مذہبی خبریں

قرآن مجید کی تلاوت کے ساتھ تفہیم پر زور
گلوبل انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹیڈیز کا جلسہ ، مولانا محمد محی الدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جناب محمد آدم شیرازی ڈائرکٹر گلوبل انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹیڈیز نے کہا کہ موجودہ دور میں قرآن سے قریب ہونا ضروری ہے ۔ اس کی تلاوت کے ساتھ ساتھ تفہیم بھی لازم ہے ۔ مولانا محمد محی الدین قادری محمودی خازن انجمن طلبہ قدیم جامعہ نظامیہ نے کہا کہ علم کی شمع کو روشن کرنے اور نئے دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے الحاج میر زاہد علی مرحوم نے 1998 میں یہ ادارہ قائم کیا جو آج ایک تناور درخت کی شکل میں سامنے ہے جو مرحوم کے لیے ایصال ثواب کا سب سے بڑا ذریعہ ہے ۔ محترمہ عرشیہ انجم پرنسپل ہائی اسکول نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور محترمہ انیس عائشہ خانم پرنسپل جونیر کالج و ڈگری کالج نے بزبان انگلش رپورٹ پیش کی ۔ جناب میر معظم علی صدر نشین کرسپانڈنٹ و گروپ ڈائرکٹر ایشین گرامر نے جلسہ کی صدارت کی ۔ اس موقع پر کالج کی سب سے کامیاب طالبہ جس نے نیٹ کامیاب کرنے پر گولڈ میڈل دیا گیا ۔ اس کے علاوہ اسکول اور کالج کے تمام کامیاب طلبہ وطالبات میں انعامات و میڈلس تقسیم کیے گئے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری محمد احسن علی احتشام کی قرات کلام پاک اور قاری محمد اسد اللہ شریف کی نعت شریف ہوا ۔ شبانہ عارف نے شکریہ ادا کیا ۔ میر مجتبیٰ علی سہیل ، میر مکرم علی ، عائشہ تسنیم نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ اساتذہ و ٹیچرس اور طلبہ وطالبات نے انتظامات میں بھر پور حصہ لیا ۔۔

 

تنظیم بنت حرم کا آج جلسہ گھر گھر دستک و شرعی قوانین
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی ہدایت پر تنظیم بنت حرم کے تحت جلسہ بعنوان گھر گھر دستک دو شرعی قوانین ، ہیپی ہوم ہائی ٹیک بلڈنگ کے بازو پرائم پارک اوینوں کامپلکس فلاٹ نمبر 101 عطا پور پلر نمبر 202 بمکان روبینہ 1-30 تا 4 بجے دن 19 اکٹوبر زیر نگرانی محترمہ صبیحہ صدیقی ( ممبر مجلس رکن عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ) مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز محترمہ شاکرہ کوثر کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ محترمہ سیدہ میمونہ نعت شریف پیش کریں گی ۔ محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، محترمہ رحمت النساء فاروقی صدر معلمہ مدرسہ بنات الحرم مخاطب کریں گی ۔۔

حلقہ ذکر و درس تفسیر قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مرکزی قدس آستانہ عالیہ رضویہ موسومہ درگاہ حضرت امر اللہ شاہؒ ، مغل پورہ میں 19 اکٹوبر کو بعد مغرب حلقہ ذکر ہوگا ۔ بعد عشا درس تفسیر قرآن ہوگا ۔ نگرانی مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی سجادہ نشین کریں گے ۔ مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی درس دیں گے ۔۔

جلسہ تاثرات حجاج کرام
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جناب سید شرف الدین صدر سوسائٹی کے بموجب لبیک ایجوکیشنل و ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام حجاج کرام کا تاثراتی جلسہ مدرستہ الخیر آصف نگر مین روڈ ، روبرو صدیقہ فنکشن ہال آصف نگر میں 22 اکٹوبر کو صبح 10 تا 1 بجے دن الحاج محمد احمد الدین احمد صدر مدرسہ کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مہمانان خصوصی میں الحاج سید بشارت حسین ، الحاج محمد اخلاق الرحمن ، الحاج سید عبدالرشید ، الحاج محمد افضل ، الحاج محمد افسر الدین احمد شرکت کریں گے ۔ حافظ محمد شہادت قرات کریں گے اور سید عزیز حسن ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔ اس موقع پر مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ناظم مدرستہ الخیر و بانی جنرل سکریٹری لبیک سوسائٹی کا خطاب حج و عمرہ پیام کے عنوان پر ہوگا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 18 اکتوبر ۔ ( راست ) حضرت خواجہ ابوظفر شاہ محمد عبدالرسول محمود عالم خسرو وحدتی چشتی القادری العیدروسی کا 22 واں عرس شریف و صندل نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ 29 تا 30 محرم الحرام منایا جائے گا ۔ دو روز عرس تقاریب کا آغاز 20 اکتوبر ، 29 محرم الحرام بروز جمعہ کو برآمدی صندل شریف واقع واحد گلشن عنبرپیٹھ کمہارواڑی ، حیدرآباد سے ہوگا اور 30 محرم الحرام 21اکتوبر بروز ہفتہ بعد نماز فجر ختم قرآن و فاتحہ و تناول طعام اور صبح 9 تا 12 بجے سماع و ختم ہوگا اور چادرگل بارگاہ اقدس میں پیشی کے ساتھ ہی مراسم عرس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔ عرس شریف کے جملہ مراسم مولانا خواجہ نورالزماں شاہ محمد عبدالمنیر محمودی چشتی القادری سجادہ نشین و جانشین بارگاہ عالیہ انجام دیں گے ۔

 

محفل فیضان حضرت نذر محبوب شاہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : محفل فیضان حضرت نذر محبوب شاہ قادریؒ 19 اکٹوبر آستانہ عالیہ فیض النذر موضع ڈی پوچم پلی منڈل قطب اللہ پور ضلع رنگاریڈی نزد دنڈیگل پولیس اسٹیشن زیر نگرانی مولانا منصور احمد شاہ قادری النذری قیصر بابا جانشین حضرت ممدوح بعد عشاء مقرر ہے ۔ بعد عصر چادر گل شجرہ خوانی و فاتحہ خوانی ہوگی ۔ بعد عشاء محفل کا آغاز حافظ محمد منور علی قادری کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ سید یوسف قادری دیگر نعت خواں بارگاہ رسالت مآب ؐ میں ہدیہ نعت پیش کریں گے بعد ازاں محفل سماع منعقد ہوگی ۔۔

 

طلبہ و طالبات کا تقریری انعامی مسابقہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : لجنتہ العلماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کی مجلس عاملہ کے زیر اہتمام مسابقہ 19 اکٹوبر کو سٹی فنکشن ہال چنچل گوڑہ میں صبح 9 تا شام 5 بجے منعقد ہوگا ۔۔

 

علم انبیاء کی میراث ، فلسفہ شہادت کو سمجھنے مطالعہ پر زور
فلسفہ شہادت حضرت امام حسینؓ پر جلسہ ، مولانا آصف عرفان قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : ماہ محرم اسلامی سال کا پہلا مہینہ کہلاتا ہے ۔ اس کی اہمیت و افادیت اس حوالہ سے بھی ہے کہ اس کی دس تاریخ ازل ہی سے بڑی متبرک رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا آصف عرفان قادری نے ممتاز ایجوکیشنل سوسائٹی و انجمن ترقی اردو شاخ فاروق نگر کے زیر اہتمام منعقدہ بعنوان فلسفہ شہادت حضرت امام حسینؓ سے کیا ۔ مولانا نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت نے دنیا کو بتادیا کہ نبیؐ کے گھرانے والے کبھی مصلحت پسندی کا سودا نہیں کرتے بلکہ اس کے مقابل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کو ہی اپنی سعادت سمجھتے ہیں ۔ اجلاس میں جناب جلیس بھارتی کا تحریر کردہ مضمون ’ شہادت امام حسینؓ اور آج کا مسلمان ‘ کو طالبہ حنا قریشی نے پڑھ کر سنایا ۔ صدارتی خطاب میں صاحبزادہ میر وقار الدین علی خاں صدیقی نے کہا کہ علم کو انبیاء کی میراث کہا گیا ہے ۔ جب تک ہم اس میراث کے وارث نہیں بنیں گے تب تک ہم حق و باطل میں تفریق نہیں کرپائیں گے ۔ ہمیں چاہئے کہ علم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامی تاریخ بالخصوص فلسفہ شہادت کو سمجھنے کے لیے مختلف اکابرین کی تصانیف کا مطالعہ کریں ۔ اس موقع پر جناب باقر تحسین ، خلش حیدرآبادی ، قاری محمد نصیر الدین ، عبدالغفور قادری ، محمد جواد خاں ، محمد حسین صدیقی ، مرزا سلمان بیگ ، اکمل علی سلمان ، حنا قریشی ، حنا بیگم ، فاطمہ بیگم ، آسیہ بیگم و دیگر نے ہدیہ نعت و منقبت پیش کیا ۔ جلسہ کی نظامت ڈاکٹر جہانگیر احساس نے انجام دی ۔۔