مذہبی خبریں

نیکیوں کو برباد کردینے والے اعمال سے بچنے کی تلقین
ڈپلومہ اسلامک اسٹڈیز کی اختتامی تقریب‘عالمہ قمر تفہیم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ ( پریس نوٹ) نیک کام کرنا بہت آسان ہے لیکن اس کو بچانا بہت مشکل ہے جیسا کہ راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانا بھی نیکی ہے۔ قیامت کے دن انسان میدان حشر میں ایک نیکی کو بچانے کیلئے رشتہ داروں کو چھوڑ کر بھاگے گا کیوں کہ وہ اپنی ایک نیکی سے جنت کا اور ایک نیکی کم ہونے سے جہنم کا مستحق ہوگا۔ اسی لیے قرآن اور صحیح احادیث میں ایمان کے ساتھ اعمال اور نیت کے بارے میں واضح بیان کردیا گیا ہے۔ ہم تمام مسلمانوں کیلئے لازمی ہے کہ ہم اپنا جائزہ لیتے رہیں کہ کہیں ہم ایسے اعمال تو نہیں کررہے ہیں کہ جس سے نیکیاں برباد ہورہی ہیں۔ اس بات کا پتہ ہمیں اس وقت ہی چل سکتا ہے جب ہم قرآن اور احادیث کو سمجھتے ہوئے پڑھتے رہیں۔ ’’نیکیوں کو برباد کرنے والے اعمال‘‘ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے عالمہ قمر تفہیم نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ 3 ماہ پر مبنی ڈپلومہ ان اسلامک اسٹڈیز کی اختتامی تقریب کے موقع پر یونیورسل اسلامک ریسرچ سنٹر (یو آئی آر سی) کی جانب سے ٹولی چوکی میں واقع پرائم میریڈین فنکشن پیلیس میں خواتین کیلئے ایک عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ڈپلومہ کی طالبات میں سرٹیفکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ عالمہ شبانہ ملک نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی تھی۔

 

جشن ولادت خاتون جنتؓ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( راست ) : کل ہند مجلس فیضان مصطفی کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی جشن ولادت بہ سعادت حضرتہ سیدہ فاطمہ الزہرا 11 مارچ کو بعد نماز مغرب مسجد محمود قادری چھابرا انکلیو ٹولی چوکی زیر صدارت حافظ محمد عثمان نقشبندی و زیر نگرانی مولانا محمد الیاس احمد شاہ قادری مقرر ہے ۔۔

’ مسلمانوں کے تشخص کو درپیش خطرات ؟ ‘ پر آج سید خلیل اللہ حسینی میموریل لکچر
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : ماہر تعلیم بانی کل ہند مجلس تعمیر ملت و اقبال اکیڈیمی کے گیارہویں میموریل لکچر 11 مارچ کو 7 بجے شام سالار جنگ میوزیم آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا ۔ صدارت جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت کریں گے ۔ محمد وہاج الدین صدیقی کنوینر نے کہا کہ لکچر کا عنوان ’ مسلمانوں کے تشخص کو درپیش خطرات ؟ ‘ ہے ۔ اسوسی ایٹ پروفیسر افروز عالم صدر شعبہ پولیٹکل سائنس مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی مقالہ پیش کریں گے ۔ اس پر اثر اور اہم محفل میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی معتمد آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور پروفیسر پرشوتم ریڈی سابق صدر شعبہ پولیٹکل سائنس و ماہر ماحولیات عثمانیہ یونیورسٹی بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے ۔ محفل کا آغاز قاری محمد عظیم الدین کی قرات کلام مجید سے ہوگا ۔ رضی الدین راشد نعت شریف ، محمد صادق مناجات حالی پیش کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کے اظہار خیال کے بعد صدر اجلاس جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ و صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت کا خطاب ہوگا ۔ ابتدا میں عمر احمد شفیق معتمد عمومی کے افتتاحی کلمات ہوں گے ۔۔

 

شرعی فیصلہ بورڈ کا قیام ، کل علماء کرام کا اہم ترین اجلاس
قائدین ، ائمہ ، خطیب حضرات کی شرکت ، جناب محمد مشتاق ملک کا بیان
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : تحریک مسلم شبان کے زیر اہتمام 12 مارچ کو 10-30 بجے صبح اعظم پورہ چادر گھاٹ رشید فنکشن ہال میں شرعی فیصلہ بورڈ کے قیام کے لیے مفتیان کرام ، علماء کرام  ، وکلاء ، مسلم دینی و ملی جماعتوں اور دیگر معززین کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے بتلایا کہ تمام مرکزی دینی مدارس کے ذمہ دار ، دینی مسلم جماعتوں کے سربراہ ، مشائخین ، نامور وکلاء کے علاوہ مہمان خصوصی جناب محمد سلیم چیرمین وقف بورڈ ، مولانا عبداللہ زاہد چیرمین کھادی اینڈ ویلیج بورڈ ، جناب عنایت علی باقری چیرمین سٹ ون کے علاوہ مفتی ضیا الدین نقشبندی ، مفتی صادق محی الدین فہیم ، مفتی محبوب شریف نظامی ، مفتی حسن الدین ، مفتی غیاث رحمانی صدر جمعیتہ العلماء ، مفتی مستان علی ، مولانا تجمل حسین قاسمی جماعت اسلامی ، جمعیتہ العلماء ، سنی علماء بورڈ ، وحدت اسلامی ، تحریک مسلم شبان کے ذمہ داروں کے علاوہ جناب عابد رسول خاں صدر نشین اقلیتی کمیشن ، مساجد کے ائمہ ، خطیب و انتظامی کمیٹیوں کے علاوہ دیگر علماء اس اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ شرعی فیصلہ بورڈ تین مقاصد پر کام کرے گا ۔ نصابی کتب کی جانچ ، عائلی تنازعات اور سیول تنازعات کے فیصلے ۔ غیر مسلم مذہبی پیشواؤں کے ساتھ دانشوران ملت اور علماء و مفتیان کی نشستیں ایسی غلط فہمیوں کے ازالہ کے لیے ۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہا کہ آئے دن عدلیہ قرآن وحدیث یعنی شریعت محمدی کی اپنے طور پر تشریحات کررہی ہیں ۔ شرعی فیصلہ بورڈ مسلمانوں میں شعور پیدا کرے گا کہ وہ اپنے تنازعات علماء و مفتیان کرام یعنی مرکزی شرعی فیصلہ بورڈ سے رجوع کرے ۔ تاکہ عدلیہ میں وقت اور پیسہ بھی بچے اور ملت کی عزت کے ساتھ شریعت کے مطابق فیصلے ہوں ۔۔

 

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید مراد شاہ دھوتیؒ کا آغاز 10 مارچ کو غسل شریف سے ہوا ۔ 11 مارچ بعد نماز عصر برآمدگی صندل مبارک درگاہ حضرات یوسفینؒ سے ہوتا ہوا درگاہ حضرت ممدوح پہونچے گا بعد نماز عشاء مولوی سید محمد علی شاہ دھوتی سجادہ نشین و متولی و سید عزت علی شاہ دھوتی بدر بھائی صندل مالی کی رسم انجام دیں گے  بعد صندل مالی جلسہ سیرت النبیؐ و عظمت اولیاء جامع مسجد درگاہ حضرت ممدوح منعقد ہوگا ۔ صدارت مولانا سید محمد قبول پاشاہ قادری شطاری کریں گے ۔ جلسہ کو مولانا ضیا الدین نقشبندی ، مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری ، مفتی محمد حنیف قادری ، مولانا انوار احمد قاضی محمد سراج الدین رضوی مخاطب کریں گے ۔ قاری عبدالقدیر کی قرات سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ ہدیہ نعت یوسف خاں اعجاز افضل قادری حیدر قادری ، شفیع قادری کی ہوگی ۔ 12 مارچ چراغاں محفل سماع بصدارت مولانا سید درویش محی الدین قادری ہوگا ۔ 13 مارچ بعد فجر ختم قرآن و تبرک طعام ہوگا۔۔