مذہبی خبریں

محمدی لائن سکنڈ لانسر میں کل مرکزی جلسہ دین اسلام ایثار و قربانی
حیدرآباد ۔ 15 اگست (راست) مرکزی سیرت کمیٹی محمدی لائن سکنڈ لانسر و عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی تلنگانہ کے زیراہتمام 16 اگست چہارشنبہ کو بعد نماز عشاء مرکزی عظیم الشان جلسہ بعنوان ’’دین اسلام ایثار و قربانی‘‘محمدی لائن سکنڈ لانسر میں زیرنگرانی مولانا حامد حسین حسان فاروقی (نگران سنی ددعوت اسلامی) مقرر ہے۔ اجتماع کا آغاز بعد نماز عشاء قاری سید محمد شاہ قادری کی قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ الحاج مرزا عارف اللہ بیگ قادری نعت پاک پیش کریں گے۔ مفتی محمد عبدالعزیز قادری شرفی (سیرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام)، مولانا حافظ محمد عرفان قادری (فلسفہ قربانی) کے علاوہ شہرت یافتہ ثناء خواں و عالمی مولانا محمد رضوان خان قادری (ممبئی) خصوصی خطاب کریں گے اور اپنے منفرد انداز میں بارگاہ رسالت مآب ؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ بارش ہونے کی صورت میں یہ جلسہ جامع مسجد محمدیہ محمدی لائن سکنڈ لانسر میں منعقد ہوگا۔

 

جلسہ ذکر محاسن و اعتراف خدمات
حیدرآباد ۔ 15 اگست (راست) سید نذیراحمد قاسمی جوائنٹ سکریٹری جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد نے کہاکہ گذشتہ چند ماہ میں ہمارے ملک کے اکابر اور بڑی بڑی علمی اور مثالی شخصیتیں دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ ان اکابر کی خوبیوں اور خدمات کے تذکرہ اور اعتراف کیلئے جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کے زیراہتمام کل جماعتی جلسہ عام 17 اگست جمعرات کو بعد نماز عشاء جامع مسجد دارالشفاء میں منعقد ہوگا۔ مفتی عبدالمغنی مظاہری صدارت کریں گے اور سبھی دینی جماعتوں کے ذمہ داران ان اکابر کی خدمات کا تذکرہ اور ان کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ مولانا محمد عبدالقوی، مولانا مصدق قاسمی، مولانا عبدالملک مظاہری، مفتی تجمل حسین قاسمی، حافظ غوث رشیدی، قاری یونس علی خان، مفتی معراج الدین علی ابرار اور دیگر اراکین نے ذمہ داران مدارس علماء اور اہل علم اور عوام الناس سے شرکت و استفادہ کی خواہش کی ہے۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 15 اگست (راست) عرس شریف پیر طریقت حضرت سید شاہ قدرت اللہ قادری حسنی و حسینی قبلہؒ ، جگر گوشہ حضور غوث اعظم ؓ کا آغاز 16 اگست سے ہوگا۔ 16 اگست کو بعد نماز عشاء محفل قصیدہ بردہ شریف، غسل شریف بمزار حضرت ممدوح ؒ، آستانہ عالیہ واقع احاطہ درگاہ شریف قطب الاقطاب حضرت سیدشاہ راجو محمد محمدالحسینی قبلہ ؒ فتح دروازہ، مصری گنج بدست جانشین و سجادہ نشین قبلہ، 11 بجے شب سالانہ غیرطرحی نعتیہ مشاعرہ زیرنگرانی مولانا سید شاہ غوث محی الدین قادری الموسوی المعروف بہ اعظم پاشاہ ’’کاشانہ دستگیر‘‘ کمہارواڑی مصری گنج منعقد ہوگا۔ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری معتمد مشاعرہ ہوں گے۔ نعت گو مدعو شعراء کرام اپنا کلام سنائیں گے۔ 17 اگست کو بعد نماز عصر حسب عملدرآمد قدیم برآمدی جلوس صندل شریف مکہ مسجد سے برآمد ہوکر لاڈبازار سے ہوتا ہوا مصری گنج آستانہ عالیہ واقع احاطہ درگاہ شریف فتح دروازہ مصری گنج پہنچے گا۔ 10 بجے شب نماز عشاء ادا کی جائے گی۔ بعد نماز عشاء مراسم صندل مالی جانشین و سجادہ نشین حضرت ممدوح ؒ انجام دیں گے۔ بعد مراسم صندل مالی قرأت کلام پاک، نعت شریف، منقبت و محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ 18 اگست کو بعد نماز فجر ختم قرآن پاک و پیشکشی چادرگل، سلام و فاتحہ خوانی و تناول تبرک، بعد نماز مغرب محفل چراغاں اور بعد عشاء محفل قصیدہ بردہ شریف کا انعقاد عمل میں آئے گا۔

٭٭ قطب زماں حضرت پیر سیدنا ہاشم دستگیر حسنی الحسینی قادری الجیلانی حیدرآبادی ؒ و صندل نبیرہ حضرت ممدوح ؒ حضرت پیر سیدشاہ فاضل بادشاہ ثانی حسنی الحسینی قادری الجیلانی بڑے صاحب قبلہ ؒ کی عرس تقاریب کی سرپرستی حضرت سید محمد قبول بادشاہ حسنی الحسینی قادری الشطاری کریں گے۔ مراسم عرس سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے۔ 16 اگست کو بعد مغرب فاتحہ تقسیم تبرک بعد عشاء جلوس صندل مبارک از مرکزی خانقاہ ہاشمیہ واقع چھاؤنی غلام مرتضیٰ کندیکل گیٹ مسجد حضرت قادر پاشاہ قبلہ ؒ سے برآمد ہوکر ہاشم آباد پہاڑی پہنچے گا۔ 9 بجے شب محفل نعتیہ مشاعرہ بعداز خدمت صندل سلام فاتحہ و مجلس سماع منعقد ہوگی۔ 17 اگست جمعرات کو جشن چراغاں 9 بجے شب مجلس سماع منعقد ہوگا۔ 18 اگست جمعہ کو بعد نماز فجر محفل قل شریف مقرر ہے۔

 

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 15 اگست (راست) قرآن و سیرت سوسائٹی کے زیراہتمام محفل درس قرآن چہارشنبہ 16 اگست کو بعد نماز مغرب اندرون خواجہ کا چھلہ مغلپورہ میں منعقد ہوگی۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالحمید صدیقی نظامی پروفیسر عربی قرآن شریف کا سلسلہ وار درس دیں گے اور تفسیر بیان کریںگے۔