مذہبی خبریں

خواتین کو اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا مشورہ
جامعتہ المومنات میں اجتماع، ڈاکٹر رضوانہ زرین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/17ستمبر، ( راست ) بہترین عورت کی علامتیں یہ ہے کہ خاوند کو دیکھے تو اس کا دل خوش ہوجائے، ازدواجی زندگی کی بہار زوجین کی خوشی میں ہے، بیوی کو چاہیئے کہ شادی کے بعد نہ تو وہ اپنے خاوند کے خلاف بات سنے نہ کسی ایسی بات کے اوپر دھیان دے، بیوی کو چاہیئے کہ دنیا میں اس کے حکم کی تعمیل کرنا اور ان کے ساتھ عاجزی و انکساری کے ساتھ پیش آنا بیویوں کا اولین فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامعتہ المومنات مغلپورہ میں منعقدہ خواتین کے کثیر اجتماع سے ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین مومناتی نے کیا۔ اجتماع کا آغاز حافظہ میصاء افشین کی قرأت اور حافظہ محمدی زرین رومانہ کی نعت شریف سے ہوا۔ نظامت کے فرائض کوثر فاطمہ نے انجام دیئے۔ سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین نے کہا کہ ایک بہترین بیوی وہ ہے جو شوہر کی اطاعت و فرمانبرداری کرے، عورت انسانی زندگی کا نصف حصہ ہے، دین اسلام نے عورت کے وقار کو بڑھایا اور بتایا کہ جب انسان شادی شدہ زندگی گذارتا ہے تو بیوی اس کیلئے اللہ کا قرب حاصل ہونے میں معاون بنتی ہے۔ محترمہ رضوانہ زرین نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیراہوں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے نیک اور صالح بیوی کی تعریف اس طرح فرمائی ہے کہ جب شوہر اسے دیکھے تو خوش کردے، کوئی بات کہے تو مان لے اور اپنے نفس اور شوہر کے مال میں جس تصرف کو وہ ناپسند کرے اس کا ارتکاب کرکے اس کی مخالفت نہ کرے۔ اسی طرح حدیث میں بااخلاق شوہر کو بہترین انسان کہا گیا ہے۔ عالمہ عظمیٰ کوثر نے کہا کہ والدین کی اطاعت کرنا اولاد پر ضروری ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ماں کے قدموں کے نیچے جنت ہے، باپ جنت کے دروازوں میں سے بیچ کا دروازہ ہے ۔ عالمہ شاہین بیگم نے کہا کہ آپس میں محبت و اخوت داری کے پیغام کو عام کرنا ضروری ہے۔ قاریہ شفا ناز نے کہا کہ نکاح کو آسان بنائیں اور تقاریب نکاح کے موقع پر جو غلط رسومات ہورہے ہیں اس کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرنا چاہیئے۔ اس کے علاوہ طالبات جامعتہ المومنات نے بھی مخاطب کیا۔ دعاء و سلام پر جلسہ کا اختتام ہوا۔

جلسہ’’شہادت حضرت عمر ؓ‘‘ محترم تمیز احمد کا خطاب
حیدرآباد ۔ /17 ستمبر (پریس نوٹ) اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ کی شہادت کے موقعہ پر /23 ستمبر کو 3 بجے دن ’’پارس محل ‘‘ امجد باغ مصری گنج میں جلسہ ’’شہادت حضرت عمرؓ منعقد ہوگا ۔ جس کا آغاز مسرز علی الدین کی تلاوت قرآن کریم ، گلوکار ، رکن الدین کی ’’حمد‘‘ باری تعالیٰ ، سید علی عادل کی نعت شریف ، سید خلیل احمد کی منقبت سے ہوگا ۔ صدر اسوسی ایشن محترم تمیز الدین احمد اس موضوع پر خطاب کریں گے ۔ ناظم علی ، نظامت کریں گے ۔ سکریٹری اسوسی ایشن ، سید مسعود علی ، خیرمقدمی تقریر کریں گے ۔

عرس شریف
حیدرآباد 17 ستمبر (راست) عرس شریف حضرت پیر صوفی سید شاہ عثمان علی قادری ابوالعلائی المعروف حضرت حاجی پاشاہؒ آستانہ حضرت پیر جی قبلہ ابوالعلائی پنچ محلہ 19 ستمبر کو مقرر ہے۔ بعد نماز مغرب غسل شریف و فاتحہ خوانی، 20 ستمبر بعد نماز عشاء ضربات رفاعیہ و برآمدی صندل مبارک خانقاہ ابوالعلائیہ تا مزار مبارک صندل مالی پیشکشی غلاف مبارک و چادرگل حلقہ ذکر فاتحہ خوانی بعد ازاں تناول تبرک و محفل سماع 2 ستمبر بعد نماز مغرب قرآن خوانی، بعد نماز عشاء پیشکشی چادرگل و غلاف مبارک، فاتحہ خوانی۔ بعدازاں محفل سماع رات دیر گئے تک منعقد ہوگی۔ نگرانی مولانا صوفی سید شاہ افتخار محی الدین قادری ابوالعلائی المعروف افتخار پاشاہ کریں گے۔
٭٭ حضرت سید شاہ عبدالقادر صوفیؒ کا عرس /18 ستمبر کو مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب ختم قرآن و بعد نماز عشاء جلسہ فیضان اولیاء اللہ سے علماء کرام و مشائخین عظام مخاطب کریں گے ۔ بعد نماز عشاء رسم صندل مالی بدست قاضی سید شاہ نورالاصفیاء شاہ ولی اللھی انجام پائے گی ۔

مرکزی جلوس سہرا مبارک
حیدرآباد ۔ /17 ستمبر (راست) مرکزی جلوس سہرا مبارک و استقبال ایام عزاء 29 ذی الحجہ 7.30 بجے بارگاہ معصومین بعد مجلس برآمد ہوگا ۔ مولانا سید حیدر زیدی بیان کریں گے ۔ جلوس پنجتن کالونی کھیت بالسٹی ، حسینی محلہ نور خاں بازار ، دفتر بلدیہ دارالشفاء الاوہ سرطوق مبارک روانہ ہوگا ۔ نوحہ خوانی و سینہ زنی کے بعد یادگار معصومین آئے گا۔ مدعو انجمنوں کی جانب سے نوحہ خوانی ہوگی ۔

یوم سیدنا عمر فاروقؓ و مشاعرہ
حیدرآباد 17 ستمبر (راست) بزم مجاہد کے زیراہتمام یکم محرم الحرام بعد نماز مغرب مشاعرہ سال نو و یوم شہادت خلیفہ دوم حضرت سیدنا عمر فاروقؓ اردو گلی عقبی گیٹ رام کرشنا تھیٹر عابڈس زیرنگرانی قاضی سراج الدین رضوی منعقد ہوگا۔ مولانا بشیر احمد حسامی اور مولانا محمد ضیاء عرفان قادری حسامی سیرت سیدنا فاروق اعظمؓ بیان کریں گے۔ قاری انیس احمد کی قرأت ہوگی۔ جناب اسد خان نعت شریف سنائیں گے۔ شاعر سردار سلیم نگران مشاعرہ ہوں گے۔ مصرع یہ ہے : ’’بادشاہ بحر و بر حضرت عمرؓ‘‘۔

جلسہ فضیلت صحابیاتؓ و مسلم معاشرہ کی اصلاح
حیدرآباد 17 ستمبر (راست) دفتر بزم خواتین پر 18 ستمبر کو صبح 10.30 بجے جلسہ فضیلت صحابیاتؓ اور اصلاح مسلم معاشرہ پر صدر بزم محترمہ محمودہ علی بن صلاح کی زیرنگرانی مقرر ہے۔ اراکین بزم، اساتذہ و طالبات مراکز بزم کے علاوہ دیگر معزز خواتین جلسہ کو مخاطب کریں گی۔ سلام بحضور ﷺ کے بعد خاص طور پر محترمہ حمیرہ جلیلی بانی دبستان جلیلی و بانی انجمن خواتین کے انتقال پر دعا کی جائے گی۔
رشتہ داروں کے حقوق کی ادائیگی کی تلقین: حافظ صابر پاشاہ
حیدرآباد ۔ /17 ستمبر (راست) حضور پاک علیہ الصلوۃ والسلام نے رشتہ داروں اور ورثاء سے حسن سلوک مروت و احسان اور باہمی حقوق کی عمدہ طریقے پر ادائیگی کی تعلیم فرمائی ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم صاحب حیثیت افراد کو ورثاء کی مالی کفالت اور انہیں معاشی استحکام فراہم کرنے پر زور دیا ۔ ایک حدیث مبارکہ میں آپ نے حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو فرمایا کہ اپنے ورثاء کو اس حال میں نہ چھوڑوکہ وہ معاشی بدحالی کی وجہ سے محتاجی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوجائیں ۔ ان خیالات کا اظہار حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے دینی اجتماع بنجارہ ہلز صدر تنظیمی دفتر سے کیا۔

دینی تعلیم و تربیت
حیدرآباد ۔ /17 ستمبر (راست) انتظامی کمیٹی جامع مسجد اللہ بنڈہ کے زیراہتمام مدرسہ تعلیم القرآن اللہ بنڈہ کا آغاز ہوچکا ہے ۔ دینی تعلیم و تربیت کا نظم ہے ۔ شعبہ جات ، شعبہ حفظ و ناظرہ شعبہ نورانی قاعدہ معہ تجوید شعبہ ، اردو دینیات شعبہ ، قرأت و اذاں کی عملی مشق کرائی جاتی ہے ۔ اوقات تعلیم بعد نماز مغرب تا عشاء اور صبح بعد نماز فجر تا 8 بجے رکھے گئے ہیں ۔ خواہشمند حضرات صبح 7:15 تا صبح 8 بجے قرأت و اذاں کی عملی تربیت سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں ۔

 

حمیدیہ میں سالانہ محافل امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسینؓ
حیدرآباد۔ 17 ؍ سپٹمبر(پریس نوٹ) اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء ؒ کے زیر اہتمام ’’حمیدیہ ‘‘واقع درگاہ شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں 22؍سپٹمبر تا 3؍اکٹوبر بارہ روزہ سالانہ محافل امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسینؑ صبح 8 بجے زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین حسینی قادری شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاءؒ منعقد ہوںگے۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک، مفتی سید محمد سیف الدین قادری حاکم حمیدی کامل نظامیہ کے علاوہ نگران محفل کے خطابات ہوں گے۔

 

اصلاحی و تربیتی مجلس
حیدرآباد 17 ستمبر (راست) مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 18 ستمبر کو بعد نماز عشاء جامعہ اسلامیہ تجوید القرآن آزاد نگر عنبرپیٹ میں زیرصدارت الحاج شیخ داؤد اقبال، زیرسرپرستی مولانا شاہ محمد کمال الرحمن قادری چشتی اصلاحی و تربیتی مجلس مقرر ہے۔ حافظ سید غیاث الدین نعت النبی ﷺ اور مولانا علیم الدین واحد اصلاحی نظم پیش کریں گے۔ مولانا شاہ فضل الرحمن محمود مخاطب کریں گے۔