مذہبی خبریں

مساجد کی عظمت کو برقرار رکھنا مسلمانوں کی ذمہ داری
متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی برائے خواتین کا احتجاجی جلسہ ، محترمہ تہنیت اطہر اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ /6 ڈسمبر (راست) متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی (برائے خواتین) کی جانب سے خواتین و طالبات کا خصوصی احتجاجی اجلاس /6 ڈسمبر بروز چہارشنبہ کو شانتی نگر منعقد ہوا ۔ احتجاجی اجلاس کا آغاز محترمہ تہنیت اطہر رکن عاملہ متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی کے درس قرآن سے ہوا ۔انہوں نے کہا کہ مساجد اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے ۔ اس کی اہمیت ، اس کی عظمت و تقدس ، اس کی حفاظت اور اس کی پاکیزگی و عزت کو ہر حال میں برقرار رکھنا مسلمانوں کی اہم ذمہ داری ہے ۔ اللہ و رسول اور یوم آخرت پر ایمان رکھنے والے ہی ان باتوں کو سمجھ سکتے ہیں ۔ باطل قوتوں نے آج سے پچیس سال قبل 1992 ء میں بابری مسجد کو ایک منظم سازش کے ذریعہ شہید کردیا اور مسلمانوں کو بہت بڑے صدمہ اور غم و الم میں مبتلا کردیا ۔ آج بھی ہمارا غم اور دکھ اسی طرح تر و تازہ ہے جس طرح 1992 ء میں مسجد کے شہید ہونے پر ہوا تھا ۔ ڈاکٹر تسنیم احمد رکن عاملہ متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہادت بابری مسجد پر آج بھی ہم بہت رنجیدہ و ملول ہیں ۔ کیونکہ جس قطعہ زمین پر ایک بار مسجد بن جائے وہ قیامت تک مسجد ہی رہتی ہے ۔ وہاں پھر دوسری کسی قسم کی تعمیر نہیں کی جاسکتی ۔ پروفیسر جمیل النساء رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت بہت ہی نازک اور پرآشوب دور سے گزررہا ہے ۔ وقت کی یہ اہم ضرورت ہے کہ ہم سب متحد ہوں اور نوجوان نسل ، مسلمان مرد ، عورتیں ، لڑکے و لڑکیاں اس دور کے چیالنجس کو سمجھیں اور اسلام کی تعلیمات سے آراستہ ہوکر اس کے حل کی کوشش کریں ۔ محترمہ رقیہ فرزانہ نائب صدر جمعیت النساء اسلامی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ بابری مسجد کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے آگے بڑھیں ۔ ڈاکٹر اسماء زہرہ صدر متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی (برائے خواتین) نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی یا لوک سبھا الیکشن کے موقع پر بابری مسجد کے مسئلے کو میڈیا میں خوب اچھالا جاتا ہے اور اس کے ذریعے عوام میں مذہبی جذبات کو بھڑکایا جاتا ہے ۔ جب کہ یہ مسئلہ عدالت میں زیرسماعت subjudice ہے ۔ اس پر میڈیا چیانلس پر ڈیبیٹ اور عدالت سے باہر اسے حل کرنے کی باتیں ، سراسر سازش ہے ۔ مسلمانوں کو ان تمام سازشوں سے چوکنا رہنا چاہئیے اور متحدہ طور پر مسجد کی بازیابی کیلئے جمہوری طریقہ کو اختیار کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں نماز ، مساجد کی اہمیت ، شعائر اللہ کی اہمیت نئی نسل کو سمجھائیں اور ان کی اسلامی خطوط پر تربیت کریں ۔ پروفیسر رفیق النساء رکن عاملہ متحدہ تحفظ شریعت کمیٹی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بابری مسجد کی شہادت کے احتجاج کیلئے جمع ہوئے ہیں ۔ ہم مسلمان اپنے غم و غصہ کا اظہار اس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک کہ ہمیں مسجد دوبارہ نہ حاصل ہوجائے ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر حسب ذیل قرارداد منظور کی گئی ۔ بابری مسجد کی شہادت مسلمانان ہند کے ساتھ ناانصافی ہے اور تمام اراکین نے اس کی دوبارہ اسی مقام پر بازیابی کا مطالبہ کیا اور اس کے لئے جدوجہد کاعزم کیا ۔

گولڈ میڈل نعتیہ مقابلہ کا انعقاد
حیدرآباد ۔ /6 ڈسمبر (پریس نوٹ) مجلس فیضان وجہہ تخلیق کائناتؐ کے زیراہتمام سالانہ گولڈ میڈل نعتیہ مقابلے کا انعقاد /3 ڈسمبر و /4 ڈسمبر کو آستانہ حضرت پیرجی قبلہ ابوالعلائیؒ روبرو بس اسٹانڈ چارمینار پنچ محلہ میں عمل میں آیا ۔ نگرانی مولانا الحاج صوفی سید شاہ افتخار محی الدین قادری ابوالعلائی المعروف افتخار پاشاہ بانی و صدر مجلس فیضان نے کی ۔ جس میں مقابلے کے اختتام پر تمام شرکائے مقابلہ کو اسناد و خصوصی تحائف بدست مولانا الحاج سید شاہ عبیداللہ قادری المعروف آصف پاشاہ ، ڈاکٹر جی ایم عرفان ، مولانا محمد رضوان قریشی ، محترم جلال عارف ، جناب اکبر خان اکبر اور مولانا حافظ محمد وجہی اللہ سبحانی عطا کئے گئے ۔ اس مقابلے کے نظامت کے فرائض محمد عبدالقیوم الہامی نے انجام دیئے اور بطور معاون ناظم شیخ کلیم الدین عتیق قادری شریک رہے ۔ کنوینر مقابلہ سید علی پاشاہ قادری ابوالعلائی اور سید دستگیر پاشاہ قادری ابوالعلائی نے شرکائے مقابلہ ، سرپرستوں و مہمانوں کاخیرمقدم اور شکریہ ادا کیا ۔

جلسہ میلاد النبی ﷺ
حیدرآباد ۔ /6 ڈسمبر (راست) خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کے زیراہتمام /7 ڈسمبر بعد نماز عشاء مہیش وری ٹاورس نزد کراچی بیکری واقع روڈ نمبر 1 بنجارہ ہلز پر جلسہ میلادالنبی ﷺ مقرر ہے ۔ صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری سرپرستی کریں گے ۔ مولانا قاضی شیخ قادر محی الدین قادری اور مولانا شیخ درویش محی الدین خالد قادری مخاطب کریں گے۔

جلسہ ’’یاد مولانا عاقلؒ‘‘ حمدیہ اور نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ /6 ڈسمبر (پریس نوٹ) اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے زیرنگرانی جناب محمد تمیز الدین احمد صدر اسوسی ایشن ہفتہ /9 ڈسمبر کو 12 بجے دن اردو گھر مغل پورہ میں امیر ملت اسلامیہ مولانا حمیدالدین عاقل حسامیؒ کی برسی کے موقعہ پر جلسہ ’’یاد مولانا عاقلؒ‘‘ حمدیہ و نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ جس کا آغاز مسرس علی الدین کی تلاوت قرآن حکیم ، ممتاز گلوکار رکن الدین کی ’’حمد‘‘ باری تعالیٰ اور یٰسین حسامی کی نعت شریف سے ہوگا ۔ جناب مجید بیدار نظامت کریں گے ۔ جلسہ کو مسرز مفتی صادق محی الدین ، مفتی محبوب شریف نظامی ، شیخ طاہر حسامی ، اعجاز الزماں ، مسعود علی ، خواجہ علیم الدین ، سید علی عادل ، محمود غوری نقشبندی ، اسلم فرشوری ناظم علی ، رحیم اللہ خاں نیازی ، محمد مسکین احمد مخاطب کریں گے ۔

 

مجلس قادری
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( راست ) : مجلس قادری بروز جمعرات 7 دسمبر کو مرقد عشاق نزد بند ناکہ بارگاہ حضرت فضلؒ میں منعقد ہے ۔ عصر تا مغرب نعت و منقبت کی محفل ہوگی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید الصوفیہ مفتی سید شاہ احمد علی صوفی صفی ایوان صوفی اعظم ، صوفی اعظم کالونی ، شاہین نگر زیر نگرانی قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری مقرر ہے ۔ 7 دسمبر بعد نماز عصر سے ختم قرآن مجید و قصیدہ بردہ شریف ، عطائے خلافت و دستار بندی اور بعد نماز مغرب جلسہ فیضان اولیاء میں قرات و نعت کے بعد مولانا سید شاہ صوفی اعظم القادری ، مولانا سید مصطفی سعید قادری اور ڈاکٹر حافظ سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی حیدر قادری کے علاوہ دیگر علماء و مشائخ کے خطابات ہوں گے ۔ مولانا سید شاہ احمد نور اللہ حسنی قادری مہمان خصوصی ہوں گے ۔۔

ساوتھ افریقہ کے عالم دین
مولانا یحییٰ بھام کی آمد
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا عابد رشیدی معتمد مدرسہ احیاء العلوم ٹپہ چبوترہ کی اطلاع کے بموجب ساوتھ افریقہ کے مشہور عالم دین مولانا یحییٰ بھام ( خلیفہ شاہ ابرار الحق صاحب ہردوئی ؒ و شاگرد خاص قاری صدیق احمد باندوی ؒ ) الفیضان ٹرسٹ کی دعوت پر حیدرآباد تشریف لا رہے ہیں ۔ مدرسہ ہذا کے احاطہ میں بروز جمعرات صبح 10 تا 12 بجے مولانا خصوصی خطاب کریں گے ۔ ناظم مدرسہ مولانا شاہ جمال الرحمن کا صدارتی خطاب بھی ہوگا ۔۔

 

حمیدیہ میں آج سترھویں
محفل میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک اور مجلس انتظامی درگاہ شریف حضرت تاج العرفاءؒ کے زیر اہتمام 17 ربیع الاول کو 8 تا 9-30 بجے صبح حمیدیہ شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں جاری 26 روزہ محافل میلاد النبیؐ کے سلسلہ کی سترھویں محفل مبارک منعقد ہوگی ۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسی رضا حمیدی علی پاشاہ ، مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی ، اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے خطابات ہوں گے ۔ بعد ازاں نگران محفل ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی مخاطب کریں گے ۔ شعراء کرام ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔۔

جلسہ رحمتہ للعالمینؐ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( فیکس ) : جناب فضل محمد خاں کے بموجب بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں جمعرات 7 دسمبر کو جلسہ رحمتہ للعالمینؐ منعقد ہوگا ۔ جلسہ کا آغاز جناب محمد شمس الدین کی تلاوت قرآن مجید و ترجمانی سے ہوگا ۔ جناب مومن خاں شوق اور دیگر شعراء نعت شریف پیش کرینگے ۔ ڈاکٹر محبوب فرید بعنوان ’ نبی ؐکی مدنی زندگی کے چند پہلو ‘ خطاب کریں گے ۔ خواتین کیلئے علحدہ نشست کا انتظام کیا گیا ہے ۔۔

مسابقہ حفظ قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا قاری سید عبدالباری کے بموجب ادارہ الحفظ و القرات کے زیر اہتمام 14 دسمبر جامع مسجد دارالشفاء صبح 7 بجے تا رات دوسرا ایک روزہ مسابقہ حفظ قرآن مجید مقرر ہے ۔ اس مسابقہ میں دو گروپ ہوں گے ۔ پہلا گروپ پارہ ایک تا پارہ بیس ، مساہم کی عمر پندرہ سال سے زائد نہ ہو ۔ دوسرا گروپ پارہ ایک تا پارہ دس ۔ مساہم کی عمر 12 سال سے زائد نہ ہو ۔ رجسٹریشن کے لیے آخری تاریخ 8 دسمبر ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9000520582 ۔ 9849766790 پر ربط کریں ۔۔

انجمن عزا داران پنجشنبہ کے جشن
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( راست ) : انجمن عزا داران پنجشنبہ کے جشنوں کا سلسلہ جمعرات 7 دسمبر شام 7 بجے سے صدر انجمن محمد اسحاق علی کے مکان دارالشفاء سے آغاز ہوگا ۔ حاجی علی حسین باقری حسین نگر کالونی ، طیب علی عاشور خانہ ، الحسین جام باغ ، میر حسین علی خاں زوار ، قیصر منزل ، عابد علی خاں والاجاہی و جعفر علی الاوہ سرطوق ، سید رضا حسین نقوی پرانی حویلی ، چھوٹی بارگاہ آغا علی آفندی چھتہ بازار ، الاوہ بی بی دبیر پورہ ، عاشور خانہ قمر بنی ہاشم ماتا کھڑکی ، سید ہادی علی رضوی گنگا نگر ، پنجہ شاہ ولایت ، عباس علی فرید احاطہ کمال یار جنگ ، بارگاہ شبیر زہرا نگر ، عاشور خانہ قدم رسول میں نائب صدر میر معظم حسین خاں رضوی کے جشن کے بعد جشنوں کے سلسلہ کا اختتام ہوگا ۔۔

 

حضرت سید محمد فضل المتین معینی چشتی کی حیدرآباد آمد
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( راست ) : مولانا صاحبزادہ سید محمد فضل المتین معینی چشتی گدی نشین درگاہ حضرت سیدنا خواجہ غریب نواز ؒ اجمیر شریف سے حیدرآباد تشریف لا چکے ہیں ۔ حضرت کا قیام خانقاہ معینیہ ، چشتیہ نزد جانسن گرامر ہائی اسکول راگھویندرا نگر ، ناچارم سکندرآباد میں رہے گا ۔ دوران قیام حضرت جشن خسرو کی مختلف تقریبات کی صدارت کریں گے ۔ اور اس کے علاوہ مریدین و معتقدین کی جانب سے ترتیب دئیے گئے پروگرامس میں بھی شرکت کریں گے ۔ دادا پیر حضرت صاحبزادہ میاں سید محمد حنیف معینی چشتی ؒ درگاہ شریف واقع احاطہ خطہ صالحین نامپلی کی عرس شریف تقریبات 24 تا 26 دسمبر میں حضرت صاحبزادہ سید محمد فضل المتین معینی چشتی سرپرستی کریں گے ۔ دوران قیام حیدرآباد حضرت صاحبزادہ سید محمد فضل المتین معینی چشتی گدی نشین بارگاہ عالیہ حضور خواجہ غریب نوازؒ سے خانقاہ معینیہ چشتیہ پر ملاقات کرسکتے ہیں ۔ حضرت قبلہ سے فون 9866426918 پر ربط کریں ۔۔
رسول اکرم ؐ کی تعظیم و احترام کی تلقین
مولانا سید شاہ محمود قادری
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( راست ) : خانقاہ جھبہ شریف تاریخی مکہ مسجد میں 11 ربیع الاول کو محفل میلاد منعقد ہوئی ۔ حافظ قاری سید شاہ محمود قادری حسنی الحسینی عرف انور پاشاہ نے آثار مبارک سرور کائناتؐ کے غسل کی محفل منعقد کی جس میں علماء مشائخین نے شرکت کی ۔ بعد ازاں جلسے کا آغاز حافظ سید شاہ اویس قادری کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ بارگاہ رسالت مآبؐ میں سید شاہ خضر قادری نے نعتیہ کلام پیش کیا اور آثار مبارک کی زیارت کروائی گئی ۔ خانقاہ میں سید شاہ محمود قادری نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آثار مبارک کی دولت حضرت انس ؓ سے حاصل ہوتی تھی وہ فرماتے ہیں میرے پاس نبی کریم ﷺ کے ایک موئے مبارک کا ہونا دنیائے مافیہا سے زیادہ محبوب ہے ۔ اور آپ نے حضرت انس سے مروی حدیث کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ نے حجتہ الوداع میں معمر بن فراشین سے اپنے سر کے بال نکلوائے اور حضرت طلحہ ؓ کے ذریعہ اپنے موئے مبارک اور ناخن مبارک اپنے جانثار صحابہ میں تقسیم کروائے ، صحابہ کرام نے بڑی عقیدت و محبت کے ساتھ ان کی حفاظت فرمائی اور ان کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھا ۔ جس طرح شعائر اللہ کی تعظیم ضروری ہے اس طرح آپ ﷺ کی تعظیم و احترام بھی لازمی ہے ۔ بعد نماز مغرب سلام بحضور ﷺ فاتحہ خوانی منعقد ہوئی ، سجادہ نشین کی دعا پر جشن میلاد مصطفی ؐ اختتام پذیر ہوئی ۔۔
جناب سید خلیل اللہ حسینیؒ کی
یوم برسی پر چادر گل کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : سرزمین دکن کی ممتاز و معروف شخصیت جناب سید خلیل اللہ حسینیؒ بانی کل ہند مجلس تعمیر ملت کی برسی کے موقع پر خلیل اللہ حسینی میموریل سوسائٹی ، رفیق ملت سید غوث خاموشی اسلامک اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ اور محبان کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔ تنظیموں کے وفد نے بعد نماز عصر مزار جناب سید خلیل اللہ حسینی واقع قبرستان نزد مسجد یکمینار ، نامپلی پہونچکر چادر گل پیش کئے اور فاتحہ و دعا کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں جناب محمد طاہر رومانی  بانی و معتمد خلیل اللہ حسینی میموریل سوسائٹی ، مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد نائب صدر رفیق ملت سید غوث خاموشی اسلامک اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ ، جناب سید سعادت علی ایڈوکیٹ کنوینر محبان مجلس تعمیر ملت ، جناب جلال عارف معتمد نشر و اشاعت ، جناب غوث محی الدین مقبول خازن غوث خاموشی اسلامک اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ ، جناب عبدالحامد حنان سینئیر جرنلسٹ ، شریف الدین ، خواجہ علی ، جناب مرزا عبدالرحیم بیگ ٹیپو ، جناب حبیب عبداللہ ، جناب شکیل حسینی ( فرزند قائد محترم خلیل اللہ حسینی ) کے علاوہ جناب محمد فیاض احمد خاں نے بھی شرکت کی ۔۔
اعراس شریف
٭٭ تقاریب جھیلہ شریف قطب الاقطاب حضرت سید شاہ اکبر محمد محمد الحسینی قبلہؒ نبیرہ خواجہ دکن بندہ نواز گیسودراز قبلہؒ 7 دسمبر آستانہ عالیہ غازی بنڈہ منعقد ہوگی ۔بعد نماز عشاء مراسم صندل مالی کے بعد محفل سماع منعقد ہوگی ۔ مراسم سجادہ نشین و متولی آستانہ عالیہ بیرون غازی بنڈہ انجام دیں گے ۔۔
بابری مسجد مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ ناقابل قبول
مسجد اجالے شاہ ؒمیں جلسہ ، علماء و دانشوروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : بابری مسجد اور مسلم پرسنل لا کے مسائل پر کوئی بھی سمجھوتہ مسلمانوں کو قبول نہیں ہے ۔ مسلمان سپریم کورٹ کا فیصلہ صرف مسجد کے حق میں آنے پر ہی تسلیم کرسکتے ہیں ورنہ اسے مسترد کرتے ہیں۔ ہندوستان کے موجودہ حالات بظاہر اسلام اور مسلمانوں کے لیے تنگ ہوتے نظر آتے ہیں اور اس صورتحال کو ہمت و حوصلہ سے ہی بدلا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار علماء و دانشوروں نے آج مسجد اجالے شاہؒ سعید آباد میں ’ بازیابی بابری مسجد ‘ کے عنوان سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا عبدالعلیم اصلاحی ناطم جامعتہ البنات الاصلاحیہ نے مسلمانوں کی جانب سے سپریم کورٹ کا فیصلہ ماننے کا سوال مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان شریعت کے خلاف کسی حکم کو تسلیم نہیں کرسکتے ۔ ان حالات میں مزاحمت پر ڈٹے رہنا ہی استقامت ہے ۔ جناب مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے کہا کہ بابری مسجد کا مسئلہ ہمارے دین و ایمان سے جڑا ہوا ہے ۔ اقتدار پر بی جے پی ہو یا کوئی سیکولر یا فرقہ پرست جماعت ، ہمارا احتجاج اور بازیابی بابری مسجد کی جدوجہد جاری رہے گی اس پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ مولانا نصیر الدین ناظم وحدت اسلامی نے مسجد کی شرعی حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زمین کے کسی ٹکڑے پر ایک مرتبہ مسجد بن جائے تو وہ تا قیامت مسجد ہوتی ہے ۔ اس پر تمام علماء و جماعتوں کا اتفاق ہے چنانچہ بابری مسجد کی بازیابی اور اسی مقام پر تعمیر کا جذبہ ، عزم و ارادہ اور جدوجہد ایمانی تقاضہ ہے اور ہم اس سے کسی بھی حال میں دستبردار نہیں ہوں گے ۔ جناب خالد سیف اللہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ بابری مسجد کی شہادت کے ذمہ دار ریاستی حکومت ، مرکزی حکومت ، سنگھی ٹولہ سمیت عدلیہ بھی برابر کی شریک ہے چنانچہ اس پر بھروسہ کرنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ۔ جناب الیاس شمسی نے کہا کہ اس وقت ایمان اور جرات و اخلاق میں انحطاط آگیا ہے ۔ ایک وقت تھا کہ ہمارے اسلاف کی چوکھٹ پر وقت کا وزیراعظم جاتا تھا اور آج علماء کے وفود کو لیڈروں سے ملنے کے لیے وقت مانگنا اور انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ ہمارے علماء اور پوری ملت میں پھر سے وہی ایمانی حرارت پیدا ہوجائے تو پھر حالات بدلیں گے اور بابری مسجد کا مسئلہ بھی حل ہوگا ۔ جلسہ کا آغاز جناب مقیم الدین یاسر کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا ۔ ننھے شموئل الخالد نے ترانہ پڑھا ۔۔

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع 7 دسمبر کو بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا ’مسجد کے حقوق ‘ پر خطاب ہوگا ۔۔

دائرۃ المعارف کی خدمات پر دوروزہ قومی عربی سمینار
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : سدرہ ویمنس ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام 2 روزہ قومی سمینار بہ زبان عربی بہ تعاون قومی اردو کونسل ، حکومت ہند 8 اور 9 دسمبر کو منعقد ہوگی ۔ افتتاحی اجلاس 8 دسمبر بعد نماز مغرب اردو گھر مغل پورہ پر منعقد ہوگا ۔ دوسرے دن صبح 10 تا شام 5 بجے اے کے ایم کالج کاچی گوڑہ پر سمینار جاری رہے گا ۔ حیدرآباد کے علاوہ مہاراشٹرا ، کیرالا ، کرناٹکا وغیرہ کے اسکالرس و پروفیسرس ، علماء حضرات مقالے پیش کریں گے ۔ تمام شرکت کرنے والوں کو پارٹیسیپشن سرٹیفیکٹ دیا جائے گا ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9948993158 پر ربط کریں ۔۔