مذہبی خبریں

قبل نماز جمعہ خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : بعنوان ’ تعلیمات شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ علامہ محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگؒ 10 جمادی الاخری قبل نماز جمعہ جامع مسجد مالن بی صاحبہ اہلسنت و جماعت چھاونی یاقوت پورہ اور جامع مسجد شاہی شیخہ حصہ اہلسنت و جماعت پھول باغ حافظ بابا نگر میں مفتی غلام احمد قریشی نقشبندی خطاب کریں گے ۔۔

عمرہ و زیارت مدینہ منورہ پاور
پوائنٹ پریزینٹیشن
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : جناب سید شرف الدین صدر لبیک سوسائٹی کے بموجب روزنامہ سیاست و لبیک ایجوکیشنل و ویلفیر سوسائٹی کے اشتراک سے عازمین عمرہ و زائرین مدینہ منورہ کی دینی تربیت و عملی رہنمائی کے لیے 12 مارچ اتوار کو 12 تا 1-30 بجے دن گولڈن جوبلی ہال ، احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس میں مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کی نگرانی میں ہفتہ واری حج و عمرہ تربیتی کلاس منعقد ہوگی ۔۔

 

دعوت اسلامی کے سہ روزہ اجتماع کا آج پہاڑی شریف میں آغاز
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ملک کی دینی تنظیم دعوت اسلامی کا اجتماع عام جو سنتوں پر مبنی ہے 10 تا 12 مارچ کو بابا شرف الدین ؒ پہاڑی شریف روڈ میں منعقد ہوگا ۔ اس اجتماع میں ریاست آندھرا پردیش و تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا ، جنوبی و مشرقی ، شمالی کے ساتھ بیرونی ممالک کی بڑی تعداد شرکت کریں گی ۔ علماء کرام مفتی عبدالعلیم اور مفتی نسیم مبارکپور اشرفیہ و دیگر علماء کرام کے خطابات ہوں گے ۔ جمعہ کی نماز کے ساتھ ہی اجتماع کا آغاز ہوگا ۔ نماز جمعہ 2-30 بجے اجتماع گاہ میں ادا کی جائے گی ۔ مولانا حاجی مقصود عطاری ، مولانا حاجی امین صلاحیہ ( ممبئی ) نے آج یہ بات بتائی ۔ دعوت اسلامی کا یہ اجتماع حیدرآباد میں پہلی مرتبہ منعقد ہورہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دعوت اسلامی کے ذریعہ عالم اسلام کے 225 ممالک میں بڑے حسن و خوبی کے ساتھ یہ تنظیم کام انجام دے رہی ہے ۔ جہاں اسلام کے حیات آفرین پیغام ، رسول عربیؐ کی حیات طیبہ ، صحابہ کرامؓ اور صحابیات کی پاکیزہ زندگیوں کے ساتھ بزرگان دین کی حیات طیبہ کے گوشوں کو عام کیا جارہا ہے ۔ اجتماع گاہ میں 200 اسٹالس ، کھانے اور دیگر ضروریات کی سہولت مہیا رہے گی ۔ آر ٹی سی کے خصوصی بس کا بھی نظم کیا گیا ہے ۔ شہر کے تمام ریلوے اسٹیشن پر استقبالیہ قائم کیا جارہا ہے جہاں دعوت اسلامی کے نمائندے مندوبین کا خیر مقدم کریں گے ۔ مہاراشٹرا ، کرناٹک اور ملک کی دیگر ریاستوں کے مسلمانوں کی آمد کے پیش نظر محکمہ ریلوے نے خصوصی ٹرینیں رکھی ہیں ۔۔

حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) :

ڈاکٹر محمد سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : جامع مسجد پائیگاہ بشیر باغ میں ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی پروفیسر عثمانیہ ڈینٹل ہاسپٹل کا خطاب ’اولاد کی تربیت ‘ پر ہوگا ۔ بعد جمعہ مولانا غلام نبی شاہ نقشبندی کا لٹریچر دستیاب رہے گا ۔۔

قبل نماز جمعہ ڈاکٹر شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک بروز جمعہ ، قبل نماز جمعہ ٹھیک 12-30 بجے دن بمقام مسجد مالا کنٹہ ، معظم جاہی مارکٹ اور ٹھیک 1-30 بجے دن مسجد حسینی روڈ نمبر 3، بنجارہ ہلز میں ونیز بعد نماز جمعہ 3 بجے سہ پہر مسجد درگاہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی میں شرف تخاطب حاصل کریں گے ۔۔

محفل نعت شہہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام ماہانہ محفل نعت شہہ کونینؐ 10 مارچ کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج زیر نگرانی مولانا ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری مقرر ہے ۔ نعت گو شعراء بارگاہ رسالت مآبؐ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔۔

 

خواتین کا اصلاحی اجتماعی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : تدریب المبلغین للبنات کے زیر اہتمام 10 مارچ 1-30 بجے دن جامعہ فیض الاسلام سلامی اسٹریٹ وٹے پلی میں خواتین کے اصلاحی و تربیتی اجتماع سے عالمات جامعہ فیض الاسلام خطاب کریں گے ۔ صدارت مولویہ معراج سعدیہ سلامی کریں گی ۔۔

 

 

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : جدامجد نبیرہ حضور سانگڑے سلطان شمس العارفین قطب العصر ثانی مشکل آسان سیدنا سیدبرہان اللہ شاہ حسینی رفاعی القادری قندہاری دکنیؒ کا عرس شریف 10 مارچ رفاعی چمن حضرت برہان اللہ شاہ واقع پٹلہ برج مقرر ہے ۔ تمام مراسم عرس شریف سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت ممدوح انجام دیں گے ۔ بعد از مغرب جلوس صندل شریف خانقاہ رفاعیہ سجادہ نشین سے برآمد ہو کر ضربات رفاعیہ کے ساتھ بارگاہ اقدس پہونچے گا ۔ حضرت سجادہ نشین صندل و عطر مالی انجام دیں گے ۔ بعد عشاء محفل سماع رات دیر مقرر ہوگی۔ 11 ماررچ ہفتہ بعد نماز فجر ختم قرآن و پیشکشی چادر گل ۔۔
٭٭    حضرت شاہ خواجہ کریم الدین نقشبندی قادری کا عرس شریف 10 مارچ ٹھیگی جیل مسجد کاچی گوڑہ میں منعقد ہے ۔ بعد نماز عصر قرآن خوانی بعد نماز مغرب صندل مالی چادر گل پیش کی جائیگی ۔ فوری بعد جلسہ عظمت اولیاء کرام کا آغاز ہوگا ۔ قرات کلام پاک اور نعت شریف پیش کی جائے گی ۔ مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ ، عمدۃ المحدثین محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ اور مولانا سید شہید اللہ حسین بشیر نقشبندی وعظ کریں گے ۔ 11 مارچ بعد نماز فجر حلقہ ذکر و فاتحہ خوانی ہوگی ۔۔
٭٭    حضرت سید شاہ جمال الدین حسنی الحسینی القادری المعروف حضرت دادا پیرؒ کا عرس شریف درگاہ شریف قادری باغ عنبر پیٹ میں 8 مارچ کو آغاز ہوا ۔ 10 مارچ بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی ۔ بعد سماع تناول تبرک 11 مارچ مغرب تا عشاء ختم قرآن مجید و پیشکشی چادر گل و صلواۃ سلام کے بعد چار روزہ تقاریب عرس کا اختتام عمل میں آئے گا ۔ جناب سید شاہ محمد علیم الدین قریشی قادری الجمالی المعروف حماد بابا نے عامتہ المسلمین و معتقدین اولیائے کرام سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔۔

طرحی کلام بیاد
خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبرؓ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبر کی یاد میں انجمن بقائے ادب ، ادارہ اپنا شہر اپنے لوگ کے زیر اہتمام طرحی کلام روانہ کرنے کی تاریخ 22 مارچ مقرر ہے ۔ مصرع یہ ہے ’ مزاج مصطفی سے آشنا صدیق اکبرؓ ہیں ‘ طرحی کلام بہ قیام گاہ محمد ضیا عرفان قادری حسامی فلیٹ نمبر 102 متصل مسجد شہامت جاہ ریڈہلز جیوتی ریسڈنسی 11-6-840 حیدرآباد 4 پر روانہ کریں ۔۔

 

اسلامی سماج تکثیریت کا حامی: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
ڈاکٹر اسلم پرویز کا قول کی منزل سے نکل کر عمل کی منزل پر آنے کیلئے زور
حیدرآباد، 9؍مارچ(پریس نوٹ) : ’’محمد رسول اللہؐ نے اسلامی سماج کی بنیاد تکثیریت پر رکھی ۔ انہوں نے انسانی مساوات کا تصور دیااور اللہ کی وحدت کے ساتھ انسانی وحدت کا خوبصورت نمونہ پیش کیا۔ مدینہ منورہ میں میثاق مدینہ کے اندر مسلمانوں کے ساتھ یہود اور مشرکین کو بھی شریک کیا گیا تھا۔تکثیری سماج میں مختلف مذاہب، بولیوں اور رنگ ونسل کا ملاپ ہوتا ہے، تکثیری معاشرے کی بنیاد خواہ مذہب پر ہو یا رنگ ونسل پر اسلام اس کا مخالف نہیں ہے۔ حبشہ میں مسلمانوں کا قیام بھی تکثیری سماج کی مثال ہے، حبشہ کی طرف ہجرت کرنے والے صحابہ نے مقامی قوانین کی پابندی کی، بلکہ حکومت حبشہ کے تعاون کے لئے ان کے دشمنوں سے ہونے والی جنگ میں بھی شرکت کی۔ تکثیری سماج میں رہتے ہوئے مسلمانوں کو اپنے عقیدے، پرسنل لاء اور تشخص کی حفاظت کرتے ہوئے دیگر مذاہب  واقوام کے ساتھ رواداری کا برتاؤ کرنا چاہئے‘‘۔ ان خیالات کاا ظہار مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، ناظم المعہد العالی الاسلامی نے مولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی میں ’’اسلامی شریعت تکثیری سماج میں – ہندوستانی تناظر‘‘ کے عنوان پر اپنا توسیعی خطبہ پیش کرتے ہوئے کیا۔ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے زیر اہتمام اس لکچر کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی پس منظر میں حکومت سے ہمارے تعلق کی بنیاد معاہدہ ہے ، معاہدہ کی پاس داری قرآن کا حکم ہے، دستور ہند مذہب کو اختیار کرنے، اس پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کرنے کی آزادی عطا کرتا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج قول کی منزل سے نکل کر عمل کی منزل پر آنے کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کے نزدیک روزہ اور نماز کی جتنی اہمیت ہے، اسی قدر اہمیت دوسرے انسانوں کے ساتھ عزت وتکریم سے  پیش آنے کی بھی ہے، اس پر عمل کر کے ہم مکمل مسلمان بن سکتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد فہیم اختر،صدر شعبہ نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ خطاب کے بعد شرکاء نے سولات کئے اور مہمان مقرر نے جوابات دیئے۔ پروگرام کا آغاز رضوان فردوسی (ایم اے) کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ محمد خالد (ایم اے) نے نعت شریف پیش کی۔ صالح امین (پی ایچ ڈی) نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

 

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : مسجد حسینی وجئے نگر کالونی میں بروز جمعہ بعد نماز مغرب مولانا مفتی محمد تجمل حسین قاسمی امام و خطیب مسجد ہذا و استاذ حدیث دارالعلوم حیدرآباد قرآن مجید کا درس دیں گے ۔۔
٭٭    جماعت اسلامی جوبلی ہلز کا مرکزی درس قرآن مجید بروز جمعہ مسجد بی صاحبہ پنجہ گٹہ میں بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔ محمد منصور احمد تذکیر بالقرآن پیش کرینگے ۔۔
٭٭    جماعت اسلامی محلہ گلشن کالونی سات گنبد مسجد نور درس قرآن بروز جمعہ بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔ عبدالحمید جنید تذکیر بالقرآن پیش کریں گے ۔۔
٭٭    جماعت اسلامی محلہ بورہ بنڈہ میں درس قرآن بمکان سید اشتیاق احمد پلاٹ نمبر k/37 سائٹ نمبر 1 منعقد ہوگا ۔ درس قرآن بعد نماز عشاء سید اشتیاق احمد تذکیر بالقرآن پیش کریں گے ۔۔

 

مسجد کے آداب کو ملحوظ رکھنے کی تلقین
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : قرآن حکیم میں حکم ہے کہ نماز جمعہ کی اذان کے ساتھ مسجد کی طرف نماز کی ادائیگی کے لیے دوڑیں ۔ اور یہ بھی حکم ہے کہ جب نماز کے لیے آئیں تو بہتر لباس زیب تن کریں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر نادر المسدوسی صدر بزم علم و ادب نے جامع مسجد دولہ میں اجتماع سے مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ مختلف احادیث میں روایت ہے کہ مسجد کو پورے ادب و احترام کے ساتھ آئیں اور مسجد کے آداب کو ملحوظ رکھیں ۔ احادیث میں ہے کہ مسجد میں داخل ہوتے ہی دو رکعت تحیتہ المسجد نماز ادا کریں اور پھر اگلی صف میں بیٹھ جائیں ۔ خطبہ کے دوران دوزانو ہو کر بیٹھیں اور پوری توجہ کے ساتھ خطبہ سنیں اور پورے خشوع و خضوع کے ساتھ نماز فرض امام کے ساتھ اور پھر سنتیں ادا کریں ۔ سنت موکدہ کی بڑی اہمیت ہے جو سنت موکدہ ادا نہیں کرتے وہ گنہگار ہوتے ہیں ۔ مولانا توصیف حسین نے کہا کہ ہر مسلمان کے لیے لازم ہے کہ وہ وقت سے پہلے مسجد کو آجائیں اور اطمینان کے ساتھ سنتیں ادا کریں اور اذکار میں مشغول رہیں ۔۔
رشتہ داروں سے صلہ رحمی عمر اور رزق میں اضافہ کا ذریعہ
جامع مسجد میں حافظ محمد ذکی الدین راہی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : اللہ تعالی نے انسانوں کو پیدا کیا ان میں سے مرد اور عورت اور انہیں خاندان قبیلہ والا بنایا تاکہ وہ ایک دوسرے کو پہچان سکیں ۔ ایک حدیث میں حضورؐ نے فرمایا جو شخص اس بات کو پسند کرتا ہو کہ اس کا رزق بڑھا دیا جائے اور اس کی عمر میں اضافہ کردیا جائے تو اسے صلہ رحمی کرنا چاہئے ۔ حضورؐ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ غیر معمولی محبت فرماتے تھے ۔ اعلان نبوت کے بعد سارا کنبہ آپؐ کا دشمن ہوگیا حتی کہ قریبی رشتہ دار بھی دشمن ہوگئے مگر جب مکہ فتح ہوا تو سارے لوگ آپؐ کے قبضہ میں آئے ۔ آپؐ چاہتے تو ایک ایک سے بدلہ لیتے یا رشتہ داروں کو ہی برا بھلا کہتے ان کی اس بری حرکت پر عار اور شرم دلاتے لیکن آپؐ نے سب کو معاف کردیا ۔ کسی کو کچھ نہ کہا ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوا نگری صدر جمعیتہ علماء ضلع میڑچل نے جامع مسجد ایر فورس گوتم نگر بالا نگر میں منعقدہ مسلمانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا قرآن مجید میں جگہ جگہ اس بات کی تاکید کی ہے کہ رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک کریں ان کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کرے ۔ ایک جگہ قرآن میں ارشاد فرمایا اور تم اللہ سے ڈرو جس کے نام سے ایک دسرے سے مطالبہ کرتے ہو اور قرابت داری سے بھی ڈرو اس طرح کی آیتوں میں قرابت داروں سے محبت تعلق کو مضبوط و مستحکم رکھنے کا حکم دیا گیا ۔ احادیث میں بھی صلہ رحمی کی بہت فضیلتیں آئی ہیں ۔ مولانا نے تلقین کی کہ مسلمان آپس میں رشتہ داروں کا خیال رکھے ۔ قطع رحمی کے گناہ سے بچیں ۔ جس سے دعائیں تک قبول نہیں ہوتی ۔ حسن سلوک کی تلقین کی ۔۔

 

محفل نعت شہہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : دلدار ہند کے زیر اہتمام محفل نعت شہہ کونینؐ 12 مارچ کو 4 ساعت شام عاشور خانہ حضرت قائم امان نگر ( بی ) تالاب کٹہ منعقد ہوگی ۔ مولانا سید نثار حسین حیدر آقا اور جناب میر عنایت علی باقری مہمان خصوصی ہوں گے ۔۔