مذہبی خبریں

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں جمعرات 5 اکٹوبر کو بعد نماز مغرب ڈاکٹر محبوب فرید سلسلہ وار درس قرآن میں سورہ عنکبوت کے چھٹے رکوع آیات 52 تا 63 کا درس دیں گے ۔ جناب محمد شفیع اسلامی لٹریچر سے اقتباسات پیش کریں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 5 اکٹوبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔۔

جلسہ شہادت امام حسینؓ و
عظمت اولیاء اللہ
شمس آباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے محلہ احمد نگر چوراہے پر 7 اکٹوبر کو بعد نماز عشاء جلسہ شہادت حضرت امام حسینؓ و عظمت اولیاء اللہ منعقد ہے ۔ مولانا محمد عبدالمقتدر رشادی صدارت کریں گے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا پی ایم مزمل خطیب مسجد عمر فاروق ، بنگلور شرکت کریں گے ۔۔

 

مقامِ عبدیت : مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب ایک بندہ سالک طریقت اپنے مقام و مراتب سے بخوبی واقف ہو کر اللہ کی ذات سے مطمئن ہوجاتا ہے اور اس کا نفس امارہ مبدل بہ نفس لوامہ ہو کر پھر آگے چل کر نفس مطمئنہ کے درجہ پر فائز ہوجاتا ہے تو اس کو خدا کی طرف سے یا ایتھاالنفس المطمئنۃ ارجعی الی ربک راضیۃ مرضیۃ فادخلی فی عبادی و ادخلی جنتی کی سند مل جاتی ہے اور وہ حقیقی طور پر عبداللہ کے حقیقی نام و لقب سے مشرف ہو کر جنت الذات کے مقام میں داخل ہوجاتا ہے ۔ الحاصل مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ کسی شیخ کامل کے پاس جاکر اہل طریق بن کر عبدیت کے اعلیٰ مقام کو حاصل کریں اور اس کے لیے دنیا برتے ہوئے اپنی تمام زندگی کو بندگی بنالیں اور خدا سے بندگی کی جزاء میں اس سے صرف رضا و رغبت چاہیں یہی مقام عبدیت ہے یاد رکھئے عبادت صرف فرائض و سنت اور نفل و ریاضت ہی کی ادائی کا نام نہیں بلکہ اور جو عمل بھی خدا سے مربوط کردے اور جس عمل میں بھی رضائے حق مطلوب ہو وہ بھی درحقیقت عبادت ہے لہذا جو وقت بھی ملجائے اسے یاد و اطاعت میں گزاردے اور آخرت کے لیے ہمیشہ مستعد و تیار رہے ۔۔

 

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جگر گوشہ سلطان دکن حضرت خواجہ بندہ نوازؒ حضرت خواجہ سید شاہ علی عباس حسینی بندہ نوازی ؒ کا 313 عرس شریف اور جگر گوشہ سرکار بغدادؒ حضرت العلامہ پیر سید شاہ محمد حسنی الحسینی قادری الرفاعی ثم المدنی المعروف بہ حضرت پیر منجھلے بغدادی صاحب قبلہؒ کی 75 ویں سالانہ فاتحہ کی دو روزہ تقاریب 15 ۔ 16 محرم کو بمقام احاطہ درگاہ و مسجد حضرت سید شاہ علی عباس حسینیؒ واقع حسینی علم بارہ گلی روڈ میں منعقد ہوں گی ۔ 15 محرم بعد نماز ظہر قرآن خوانی و محفل درود پاک 4 تا 5 بجے دن قصیدہ بردہ شریف اور نماز مغرب تا عشاء محفل نعت و منقبت بعد نماز عشاء جلسہ یاد حضرت سیدنا امام حسینؓ ، و فیضان اولیاء اللہ زیر صدارت مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ اور مقررین میں مولانا محمد فصیح الدین نظامی ، مولانا صوفی محمد ارشد چشتی ابوالعلائی ، مولانا محمد عرفان اللہ شاہ نوری کے علاوہ مہمان مقرر مولانا سید شاہ رضوان پاشاہ قادری خطاب کریں گے ۔ بعد ازاں غسل شریف انجام دیا جائے گا ۔۔
٭٭ رسم جھیلہ شریف حضرت سید شاہ راجو محمدمحمد الحسینی قبلہؒ عرس شریف حضرت سید شاہ حیدر الدین محمد الحسینی قبلہؒ آستانہ عالیہ بیرون فتح دروازہ مصری گنج 14 محرم بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ مراسم صندل مالی کے بعد محفل سماع زیر نگرانی حضرت قاری سید شاہ ندیم اللہ حسینی منعقد ہوگی ۔۔