مذہبی خبریں

حفظ قرآن و ناظرہ کی کلاسیس
حیدرآباد /29 مارچ ( راست ) ادارہ فیض الاسلام سعیدآباد کا قیام عمل میں آچکا ہے ۔ ادارہ میں چھوٹے بچوں اور بچیوں کو تجوید کے ساتھ نورانی قاعدہ ناظرہ قرآن مجید دینیات اور اردو حساب کی تعلیم کیلئے داخلہ شروع ہوچکے ہیں ۔ جو طلباء اسکول کی تعلیم ترک کرکے حفظ قرآن مجید اردو دینیات اور اخلاقیات کا درس چاہتے ہیں ان کیلئے ماہر اساتذہ کی نگرانی میں نظم کیا گیا ہے ۔ مزید تفصیلات کیلئے ناظم ادارہ حافظ سید نور محمد فیضی سے فون نمبرات 9849585816/ 9703530973 پر ربط کرسکتے ہیں ۔

مدرسہ انوار مصطفی میں اسپوکن عربک و تعلیم بالغان
حیدرآباد /29 مارچ ( راست ) مدرسہ انوار مصطفی واقع عائشہ ہائی اسکول تالاب کٹہ میں اسپوکن عربک و تعلیم بالغان کے کلاسیس کا آغاز ہورہا ہے ۔ اوقات تعلیم رات 7 تا 10 بجے شب ہوں گے ۔ 12 سال سے زائد عمر کے مرد و خواتین ہی شرکت کرسکتے ہیں ۔ بیرون ملک جانے والے عربی زبان میں بات چیت کے خواہشمند حضرات اس موقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں ۔ تعلیم بالغان میں مسائل عبادات ( وضو ، تمیم ، غسل وغیرہ نماز ( عملی مشق ) روزہ زکوۃ ، حج و عمرہ حفظ سورتیں 140 احادیث چالیس دعائیں وغیرہ پر مشتمل کورس ہے ۔ 2 اپریل بعد نماز مغرب ان کلاسیس کا افتتاح عمل میں آرہا ہے ۔ تفصیلات کیلئے مولانا محمد آصف الدین کامل جامعہ نظامیہ سے ربط پیدا کریں ۔ 9573956862/ 9440362822۔

مجلس درس قرآن
حیدرآباد /29 مارچ ( راست ) قرآن مجید ارشاد فرماتا ہے کہ غصہ پر قابو پانے والے اور لوگوں کی خطاؤں کی معاف کرنے والے احسان مند اللہ تعالی کو بے حد پسند ہیں ۔ سورۃ ال عمران چوتھا پارہ ) حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ غصہ ایمان کو ایسا برباد کردیتا ہے جیسے ایلوا شہید کو خراب کردیتا ہے ۔ حضرت ابوہریرہ نے کہا کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ بہادر وہ نہیں جو پہلوان ہو اور دوسرے کو پچھاڑدے بلکہ بہادر وہ شخص ہے جو غصہ کے وقت اپنے آپ کو قابو میں رکھے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا قاری محمد مبشر احمد رضوی نے مدرسہ دینیہ غوثیہ رضویہ واقع نیو  حکیم پیٹ میں منعقدہ مجلس درس قرآن کے اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا مبشر احمد رضوی نے غصہ کے علاج تعلق سے سرکار دو عالم ﷺ کا فرمانِ زیشان بیان کرتے ہوئے کہا کہ غصہ آجائے تو فوراً وضو کرلے اس لئے کہ بے محل اور مضر غصہ دلانے والا شیطان ہے چونکہ شیطان آگ سے پیدا کیا گیا ہے اور غصہ کی آگ کو صرف وضو کا پانی ہی بجھاسکتا ہے ۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 29 مارچ ۔ (راست ) حبیب طالب بن عمر العطاس کی اطلاع کے بموجب حضرت العلامہ مولانا حبیب عبداﷲ بن عیدروس العطاس العلوی الحسینی کا 97 واں عرس مبارک یکم رجب المرجب ۱۴۳۸ھ کو زیرنگرانی حبیب حسن بن یوسف رفیع المرغنی بانی و صدر بزم ریاض مدینہ عظیم الشان پیمانے پر منعقد ہوگا۔ تقریبات عرس کا آغاز بعد نماز عصر ختم قرآن و برآمدگی صندل شریف از آستانہ ٔ العطاسیہ واقع ایرہ کنٹہ روبرو حبیب مشن اسکول قریب حبیب گارڈن فنکشن ہال سے ہوگا ۔مراسم صندل مالی کے فرائض سجادہ نشین و متولی خلیفۂ بانوا حبیب عمر بن عبداﷲ العطاس قادری صبغت اﷲ شاہ المعروف حبیب فاروق العطاس انجام دیں گے ۔ بعد مغرب طعام تبرک برائے خاص و عام اور بعد عشاء محفل نعت و قصیدہ بردہ شریف کا آغاز جماعت نور محمدی ؐ بارکس (حبیب مسعود ) سے ہوگا ۔ شہر حیدرآباد کے مشہور و معروف ثناء خوان رسول ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔ حضرت سید اولیاء حسینی المعروف مرتضیٰ پاشاہ و مولانا حبیب سہیل بن سعید العیدروس اولیاء کرام کے فضائل و مناقب بیان کریں گے۔ وابستگان و محبان اولیاء سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔

 

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد /29 مارچ ( راست ) مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کی اطلاع کے بموجب بتاریخ 30 مارچ بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صرائط مستقیم آزاد نگر عنبرپیٹ حیدرآباد میں زیر صدارت مولانا محمد زکریا فہد قاسمی ، نائب صدر تجوید القرآن ٹرسٹ ، عظیم الشان پیمانے پر جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس جلسہ کی کارروائی مولانا عبیداللہ جابر چلائیں گے ۔

اجتماع زیارت قائد ملت نواب بہادر یار جنگؒ
حیدرآباد /29 مارچ ( راست ) حضرت قائد ملت نواب محمد بہادر یار جنگؒ کی برسی کے موقع پر مرکزی انجمن مہدویہ کی جانب سے قائد مرحوم کی مزار حظیرہ سیدنا حضرت بندگی میاں شاہ قاسم مجتہد گروہؒ پر اجتماعی زیارت 4 رجب مطابق 2 اپریل بروز اتوار بوقت 5 بجے شام زیر قیادت جناب عادل محمد خان مہدوی صدر مرکزی انجمن مہدویہ مقرر ہے۔ تمام مسلمانوں سے خواہش کی جاتی ہے کہ بپابندی وقت اجتماعی زیارت میں شرکت فرمائیں ۔

سالانہ فاتحہ حضرت خواجہ غریب نواز
حیدرآباد /29 مارچ ( راست ) سالانہ فاتحہ حضرت خواجہ غریب نواز 30 مارچ بروز جمعرات بعد عشاء بمقام قادری آٹو گیاریج نزد سنٹ فیض اسکول وٹے پلی ( نیو اکبر کالونی ) مقرر ہے۔ جس کی سرپرستی جناب سید قدیر قادری چشتی کریں گے ۔ پروگرام کے مطابق بعد عشاء سالانہ نعت و منقبت فاتحہ اور علمائے کرام شرکت و مخاطب کریں گے اور محفل سماع ہوگی ۔ مشائخین بھی شرکت کریں گے ۔ تناول طعام کا اہتمام رکھا گیا ہے۔

 

 

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : مولانا عبدالملک المظاہری صدر لجنتہ العلماء بروز جمعرات بعد نماز مغرب جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں درس قرآن دیں گے ۔۔

دینی تربیتی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : انجمن فلاح معاشرہ یاقوت پورہ کے زیر اہتمام 22 اپریل تا 21 مئی بہ اوقات صبح دس بجے تا 12 بجے دن بمقام مسجد شریفہ و محمود رحمت نگر یاقوت پورہ ظفر روڈ ، 10 تا 12 سال کی عمر کے طلباء وطالبات کے لیے گرمائی دینی تربیتی کلاسیس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ یہ کلاسیس حافظ مفتی عبدالکبیر قریشی کے زیر نگرانی چلائے جائیں گے ۔ ان تربیتی کلاسیس میں طلباء وطالبات کو بنیادی اسلامی تعلیمات ، اخلاقیات ، آداب زندگی وغیرہ سے واقف کروایا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ، وضو ، نماز ، جنازہ و غسل کے طریقہ کی عملی مشق کروائی جائے گی ۔ اپنے بچوں کے نام دن کے 10 بجے تا ایک بجے تک بمکان محمد شرف الدین قریشی معتمد انجمن فلاح معاشرہ متصل مسجد شریفہ و محمود کے پاس درج کرواسکتے ہیں۔ تفصیلات کے لیے 9390312004 پر ربط کریں ۔۔

تنظیم اصلاح معاشرہ و
ازالہ منکرات کا مذاکرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : مولانا حافظ خالد بن سعید بانجاح نظامی کے بموجب کل ہند تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات کا ایک اہم مذاکرہ بروز جمعرات 30 مارچ 2 بجے مرکزی آفس کامپلکس میں منعقد ہوگا ۔ شہر کے ممتاز اور تنظیم سے وابستہ ہمہ مسالکی علماء کرام ’ خدمت خلق کی اہمیت افادیت اور جذبہ انسانیت ‘ کے عنوان پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔۔

 

دین کی تبلیغ و اشاعت میں مدارس کا اہم کردار
دارالعلوم ابراہیمیہ میں تقریب تکمیل حفظ قرآن مجید سے مفتی غلام صمدانی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی بالا نگر میں زیر نگرانی مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی بانی و مہتمم ، زیر صدارت الحاج اندور محمد اعجاز صدر انتظامی کمیٹی مدرسہ تقریب تکمیل حفظ قرآن مجید منعقد ہوئی ۔ مہمان مقرر مفتی غلام صمدانی قاسمی نائب صدر شرعیہ بورڈ شکاگو امریکہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے ۔ گھر کا ہر بڑا چھوٹوں کے متعلق ذمہ دار ہے لہذا اپنے اولاد کو دینی علوم سے آراستہ کریں اولاد کا حافظ و عالم بننا ماں باپ کے لیے نجات کا ذریعہ ، حضرت عمرؓ کے زمانے میں ایک شخص آیا اور اپنے بیٹے کی شکایت کرنے لگا کہ یہ میرا حق ادا نہیں کرتا عمرؓ نے اس کے بیٹے سے پوچھا کیا یہ صحیح کہہ رہا ہے تو اس نے کہا بیشک صحیح ہے مگر آپ میرے والد سے پوچھئے کہ میرا کیا حق ادا کیا ہے پہلے تو میرے باپ نے میری ماں کا صحیح انتخاب نہیں کیا پھر میرے باپ نے میرا نام جعل جس کے معنی گندے کپڑے کے ہیں اور پھر مجھے علم نہیں سکھایا تو میں کیا حق ادا کرسکتا ہوں ۔ انہوں نے کہا ماں کی گود پہلی درس گاہ ہے اپنی اولاد کو علم دین سے آراستہ کریں چنانچہ پیدائش کے بعد پہلی چیز جو آدم کو دی گئی وہ تعلیم ہی تھی حضورؐ پر پہلی وحی جو نازل ہوئی وہ تعلیم ہی کے متعلق ہے تعلیم ہی ساری بد اخلاقی کو دور کرنے کا بہترین ذریعہ مدارس دینیہ کا تعاون کریں ۔ اس کی ترقی کے لیے دعائیں کریں مخالفت نہ کریں ۔ بانی مدرسہ مولانا راہی حسامی فعال و متحرک شخصیت کی انتھک محنتوں و کاوشوں کا نتیجہ ہے مدارس کی ترقی میں مالیہ کی فراہمی بہت اہم ہے ۔ اس میں صدر مدرسہ جناب اندور محمد اعجاز تاجر مشیر آباد کا تعاون جناب الحاج شیخ یونس الدین کی شب و روز جدوجہد قابل ستائش ہے ۔ اللہ اس ادارہ کی تمام ضروریات کو غیب سے مکمل فرمائے ۔ مفتی صمدانی نے طلباء پر زور دیا کہ وہ نیتوں کو درست کریں ۔ اللہ کی رضا کے لیے علم حاصل کریں ۔ مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی نے مدرسہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا 12 سال قبل اس ادارہ کا قیام عمل میں آیا اور کئی طلباء حفظ قرآن سے مشرف ہوئے اور بعض طلباء اپنا علمی سفر جاری رکھے ہوئے حیدرآباد کے مشہور جامعات میں زیر تعلیم ہیں یہ اللہ کا بڑا فضل و کرم ہے ۔ حافظ محمد تقی الدین نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ الحاج غلام دستگیر میدک ، مولانا حافظ عبدالمجید حسامی نے بحیثیت مدعوین خصوصی شرکت کی ۔ اجلاس و تقریب کا آغاز قاری یونس سبیلی کی قرات و نعت سے ہوا ۔۔

 

سالانہ جشن سیدہ کائنات و تقسیم انعامات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح سال ہذا بھی سیدہ کائنات کی ولادت باسعادت پر مقابلہ منقبت و تقسیم اسناد کا کل بعد نماز عشاء 9 بجے شب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خاں صاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں انعقاد عمل میں آیا جس کی نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری ( خلیفہ تاج الصالحین ) نے کی ۔ سید انوار علی سلمان کی قرات سے محفل کا آغاز کیا گیا ۔ محمد احمد نے نعت شریف پیش کی ۔ بعد ازاں نگران محفل نے اپنے افتتاحی خطاب میں سیدہ کائنات کے فضائل و کمالات و بزرگی اور آپ کی مقدس حیات مبارک کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا ۔ بعد ازاں نگران محفل نے منتخب نعت خواں کے ناموں کا اعلان کیا ۔ ججس حضرات کی متفقہ فیصلہ کے مطابق جناب امیر عباس ( یو پی ) کو انعام اول اور جناب محمد غوث ( محبوب نگر ) کو انعام دوم اور جناب محمد جلیل احمد چشتی ، سید معز الدین ، محمد حبیب قادری کو انعام سوم قرار دیا گیا ۔ گروپ B میں انعام اول شیخ عبدالرحمن انعام دوم سید سلمان ، انعام سوم محمد حسین اور شائستہ خان نے حاصل کیا ۔ ان تمام منتخب حضرات کی خدمت میں رقمی ایوارڈس ، توصیفی سند اور مومنٹوز پیش کئے گئے ۔ بعد ازاں محفل منقبت کا آغاز ہوا۔ جس میں 65 نعت خواں حضرات نے شرکت کی اور بارگاہ سیدہ میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ رات دیر گئے اس نورانی محفل کا نگران محفل کے سلام و دعا کے بعد اختتام عمل میں آیا ۔ ججس حضرات کی بھی گلپوشی کی گئی اور انہیں تحائف پیش کئے گئے ۔۔

 

جامعتہ المومنات میں جلسہ تہنیت و تقسیم اسناد
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : صدر نشین کھادی اینڈ ولیج تلنگانہ اسٹیٹ مولانا یوسف زاہد نے جامعتہ المومنات میں جلسہ تہنیتی تقریب و تقسیم اسناد برائے عصری علوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کلام اللہ اور کلام رسولؐ سے وابستگی سب سے بڑا اعزاز اور نعمت ہے ۔ اللہ نے انسان کو دنیا میں پیدا کیا تو ان کی رہبری کے لیے اپنے کلام اور صاحب کلام کو بھیجا اگر صرف کلام کو بھیجتا تو انسان گمراہ ہوجاتے یہ دونوں ہی چیزیں یعنی کلام اللہ اور کلام رسول سیکھنے سکھانے کی سعادت جامعتہ المومنات کو حاصل ہے ۔ دینی جامعات کا انداز نرالہ ہوتا ہے ۔ طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کو چاہئے کہ علم حاصل کرنے سے پہلے اس علم کی عظمت کو اپنے دل میں پیدا کریں ، پھر اساتذہ کرام جن سے وہ علم حاصل کررہے ہیں ان کا ادب و احترام کرنا چاہئے ۔ جلسہ کا آغاز قاریہ شفاناز کی قرات ، حفاظہ محمد زرین رومانہ کی نعت شریف سے ہوا ۔ خیر مقدمی کلمات مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلی نے ادا کئے ۔ مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی نے کہا کہ ہمارے مسلم نمائندے حکومت وقت کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوگئے ہیں ۔ جناب کے چندر شیکھر راؤ وزیراعلی حکومت تلنگانہ نے مسلم نمائندوں کو نمایاں عہدوں پر فائز کر کے اقلیتوں کی خدمت کا موقع فراہم کیا ۔ جامعتہ المومنات کے اس دورہ پر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے ۔۔

 

حمیدیہ شرفی چمن میں
سالانہ محافل غریب نوازؒ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم کے زیر اہتمام 6 روزہ محافل حضرت خواجہ بزرگ غریب نوازؒ یکم تا 6 رجب المرجب روزانہ 8 تا 9-30 بجے صبح منعقد شدنی ہیں ۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی سجادہ نشین تاج العرفاء کی زیر نگرانی ان محافل سے مولانا مفتی سید محمد سیف الدین ثانی حاکم حمیدی ، صاحبزادہ سید محمد علی موسی رضا قادری شرفی ، پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی و دیگر علماء و دانشوران گرامی مخاطب کریں گے ۔۔

غریب نواز کانفرنس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : فیضان چشتیہ حیدرآباد دکن کے زیر اہتمام حضرت خواجہ معین الدین حسن سنجری چشتی اجمیریؒ کے 805 ویں عرس شریف کے موقع پر سالانہ غریب نواز کانفرنس اتوار 9 اپریل کو بعد نماز ظہر تا عشاء مسجد اقصیٰ نٹراج نگر ٹپہ چبوترہ میں زیر سرپرستی مولانا سید شاہ محمد عبداللہ حسینی البخاری چشتی منعقد ہوگی ۔۔

نعتیہ محفل برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : رہائش گاہ سید ابوالحسن ہاشمی بیابانی تمنا وٹے پلی فاطمہ نگر قریب جامع مسجد محمدیہ 2 رجب بعد نماز عشاء سیدہ اسماء النساء کی رات کلام پاک سے بزم کا آغاز ہوگا ۔ سیدہ شیما النساء ، سیدہ منیرہ النساء ، سیدہ رخسار النساء ، سیدہ سلمیٰ النساء ، سیدہ اسماء النساء وغیرہ نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کریں گے ۔۔

دس روزہ حج و عمرہ تربیتی کورس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : لبیک سوسائٹی کی جانب سے انسٹی ٹیوٹ آف عربک متصل ہوٹل سٹی ڈائمنڈ مہدی پٹنم میں 9 تا 10 بجے دن صبح مفتی سید آصف الدین ندوی قاسم سکریٹری کی نگرانی میں 3 اپریل سے دس روزہ حج و عمرہ تربیتی کورس شروع کیا جارہا ہے ۔ جس میں حج و عمرہ کے احکام و مسائل ، فرائض و واجبات بالتفصیل سمجھائے جاتے ہیں ۔ حج و عمرہ کی خصوصی دعائیں پڑھائی ، رٹائی اور یاد دلائی جاتی ہیں ۔ حرمین شریفین کی جدید و مفید معلومات بتلایء جاتی ہیں ۔ بنیادی عربی زبان سکھائی جاتی ہے ۔ سفر عمرہ و حج و مدینہ قدم بہ قدم ، منزل بہ منزل سمجھایا جاتا ہے ۔۔

جلسہ اعتراف خدمات و مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : ادارہ ادب صادق کا جلسہ و مشاعرہ 5 اپریل شام7 بجے اردو گھر مغل پورہ میں منعقد ہوگا ۔ ادبی اجلاس کے پہلے دور میں خیر مقدمی و تعارفی تقریر بانی و صدر ادارہ ادب صادق ڈاکٹر خواجہ فرید الدین کریں گے ۔ دوسرے دور میں حضرت نظیر علی عدیل کا جلسہ بعنوان یاد عدیل کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ تیسرے دور میں فرزندان عدیل ممتاز شعراء کرام ڈاکٹر فاروق شکیل اور جناب شاہد عدیلی کے زائد از 30 سالہ ادبی خدمات پر ان کا جلسہ اعتراف خدمات منعقد ہوگا ۔ جس میں دونوں شعراء کرام کی گلپوشی و شال پوشی کی جائے گی ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : عرس شریف حضرت خواجہ میاں مجذوب زیبا باغ آصف نگر میں 30 مارچ کو بعد نماز فجر مجلس ختم شریف ، مجلس قل ، چادر گل ، سلام پیش کیا جائے گا ۔ جناب خواجہ شاہ عثمان علی مراسم عرس انجام دیں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی 30 مارچ بعد نماز مغرب بمقام مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

حلقہ ذکر جہری
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : شاخ خانقاہ نوریہ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں جمعرات کو بعد نماز عشاء حلقہ ذکر جہری مقرر ہے ۔ مولانا محمد ابرار اللہ شاہ نوری اور مولانا محمد سلطان علی شاہ نوری کا خطاب ہوگا ۔۔

ماہانہ مجلس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( راست ) : ماہانہ حضرت شاہ محمد شمس الدین ملتانی قادریؒ و حضرت شیخ شاہ محمد ابراہیم المخدوم جی ؒ ( بیدر ) حضرت شاہ محمد قادر پاشاہ ثانی ملتانی قادریؒ یکم رجب کو بعد نماز عشاء خانقاہ ملتانیہ چھاونی غلام مرتضی کنڈیکل گیٹ میں مقرر ہے ۔ شاہ محمد معز الدین ملتانی القادری جانشین و سجادہ نشین متولی نگرانی کریں گے ۔۔