مذہبی خبریں

قرآن رہتی دنیا تک سرچشمہ ہدایت
نظم وحی پر توسیعی لکچر ، جناب محمد ظہیرالدین کا خطاب
حیدرآباد /12 اپریل ( پریس نوٹ ) 8 اپریل کو کو اقبال اکیڈیمی کے زیر اہتمام محفل اقبال منعقد ہوئی ۔ صدارت شاعر مصحف اقبال توصیفی نے کی ۔ اس نشست میں صدر اقبال اکیڈیمی جناب محمد ظہیرالدین نے اقبال کی نظم ’ وحی‘ پر ایک توسیعی لکچر دیا ۔ نظم ’ وحی‘ اقبال کے آخری دور کے مجموعہ کلام ضرب کلیم میں شامل ہے اور اپنے اختصار اور جامعیت کی بناء پر نہایت متاثرکن نظم ہے ۔ فاصل مقرر نے کہا کہ اقبال انسانی عقل کو امامت اور رہنمائی کا اہل نہیں سمجھتے ۔ عقل محض انداز سے اور تخمین وظن پر انسان کو زندگی گذارنا سکھاتی ہے ۔ زندگی ایک تاریک رات کی طرح ہے ۔ اس شب تاریک کو روشن کرنے کیلئے نور الہی اور ایسی سیرت طیبہ اور اسوہ حسنہ کی ضرورت ہے جو انسان کو قدم قدم پر گمراہی سے بچائے اورصراط مستقیم پر گامزن کرے ۔ یہی سبب ہے کہ ابتدائے آفرینش سے اللہ نے اپنی برگزیدہ ، ہستیوں کو انبیاء بناکر بھیجا اور صحالف آسمانی نازل فرمائے ۔ سب سے آخر میں سب سے زیادہ مکمل صحیفہ الہی قرآن مجید خاتم النبین حضرت محمد مصطفی ﷺ پر نازل ہوا جو رہتی دنیا تک سرچشمہ ہدایت رہے گا ۔ زندگی کے اسرار و رموز سے آگہی کیلئے عقل ناکام رہتی ہے ۔ کیونکہ وہ شارح اسرار حیات نہیں ۔ صدر جلسہ جناب مصحف اقبال توصیفی نے اپنے صدارتی کلمات میں ظہیرالدین کی تقریر اور ان کے پیش کردہ نکات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر وحی ایک مختصر نظم ہے لیکن اس نظم میں معافی کا ایک سمندر پنہاں ہے ۔ اقبال کی فکر نہایت وسیع ہے اور ان کی ہر نظم اپنی جگہ نہایت مکمل ہوتی ہے ۔ انہوں نے قرآن کا مطالعہ پوری گہرائی سے کیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے کلام میں ایسے ایسے نکتے ملتے ہیں جن سے قاری کو اپنی روح میں بالیدگی کا احساس ہوتا ہے ۔ نظم وحی بھی صحالف آسمانی وار بالخصوص قرآن مجید سے رہنمائی کا درس دیتی ہے ۔ آج کی دنیا میں جب کہ انسانیت کو سکون قلب کی شدید ضرورت ہے اقبال کا کلام ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ محفل کا آغاز قاری سید فرقان احمد کی قرات کلام سے ہوا ۔ ولی الدین سکندر کے شکریہ پر محفل اختتام کو پہونچی ۔ باذوق سامعین کی قابل لحاظ تعداد جلسے میں شریک تھی ۔

عرس شریف
حیدرآباد /12 اپریل ( راست ) عرس شریف حضرت صوفی شاہ محمد صابر علی قبلہ ابوالعلائیؒ بتاریخ 14 اپریل بعد نماز مغرب صندل مالی و محفل سماع زیر نگرانی مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت شیخ جی حالی عقب پتھر گٹی اردو شریف مقرر ہے ۔

جامعہ اسلامیہ ابی ابن کعب کے زیر اہتمام جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید
حیدرآباد /12 اپریل ( پریس نوٹ ) مولانا حافظ محمد فہیم الدین بانی و ناظم جامعہ اسلامیہ ابی ابن کعب حیات نگر نے بتایا کہ جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم اور قومی یکجہتی اسٹیٹ لیول کانفرنس کا اس سال 23 اپریل کو 7.30 بجے شب احاطہ جامعہ ا سلامیہ ابی بن کعب حیات نگر منعقد ہوں گے ۔ مرکزی وزیر مسٹر بنڈارو دتاتریہ ، جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ، جناب مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ ، جناب محمد علی شبیر قائد اپوزیشن لیجسلیچر کونسل تلنگانہ جناب محمد سلیم ،صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ جناب سید فاروق حسین جناب محمد فریدالدین ایم ایل سیز ، مولانا سید معصوم ثاقب ، مولانا مفتی محمد شاہد قاسمی ، مولانا محمد مجاہد ہلال اعظمی ، مفتی عبداللہ خان قاسمی ، مفتی فاروق ، مفتی الطاف حسین قاسمی ، جناب بابا فصیح الدین ڈپٹی مئیر جناب ملاریڈی ایم پی ، مسٹر کشنیا ایم ایل اے ، جناب میر عنایت علی باقری صدرنشین سٹ ون تلنگانہ ، جناب اے کے خان مشیر حکومت تلنگانہ ، مسٹر رام گوڑ ، انچارج ٹی آر ایس پارٹی ، جناب سدھیر ریڈی سابق ایم ایل اے ، جناب رویندر ریڈی سابق کارپوریٹر حیات نگر بھی خطاب کریں گے ۔