مذہبی خبریں

جلسہائے سیرت محسن انسانیت ﷺ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر (راست) مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا کے زیراہتمام جلسہائے سیرت محسن انسانیت ﷺ /4 نومبر کو بعد نماز عشاء جامع مسجد ابوبکر صدیق الحسنات کالونی ٹولی چوکی اور /5 نومبر کو بعد نماز عشاء جامع مسجد دارالشفاء بصدارت مولانا سید اکبر مفتاحی ناظم مجلس علمیہ منعقد ہے ۔ مہمان خصوصی مولانا سید امجد قاسمی ندوی شیخ الحدیث دارالعلوم امدادیہ مراد آباد ، یوپی کے علاوہ مولانا قاضی سمیع الدین قاسمی ، مفتی عبدالمغمنی مظاہری ، مفتی غیاث الدین رحمانی ، مولانا احمد عبیدالرحمن اطہر ندوی ، مولانا جعفر پاشاہ کے خطابات ہوں گے ۔

میلاد انعامی مقابلہ جات
حیدرآباد ۔ یکم / نومبر (راست) کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیراہتمام منعقد شدنی مرکزی جلسہ عید میلادالنبی ﷺ کے ضمن میں ایک اہم مشاورتی اجلاس زیرصدارت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت ، اسکائی لائن اپارٹمنٹ بشیر باغ منعقد ہوا اور کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیراہتمام عید میلادالنبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر طلباء و طالبات میں دینی شعور کو بیدار کرنے کے لئے میلاد قرأت کلام پاک ، میلاد حسن نعت پاک ، میلاد تحریری اور میلاد تقریری مقابلہ جات کا اہتمام اُردو زبان میں حسب ذیل تواریخ ، مقامات ، اوقات اور شرائط پر منعقد کئے جائیں گے ۔ میلاد قرأت کلام پاک مقابلہ طلباء کیلئے /5 نومبر 2017 ء بروز اتوار صبح 10 بجے جامع مسجد افضل گنج حیدرآباد اور طالبات کے لئے 2 بجے دن شاہ جہاں فنکشن ہال اندرون تالاب کٹہ میر جملہ منعقد ہوں گے ۔

 

گیارویں شریف جلوس میں ہاتھی کی اجازت نہ دینے پر احتجاج
حیدرآباد ۔ یکم / نومبر (راست) ایڈیشنل پرنسپل چیف کنزرویٹر فاریسٹ وائلڈ لائف ، ڈاکٹر منورنجن بھانجہ کی جانب سے قدیم ہاتھی جلوس پر پابندی عائد کئے جانے پر حضرت غوث اعظم ویلفیر سوسائیٹی نے احتجاج کرتے ہوئے صدر سوسائیٹی موسیٰ خان قادری نے بتایا کہ مذکورہ قدیم جلوس جو گزشتہ 40 برسوں سے بپابندی قدیم چھلہ مبارک محبوب سبحانیؓ ایرانی گلی سے برآمد ہوتا ہے اور تقریباً 25 سال سے یہ جلوس زو کے ہاتھی پر بڑے ہی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ نکالے گئے ہاتھی جلوس کے تمام اجازت ناموں کا بھی مشاہدہ کرواتے ہوئے بتایا کہ ایڈیشنل پرنسپل چیف کنزرویٹر فاریسٹ وائلڈ لائف نے حکومت کی جانب سے میمو جاری کرنے پر ہاتھی فراہم کرنے سے انکار کررہے ہیں ۔ ایڈیشنل پرنسپل چیف کنزرویٹر کا استدلال ہے کہ رجنی ہاتھی کے استعمال پر عوام میں بدنظمی پیدا ہوگی اور جانی و مالی نقصانات کا بھی اندیشہ ظاہر کیا ۔ حالانکہ مذکورہ رجنی ہاتھی محرم کے جلوس کے علاوہ بونال جلوس میں استعمال کیا جارہا ہے ۔ جہاں ہزاروں کی تعداد میں عوام موجود رہتے ہیں ۔ چنانچہ جلوس میں بدنظمی نہیں ہوگی تو پھر حضرت غوث پاکؓ کے جلوس میں بدنظمی کا کس طرح ڈاکٹر منورنجن بھانجہ شبہ ظاہر کررہے ہیں ۔ اس موقع پر مولانا سید عبدالرزاق قادری ، سید شاہ عبدالقادر جیلانی ، سید عارف الدین قادری ، محمد سلیم ، شیخ شاکر بن عبداللہ باوزیر ، محمد سمیع کے علاوہ عقیدت مندوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

 

شریعت مطہرہ پر عمل آوری میں دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر
مرکزی کل ہند جمعیۃ الانصار کا اجلاس ، مولانا حافظ محمد وزیر علی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم / نومبر (راست) محمد اسحق نائب معتمد مرکزی کل ہند جمعیۃ الانصار کے بموجب مرکز کل ہند جمعیۃ الانصار عقب مسجد کریمیہ مشیرآباد میں پہلی نشست 11 تا 2 بجے زیرصدارت الحاج خواجہ بابر سرپرست کل ہند جمعیۃ الانصار منعقد ہوئی ۔ اجلاس کا آغاز قاری غنی محمد زکریا امام جامع مسجد قطب شاہی کی قرأت و محمد فاروق کی نعت سے ہوا ۔ الحاج بی محمد رفیع الدین صدر مرکزی کل ہند جمعیۃ الانصار نے خطبۂ استقبال پیش کیا ۔ مولانا حافظ محمد وزیر علی سرپرست کل ہند جمعیۃ الانصار نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا ہمیں قوم و ملت کی فلاح کیلئے جو بھی کام کرنا ہے علماء سے مشاورت کرکے کرنا ہے معاشرہ میں جتنی خرابیاں ہیں اسے دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ شریعت مطہرہ پر عمل آوری میں ہی ہماری کامیابی پوشیدہ ہے جو بھی قوانین کا نفاذ ہوگا ۔ امیر ملت انصار کا ہر فرد عمل کرنا لازمی ہوگا ۔ ٹی محمد ذاکر سی محمد ہارون نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ ٹی عبدالرحمن نائب صدر کل ہند جمعیۃ الانصار الحاج عبدالعلیم بھونگیری نائب معتمد ، ایس ایم ظہیر الدین نائب صدر نے شرکاء کا استقبال کیا اور شکریہ ادا کیا ۔ مولانا محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوا نگری نے نظامت کی ۔ اس موقع پر مختلف قراردادیں منظور کی گیئں ۔