مذہبی خبریں

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 17 ستمبر کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔۔

حلقہ ذکر الہیٰ و نعت شاہ کونینﷺ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : حلقہ ذکر الہیٰ و نعت شاہ کونینﷺ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری واقع آستانہ مینائی پھول باغ جہاں نما میں 17 ستمبر کو بعد عشاء مقرر ہے ۔۔

مجلس حلقہ ذکر و فکر
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : ہفتہ واری مجلس حلقہ ذکر و فکر جمعرات 17 ستمبر کو بعد نماز عشاء قیام گاہ مولانا سید ارشد پاشاہ قادری واقع نزد خواجہ ہوٹل تاڑبن میں مقررہے ۔ حافظ سید فصیح اللہ قادری کی قرات ، بزرگ نعت خواں خواجہ احمد علی شاہ کی نعت شریف کے بعد ذکر کا آغاز ہوگا ۔۔

 

جلسہ فضائل عشرہ ذی الحجہ و محفل نعت
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کے زیر اہتمام جمعرات 17 ستمبر کو بعد نماز عشاء مدرسہ شمس العلوم ایل این نگر یوسف گوڑہ میں جلسہ فضائل عشرہ ذی الحجہ و محفل نعت مقرر ہے ۔ مولانا پیر صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری سرپرستی کریں گے اور قاضی مولانا شیخ قادر محی الدین نظامی خطاب کریں گے ۔ جناب محمد زاہد قادری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔

تلنگانہ پنشنرس سماج کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : جناب سید نور الانبیاء حسینی آرگنائزنگ سکریٹری تلنگانہ پنشنرس سماج کے بموجب پنشنرس سماج کا اجلاس جناب جی ست نارائن صدر سماج کی صدارت میں اتوار 20 ستمبر کو 11 بجے دن بمکان سابقہ صدر ڈاکٹر ین آر وی سوامی واقع شانتی نگر مقرر ہے ۔ جناب محمد حسن جنرل سکریٹری رپورٹ پیش کریں گے ۔ وظیفہ یاب حضرات سے شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔۔

ادارہ ادب اسلامی کا طرحی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : ظفر فاروقی کی اطلاع کے بموجب ادارہ ادب اسلامی کا ماہانہ طرحی مشاعرہ اتوار 20 ستمبر رات 8 بجے چھتہ بازار زیر صدارت شاعر سردار بلبیر سنگھ ہوگا ۔ مہمانان خصوصی میں اجمل محسن ، اسلم فرشوری اور فرید الدین صادق ہوں گے ۔۔

درس تفسیر قرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : درس تفسیر قرآن کلاس برائے خواتین روزانہ 12 تا 3 بجے دن قیام گاہ سید سمیع اللہ واقع روبرو مسجد قوت الاسلام قاضی پورہ میں تفسیر نعیمی کا درس مفتیہ سعیدہ فاطمہ بیان کریں گی ۔۔

درود شریف کی محفل و سماع
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : خانقاہ صوفی ابوالعلائی مصری گنج روبرو مسجد پیارو میاں میں بروز جمعرات 17 ستمبر کو بعد نماز عشاء خاتمہ خواجگان اور درود شریف کی محفل الحاج محمد زبیر چشتی صوفی ابوالعلائی کی نگرانی میں منعقد ہوگی ۔۔

 

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری مرکزی اجتماع بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ اجتماع کا قرات کلام پاک سے آغاز ہوگا ۔ مبلغین تحریک اسلامی نعت شریف پیش کریں گے ۔ نگران تحریک مولانا محمد فاروق قادری فضائل ذی الحجہ اور قربانی پر خصوصی خطاب کریں گے ۔۔

فاتحہ حضرت خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : حضرت محبوب الہ خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ کے ماہانہ فاتحہ 2 ذی الحجہ کو درگاہ شریف حضرت محبوب گلشن سرور نگر میں مقرر ہے ۔ چار بجے شام تلاوت کلام اللہ ، ختم خواجگان ، محفل درود شریف ، فاتحہ بعد مغرب سماع کی محفل منعقد ہوگی ۔ بعد سماع سلام بحضور اکرام آقائے دو جہاں ﷺ میں پیش کیا جائے گا ۔۔

جلسہ یاد ابراہیم ؑ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کی اطلاع کے بموجب 17 ستمبر بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم ، آزاد نگر ، عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ یاد ابراہیم ؑ منعقد ہے ۔ مولانا محمد عبدالقوی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : حضرت سید شاہ محی الدین صابری کا عرس شریف 17 ستمبر بروز جمعرات بعد مغرب بہرام گوڑہ کرمن گھاٹ میں مقرر ہے ۔ صندل مالی کی رسم سجادہ نشین انجام دیں گے ۔۔

 

جشن خاتون جنت
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : عبادت خانہ حسینی دارالشفاء میں 2 ذی الحجہ کو 10 بجے شب جشن خاتون جنت سے مسرس انیس نقوی ، نایاب ہلوری ، تقی الدین حیدر جعفری اخباری ، سید حسن عباس ہاشم عابدی ، سید محمد کاظم عباس عابدی ، مولوی سید رضی الدین حیدر جعفری اخباری نذرانہ پیش کریں گے ۔۔
٭٭    غدیر مولا یاقوت پورہ میں 2 ذی الحجہ کو بعد مغربین جشن خاتون جنت مقرر ہے ۔ مدعو شعراء کرام نذرانہ پیش کریں گے ۔۔

 

حمیدیہ میں آج
دوسری محفل سیرت حضرت ابراہیم ؑ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( آئی ہرک ) اور انتظامی کمیٹی حضرت تاج العرفاء کے زیر اہتمام جاری یکم تا 9 ذی الحجہ سالانہ محافل سیرت حضرت ابراہیم ؑ ، سلسلہ کی آج بروز پنجشنبہ دوسری محفل صبح 8 بجے بمقام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم منعقد ہوگی ۔ جس کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاء کریں گے ۔ مولانا سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے علاوہ نگران محفل کے خطابات ہوں گے ۔۔

 

جامعہ نظامیہ علم دین کا مضبوط قلعہ ، عیدالاضحی کے موقع پر بھرپور تعاون کریں
مولانا حافظ محمد عبد اللہ قریشی ازہری نائب شیخ الجامعہ نظامیہ کی اپیل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : مولانا حافظ محمد عبد اللہ قریشی ازہری خطیب مکہ مسجد ونائب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ نظامیہ مسلسل 144 سال سے علم دین کی اشاعت اور ملت اسلامیہ کی دینی رہبری میں شب و روز مصروف ہے۔ جامعہ نظامیہ سے علماء کبار پیدا ہوے جو اپنے علمی کارناموں درس و تدریس‘ مواعظ و نصائح‘ تصنیف و تالیف اور تصحیح و تعلیق کے ذریعہ ہند و بیرون ہند اسلام اور مسلمانوں کی بے لوث خدمات انجام دیتے آرہے ہیں۔ ان علماء نے اخلاص ‘یکسوئی اور سچی لگن سے تدریس و تعلیم کے فرائض انجام دئیے۔ ہندوستان اوردیگر ممالک کے لاکھوں طلباء نے بھی یہاں سے اکتساب علم کیا۔ وقت اور اثرات کے لحاظ سے ہندوستان کا جامعہ ازہر کہا جاے تو بیجا نہ ہوگا۔جامعہ نظامیہ جو مغربی تہذیب کی یلغار میں علوم اسلامیہ کی اشاعت کا ایک مضبوط ادارہ دینی تہذیب اور علمی ورثہ کا محافظ ثابت ہوا۔الحمدللہ جامعہ نظامیہ 125  سالہ جشن کے موقع پر با مقصد دس نکاتی ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا تھا جس میں اہم ترین کلیۃ البنات (لڑکیوں کا کالج) کا قیام تھا الحمد للہ اس کالج کا قیام عمل میں لایا قاضی پورہ میں ایک وسیع جدید ترین عمارت میں یہ کالج قائم ہے۔یہاں 500 سے زائد طالبات اعلی دینی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔اس وقت Ph.d. تک تعلیم کا انتظام ہوچکاہے ۔ اس وقت جامعہ میں 700 سے زائد طلباء کا مفت قیام و طعام کے ساتھ تعلیم کا انتظام ہے جامعہ کے ریاست اور بیرون ریاست ملحقہ مدارس کی تعداد261 ہے جہاں پر ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کیلئے طلباء جامعہ میں داخلہ لیتے ہیں ۔ آخر میں میر ی ملت اسلامیہ سے اپیل ہے کہ جامعہ نظامیہ کے تعاون کیلئے آگے آئیں اور عید الاضحی کے موقع پر چرم قربانی کے ذریعہ جامعہ کا تعاون کریں ۔چرم قربانی محلہ واری ذیلی مراکزپر جمع کریں یا 24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع فرمائیں تو کارکن آکر حاصل کرلیں گے ۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید شاہ محمد محبوب حسینی بندہ نوازیؒ ریلوے اسٹیشن قدیم ملک پیٹ کا 17 ستمبر جمعرات بمقام کاشانہ حسینی ملک پیٹ قدیم بعد نماز عصر محفل سماع بعد نماز مغرب برآمد صندل مبارک درگاہ شریف رسم صندل مالی بدست حضرت سجادہ نشین سید قدرت اللہ حسینی بندہ نوازی ( قدیر پاشاہ ) انجام دیں گے ۔ بعد نماز عشاء تناول تبرک و محفل سماع ہوگی ۔ 18 ستمبر بعد نماز عشاء محفل چراغاں و نعتیہ مشاعرہ زیر نگرانی حضرت سجادہ نشین منعقد ہوگا ۔۔