مذہبی خبریں

مخلوق سے رحم کرنے والوں پر اللہ کی خاص رحمت
تنظیم بنت حرم کا جلسہ ، محترمہ صبیحہ صدیقی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : دہشت گردی ، انتہا پسندی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ۔ اسلام ، امن و سلامتی کا درس دیتا ہے ۔ نبی کریم ﷺ کا ارشاد مبارک ہے ۔ اس شخص پر اللہ کی رحمت نہ ہوگی جو انسانوں پر رحم نہ کھائے گا اور ان کے ساتھ رحم کا معاملہ نہ کرے گا ۔ دوسری حدیث میں آپؐ نے فرمایا ’ اللہ کی مخلوق پر رحم کھانے والوں اور ان کے ساتھ رحم کا معاملہ کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت ہوگی ۔‘ اسی طرح آپ ؐ نے فرمایا ’ تم زمین والوں پر رحم کا معاملہ کرو ۔ آسمان والا تم پر رحمت فرمائے گا ۔‘ محترمہ صبیحہ صدیقی ( صدر تنظیم بنت حرم و رکن مجلس عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ) نے بنت حرم کی طرف سے چلائی جانے والی مہم ’ گھر گھر دستک دو ۔ شرعی قوانین اپنا آخرت سنوارو ‘ کے ضمن عطا پور پلر نمبر 202 ہیپی ہوم میں منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے شرعی عائلی قوانین کی ضرورت اور افادیت سے متعلق ایک قرار داد پیش کی ’ ہم مسلمان خواتین و مرد شریعت اسلامی پر یقین رکھتے ہیں ۔ طلاق شریعت اسلامی کا حصہ ہے ۔ اس پر پابندی ہماری حق تلفی ہے ۔ اس لیے مسلم پرسنل لا بورڈ پر عمل کی جو آزادی ہمیں حاصل ہے اسے برقرار رکھا جائے ۔ سپریم کورٹ یا پارلیمنٹ کے ذریعہ اس میں تبدیلی کو ہم غلط سمجھتے ہیں ‘ ۔ جلسہ میں موجود خواتین نے قرار داد کو منظور کیا ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا کہ اسلام اپنے ماننے والوں کو مہد سے لحد تک مکمل نظام حیات دیتا ہے اور قرآن ہم کو مکمل طور پر اسلامی طریقہ زندگی اپنانے کا حکم دیتا ہے ۔ شریعت محمدی اللہ رب العزت کی عطا کردہ آخری شریعت ہے ۔ اس کے بعد کوئی نظام حیات اللہ کی جانب سے آنے والا نہیں ہے اور نہ ہی اس میں ذرہ برابر تبدیلی کی گنجائش ہے ۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنے آپ کو اپنے گھروں کو اپنے بچوں کو پابند شریعت بنانے اپنی زندگی کا نصب العین بنالیں ۔ محترمہ روبینہ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔۔

 

نعت رسولؐ و تقریری مقابلے
بزم خواتین کا اعلان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : بزم کی جانب سے نعت رسول مقبول اور کالجس / خواتین کے لیے تقریری مقابلے صبح 10 تا 5 بجے مدینہ ایجوکیشنل سنٹر نامپلی پر 4 نومبر کو منعقد ہوں گے ۔ ہر اسکول ادارہ یا کالجس سے ایک ٹیم جو چار طلباء یا طالبات پر مشتمل ہو معہ سرٹیفیکٹ شریک ہوسکیں گے ۔ ہر ٹیم کو چار منٹ کا وقت دیا جائے گا ۔ اول ، دوم ، سوم آنے والی کو انعامات ۔ تمام شریک مقابلہ کو اسنادات دئیے جائیں گے ۔ مقابلوں کی تقسیم اس طرح ہوگی : گروپ اول ۔ دس سال سے کم عمر طلباء / طالبات ۔ گروپ دوم 11 تا 15 سال تک طلباء / طالبات ۔ جونیر کالج گروپ صرف طالبات ۔ ڈگری یا مماثل کالجس و دیگر ادارے کی طالبات تمام شریک مقابلہ 10-30 بجے تک حاضر رہیں ۔ اپنے فارم 3 نومبر سے قبل درج کروائیں ۔ جب کہ تقریری مقابلوں کے عنوانات ’ ( کالجس ) کے لیے صحابہ کرام ؓ کا عشق رسول اکرم ؐ ۔ (جنرل / خواتین ) دینی تعلیم و تربیت و عصری تعلیم کے لیے بزرگان دین کے آستانے بہترین درس گاہیں بن سکتی ہیں ۔ مقرر کیے گئے ہیں ۔ ہر شریک مقابلہ کو پانچ منٹ کا وقت دیا جائے گا ۔ فون نمبر 23235226 ۔ 9246195066 پر نام درج کروائیں ۔۔

 

 

نتائج مقابلہ حسن قرات و تقریری مقابلے
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : بزم خواتین کے زیر اہتمام مقابلہ حسن قرات اور تقریری مقابلے برائے اسکولس اور جونیر کالج گارڈن فنکشن ہال پر کامیابی کے ساتھ پائے تکمیل کو پہنچے ۔ طلباء وطالبات کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد میں مقابلہ قرات میں شریک رہی ۔ اول ، دوم اور سوم کو انعامات کے علاوہ تمام شریک مقابلہ کو اسناد عطا کی گئیں ۔ مدارس و کالجس میں سب سے بہتر رول عذرا پبلک اسکول کے طلباء اور طالبات کا رہا ۔ بزم کی جانب سے ووکیشنل کورسیس کے ضمن میں 28 اکٹوبر کو صبح 10 تا 2 بجے بزم کے آغا پورہ ایجوکیشن سنٹر نزد آغا پورہ فنکشن ہال پر ٹیلرنگ ، کرافٹ اور کٹنگ میں مقابلے ہوں گے جب کہ مہندی ، ہینڈ و مشین ایمبرائیڈری یکم نومبر 10 تا 1-30 بجے ، آغا پورہ سنٹر پر ہی ہوں گے ۔ انچارج مقابلے محترمہ ساجدہ بشیر الدین ، محترمہ راحلہ سلطانہ ، محترمہ حلیمہ قادری اور محترمہ عظمت النساء ، محترمہ فرید النساء شامل تھے ۔۔

 

طلباء و طالبات کیلئے میلاد انعامی مقابلے
حیدرآباد /25 اکٹوبر ( راست ) کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام منعقد شدنی مرکزی جلسہ عیدمیلادالنبی ﷺ کے ضمن میں مشاورتی اجلاس زیر صدارت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر کل ہند مجلس منعقد ہوا ۔ مجلس کے زیر اہتمام حیدرآباد و اضلاع میں منعقد شدنی مرکزی جلسہ ، عید میلادالنبی ﷺ کے انتظامات کے بارے میں غور و خوض کیا گیا اور طئے پایا کہ عیدمیلادالنبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر طلباء و طالبات میں دینی شعور کو بیدار کرنے کیلئے میلاد قرات کلام پاک ، میلاد حسن نعت پاک ، میلاد تحریری اور میلاد تقریری مقابلہ جات کا اہتمام کیا جائے ۔ جس کے تحت میلاد قرات کلام پاک مقابلہ 5 نومبر کو صبح 10 بجے جامع مسجد افضل گنج اور طالبات کیلئے 2 بجے دن شاہ جہاں فنکشن ہال اندرون تالاب کٹہ میر جملہ ، میلاد حسن نعت پاک مقابلہ 12 نومبر کو صبح 10 بجے جامع مسجد افضل گنج اور طالبات کیلئے 2 بجے دن شاہ جہاں فنکشن ہال اندرون تالاب کٹہ میر جملہ میلاد تحریری مقابلہ 18 نومبر کو صبح 11 تا 12 بجے دن شاہ جہاں فنکشن ہال اندرون تالاب کٹہ میر جملہ منعقد ہوں گے ۔ میلاد تحریری مقابلہ کا عنوان مزارات اولیاء اللہ کی زیارت کرنا چاہئے ہوگا ۔ میلاد تقریری مقابلہ 19 نومبر کو صبح 10 بجے جامع مسجد افضل گنج اور طالبات کیلئے 2 بجے دن شاہ جہاں فنکشن ہال اندرون تالاب کٹہ میر جملہ منعقد ہوں گے ۔ میلاد و تقریری مقابلہ کا عنوان میلاد النبی ﷺ منانا ایمان کی علامت ہے ’’ ہوگا ۔ ان میلاد انعامی مقابلہ جات میں 12 تا 18 سال عمر کے طلبہ حصہ لے سکتے ہیں ۔ خواہشمند طلبہ مقابلہ سے ایک دن پہلے تک شاہ جہاں فنکشن ہال اندرون تالاب کٹہ میر جملہ اور جی ایم کے گیالری چیلہ پورہ صبح 11 تا شام 8 بجے اپنے نام درج کرواسکتے ہیں ۔

 

عرس شریف
حیدرآباد 25 اکٹوبر ( راست ) عرس شریف حضرت سید علی میراں داتارؒ شہید اکبر دلہا 26 اکٹوبر کو مقرر ہے ۔ بعد نماز فجر غسل شریف کے بعد قرآن خوانی کے بعد نماز عصر صندل شریف کا آغاز ہوگا ۔ جلوس صندل کا آغاز درگاہ شریف سے برآمد ہوکر براہ مسجد کمیلہ دبیرپورہ یاقوت پورہ ناگا باولی پہونچے گا ۔ بعد نماز عشاء قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔ محفل چراغاں اور محفل سماع مقرر ہوگی ۔

مرکزی سیرت کمیٹی کے جشن رحمتہ للعالمینؐ کیلئے مجلس استقبالیہ کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مرکزی سیرت کمیٹی سکنڈ لانسر محمدی لائن کا مشاورتی اجلاس غوث منزل میں الحاج محمد غوث قادری صدر سیرت کمیٹی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں جشن رحمتہ للعالمینؐ کی مجلس استقبالیہ تشکیل دی گئی ۔ صدر استقبالیہ الحاج محمد غوث قادری ، نائب صدر استقبالیہ میر عابد علی چشتی ، معتمد استقبالیہ سید صادق قدیری ، نائب معتمد استقبالیہ محمد اقبال قادری / محمد فضل ، سید احمد علی ، خازن مرزا شکیل بیگ ، محمد شہباز الدین ، مشیر قانونی محمد اجمل احمد ایڈوکیٹ ، اراکین استقبالیہ محمد مشتاق ، محمد جمشید ، سید شکیل ، سید احمد ، محمد جیلانی محمد نصیر ، محمد ماجد ، بلال خاں ، محمد عامر خاں ، محمد غوث ، سید نعیم ، محمد سمیر ، محمد قدیر ، محمد مجیب شریف ، سید عامر ، محمد یوسف ، سید مسعود ، محمد مصطفی ، محمد زبیر ، سید معز ، محمد اکبر شریف ، محمد راحل ، محمد صدیق ، محمد اصغر شریف ، محمد فیصل ، محمد عمران ، محمد محبوب قادری ، محمد غوث ، محمد فیاض ، بابا بھائی ، محمد سلمان ، محمد ارشد ، محمد معراج ، محمد نعیم ، محمد مسعود ، محمد جہانگیر ، یونس علی خاں ، ندیم اعجاز ، محمد منور علی خاں ، محمد محسن خاں ، شیخ اسد ، شیخ صابر ، محمد مجاہد ، محمد محسن ، سہیل خاں ، محمد رفیق ، محمد مصطفی وغیرہ شامل ہیں ۔۔

بین المدارس الاسلامیہ تحریری مقابلہ
حیدرآباد /25 اکٹوبر ( راست ) لجنتہ العلماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے زیر اہتمام بین المدارس اسلامیہ انعامی تحریری مسابقہ 26 اکٹوبر کو بعد نماز ظہر 2 تا 4 بجے مدرسہ مصباح العلوم جامع مسجد اے بیاٹری لائن ملے پلی منعقد ہوگا ۔ شرکت کے خواہشمند طلبہ کی مدرسہ کے صداقت نامہ کے ساتھ 1.30 بجے تک مقام مسابقہ پر تشریف لانے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ یہ مسابقہ دورہ حدیث ہفتم و ششم عربی کے طلبہ کیلئے ہے جس کا عنوان اختلافی مسائل میں راہ اعتدال ہے ۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 9849196577 پر ربط کریں ۔