مذہبی خبریں

عرس شریف
٭٭ نبیرہ خواجہ دکن حضرت سیدنا خواجہ بندہ نواز گیسودرازؒ بلند پرواز 402 واں عرس حضرت بندگی مخدوم سید شاہ فتح اللہ حسینی قبلہ ؒ 377 واں عرس شریف حضرت بندگی مخدوم سید کلک شاہ حسینی قبلہؒ 389 عرس شریف حضرت بندگی سید نبی شاہ حسینی قبلہؒ 13 محرم کو شاہ راج پیٹ مقطعہ اڈلور الیر منڈل میں بعد نماز مغرب جلوس صندل بعد نمام عشاء صندل مالی انجام دی جائے گی ۔۔

محفل سماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : حضرت منشی سید اسمعیل شاہ صوفی قادری چشتی ؒ کے عرس شریف کے موقع پر درگاہ شریف لنگم پلی چپل بازار چوراہا کاچی گوڑہ میں 4 اکٹوبر کو بعد عصر محفل درود شریف ، بعد مغرب محفل نعت و مجلس چراغاں ، بعد عشاء محفل سماع زیر نگرانی حضرت صوفی شاہ محمد احمد اللہ اقبال چشتی سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت ممدوح مقرر ہے ۔۔

گردے میں پتھری کا مفت علاج
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ادارہ معہد القرآن واقع مسجد غنی اللہ شاہ منگل ہاٹ میں بانی مہتمم حافظ مہدی انور کی جانب سے گردے میں پتھری کا مفت علاج کیا جارہا ہے جہاں پر مریضوں کو مفت دوا دی جارہی ہے ۔ جس کے اوقات 1 بجے دن تا 5 بجے شام ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9247256681 پر ربط کریں ۔۔

ہفتہ واری اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جامع مسجد محی الدین النساء ملک پیٹ میں 4 اکٹوبر بعد نماز عشاء ہفتہ واری اجتماع مولانا غلام خواجہ سیف اللہ سلمان سہروردی ’ عقیدہ و عمل ‘ کے عنوان پر خطاب کریں گے ۔۔

 

آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی قومی کانفرنس
مختلف کمیٹیوں کی تشکیل ، پروگرام کو قطعیت ، ایم ایس فاروق ، آصف پاشاہ کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی دو روزہ قومی کانفرنس 4 نومبر اور 5 نومبر کو دارالعلوم حیدرآباد میں منعقد ہورہی ہے ۔ کانفرنس کی تیاریوں اور پروگرام کو قطعیت دینے کیرالا ، تمل ناڈو ، دہلی ، مہاراشٹرا سے ایم ای ایس کے نیشنل باڈی کے عہدیداران نے حیدرآباد میں اہم اجلاس میں حصہ لیتے ہوئے 1976 کی کنگ کوٹھی کی تاریخی کانفرنس کے حوالہ سے کہا کہ اب حیدرآباد کو دوسرا موقع مل رہا ہے ۔ پچھلی نویں قومی کانفرنس جے پور میں منعقد ہوئی تھی ۔ جناب آصف پاشاہ سابق وزیر و صدر مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی تلنگانہ اے پی نے اس کی تفصیلات بتلاتے ہوئے حیدرآباد کے ذی اثر حضرات سے مرکزی عہدیداران کا تعارف کروایا ۔ مسٹر پی پی او حمید جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی نے چینائی سے اس میں حصہ لیتے ہوئے اس کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنے دیرینہ تجربات سے مختلف تجاویز پیش کئے ۔ مسٹر کے وی ماموکو یا انور ایم پی ، اقبال شاہ ، رفیق توحید ، ابوبکر نے پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے اس کو تاریخی بتانے کے لیے سفارشات کی اور ملک بھر میں تعلیمی شعبہ میں خدمات انجام دینے ان شخصیات کو مدعو کرنے کے لیے تجاویز دی ۔ مسٹر ایم ایس فاروق جنرل سکریٹری ایم ای ایس تلنگانہ اے پی نے مختلف کمیٹیوں کو تشکیل دیتے ہوئے تقسیم کار بتایا ۔ محمد ساجد علی کو پروگرام کمیٹی کا چیرمین بنایا گیا ۔ حسنیٰ پاشاہ کی صدارت میں ڈاکٹر اسماء زہرا نے خواتین شعبہ کو متحرک کیا ۔ مرزا عبداللہ بیگ ، ایم اے حمید شعبہ نشر و اشاعت کے ذمہ دار ہیں ۔۔

 

اعراس شریف
حیدرآباد۔/3اکٹوبر، ( راست ) نقشبند عصر حضرت پیر غلام احمد شاہ ارشاد نقشبندی کا 65 واں سالانہ اور پیر نقشبندی حضرت پیر غلام یحییٰ پاشاہ نقشبندی کا 8 واں سالانہ اعراس شریف بمقام آستانہ عالیہ نقشبندیہ رکنیہ مسجد الٰہی پالم روڈ کاماٹی پورہ بتاریخ 7 محرم الحرام مطابق 8اکٹوبراتوار کو منایا جائے گا۔ جس کی سرپرستی حضرت پیر تحسین شاہ بانی نقشبندی سجادہ آستانہ مسکینیہ کریں گے۔ صدل مالی و اعراس کے مراسم سجادہ نشین حضرت الحاج پیر غلام محمد غوث پاشاہ نقشبندی انجام دیں گے۔ حضرت خواجہ بہاء الدین نقشبندی ( فاروق انجینئر ) مہمان خصوصی ہوں گے۔ بعد نماز عصر ختم قرآن مجید ہوگا اور بعد مغرب صندل مالی اور جلسہ فیضان اولیاء کرام زیر صدارت مولانا ابوعماد عرفان اللہ شاہ نوری مقرر ہے۔ حافظ سید عمر قادری کی قرأت سے جلسہ کا آغاز ہوگا۔ بعد نماز عشاء قصیدہ بردہ شریف اور میلاد خوانی کی محافل ہوں گی۔ 18 محرم بروز پیر بعد نماز فجر ختم خواجگان و ختم قرآن مجید اور پیشکشی چادرگل برمزارات شریفہ و فاتحہ سلام ہوگا۔
٭ شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں سالانہ اعراس شریف تاج المشائخین حضرت سید شاہ تاج الدین حسینی رضوی قادری شرفی ؒ حضرت الحاج سید شاہ حامد الدین حسینی رضوی قادری شرفی اور حضرت سید شاہ جعفر محی الدین حسینی رضوی قادری شرفی ؒ بتاریخ 17محرم مطابق 8 اکٹوبر بروز اتوار منائے جارہے ہیں۔ نگرانی حضرت سید شاہ عبدالحفیظ حسینی قادری، حضرت ڈاکٹر سید شاہ حمید الدین حسینی قادری شرفی سجادہ نشین تاج العرفاء ؒ ، حضرت سید شاہ رفیع الدین حسینی شرفی کریں گے۔ مراسم اعراس سجادہ نشین حضرات ممدوح انجام دیں گے۔
٭ جگرگوشہ سلطان دکن حضرت خواجہ بندہ نواز ؓ حضرت خواجہ سید شاہ علی عباس حسینی بندہ نوازی ؒ کا عرس شریف اور جگر گوشہ سرکار بغداد ؓ حضرت العلامہ پیر سید شاہ محمد حسنی الحسینیق ادری الرفاعی ہاشم المدنی المعروف بہ حضرت پیر منجھے البغدادی صاحب قبلہ ؒکی 75ویں سالانہ فاتحہ کی دو روزہ تقاریب 6 اور 7اکٹوبر مطابق 15 اور 16محرم الحرام کو بمقام احاطہ درگاہ و مسجد حضرت سید شاہ علی عباس حسینی ؒ واقع حسینی علم اردو گلی روڈ میں منعقد ہوں گی۔ 15محرم الحرام بعد نماز ظہر قرآن خوانی و محفل درود پاک، 4 بجے دن قصیدہ بردہ شریف، بعد نماز مغرب تا عشاء محفل نعت و منقبت، بعد عشاء جلسہ یاد حضرت سیدنا امام حسین ؓ و فیضان اولیاء اللہ زیر صدارت حضرت مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ منعقد ہوگی۔

 

 

اسلامی نظام کا احیاء حسینی کردار کو اپنائے بغیر ناممکن
مسجد حفیظیہ ریاست نگر میں مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی کاخطاب
حیدرآباد ۔ 3 اکٹوبر (راست) نواسہ رسولؐ جگرگوشہ بتول حضرت سیدنا امام حسینؓ کی اسلام کی سربلندی کی خاطر جاں نثاری و فداکاری، اسلامی خلافت کے نظام کو منہاج نبوت کے مطابق قائم رکھنے کے مقصد سے اپنی اور اپنے اہل و عیال کی قربانی، نیز باطل نظام کے خاتمہ و انسداد کیلئے اپنی اور اپنے فداکاروں کی المناک شہادت نے بھی اگر ملت اسلامیہ کو بیدار نہیں کیا، ان کے قلب و ضمیر کو نہیں جھنجھوڑا اس سے نصیحت و سبق حاصل کرنے کی رغبت دل میں پیدا نہیں کی تو اس قوم و ملت کیلئے لمحہ فکر ہے، ہم سب جانتے ہیں دنیا میں عدل و انصاف کا قیام، امن و سلامتی کا ماحول، باطل اور فاشسٹ نظام کا خاتمہ، ظلم و زیادتی اور کرپشن کا انسداد صرف اور صرف اسلامی نظام کرسکتا ہے۔ یہی نظام دنیا کو اس بحران سے نکال سکتا ہے جس میں وہ مبتلاء ہے مگر پھر بھی ہم خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ شہادت پر شہادت ہوتی چلی جاتی ہے اور پھر بھی ہمارے کانوں پر جوں نہیں رینگتی، ہم جانتے ہیں کہ جمہوریت ایک فریب کے سواء کچھ نہیں اور پھر بھی ہم اسی پر اکتفاء کئے بیٹھے ہیں۔ یاد رکھئے انسانیت کی نجات اسلام میں ہے اور اسلام کی بقاء اسلامی نظام کے قیام میں ہے اور اسلامی نظام کا قیام حسینی کردار کو اپنائے بغیر ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی (استاد جامعہ دارالہدیٰ) نے مسجد حفیظیہ ریاست نگر میں کیا۔ مولانا نے کہا کہ ہم خیرامت ہیں، امت کی نجات کی فکر ہمارے سواء کوئی اور نہیں کرے گا۔یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ اگر دنیا کا یہی حال رہا تو قیامت کے دن ہم سے سوال کیا جائے گا اس لئے ہمیں اپنا بھولا ہوا سبق یاد کرنا ہوگا۔ خواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا اور اسلامی نظام خلافت کو عام کرنے کی جدوجہد کرنا ہوگا۔

 

جامعہ فیض الاسلام وٹے پلی میں جلسہ شہادت سیدنا امام حسین ؓ
حیدرآباد ۔ 3 اکٹوبر (راست) فیض الاسلام ایجوکیشنل ویلفیر اینڈ چیاریٹیبل ٹرسٹ کے زیراہتمام مولانا محمد عبدالغفار خاں سلامی و حسامی بانی و مہتمم جامعہ کی صدارت اور قاری محمد عبدالرحمن خاں ندیم سلامی ناظم جامعہ کی نگرانی میں جامعہ فیض الاسلام سلامی اسٹریٹ وٹے پلی فلک نما حیدرآباد میں جلسہ شہادت سیدنا امام حسین ؓ انعقاد عمل میں آیا۔ اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی کوثر عالم قاسمی نے کہاکہ اس ماہ محرم الحرام کی فضیلت اسی دن سے ہے جس دن کہ اللہ تعالیٰ نے زمین و آسمان کی تخلیق کی۔ مولانا نے کہا کہ محرم الحرام میں نواسہ رسول سیدنا امام حسینؓ کا یزیدوں کے ہاتھوں شہید کیا جانا ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔ مفتی کوثر قاسمی شیخ الحدیث جامعہ نے کہا کہ اہلبیت سے محبت ہر مسلمان کا فطری عمل ہونا چاہئے۔