مذہبی خبریں

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں 8 جون کو بعد نماز ظہر مولانا عبدالملک المظاہری درس قرآن دیں گے ۔۔

محفل سماعت قرآن و جلسہ تقسیم اسنادات و عطائے خلعت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : مولانا قاضی محمد ناصر الدین صدیقی ( صدر مدرس ) کے بموجب مدرسہ باب العلم انوار محمدی پولیس کالونی 8 جون بعد نماز فجر تا چار بجے شام سماعت قرآن مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر مدرسہ فاطمہ الزہرا للبنات کے سال حال کے فارغین طالبات کو سرپرست و نگران محفل و مہمانان خصوصی کے ہاتھوں عطائے خلعت و اسنادات عطا کئے جائیں گے ۔ شعبہ حفظ میں دس طالبات اور شعبہ عربی میں گیارہ طالبات کورس کی تکمیل کرتے ہوئے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہیں ۔ زیر سرپرستی محل مبارک مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی و زیر نگرانی محل مبارک ڈاکٹر میر وجاہت علی و مہمان خصوصی محل مبارک مولانا سید شاہ کلیم اللہ قادری ، محل مبارک نواب یوسف الدین علی خاں ہوں گے ۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت حافظہ انیس فاطمہ ، حافظہ ہاجرہ مسرت ، حافظہ تبسم سلطانہ ، حافظہ امرین سلطانہ ، توصیف النساء و طالبات مدرسہ فاطمہ الزہرا للبنات حافظہ الماس بیگم ، حافظہ سیدہ سمرین فاطمہ ، حافظہ شاہین سلطانہ ، حافظہ سلویٰ سلطانہ ، حافظہ سمیہ سلطانہ ، حافظہ یاسمین بیگم حاصل کریں گے ۔۔

یکشبی شبینہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : جامع مسجد قطب شاہی کوکٹ پلی میں 13 رمضان زیر نگرانی جناب محمد علی یکشبی شبینہ مقرر ہے ۔ مولانا غلام احمد قریشی نماز تراویح پڑھائیں گے ۔ نماز عشاء 9-30 بجے ہوگی ۔۔

جلسہ فضائل سحر اور فضائل افطار
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے 8 جون 11 بجے دن پارس محل مصری گنج میں جلسہ فضائل سحر اور فضائل افطار منعقد ہوگا ۔ صدر اسوسی ایشن جناب محمد تمیز الدین احمد خطاب کریں گے ۔۔

ملک پیٹ میں آج عالمی جلسہ قرات قرآن کریم مصر کے قراء کی شرکت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : حافظ و قاری محمد یونس علی خاں سکریٹری دارالقرات الباسطیہ کے بموجب دارالقرات الباسطیہ قدیم ملک پیٹ کے زیر اہتمام عالمی جلسہ قرات قرآن کریم 8 جون بعد نماز تراویح (رات 10 بجے ) جامع مسجد باسطیہ قدیم ملک پیٹ پانی کی ٹانکی منعقد ہوگا ۔ صدارت مولانا محمد علی خاں بانی و صدر دارالقرات الباسطیہ کریں گے اور سرپرستی مولانا پیر زادہ سید شبیر نقشبندی بانی و محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم کریں گے ۔ جامعتہ الازہر ، قاہرہ ، مصر کے مہمان قراء کرام فضیلۃ الشیخ القادری محمد سمیر بلال ، فضیلۃ الشیخ القاری محمد احمد عبدالحافظ الدرنکی و دیگر قراء کرام اپنی مسحور کن آوازوں میں تلاوت کلام اللہ پیش کرینگے ۔۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم‘‘ سے معنون اکیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء ؓ یادگار خطابات کے سلسلہ میں 12؍رمضان المبارک بعد نماز عصر ’’ حمیدیہ‘‘ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کریں گے۔۔

 

اونگول میں جھگڑے کے بعد ہسٹری شیٹر کا قتل
حیدرآباد 7جون (یواین آئی ) آندھراپردیش کے اونگول میں جھگڑے کے بعد ہسٹری  شیٹر کے قتل کی واردات پیش آئی ۔ تفصیلات کے مطابق اونگول کے ایک رسٹورنٹ میں عارف نامی ہسٹری شیٹر اپنے ایک ساتھی ونود کے ساتھ شراب نوشی کر رہا تھا۔ اسی دوران اس کا جھگڑا وہاں شراب پینے والے ایک اور شخص سے ہوگیا۔عارف نے اس شخص کی پٹائی کردی جس کے بعد اس شخص نے اپنے دیگر 6ساتھیوں کے ساتھ عارف اور ونود پر حملہ کردیا ۔عارف کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم راستہ میں ہی اس کی موت ہوگئی جبکہ اس کا دوست ونود اس حملہ میں زخمی ہوگیا ۔ ونود نے کہاکہ عارف اور اس پر اچانک یہ حملہ کیا گیا۔ یہ واردات کل رات پیش آئی ۔ونود کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی تری وکرم ورما جائے واقعہ پر پہنچے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس حملہ سے متعلق تمام شواہد جمع کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر حملہ آوروں کی شناخت کی گئی ہے اور ان کی تلاش کا کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ جلد حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیاگیاہے ۔

 

 

جامعہ نظامیہ علم دین کی اشاعت کا قدیم ادارہ
ملت اسلامیہ کے تعاون کی سخت ضرورت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : آپ حضرات بخوبی واقف ہیں کہ علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ نظامیہ کو قائم ہوئے 146 برس کا عرصہ بیت گیا ۔ اس عظیم درس گاہ کو عالم اسلام کے بیشتر علماء نے معائنہ کیا اور اس درس گاہ کی عظمت کا اعتراف کرتے ہوئے اس کے علمی معیار کو جامعہ ازہر کے مماثل قرار دیا ۔ اس دینی درس گاہ سے اس طویل عرصہ میں بے شمار علماء پیدا ہوئے ۔ جنہوں نے نہ صرف جنوبی ہند ، بلکہ ملک اور بیرون ملک اور دنیا بھر میں دین کی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ جامعہ نظامیہ میں 1400 طلباء زیر تعلیم ہیں اور اس کے ملحقہ مدارس کی تعداد 281 ہے جن کے طلباء کی تعداد کو شامل کیا جائے تو 50 ہزار سے مائد ہوجاتی ہے ۔ جامعہ نظامیہ میں ایک دارالافتاء ہے جہاں سے عامتہ المسلمین خصوصا بیرون ممالک میں موجود حضرات ای میل کے ذریعہ اپنے شرعی سوالات کے جواب حاصل کرتے ہیں ۔ اس ادارہ کے تحت لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کلیتہ البنات بھی قائم ہے جہاں 400 طالبات تعلیم حاصل کررہی ہے ۔ اس درس گاہ کے تحت ایک مجلس اشاعت العلوم بھی قائم ہے جہاں سے بے شمار کتب طبع کی جاچکی ہیں بعض کتب تو دوبارہ اور سہ بارہ بھی شائع کی گئی ہیں ۔ جامعہ نظامیہ اپنی زر خرید جائیداد عثمان گنج پر ایک کمرشیل کامپلکس تعمیر کرنا چاہتا ہے ۔ جس کی کارروائی محکمہ بلدیہ میں زیر دوراں ہے بعد منظوری نقشہ جات تعمیر کا آغاز کیا جائے گا ۔ اہل خیر حضرات جے تعاون کی سخت ضرورت ہے ۔ جامعہ کے اسنادات عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد ، مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی حیدرآباد ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ، جامعہ ازہر مصر ، ام القری مکتہ المکرمہ ، جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ سے مسلمہ ہیں ۔ اس درس گاہ کے سالانہ اخراجات 3 کروڑ روپئے سے مائد ہیں ۔ ہر سال آمدنی و خرچ کی آڈٹ کروائی جاتی ہے ۔ اس ادارہ کو انکم ٹیکس کی جانب سے 80(G) کے تحت استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ ماہ رمضان المبارک کے مسعود موقع پر ملت اسلامیہ اور بالخصوص اصحاب خیر سے مخلصانہ اپیل کی جاتی ہے کہ وہ زکواۃ اور عطیات کے ذریعہ جامعہ کا تعاون کریں ۔ صدر مرکز جامعہ شبلی گنج اور کمرشیل کامپلکس روبرو ایس بی ایچ گن فاونڈری اور ٹولی چوکی میں یوسفین ٹمبر ڈپو 8686176469 میں زکواۃ اور عطیات جمع کرسکتے ہیں ۔ ہر جمعہ مکہ مسجد میں اور عید الفطر کے دن عیدگاہ میر عالم میں وصولی زکواۃ کے مراکز قائم کئے جاتے ہیں ۔ فون نمبرات 24576772 ۔ 24416847 ۔ 24503267 پر مطلع کریں تو کارکن آکر بعد اجرائی رسید وصولی کا کام انجام دیں گے ۔۔

 

قرانی مذاکرہ و حمدیہ طرحی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : قرآن حکیم اور ہماری زندگی پر بزم جوہر کا قرآنی مذاکرہ و حمدیہ طرحی مشاعرہ 10 جون کو دو بجے دن مسدوسی ہال مغل پورہ میں منعقدہ ہوگا ۔ صدارت مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد کریں گے ۔ مولانا ضیا عرفان حسامی اور ڈاکٹر نادر المسدوسی مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ سالانہ حمدیہ مشاعرے کی صدارت ڈاکٹر غیاث عارف کریں گے ۔ مشاعرے کے لیے مصرع طرح ’ کہتا نہ کن اگر تو اے کن فکاں کے مالک ‘ ( فکاں قافیہ ، کے مالک ردیف ہے ) دیا گیا ہے ۔ جب کہ مسرس جلال عارف ، حلیم بابر، ڈاکٹر نعیم سلیم مہمان خصوصی ہوں گے ۔ مذاکرے سے قبل انیس احمد انیس کی قرات و نعت ہوگی ۔ ڈاکٹر راہی کا کلیدی نوٹ اور نظامت ہوگی ۔ قدیم و جدید طرز اظہار کے منتخب شعراء کا تازہ طرحی کلام ہوگا افطار کا نظم رہے گا ۔۔

جماعت اسلامی دعوۃ آرگنائزرس کی نشست
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کی جانب سے دعوۃ آرگنائزرس کے لیے ایک نشست 10 جون 5-30 بجے سٹی آفس آصف نگر نزد میسکو گریڈس اسکول منعقد ہوگی ۔ دعوتی کام کرنے والے اور اس سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے یہ نشست ہوگی جس میں موجودہ حالات میں امت مسلمہ کی اہم ترین ذمہ داری اللہ کے بندوں کو اللہ کے پیغام سے واقف کروانا اور برادران وطن میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے ۔ اس لیے جماعت یہ چاہتی ہے کہ تمام مکاتب فکر کے اداروں ، تنظیموں کے ذمہ داران اس نشست میں شریک ہوں تاکہ دعوتی تجربات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی جاسکے ۔۔

 

روزہ دار کے لئے قبولیت دعا و مغفرت کی نوید
مسجدسید عبد الرزاق ؒ ضیاگوڑہ اورحمیدیہ میں ڈاکٹر سیدمحمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر جو انعامات فرمائے ہیں ان میں سب سے بڑا انعام ایمان ہے اللہ تعالیٰ کی عبادت دارین کی سعادتوں کی ضمانت ہے۔ عبادت قرب حق تعالیٰ کا حیلہ اور مقصد تخلیق کی تکمیل کا ذریعہ ہے۔ معبود حقیقی کی عبادتوں میں نماز، زکوٰۃ، روزہ اور حج کو تمام پر تفوق و فضیلت ہے ان عبادات میں روزہ کی منفرد شان اور حیثیت ہے۔ یہ فریضہ ماہ رمضان المبارک میں ادا ہوتا ہے۔ حق رسی کے جس قدر طریقے اور راستے ہیں ان میں روزہ سب سے سہل اور قریبی ذریعہ ہے جس کا فیضان دائمی ’’تقویٰ‘‘ہے اور جس کا حصول مومن کے لئے شرف عظیم ہے۔ خوف الٰہی،تعمیل احکام حق، معروف کو اختیار کرنا اور منکرات سے احتراز تقویٰ کے روشن پہلو ہیں۔ اہل علم نے اس طرح بھی وضاحت فرمائی ہے کہ حق پسندی اس کا جوہر اور باطل سے بے زاری اور بے تعلقی، شرک و کفر و بدعات، عصیاں، سرکشی، غرور و تکبر سے بیگانگی اس کی پہچان ہے۔ اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور سنت حبیب کبریا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو اپنا لینے کی راہ میں ہر رکاوٹ کو دور کرنا، دنیا اور دنیوی معاملات میں الجھ کر حدود شرع سے تجاوز نہ کرنا تقاضئہ صالحیت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی محبت اور رسول اللہ ؐسے سچی وابستگی کی دلیل بندہ کا تمام برائیوں ، بدخلقی اور ایسی ہر سرگرمی سے الگ ہو جانا ہے جو کتاب و سنت کے احکام و ارشادات کے منافی ہوں۔ متقی بندے اطاعت گزار اور تسلیم ورضا، اخلاص عمل کے روشن نمونے ہوا کرتے ہیں اور حصول تقویٰ کا ایک نہایت موثر وسیلہ عبادت صوم ہے جس کے باعث روزہ دار صفات ملکوتی کا آئینہ دار بن جاتا ہے۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے بعد نماز ظہر مسجد سید عبد الرزاق  ؒاور بعد نماز عصر حمیدیہ سبزی منڈی میں اکیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء سیف شرفی  ؒ یادگار خطابات کے اجلاسوں میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ متقی ، مقبول بارگاہ الٰہی ہوتا ہے۔ وہ ہمہ وقت رضاے حق کا طالب رہتا ہے اور ایک ذرہ برابر منشاء رب کے خلاف کوئی کام نہیں کرتا اچھے سے اچھے اعمال کے باوصف وہ ’’فضل‘‘پر نظر رکھتا ہے متقی اور عجز و فروتنی کا پیکر ہوتا ہے وہ اپنی صالحیت، نیکی اور اعمال خیر کے باوجود اپنے آپ کو دوسروں سے ممتاز تصور نہیں کرتا بلکہ اطاعت حق اور اتباع رسالت پناہیؐ میں اور اخلاص و انہماک کا آرزومند رہا کرتا ہے خوف الٰہی سے ہمیشہ لرزاں ہونا اسے اجر عظیم اور ثواب کثیر کا مستحق بنا دیتا ہے۔ روزہ دار بلا شبہ انوار تقویٰ سے شرف یاب ہوتا ہے متقی کی پہچان یہ ہے کہ وہ جائز اور حلال امور کی انجام دہی میں زیادہ مستعد و سرگرم اور حرام و ناجائز باتوں اور کاموں سے قطعاً بے تعلق اور دور رہا کرتا ہے۔

 

مکہ مسجد میں کل ہند سنی علماء بورڈ کا جلسہ یوم القرآن
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : کل ہند سنی علماء بورڈ کا مرکزی جلسہ یوم القرآن 9 جون بروز جمعہ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان بورڈ کی صدارت میں مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد جعفر کی قرات ، حافظ محمد غوث عادل اور محمد مصعب پاشاہ دانش کی نعت شریف سے ہوگا ۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر مفتی عبدالواسع احمد صوفی صدر سٹی سنی علماء بورڈ انجام دیں گے ۔ خیر مقدمی کلمات جناب محمد فاروق علی خاں ایڈوکیٹ ادا کریں گے ۔ علماء کرام مفتی محمد حسن الدین ، پروفیسر سید محمد تنویر الدین خدانمائی ، مفتی محمد مستان علی ، مفتی محمد کاظم حسین نقشبندی ، مولانا محمد صلاح الدین قادری ، مولانا محمد رفعت اللہ خاں مخاطب کرینگے ۔۔

 

مسجد عامرہ عابڈس میں نماز تراویح
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( راست ) : مسجد عامرہ ( عابڈس ) میں 12 رمضان سے نماز تراویح میں حافظ محمد عثمان 2 پارے سنائیں گے ۔ نماز عشاء 8-30 بجے اور نماز تراویح 8-45 پر ہوگی ۔۔