مذہبی خبریں

فاتحہ حضرت خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : حضرت خواجہ محبوب الہ خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ کا ماہانہ فاتحہ 2 محرم کو درگاہ شریف حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں مقرر ہے ۔ چار بجے شام تلاوت قرآن پاک ، ختم خواجگان محفل درود شریف فاتحہ آٹھ بجے بعد عشاء بغیر ساز کے محفل سماع چادر گل سلام بحضور ﷺ پیش کیا جائے گا ۔۔

مدینہ مسجد میں جلسہ یوم فاروق اعظمؓ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : مدینہ مسجد ، حسینی باغ ، رین بازار میں 22 ستمبر کو قبل نماز جمعہ مولانا محمد زعیم الدین حسامی سیرت سیدنا عمر بن خطابؓ بیان کریں گے ۔ حافظ و قاری خلیل اللہ قادری اور محمد صابر بارگاہ رسالت ؐ میں نعت شریف و سلام پیش کریں گے ۔ نماز جمعہ 1-45 بجے ہوگی ۔ بعد نماز جمعہ محفل ذکر منعقد ہوگی ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 21 ستمبر جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کرینگے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

حلقہ ذکر الہیٰ و نعت شاہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : حلقہ ذکر الہٰی و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری بمقام آستانہ مینائی پھول باغ ، جہاں نما بروز جمعرات بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔۔

 

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع 21 ستمبر کو بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد رضا قادری کا خطاب ہوگا ۔۔

درس تفسیر و حلقہ ذکر
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : آستانہ عالیہ رضویہ موسومہ درگاہ حضرت امر اللہ شاہؒ مغل پورہ میں 21 ستمبر جمعرات کو بعد نماز مغرب تا عشاء حلقہ ذکر ہوگا ۔ بعد نماز عشاء درس تفسیر قرآن مجید ہوگا ۔ نگرانی مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی سجادہ نشین کریں گے ۔ اور مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی درس دیں گے ۔ نامزد جانشین لیاقت حسین رضوی المدنی نے معتقدین سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔۔

مجالس سیرت اہلبیت و ذکر امام حسینؓ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : فیضان چشتیہ حیدرآباد دکن کے زیر اہتمام دس روزہ مجالس سیرت اہلبیت و ذکر امام حسینؓ و شہیدان کربلا یکم تا 10 محرم روزانہ بعد نماز عشاء مسجد اقصیٰ نٹراج نگر ٹپہ چبوترہ میں زیر سرپرستی مولانا حافظ سید شاہ محمد عبدالقادر حسینی البخاری چشتی مقرر ہیں ۔ مولانا خواجہ پیر شاہ محمد مہتاب چشتی کربلائی کا سلسلہ وار خطاب ہوگا ۔ 10 محرم کو بعد نماز ظہر مرکزی مجلس ذکر شہادت امام حسینؓ منعقد ہوگی ۔۔

نیشنل جمعیت القریش کی
جنرل باڈی میٹنگ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : نیشنل جمعیت القریش قریشی بلڈنگ تاڑبن میں مقرر ہے ۔ صدارت جناب شیخ فیروز قریشی اور سرپرستی الحاج محمد عبدالستار چاند قریشی مرزائی کریں گے ۔ اجلاس میں اہم موضوع پر گفتگو اور فیصلے کئے جائیں گے ۔ جناب حبیب قریشی نے تمام برادران قریشی سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔۔

مجلس غوثیہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : درگاہ شریف حضرت جہانگیر پیراںؒ خانقاہ نورانی قادری باغ میں مجلس غوثیہ 21 ستمبر کو مقرر ہے ۔ نگرانی حضرت سید شاہ اکرام حسین قادری نقشبندی کریں گے ۔ بعد نماز ظہر ختم القرآن مجید محفل درود شریف و ختم قادریہ مقرر ہے ۔ قرات کلام پاک حافظ محمد حسین کی ہوگی ۔ قاری انیس احمد اور دوسرے نعت خواں اصحاب ہدیہ نعت پاک پیش کریں گے ۔ وعظ کے بعد محفل سماع منعقد ہوگی ۔ نظامت کے فرائض شیخ سعید احمد باوزیر انجام دیں گے ۔ 4 بجے جلوس غلاف مبارک و چادر گل درگاہ شریف پر پیش کی جائے گی اور تبرک تقسیم ہوگا ۔ بعد نماز عصر خصوصی دعا ہوگی ۔۔

 

حمیدیہ میں سالانہ محافل
حضرت سیدنا امام حسینؓ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( آئی ہرک ) اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء کے زیر اہتمام حمیدیہ واقع درگاہ شریف چمن سبزی منڈی قدیم میں یکم تا 12 محرم بارہ روزہ سالانہ محافل امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسینؓ صبح 8 بجے زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک منعقد ہوں گے۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری ، مولانا مفتی سید محمد سیف الدین قادری کے علاوہ نگران محفل کے خطابات ہوں گے ۔ نعت خواں حضرات نعت و منقبت و سلام پیش کریں گے ۔۔

محافل یاد امام حسین ؓ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : جامع مسجد درگاہ امر اللہ شاہؒ ، مغل پورہ میں یکم تا 10 محرم یاد امام حسینؓ بعد مغرب تا عشاء زیر نگرانی مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی قادری منعقد ہوں گے ۔ مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی قادری ، مولانا تقی احمد رضوی ، مولانا سید شاہ لیاقت حسین رضوی المدنی ، مولانا منہاج رضوی قادری اور مولانا سید طالب حسین رضوی المدنی کے بیانات ہوں گے ۔ قرات کلام پاک حافظ قاری شیخ معین الدین قادری پیش کریں گے جب کہ نعت قاری انور علی رضوی ، نظامت مولانا محمد منیر الدین شرفی قادری انجام دیں گے ۔۔

 

شرعی قوانین میں مسلم خواتین محفوظ
معاشرہ کو درہم برہم کرنے کے خلاف تنظیم بنت حرم کی آج سے شعور بیداری مہم
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام دینی شعور بیداری مہم کے ضمن میں شہر کے مختلف محلہ جات میں جلسے اور کارنر میٹنگ منعقد کی جارہی ہیں اور ہر گھر یہ پیغام عام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ شرعی قوانین کی پابندی میں مسلم خواتین مامون و محفوظ ہیں ۔ اگر ہم شریعت کے خلاف اپنی زندگی گزاریں تو سارا مسلم معاشرہ درہم برہم ہوجائے گا ۔ اور آنے والی ہماری نسلیں ایک غیر اطمینان بخش معاشرے کا شکار ہوجائے گی ۔ ان جلسوں کو محترمہ صبیحہ صدیقہ صدر تنظیم بنت حرم و رکن عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و ممبر میاریج کونسلنگ سنٹر فار مینارٹیز گورنمنٹ آف تلنگانہ اسٹیٹ ، محترمہ سیدہ عقیلہ خاموشی نائب صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، محترمہ عزیزہ محبوب جنرل سکریٹری تنظیم بنت حرم ، محترمہ رحمت النساء فاروقی صدر معلمہ مدرسہ بنات الحرم ، محترمہ سیدہ زینت سلطانہ رکن عاملہ تنظیم بنت حرم ، محترمہ النساء ، محترمہ شاکرہ کوثر ، محترمہ سیدہ میمونہ اور شہر کی دیگر معزز خواتین مخاطب کریں گی ۔ اس کا پہلا جلسہ درگاہ میر واحد علی شاہ ( اسد بابا نگر ) کشن باغ نزد حیدرآباد فنکشن ہال ۔ صبح 11 تا 2 بجے دن 21 ستمبر منعقد ہوگا ۔ کشن باغ کی خواتین سے گزارش کی جاتی ہے کہ اس بامقصد جلسہ میں شرکت کریں ۔ اس میں ہمارے عائلی قوانین کے بارے میں بتایا جائے گا ۔۔