دسمبر 3 تا 6 بجے شام میڈیا پلس آڈیٹوریم جامعہ نظامیہ کامپلکس عابڈس میں مقرر ہے ۔ ڈاکٹر ایم آر ایچ شکیب صدر اسوسی ایشن کے بموجب کانفرنس کے مہمان مقرر مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ حسینی وقار پاشاہ اور مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی کے علاوہ ڈاکٹر جوہر جہاں ہوں گے ۔ ڈاکٹر بدرالدین صدیقی ، ڈاکٹر رحمن خاں ، حکیم غلام محی الدین ، ڈاکٹر وقار حیدر ، ڈاکٹر مسعود وکیل قریشی ، ڈاکٹر سید جلال الدین ، ڈاکٹر سید عبدالرب اعظم نے عامتہ المسلمین ، یونانی طلبہ ، اطباء سے شرکت کی اپیل کی ۔۔

 

عشرہ تحفظ ختم نبوت کا آج نواں جلسہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا محمد انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ آندھراپردیش کے زیراہتمام شہر و اضلاع میں /9 ڈسمبر تا /23 ڈسمبر عشرہ تحفظ ختم نبوت کے عنوان سے دس روزہ جلسوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج بعد نماز عشاء مدینہ مسجد سداسیو پیٹ ضلع سنگاریڈی میں نواں جلسہ عام منعقد ہوگا ۔ مولانا قاضی عبدالرحمان قاسمی صدارت کریں گے ۔ مولانا محمد ارشد علی قاسمی سکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت ، مولانا اشتیاق قاسمی مبلغ کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند اور مولانا محمد انصار اللہ قاسمی مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ اس کے علاوہ مقامی سرکردہ علماء کرام کے بھی خطابات ہوں گے ۔ عامۃ المسلمین سے کثیر تعداد میں شرکت و استفادہ کی گذارش کی جاتی ہے ۔

 

کل ہند نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( راست ) : بضمن عرس شریف حضرت خواجہ مخدوم سید زین الدین مولانا داود حسین شیرازی ؒ کل ہند نعتیہ مشاعرہ 14 دسمبر 9-30 بجے شب خانقاہ حضرت زین الدین شیرازیؒ خلد آباد شریف زیر صدارت ڈاکٹر فہیم احمد صدیقی جاوید مقرر ہے ۔ نظامت جناب لیاقت علی خاں یاسر ( جالنہ ) ، کے فرائض انجام دیں گے ۔ مولانا مجیب اللہ ، جناب منیب الدین ، نواب قمر الدین تمیز الدین مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ جناب سید قاسم جالنوی ، جناب بشارت علی خاں اختر حیدرآبادی ، رحیم الدین رضا جالنوی ، کلیم شاداب آکور ، حافظ انیس احمد جناب صابر اعجاز نصیر آبادی ، جناب عبدالرزاق رہبر اپنا نعتیہ کلام پیش کرینگے ۔۔

 

انسانیت کو فائدہ پہنچانا قرآن مجید کا اہم پیغام
اردو یونیورسٹی میں ڈاکٹر اسلم عبداللہ ، امریکہ کے لکچرس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : ’ کائنات کی ہر شئے کے لیے اللہ نے ایک قانون مقرر کیا ہے ، جس کے مطابق مخلوقات کام کرتی ہیں ۔ انسانی جسم بھی خدا کی طرف سے ودیعت کردہ اصولوں کے مطابق اپنے افعال انجام دیتا ہے ، قرآن مجید ہم سے مطالبہ کرتا ہے کہ کائنات کے ان اصول و ضوابط کو دریافت کریں اور ان کو انسانیت کی بہبود کے لیے استعمال کریں ۔ کائنات کی نشانیوں کو وحی قرآنی کی روشنی میں سمجھیں ۔ رسول اللہ ؐ نے نبوت کی دلیل دینے کے لیے حسب و نسبت یا رنگ و نسل کے بجائے اپنی زندگی پیش کی ۔ آپؐ نے بتایا کہ اپنی ذات کو ذمہ دار سمجھنے کے ساتھ ایک اعلیٰ ہستی کی نگرانی کا احساس اور آخرت کا تصور قرآن کی ہدایت کو سمجھنے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں ‘ ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر اسلم عبداللہ (چیف ایڈیٹر مسلم آبزرور ۔ امریکہ ) نے ’ قرآن کے اہم موضوعات ‘ پر آج اپنا دوسرا خطبہ پیش کرتے ہوئے کیا ۔ جس کا انعقاد شعبہ اسلامک اسٹڈیز ، اردو یونیورسٹی نے کیا تھا ۔ پہلا خطبہ انہوں نے کل دیا تھا ۔ انہوں نے قرآن کی چھ اہم بنیادوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تکریم انسانیت ، وحدت انسانیت ، مساوات ، علم ، عدل و انصاف اور امن و آشتی وہ اصول ہیں جن کا اطلاق تمام کائنات پر ہوتا ہے جو انسانیت کے فائدہ کے لیے قرآن کریم پیش کرتا ہے ۔ ڈاکٹر محمد فہیم اختر ( صدر شعبہ اسلامک اسٹیڈیز ) نے کہا کہ مہمان مقرر نے قرآن کی بنیادی تعلیمات پر گفتگو کی ہے ۔ ہمیں قرآن کا مطالعہ زندگی میں تبدیلی لانے کے لیے کرنا چاہئے ۔ امت مسلمہ پیغام کی حامل قوم ہے ۔ فائدہ پہونچانا ہمارا فریضہ ہے ۔ ہمیں اختلاف کو برداشت کرتے ہوئے مقصدیت کو سامنے رکھ کر کام کرنا چاہئے ۔ پروگرام کا آغاز شعبہ کے استاذ جناب عاطف عمران کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا ۔ اسسٹنٹ پروفیسر جناب محمد سراج الدین نے شکریہ ادا کیا ۔ محترمہ ذیشان سارہ ( استاذ شعبہ ) نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ افتتاحی دن شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے خطاب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مہمان مقرر نے قرآن کے حوالہ سے اہم نکات پیش کئے اور ہماری ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی ہے، جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت شاہ سلیمان بحرالعرفان سید علی چبوترہ 14 دسمبر کو مقرر ہے ۔ بعد نماز ظہر قرآن خوانی و قصیدہ بردہ شریف بعد نماز عصر صندل مالی مقرر ہے جب کہ جشن چراغاں 15 دسمبر کو بعد نماز عشاء زیر نگرانی متولیہ منعقد ہوں گے ۔۔

 

جلسہ میلاد ﷺ
٭٭ مسجد سردار بیگ ، حسینی علم میں 14 دسمبر کو جلسہ میلاد النبیؐ مولانا سید عزیز اللہ قادری مقرر ہے ۔ مولانا سید صغیر احمد ، مولانا قاضی ناصر الدین صدیقی کے خطابات ہوں گے ۔ نظامت مولانا محمد ظہیر الدین نقشبندی کریں گے ۔۔
٭٭ انجمن فیضان المسلمین کے زیر اہتمام جلسہ عید میلاد النبیؐ کا مرکزی جشن 14 دسمبر بعد نماز عشاء نور کالونی، وٹے پلی میں زیر صدارت مولانا شاہ محمد عبدالحمید ملتانی مقرر ہے ۔ مولانا شفیع محمد خاں نقشبندی ، مولانا محمد عابد حسین ، مولانا محمد عبدالخالق ملتانی کے علاوہ دیگر کے خطابات ہوں گے ۔۔
مجالس عزاء
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( راست ) : پنجہ شاہ میں 24 ربیع الاول کو 5 بجے شام مجلس عزاء منعقد ہوگی ۔ مولانا حیدر زیدی بیان کریں گے ۔ 25 ربیع الاول کو 2 بجے دن کوہ مولا علی سے قندیل کی برآمدگی ، 26 ربیع الاول 2 بجے دن قندیل کی برآمدگی اور مرثیہ خوانی ہوگی ۔ مولانا ابوالقاسم عابدی بیان کریں گے ۔ 27 ربیع الاول 9 بجے صبح قندیل کی برآمدگی جبکہ بعد مغرب مجلس عزاء منعقد ہوگی ۔۔
٭٭ عاشور خانہ باقریہ ، شمع کاٹیج ، نور خاں بازار میں 24 ، 25 ربیع الاول کو 9 بجے دن مجلس عزاء مقرر ہے ۔۔
٭٭ میدان غدیر دارالشفاء میں 24 ربیع الاول کو 10بجے شب سالانہ استقبال قطب شاہی قنادیل و مجلس عزاء منعقد ہوگی ۔ مولانا سید حیدر آقا ، مولانا سید حیدر زیدی ، مولانا سید لقمان حسین موسوی ، مولانا سید ظفر یاب حیدر رضوی ، مولانا کامران حیدر عزیز بیان کریں گے ۔۔
٭٭ بمکان علی بھائی منڈی میر عالم میں 24 ربیع الاول کو 6-30 بجے شام مجلس عزاء سے مولانا سید دلدار حسین عابدی بیان کریں گے ۔۔
٭٭ انجمن عزا داران پنجشنبہ کے مجالس عزاء کا سلسلہ 24 ربیع الاول کو شام 7 بجے صدر انجمن محمد اسحاق کے مکان دارالشفاء سے آغاز ہوگا ۔ جب کہ پنجہ شاہ ولایت عاشور خانہ میں انجمن کے مجالس عزاء کا اختتام ہوگا ۔۔
مشیر آباد میں جلسہ رحمتہ للعالمین ؐ و بازیابی بیت المقدس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( راست ) : تحریک مسلم شبان کے زیر اہتمام مشیر آباد روبرو مسجد بلالؓ 15 دسمبر کو بعد نماز عشاء جلسہ رحمتہ للعالمینؐ و بازیابی بیت المقدس جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کی زیر نگرانی مقرر ہے ۔ مجلس استقبالیہ کی تشکیل مرکزی پنچ کمیٹی کے دفتر میں عمل میں آئی ۔ 28 رکنی مجلس استقبالیہ جلسہ رحمتہ للعالمینؐ و جلسہ بازیابی قبلہ اول کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ مولانا حامد محمد خاں ، مولانا محمد احسن بن محمد الحمومی ، مفتی منظور احمد عثمانی ، مفتی معز الدین ، جناب عارف قادری ، شرف خطابت حاصل کریں گے ۔ جناب اختر علی صدر انجمن تاجران چرم و نائب صدر استقبالیہ خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے ۔ جناب جعفر حسین ، جناب ریحان رضا ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔ بیت المقدس قبلہ اول کے تعلق سے قرار داد پیش کی جائے گی ۔ اسرائیلی جارحیت اور امریکہ کے بدبختانہ فیصلہ کی شدید مذمت اس جلسہ میں کی جائیگی ۔۔
بیت المقدس مسجد اقصیٰ کے لیے
دعائیہ اجتماع
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( راست ) : خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کے زیر اہتمام 14 دسمبر بعد نماز عشاء کنچہ صالح نگر قریب مسجد کوثر قلعہ گولکنڈہ میں بیت المقدس مسجد اقصیٰ کے لیے دعائیہ اجتماع مقرر ہے ۔ صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری سرپرستی کریں گے ۔ مولانا قاضی شیخ قادر محی الدین قادری بعنوان’ عظمت قبلہ اول ‘ پر خطاب کرینگے ۔ جناب محمد زاہد قادری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت کیلئے خصوصی دعا ہوگی ۔۔