مذہبی خبریں

آج جلسہ آغاز درس بخاری شریف برائے خواتین
حیدرآباد 9 جولائی (راست) جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں 10 جولائی بروز پیر 10 بجے دن جلسہ آغاز درس بخاری برائے خواتین ڈاکٹر رضوانہ زرین پرنسپل جامعۃ المؤمنات کی صدارت میں مقرر ہے۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ فریدہ بانو، محترمہ اختر بیگم، محترمہ قمرالنساء شرکت کریں گے۔ مفتی محمد مستان علی قادری بانی و ناظم پس پردہ بخاری شریف کی پہلی حدیث مبارکہ کا درس دیں گے۔ خواتین و طالبات قدیم و جدید سے شرکت کی خواہش کی جاتی ہے۔

اصلاحی و تربیتی مجلس
حیدرآباد 9 جولائی (راست) مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 10 جولائی بروز پیر بعد نماز عشاء جامعہ اسلامیہ تجوید القرآن آزاد نگر عنبرپیٹ میں زیرصدارت الحاج حافظ محمد غوث رشیدی بانی و ناظم تجوید القرآن ٹرسٹ زیرسرپرستی مولانا شاہ محمد کمال الرحمن اصلاحی و تربیتی مجلس منعقد کی جارہی ہے۔ مولانا شاہ فضل الرحمن محمود مخاطب کریں گے۔

مجلس شہادت
حیدرآباد 9 جولائی (راست) سید علی حسین طباطبائی سرگروہ جعفری 88 کے بموجب 10 جولائی دوشنبہ بعد مغرب عبادت خانہ حسینی میں مجلس شہادت صادق آل عبا سے مولانا حیدر زیدی خطاب کریں گے۔

 

غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد 9 جولائی (راست) جناب مخلص حیدرآباد کے بموجب بزم یوسفینؒ کا غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ 10 جولائی بروز پیر 9 بجے شب بمقام درگاہ یوسفینؒ نامپلی حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ زیرسرپرستی جناب سید یداللہ حسینی گلبرگہ شریف، نگرانی جناب تاج مضطر (ورنگل) کریں گے۔ نظامت کے فرائض اطیب اعجاز انجام دیں گے۔ مہمانان خصوصی جناب طاہر گلشن آبادی، جناب شفیع قادری، جناب صابر اچل پوری، جناب زعیم ذومرہ، علی بابا درپن، نورالدین امیر، شاہ نواز ہاشمی ہوں گے۔ تمام نعت گو شعراء اور نعت خواں حضرات سے شرکت کی گزارش کی جاتی ہے۔

 

اعراس مبارک
حیدرآباد 9 جولائی (راست) حضرت الحاج غوث علی شاہ وارثی احرام پوشؒ و مریم بی وارثی المعروف اماں جان وارثیؒ کا عرس مبارک بروز پیر 10 جولائی بعد نماز مغرب قصیدہ بردہ شریف بعد نماز عشاء محفل سماع و ضرب فقراء مقرر ہے۔ بعدازاں صندل مبارک وارث گلشن سے برآمد ہوکر عثمان باغ بندل گوڑہ گشت کرتا ہوا درگاہ حضرت غوث علی شاہ وارثی احرام پوشؒ پہنچے گا۔ وہاں سے جلوس صندل برآمد ہوکر گشت کرتا ہوا آستانہ مریم بی وارثیؒ پہنچے گا۔ 11 جولائی بروز منگل آستانہ مریم بی وارثی میں مغرب تا عشاء قصیدہ خوانی ہوگی۔ 10 بجے شب تا 2 بجے شب محفل سماع ہوگی۔ بعد اختتام قل ہوگا اور تبرک کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ تمام مراسم قطب حافظ وارثی سجادہ نشین آستانہ مریم بی وارثیؒ و حضرت یزدانی حافظ وارثی انجام دیں گے۔

عرس شریف بحرالعلومؒ
حیدرآباد 9 جولائی (راست) معتمد درگاہ کمیٹی جناب محمد عنایت اللہ صدیقی اور پی آر او محمد عبدالقدیر صدیقی کے مطابق 11 جولائی تا 13 جولائی 57 واں سالانہ عرس شریف حضرت بحرالعلوم محمد عبدالقدیر صدیقی حسرتؒ کی سہ روزہ تقریب کا بمقام صدیق گلشن بہادر پورہ میں آغاز ہوگا۔ صدارت نبیرہ و سجادہ نشین بحرالعلوم حضرت حافظ محمد عبدالرزاق صدیقی آرزو کریں گے۔ نظام العمل حسب ذیل ہوگا۔ 16 شوال بروز منگل مطابق 11 جولائی بوقت 5.15 کو پرچم کشائی، بعد نماز عصر ختم القرآن، بعد نماز مغرب حلقہ ذکر و گل افشانی، بعد نماز عشاء محفل سماع اور 10 بجے شب مشاعرہ۔ 17 شوال بروز چہارشنبہ مطابق 12 جولائی بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف، بعد نماز مغرب حلقہ ذکر اور بعد نماز عشاء محفل سماع ہوگا۔ 18 شوال بروز جمعرات مطابق 13 جولائی صبح ساڑھے دس بجے ختم القرآن اور صبح ساڑھے گیارہ بجے سے محفل سماع اور آخر میں نماز ظہر ادا کی جائے گی۔ بعد نماز ظہر خواتین کا اجتماع ہوگا اور بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں سلام ادا کیا جائے گا۔