مذہبی خبریں

ڈاکٹر سید مصطفی کمال کی مالیر کوٹلہ کو روانگی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( راست ) : پنجاب اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام 8 اور 9 نومبر کو زندہ دلان پنجاب کی ادبی خدمات کے زیر عنوان مالیر کوٹلہ میں ایک سمینار مقرر ہے ۔ ڈاکٹر سید مصطفی کمال مدیر شگوفہ کلیدی خطبہ دیں گے ۔۔

میلاد نعت پاک مقابلہ برائے طلباء
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( راست ) : عید میلاد النبیؐ کے موقع پر فیضان چشتیہ کے زیر اہتمام میلاد نعت پاک مقابلہ برائے طلباء (لڑکوں کے لیے ) اتوار 26 نومبر کو صبح 9 بجے مسجد اقصیٰ نٹراج نگر ٹپہ چبوترہ میں منعقد ہوگا ۔ اس مقابلہ میں 16 سال سے کم عمر کے طلباء حصہ لے سکتے ہیں ۔ نعت شریف کے صرف 5 منتخب اردو اشعار پڑھنا ہوگا ۔ مقابلہ میں شرکت کے لیے کوئی فیس نہیں ہے ۔ شرکت کے خواہش مند طلباء عمر کے صداقت نامہ کے ساتھ مقابلہ سے آدھا گھنٹہ قبل مرکز پر موجود رہیں مقابلہ کے آغاز سے قبل ہی نام کا اندراج کروانا ہوگا ۔ ججس کی رائے پر انعام اول ، دوم و سوم کے علاوہ ترغیبی انعامات دئیے جائیں گے ۔ شرکت کرنے والے تمام طلباء کو اسناد اور دینی کتب دئیے جائیں گے ۔ مقابلہ کے فورا بعد ہی جلسہ تقسیم اسناد و انعامات منعقد ہوگا ۔ خواہش مند طلباء 8977864892 پر ربط کریں ۔۔

جلسہ عید میلاد النبیؐ پر مشاورتی اجلاس
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام منعقد شدنی مرکزی جلسہ عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں مشاورتی اجلاس 9 نومبر کو 8 بجے شب اردو گھر مغل پورہ زیر سرپرستی مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر اور زیر صدارت جناب محمد بن علی چشتی پاشاہ بھائی صدر استقبالیہ منعقد ہے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 9 نومبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا محمد مصدق القاسمی مخاطب کریں گے ۔۔

مرکزی سیرت کمیٹی کے
جلسہ رحمتہ للعالمینؐ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( راست ) : مرکزی سیرت کمیٹی کا جائزہ اجلاس الحاج محمد غوث قادری صدر سیرت کمیٹی کی صدارت میں غوث منزل سکنڈ لانسر محمدی لائن میں منعقد ہوا ۔ معتمد استقبالیہ جناب صادق قدیری نے اجلاس کو بتایا کہ سالانہ جلسہ رحمتہ للعالمینؐ کی تیاریاں سرعت سے جاری ہیں تمام محکمہ جات کو مراسلہ جات روانہ کئے گئے ۔ مولانا حافظ محمد عبید اللہ خاں اعظمی سابق ایم پی کے علاوہ مقامی علماء و شعراء کرام نے شرکت کی توثیق کی ہے ۔ جناب سہیل قادری نے بتایا کہ جلسہ میں خواتین کے لیے علحدہ پردہ کا نظم رہے گا ۔ شرکاء جلسہ کو کمیٹی کی جانب سے عشائیہ کا اہتمام رہے گا ۔ اس جلسہ کے بضمن طلبہ وطالبات کے لیے مقابلہ قرات و نعت شریف کا نظم اور جلسہ کے موقع پر غریب و نادار لڑکیوں کی شادیوں کا نظم کیا جائے گا ۔ اس جلسہ میں دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع سے مندوبین شرکت کریں گے ۔ شہر کے مختلف علاقوں تا جلسہ کا آر ٹی سی بس کا بھی نظم رہے گا ۔ الحاج محمد غوث قادری صدر سیرت کمیٹی نے اراکین استقبالیہ و ذیلی کمیٹیوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام امور کو جلد از جلد تکمیل کریں اور اخلاص سے کام کرنے پر زور دیا ۔ حضور ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں تو دنیا و آخرت میں کامیابی نصیب ہوگی ۔ حضورؐ کی محبت اصل ایمان ہے ۔۔

 

حج کے بعد کی زندگی اصلاح امت میں صرف کرنے کا مشورہ
تنظیم بنت حرم کا جلسہ تاثرات حج ، سرکردہ خواتین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : حاجی مرد و خواتین افراد خاندان اور اپنے حلقوں میں دینداری کے اعتبار سے رول ماڈل ہوتے ہیں ۔ حج سے واپسی کے بعد انہیں دیکھ کر لوگ بہت کچھ سیکھنا چاہتے ہیں ۔ آج کے حالات میں مسلم معاشرے کے سدھار اور اصلاح امت کے لیے اس کی ذمہ داریاں ان پر بھی کافی بڑھ جاتی ہیں ۔ اس تناظر میں انہیں جو حاجی ہونے کا اعزاز ملا ہے ۔ بطور شکرانہ اپنی اصلاح اور مسلم معاشرے کے سدھار کا انہیں حق ادا کرنا ہے ۔ محترمہ صبیحہ صدیقی ( صدر تنظیم بنت حرم و رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و ممبر میاریج کونسلنگ سنٹر فار مینارٹیز گورنمنٹ آف تلنگانہ اسٹیٹ ) نے جلسہ تاثرات حج برائے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ۔ محترمہ رحمت النساء فاروقی نے کہا کہ علم سیکھنے کو اسلام میں فرض قرار دیا گیا ۔ علم نور ہے اور عالم کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی خاص مدد ہوتی ہے ۔ حج و عمرہ جانے والوں کے لیے ضروری ہے کہ حج و عمرہ کے فرائض سیکھ کر جائے تاکہ ہر عبادت قبول ہو ۔ محترمہ فضیلہ بیگم ، محترمہ کنیز فاطمہ ، محترمہ شمیم فاطمہ ، محترمہ نعمت فاطمہ ، محترمہ صفیہ ، محترمہ رقیہ ، محترمہ سلطانہ غنی ، محترمہ ناہید فاروق ، محترمہ خواجہ بی ، محترمہ پروین ، محترمہ رضیہ فاطمہ ، محترمہ شاہدہ بیگم ، محترمہ عزرہ ، محترمہ زیب سلطانہ ، محترمہ فریدہ سلطانہ ، محترمہ خورشید بیگم ، محترمہ مسرت ، محترمہ فاطمہ کوثر نے بھی اپنے تاثرات حج بیان کرتے ہوئے کہا کہ حج کا ادا کرنا بہت بڑی سعادت ہے ۔ محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ محترمہ سیدہ میمونہ حمد باری تعالیٰ محترمہ فضل النساء نے نعت شریف سنائی ۔ محترمہ سیدہ زینت سلطانہ نے نظامت کی اور محترمہ حافظہ ساجد النساء نے شکریہ ادا کیا ۔۔

 

پی اشوک راجندر نگر اے سی پی سے
ٹی آر ایس قائدین کی ملاقات
شمس آباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : راجندر نگر ٹی آر ایس قائدین کے ایک وفد نے راجندر نگر اے سی پی پی اشوک سے ملاقات کر کے مبارکباد پیش کیا ۔ محمد شوکت الدین شاستری پورم ڈیویژن انچارج ، محمد عبدالوحید عطا پور میناریٹی سیل صدر ، منیرہ بیگم ، محمد ابراہیم ، محمد ارشد ، محمد خواجہ ، پرفل کمار وغیرہ موجود تھے ۔۔

کل ہند مجلس تعمیر ملت کی
محفل سیرت النبیؐ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے منعقد ہونے والے یوم رحمتہ للعالمینؐ و یوم صحابہؓ کی ضمن میں پہلی محفل سیرت 12 نومبر 6-30 بجے شام گلشن خلیل مانصاحبہ ٹینک زیر نگرانی جناب محمد ضیا الدین نیر منعقد ہوگی ۔ جناب رضی الدین راشد بعنوان’ معجزہ نبویؐ ‘ ڈاکٹر حسن محمد نقشبندی بعنوان ’ عظمت میلاد مصطفیؐ ‘ مولانا مفتی نیر اعظم بعنوان ’ مشورہ کی اہمیت اور عمل رسول اکرم ؐ مخاطب کریں گے ۔۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( راست ) : حضرت گنج شہیداںؒ کا عرس مبارک احاطہ حضرت گنج شہیداںؒ میں 10 نومبر کو مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب جلوس صندل مالی خانقاہ گنج شہیداںؒ سے برآمد ہو کر درگاہ گنج شہیداںؒ پہونچے گا ۔ مراسم عرس سجادہ نشین درگاہ گنج شہیداںؒ انجام دیں گے ۔۔