مذہبی خبریں

کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کا مشاورتی اجلاس
مرکزی جلسہ شب برات کے انتظامات کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کا مشاورتی اجلاس 11 مئی کو میلاد میدان روبرو خلوت پیالیس مرکزی جلسہ شب برات کے انعقاد کے انتظامات کے سلسلہ میں کل شام شالیمار فرنیچر نامپلی میں صدر کمیٹی الحاج خواجہ معین الدین اقبال قادری ملتانی کی زیر نگرانی منعقد ہوا ۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر انتظامات کو قطعیت دیتے ہوئے طئے کیا کہ اس اجلاس میں مقامی علمائے دین کے علاوہ شمال و جنوب ہند کے علماء کو بھی مدعو کیا جائے ۔ جناب محمد مجید میاں کو ذمہ داری دی گئی ۔ پروگرام کے مشاہدہ کے لیے بھی جگہ جگہ کلوز ٹی وی اسکرین نصب کیے جائیں گے ۔ ٹھنڈا پانی کے کاونٹرس رہیں گے ۔ جلسہ گاہ والینٹرس تعینات رہیں گے ۔ اس سلسلہ میں مختلف ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جس کا انچارج جناب شیخ عبید العمودی کو بنایا گیا ۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ ( معتمد کمیٹی ) نے قبل از وقت تمام تیاریاں مکمل کرلینے کی ارکان کمیٹی کو ہدایت دی ۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں قابل ذکر جناب خواجہ معین الدین اقبال ملتانی ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ ، جناب سید محمد شجاعت حسین قادری ، جناب حاجی محمد رؤف میمن ، جناب محمد آدم اشرفی ایڈوکیٹ ، جناب خضر محمد خاں ایڈوکیٹ ، جناب محمد شریف اشرفی ، جناب خضر محمد خاں ، جناب محمد طاہر تاجر چرم و دیگر حضرات موجود تھے ۔ آخر میں دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔۔

 

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : بیت الخیر چوتھی منزل انجمن گراونڈ ملے پلی میں جمعرات 4 مئی کو بعد نماز مغرب ڈاکٹر محبوب فرید سلسلہ وار درس قرآن میں سورۃ القصص کے ساتویں رکوع آیات 61 تا 75 کا درس دیں گے ۔ جناب محمد شفیع اسلامی لٹریچر سے اقتباسات پیش کریں گے ۔ خواتین کے لیے علاحدہ نشست کا انتظام رہے گا ۔۔

لجنتہ العلماء کی مجلس عاملہ کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا عبید اللہ مفتاحی نائب معتمد عمومی لجنتہ العلماء تلنگانہ و اے پی کے بموجب لجنتہ العلماء کی مجلس عاملہ کا اجلاس 4 مئی بعد نماز عشاء مدرستہ البشیر ، یاقوت پورہ مقرر ہے ۔ اس اجلاس کی صدارت مولانا عبدالملک المظاہری صدر لجنتہ العلماء کریں گے ۔۔

جلسہ دستار بندی و اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : مولانا محمود الحسن سبیلی ناظم مدرسہ کے بموجب مدرسہ صفتہ المسلمین ناچارم کا سالانہ جلسہ دستار بندی و اصلاح معاشرہ 7 مئی اتوار بعد نماز مغرب متصلا کمیونٹی ہال نزد عیدگاہ ناچارم ولیج میں زیر صدارت مولانا شمیم آزاد قاسمی منعقد ہوگا ۔ مفتی محمد اکرم رحمانی قاسمی اور مفتی عبدالودود مظاہری مہمان خصوصی ہوں گے ۔ مولانا محمد خالد قاسمی تکمیل حفظ قرآن کرائیں گے ۔ دیگر مقررین میں مفتی اشرف علی قاسمی ، مفتی تنظیم عالم قاسمی ، مولانا منور علی سلطانی ، قاضی مسعود عالم قاسمی شامل ہیں ۔ مولانا سرفراز احمد قاسمی نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ ناظم مدرسہ مولانا محمود الحسن مہمانوں کا خیر مقدم کریں گے اور مدرسہ کا تعارف کرائیں گے ۔ جناب احسن رضا ایڈیشنل ڈی جی پی آندھرا بھی شرکت کریں گے اور رونق اجلاس ہوں گے ۔۔

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام مرکزی اجتماع 4 مئی بعد نماز عشاء شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مولانا مفتی محمد آصف بلال قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

حلقہ ذکر الہٰی و نعت شاہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : حلقہ ذکر الہٰی و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری آستانہ مینائی پھول باغ ، جہاں نما بروز جمعرات بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔۔

بزم یوسفینؒ کا نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : بزم یوسفینؒ کا نعتیہ مشاعرہ 7 مئی اتوار 10 بجے شب درگاہ یوسفینؒ میں منعقد ہوگا ۔ شعراء کرام اور نعت خواں حضرات حصہ لیں گے ۔ شعراء کرام نعت خواں حضرات اور سامعین سے شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔۔
جلسہ سیرت النبیؐ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبیؐ جمعرات 4 مئی کو 10-30 بجے صبح پرکاشم ہال گاندھی بھون میں منعقد ہوگا ۔ صدر قومی سالمیت کمیٹی جناب ایس کے افضل الدین جلسہ کی نگرانی کریں گے ۔ اس موقع پر حیدرآباد اور اضلاع تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کو تکمیل حفیظ قرآن مجید اور حفاظ بننے کا اعزاز پانے پر دستار بندی کی جائے گی ۔ مولانا محمد مستان علی قادری اور مولانا یعقوب کلیم مہمانان خصوصی ہونگے مولانا محمد صلاح الدین قادری انواری اور مولانا سید فرید الدین قادری مخاطب کریں گے ۔۔
ماہانہ نعتیہ محفل پاکؐ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : مسجد بلالؓ ہاشم نگر ہاشم آباد عقب فلک نما پیالیس میں ماہانہ نعتیہ محفل پاک 7 مئی اتوار 1-30 بجے دن بعد نماز ظہر سید ابوالحسن ہاشمی بیابانی تمنا کی زیر نگرانی منعقد ہوگی ۔ مولانا عبدالباسط کی قرات کلام پاک کے بعد میر وقار الدین علی خاں ’ شعبان المعظم کی عظمت و فضیلت ‘ پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔ بعد ازاں حیدرآباد کے شعراء و نعت خواں اپنا کلام پیش کریں گے ۔۔

تکمیل حفظ قرآن مجید جلسہ استقبال
رمضان و اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : حافظ غلام کبریا فیضی سیوا نگری کے بموجب 9 مئی بعد نماز مغرب احاطہ جامعہ عربیہ سیوا نگر پٹن چیرو میں انجمن بزم ابراہیم اصلاح البیان کا سالانہ اختتامی اجلاس و تکمیل حفظ قرآن مجید و جلسہ استقبال رمضان و اصلاح معاشرہ زیر سرپرستی مولانا محمد سمیع الدین قاسمی نرسا پوری ، الحاج محمد خواجہ بابر سرپرست جلسہ زیر نگرانی ، مولانا غلام مصطفی قاسمی الحاج یس ایم شریف ، زیر صدارت حافظ محمد وزیر علی منعقد ہوگا ۔ مہمان مقرر مولانا محمد زبیر احمد خاں رشادی ، مفتی محمد شفیع ندوی نقشبندی کے خطابات ہوں گے ۔ مولانا محمد ذکی الدین راہی حسامی نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ مولانا محمد منظور حسین افتتاحی کلمات پیش کریں گے ۔۔

 

ماہ شعبان عبادت و مغفرت کا مہینہ ، گناہ سے بچنے پر زور
جامع مسجد بالا نگر میں اجتماع ، مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : شعبان المعظم عبادت و مغفرت کا مہینہ ہے یہ وہ مقدس مہینہ ہے جس کی خیر و برکت سے گنہگار اپنے دامن کو رحم خداوندی سے بھر سکتے ہیں ۔ قرآن مجید میں اللہ کا ارشاد ہے اے ایمان والو توبہ کرو سچی توبہ ۔ گناہ ہوتے ہی گناہ پر ندامت کا اظہار کرنا اور معافی کے لیے گڑگڑانا سچے پکے مومن کی علامت ہے حضورؐ نے فرمایا گناہوں سے توبہ کرنے والا ایسا ہے جیسا کہ اس نے گناہ کیا ہی نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی نے جامع مسجد ایر فورس گوتم نگر بالا نگر میں منعقدہ مسلمانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے کہا حضرت انسؓ سے روایت ہے حضورؐ نے ارشاد فرمایا رمضان کے بعد سب سے بہتر شعبان کے روزے ہیں اور کہا کہ مسلمان اپنے اموال کی زکواۃ اس ماہ میں نکالا کریں تاکہ غریب و مسکین لوگ فائدہ اٹھا سکیں ۔ مولانا نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ اپنے گناہوں پر نادم ہو کر رجوع الی اللہ ہوں اور گڑگڑا کر توبہ کریں ۔ اپنے مولیٰ کو راضی کریں ۔ آئندہ گناہ نہ کرنے کا عزم کریں ۔ نیک اعمال کے ذریعہ ماہ رمضان کا استقبال کریں ۔ مولانا راہی کی دعا پر اختتام ہوا ۔۔

 

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 4 مئی جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا موسی خان ندوی مخاطب کرینگے ۔۔

جلسہ فضائل شعبان و شب برات
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : جلسہ فضائل شعبان و شب برات اور ماہانہ فاتحہ حضرت سید محمد جیلانی قادری کلیمی کی آستانہ قطب صاحب نزد لوہے کا چارمینار ہائی ٹیک سٹی میں مقرر ہے ۔ نگرانی مولانا سید محمد غوث قادری کلیمی کریں گے ۔ بعد عشاء محفل قصیدہ بردہ شریف ، پیشکشی چادر گل دعا سلام اور جلسہ کو علمائے کرام مخاطب کریں گے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( راست ) : عرس مبارک حضرت سید شبیر الدین شاہ الحسنی الحسینی القادری کا 9 شعبان کو احاطہ درگاہ شریف بالا پور میں مقرر ہے ۔ سرپرستی مولانا سید شاہ بشیر الدین الحسینی القادری المعروف بڑے صاحب اور نگرانی مولانا سید شاہ رشید الدین الحسینی مشائخ بالا پور و صدر انتظامی کمیٹی کریں گے ۔ پروگرام کے مطابق 9 شعبان کو بعد عصر قصیدہ بردہ شریف ، بعد مغرب برآمدگی ، صندل مالی ، پیشکشی چادر گل غلاف شریف سجادہ نشین درگاہ حضرت سید امام علی شاہ ، سید شاہ نصرت ہاشمی الحسنی القادری انجام دیں گے ۔ بعد عشاء محفل نعت پاک مقرر ہے ۔ اختتامی جلسہ 10 شعبان اتوار کو مقرر ہے ۔۔