مذہبی خبریں

خارج اسلام قادیانی فرقہ کا ذبیحہ حلال نہیں ہے
مجلس تحفظ ختم نبوت کے علماء کرام کا وضاحتی بیان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا محمد انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ، مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا محمد عبدالقوی ، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی ، مولانا خواجہ نذیر الدین سبیلی ، مولانا مصلح الدین قاسمی ، مولانا محمد امجد علی قاسمی اور مولانا محمد ارشد علی قاسمی نے عید الاضحی کے موقع پر ایک اہم دینی فریضہ قربانی کے سلسلہ میں شرعی رہنمائی کے لیے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہر صاحب استطاعت مسلمان کے لیے قربانی ایک اہم دینی اور شرعی فریضہ ہے ۔ ایمان و اسلام کے بغیر کسی شرعی فریضہ کی ادائیگی تو بہت دور کی بات اس کا تصور ہی نہیں ہے ۔ پس جیسے دیگر شرعی فرائض اور اسلامی احکام درست اور صحیح ہونے کے لیے صاحب ایمان اور مسلمان ہونا ضروری ہے ۔ اسی طرح قربانی کا جانور ذبح کرنے کے لیے مسلمان ہونا ضروری ہے ۔ اس کے بغیر قربانی کا جانور حلال نہیں ہوگا ۔ علماء کرام نے کہا خود کو احمدی مسلمان اور احمدیہ مسلم جماعت کہنے والا قادیانی فرقہ رسول اللہ ﷺ کے آخری نبوی ہونے کا منکر ہے اور دیگر گمراہ عقائد اور کفریہ نظریات رکھتا ہے ۔ اس لیے اس فرقہ کے پیرو کار مسلمان نہیں ہیں اور ان کے ہاتھوں ذبح کیا ہوا جانور حلال نہیں ہوگا ۔ مسلمان ان کی طرف سے دیا گیا گوشت استعمال نہیں کرسکتے ۔ نہ ان کے ہاتھوں اپنی قربانی کا جانور ذبح کرواسکتے ہیں ۔ نہ قادیانی فرقہ کے زیر نگرانی مشترکہ قربانی کے نظم میں حصہ لے سکتے ہیں اور نہ اپنے یہاں مشترکہ قربانی کے نظم میں انہیں شریک کرسکتے ہیں ۔ اگر غلط فہمی کی وجہ سے مشترکہ قربانی کے نظم میں کسی قادیانی کی شرکت ہوجائے تو کسی بھی حصہ دار کی قربانی ادا نہیں ہوگی اور معلوم ہونے پر تمام حصہ داروں کو اپنی قربانی کی رقم صدقہ کرنا ہوگا ۔ برادران اسلام سے اپیل ہے کہ وہ قربانی کے سلسلہ میں احتیاط سے کام لیں ۔۔

 

جامعہ نظامیہ چرم قربانی وعطیات کا اولین حقدار
مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ نے صحافتی بیان میں فرمایا کہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد عامۃ المسلمین کیلئے محتاج تعارف نہیں ہے ۔ یہ ادارہ 144 سال سے ملت اسلامیہ کی دینی رہبری اور علم دین کی اشاعت میں خاموشی کے ساتھ مسلسل خدمت انجام دے رہا ہے ۔ بلا فیس قیام و طعام کی سہولت کے ساتھ ہر سال طلباء کی تعداد میں اضافہ ہوتاہے ۔ لباس ‘ بستر ’ کتب ‘ ادویات وغیرہ بھی جامعہ فراہم کرتا ہے ۔ جامعہ نظامیہ میں ملت اسلامیہ کی دینی رہبری اور مسائل کے حل کیلئے دارالافتاء قائم ہے ۔ جامعہ کے فتاوی ملک اور بیرونی ملک میں معتبر و مستند ہیں اور ملک کی تمام عدالتیں ان کو تسلیم کرتی ہیں نیز اس بات کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ جامعہ میں کوئی محفوظ مالیہ نہیں ہے ۔ صرف خوراک طلباء ‘ تنخواہ عملہ و ملازمین پر ماہانہ ۲۰؍لاکھ روپئے کا خرچ عائد ہوتا ہے اور جامعہ کے حسابات کی آڈٹ محی الدین اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکاونٹنٹس کے ذریعہ کروائی جاتی ہے ۔ اللہ کے فضل و کرم سے جامعہ نظامیہ کو عنایت کردہ رقومات کی محکمہ انکم ٹیکس نے 80-G کے تحت انکم ٹیکس سے مستثنی قرار دیا ہے۔ جامعہ نظامیہ عامۃ المسلمین کا ادارہ ہے اس کے انتظامات ایک مجلس انتظامی کے تحت ہیں ۔ جن میں علماء کرام مشائخین عظام ‘ ڈاکٹرس دانشوران قوم اور ماہرین تعلیم ہوتے ہیں علماء و ماہرین تعلیم تعلیمی بورڈ میں شامل ہوتے ہیں ۔جامعہ نظامیہ بانی جامعہ کے منشاء و مسلک کے مطابق علوم اسلامیہ کی بقاء اور ارتقاء میں مصروف ہے ۔ جدید دور کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے طلباء کیلئے کمپیوٹر ٹریننگ کا آغاز کیا گیا اس وقت اردو عربی اور انگریزی میں ٹریننگ دی جا رہی ہے ۔ اگر مالیہ فراہم ہو تو ہندی اور تلگو میں بھی ٹریننگ دی جائے گی ۔ نیز لڑکیوں کی اعلی تعلیم و تربیت کیلئے کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ ( لڑکیوں کا کالج ) کا قیام عمل لایا گیا ۔ اہل خیر حضرات اور تاجرین سے اپیل ہے کہ وہ اس ادارہ کا معائنہ کریں اور ارباب جامعہ سے تفصیلات معلوم کریں کیونکہ احادیث میں تاکید ہے کہ مستحق زکوٰۃ کو ہی زکوٰۃ دی جائے ۔ اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ علم دین کے جو ادارے واقعی ملت و دین کی خدمت کر رہے ہیں ان تک چرم قربانی و عطیات پہنچائے جائیں ۔ جامعہ نظامیہ ایک ایسا ادارہ ہے جو توکل اور اخلاص کی بنیاد پر علوم اسلامیہ کی اشاعت و ترویج میں مصروف ہے ۔عید الاضحی کے موقع پر چرم قربانی اور عطیات جامعہ نظامیہ کو عنایت کریں ۔ اہل خیر حضرات اور عامۃ المسلمین جامعہ نظامیہ کو اپنا ادارہ تصور کرتے ہیں ۔ اس کے مالیہ کو مستحکم کریں چرم قربانی محلہ واری ذیلی مراکز پر یا صدر مرکز جامعہ نظامیہ شبلی گنج پر جمع فرمائیں ۔ یا فون نمبرات 24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع کریں تو کارکن آپ کے پاس آکر وصولی کا کام انجام دیں گے۔

 

چرم قربانی کے زیادہ مستحق غریب مسلمان ہیں
مرکزی جلسہ عید الاضحی سے مولانا سید شجاعت علی سراج قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : اللہ تبارک تعالیٰ کا فرمان عالی شان ہے کہ پس نماز پڑھو اللہ کے لیے اور قربانی دو مخصوص دنوں میں مخصوص جانور کو اللہ کے لیے ذبح کرنا قربانی کہلاتا ہے ۔ امام الانبیاء خاتم النبین ﷺ نے قربانی کی حقیقت کے بارے میں ارشاد فرمایا کہ یہ تمہارے باپ حضرت سیدنا ابراہیم خلیل اللہ ؑ کی سنت ہے ۔ خود سرکار دو عالم ﷺ بھی ماہ ذی الحجہ کی 10 تاریخ کو عید الاضحی کے موقع پر قربانی دیا کرتے تھے ۔ احناف کے پاس صاحب نصاب مرد ہو یا عورت عید الاضحی کے موقع پر قربانی دینا واجب ہے ۔ احادیث کریمہ میں یہ بھی آیا ہے کہ قربانی کے دنوں یعنی 10 ، 11 ، 12 ذی الحجہ کو ہر عمل سے زیادہ اللہ کو قربانی محبوب ہے ۔ قربانی کے جانور میں کوئی عیب نہ ہو اور وہ جانور صحت مند موٹا تازہ ہو گوشت حاصل کرنے کی نیت سے قربانی نہیں کرنی چاہئے بلکہ اللہ کی رضا کے لیے جانور ذبح کیا جائے کیوں کہ قرآن پاک نے واضح انداز میں کہا کہ اللہ کے پاس گوشت و خون نہیں پہونچتا ۔ تمہاری نیت پہونچتی ہے اس لیے اپنی بڑائی یا امیری ظاہر کرنے کے لیے قربانی نہیں دینی چاہئے۔ قربانی کے گوشت کے تین حصے کئے جائیں ایک غریبوں کے لیے دوسرا رشتہ داروں کے لیے اور تیسرا حصہ خود اپنے لیے رکھیں ۔ چرم قربانی پر زیادہ تر حق غریبوں ، مسکینوں لاچاروں بے سہارا افراد کا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے مرکزی جلسہ فضائل عید الاضحی کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا سید شجاعت علی سراج قادری نے جامع مسجد افضل گنج میں کیا ۔۔

 

مسلمان نام نہاد قادیانی عبادت گاہوں میں عید کی نماز نہ پڑھیں
مجلس تحفظ ختم نبوت کے ارکان و عہدیداران کا بیان
حیدرآباد۔/24ستمبر، ( پریس نوٹ ) مولانا محمد انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی، مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا محمد عبدالقوی، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی، مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی، مولانا  مصلح الدین قاسمی، مولانا محمد امجد علی قاسمی اور مولانا محمد ارشد علی قاسمی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ خود کو احمدی مسلمان اور احمدیہ مسلم جماعت کہنے والا قادیانی فرقہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آخری نبی ہونے کا منکر ہے۔ اس لئے تمام مکاتب فکر علماء و مفتیان نے اس فرقہ کو خارج اسلام کافر اور مرتد قرار دیا۔ قادیانی فرقہ کے خلاف علماء اسلام کا یہ متفقہ فیصلہ اور فتویٰ پوری دنیا کے مسلم ملکوں میں سرکاری اور قانونی طور پر تسلیم شدہ ہے۔ کفریہ عقائد اور باطل نظریات رکھنے کے باوجود یہ گمراہ فرقہ خود کو مسلمان باور کرواتا ہے اور اس کی جانب سے اپنی نام نہاد عبادت گاہوں میں عید کی نماز کا اعلان کیا جاتا ہے تاکہ ناواقف مسلمان ان کے دھوکہ و فریب میں آکر اپنے ایمان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ اس لئے تمام برادران اسلام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ قادیانی فرقہ کے دھوکہ و فریب سے ہوشیار اور چوکنا رہیں۔ ان کی نام نہاد عبادت گاہوں میں عید کی نماز نہ پڑھیں اور اپنے دوسرے بھائیوں کو بھی اس سے روکیں۔ واضح ہو کہ فلک نما، سعیدآباد، افضل گنج، بشارت نگر، سکندرآباد مولیٰ علی میں قادیانی فرقہ کی عبادت گاہیں موجود جہاں پر عید کی نماز ادا کرنے سے گریز کریں۔
فتنہ قادیانیت اور دیگر ارتدادی فتنوں کے سدباب
مجلس تحفظ ختم نبوت کی نمایاں خدمات، تعاون کیلئے علماء کی اپیل
حیدرآباد۔/24ستمبر، ( پریس نوٹ ) مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی، مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا محمد عبدالقوی، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی، مولانا خواجہ نذیر الدین سبیلی، مولانا محمد امجد علی قاسمی، مولانا مصلح الدین قاسمی اور مولانا محمد ارشد علی قاسمی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ مجلس تحفظ ختم نبوت شہر اور دیہاتوں میں فتنہ قادیانیت اور دیگر ارتدادی فتنوں کے سدباب کیلئے بہت ہی اہم اور نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ چنانچہ اس تنظیم کے تحت شہر میں عوامی اجتماعات کے علاوہ دیہاتوں میں دینی تعلیمی مکاتب کا قیام، دیہاتوں میں رہنے والے بیوہ، یتیم، معذور اور بے سہارا افراد کے درمیان ماہانہ وظائف کی تقسیم، مساجد کی تعمیر، ماہ رمضان میں افطار کا نظم اور عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کا نظم وغیرہ مختلف خدمات انجام دی جاتی ہیں۔ ان مختلف دینی و تعلیمی اور رفاہی خدمات کے اخراجات اللہ تعالیٰ کی مددو نصرت کے بعد اسباب کے درجہ میں ملت کے دردمند اہل خیر حضرات و خواتین کے مخلصانہ تعاون سے پورے ہوتے ہیں۔ اس لئے ہم تمام برادران اسلام اور دختران ملت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر اپنا چرم قربانی مجلس تحفظ ختم نبوت کو عنایت فرماکر اس کا بھرپور تعاون فرمائیں۔ تعاون کیلئے فون نمبرات 8801774902 ، 9985030527 ، 9849436632 پر ربط کریں۔