مذہبی خبریں

خطاب عام
حیدرآباد /2 ستمبر ( راست ) حاجی عزیز اللہ عثمانی سکریٹری صمدانی اسکول بھولکپور کے بموجب 3 جولائی بروز جمعرات کو 9.30 بجے شب اسکول ہذا میں برطانیہ ( ڈڈلی) کے عالم دین عطیم محقق و مصنف مفکر اسلام فضیلتہ الشیخ ڈاکٹر محمد عبدالرب ثاقب عمری ( برطانیہ ) کا خطاب عام ہوگا ۔ حافظ و قاری حبیب اللہ ثانی کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : مولانا عبید اللہ مفتاحی نائب معتمد لجنتہ العلماء اے پی کی اطلاع کے بموجب 3 ستمبر بروز جمعرات مولانا عبدالملک المظاہری بعد نماز مغرب جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں اور مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی بعد نماز ظہر مسجد چمن افضل گنج میں درس قرآن دینگے ۔۔

تحریک اسلامی کا اجتماع
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع 3 ستمبر کو بعد نماز عشاء 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ نگران تحریک اسلامی مولانا محمد فاروق قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ اس کے علاوہ ذکر جہری ہوگا اور دعا ہوگی ۔۔

ٹولی چوکی میں دینی تعلیم
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : مسجد شجاعت جانکی نگر کالونی ٹولی چوکی میں روزانہ بعد نماز فجر و عصر اسکول کے بچوں و بچیوں کو مولانا مفتی محمد عبدالکریم اشرفی نعیمی خطیب و امام مسجد شجاعت کی نگرانی میں شعبہ عربی و ناظرہ مع تجوید ، احادیث ، دعائیں ، کلمے ، طریقہ طہارت ، وضو و غسل نماز وغیرہ کی تعلیم کا اہتمام کیا گیا ہے ۔۔

خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : خانقاہ قادریہ ابراہیمیہ کا اجلاس بضمن دو روزہ جلسہ عظمت مصطفی و محفل حمد و نعت منعقد ہوا ۔ جس میں یہ طئے ہوا کہ 5 ستمبر بروز ہفتہ بعد نماز عشاء مسجد سلیمان جوبلی ہلز اور 6 ستمبر اتوار بعد نماز مغرب روڈ نمبر 9 بنجارہ ہلز قریب مسجد برکت ولا دو روزہ جلسے عظمت مصطفی محفل حمد و نعت منعقد ہوں گے ۔۔

محفل نعت پاکؐ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : روشن منزل عقب مسجد حسن بصری علی نگر بیرون علی آباد میں 3 ستمبر کو بعد نماز عشاء ماہانہ محفل نعت پاکؐ مقرر ہے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 3 ستمبر کو بعد نماز مغرب بمقام مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت خواجہ حافظ سید محمد علی شاہ قبلہؒ قادری چشتی نظامی نقشبندی 3 اور 4 ستمبر کو خانقاہ حافظیہ اردو شریف عقب عثمانیہ بازار میں مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق 3 ستمبر کو بعد عشاء محفل سماع مراسم صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ 4 ستمبر بروز جمعہ کو عصر تا مغرب تلاوت کلام پاک بعد عشاء تا 11 بجے شب محفل سماع ہوگی ۔ مراسم عرس سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔۔
٭٭    عرس شریف حضرت محمد خواجہ سلطان الدین سیف اللہ سلطانی چشتی المرزائی واقع آغا پورہ بھوئی گوڑہ کمان اندرون آستانہ حضرت مرزا سردار بیگؒ میں 10 اور 11 ستمبر مقرر ہے ۔ 10 ستمبر کو صندل شریف 11 ستمبر کو چراغاں بعد عشاء محفل سماع 12 ستمبر کو محفل قل ہوگی ۔ عرس کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔۔

دارالعلوم رحمانیہ میں
آج جلسہ افتتاح درس بخاری شریف
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : ادارہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم رحمانیہ میں 3 ستمبر کو بعد مغرب جلسہ افتتاح درس بخاری شریف کا بصدارت مولانا مفتی محمد غیاث الدین رحمانی قاسمی مہتمم جامعہ و صدر جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا مقرر ہے ۔ جس میں ریاست کے علماء کرام کے علاوہ گجرات کے عالم دین اور صاحب نسبت بزرگ مولانا مفتی احمد خانپوری شیخ الحدیث جامعہ تعلیم الدین ڈابھیل و رکن شوری دارالعلوم دیوبند بخاری شریف کا ابتدائی درس دیں گے ۔ اس موقع پر شمالی ہند کے عالم دین مولانا سید اشہد رشیدی صدر جمعیت علماء یو پی و مہتمم مدرسہ شاہی مراد آباد کا علم حدیث کے موضوع پر خطاب ہوگا ۔ جب کہ مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی استاذ حدیث جامعہ ہذا و صدر دینی مدارس بورڈ آندھرا پردیش کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ اس جلسہ میں بحیثیت مہمان خصوصی جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر ، الحاج سلیم ایم ایل سی ، کے علاوہ ریاست کے علماء کرام بشمول مولانا سید اکبر ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا قاضی سمیع الدین ، مولانا جعفر پاشاہ ، مفتی صادق محی الدین ، مولانا امیر اللہ خاں ، محمد رحیم الدین انصاری ، مفتی معصوم ثاقب ، مولانا شفیع نقشبندی ، مولانا فصیح الدین ندوی اور مولانا حافظ الرحمان ندوی شرکت کریں گے ۔۔

مولانا سید اشہد رشیدی کی
حیدرآباد آمد
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : مفتی محمود زبیر قاسمی سکریٹری جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کی اطلاع کے مطابق دارالعلوم رحمانیہ میں منعقد شدنی جلسہ افتتاح درس بخاری شریف میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جمعیتہ علماء اترپردیش کے صدر اور مدرسہ شاہی مراد آباد کے مہتمم مولانا سید اشہد رشیدی آج بذریعہ طیارہ حیدرآباد پہونچیں گے ۔ مولانا بعد نماز مغرب دارالعلوم رحمانیہ کے جلسہ افتتاح بخاری شریف میں خطاب کریں گے مولانا کا قیام دارالعلوم رحمانیہ میں رہے گا ۔۔

 

ہفتہ واری اصلاحی خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : مسجد النور مدرسہ فیض العلوم سعید آباد میں 3 ستمبر کو بعد نماز مغرب مولانا مفتی جمال الدین کا ہفتہ واری اصلاحی خطاب ہوگا ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

 

تقریری مقابلے
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : دینی تعلیمی و صنعتی تنظیم کے زیر اہتمام تنظیم کے ملحقہ دینی مدارس اور شعبہ جات صنعت و حرفت کے طلباء وطالبات کا تقریری مقابلہ 6 ستمبر بروز اتوار صبح 9-30 سے ہوگا ۔ جب کہ جونیر کالج اور ڈگری کالجس میں زیر تعلیم طلباء / طالبات کا علمی مذاکرہ بروز جمعہ دو بجے ہوگا ۔ مقابلے دفتر دینی تعلیمی و صنعتی تنظیم میں ہوں گے ۔ مزید معلومات کے لیے 040-24503808 پر ربط کریں ۔۔

 

حج اور تمام عبادتوں کا ماحصل رضائے الہیٰ
زائرین کی رخصتی پر مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( راست ) : مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلمان کی تمام تر زندگی اطاعت خدا اور رسول کے لیے وقف ہے اور اس کی ساری زندگی کا ماحصل رضائے الہیٰ اور خوشنودی رسالت پناہی ہے عقائد مذہبی کی رو سے کلمہ نماز روزہ زکواۃ کے بعد فریضہ حج کی اہمیت سب پر ظاہر و باہر ہے ۔ خالق کائنات کو اپنے جن محبوب بندوں کی ادائیں بھا گئیں وہ آج ہماری اسلامی زندگی میں یکجا ہو کر آگئی ہیں اور ان کی نشانیوں کو اللہ تعالیٰ نے اپنی طرف نسبت دے کر انہیں اپنی یادگاروں کے نام سے تعبیر فرمایا ۔ ومن یعظم شعائر اللہ فانھا من تقویٰ القلوب اور اسی لیے ایک بندہ مومن کے دل کی گہرائیوں میں اپنی محبت کو ٹٹولنے ، دیکھنے پرکھنے کے لیے کہ پرستار محبت کس کا گرفتار ہے اور اب اس کی رفتار و گفتار کس کی آئینہ دار ہے ۔ دلوں کے تقویٰ کو امتحان جانچا جاتا ہے ۔ آج ہم نے ایسے ہی خوش نصیب مسافروں کو رخصت کیا ہے جنہیں کشش خداوندی نے اپنی راہ دکھائی اور اب یہ مسرور و شادماں اپنی منزل کی طرف خراماں ، خراماں چلے جارہے ہیں ، بڑھے جارہے ہیں انہوں نے جس نیک مقصد سے عزم فرمایا ہے وہ استوار اورمحکم تر ہوجائے اور انہیں صاحب خانہ کعبہ کی طرف سے طغرائے قبولیت حاصل ہوجائے ۔ آہ وہ بھی کیا منظر ہوگا کہ جب مکان قدس میں لاکھوں زائرین کا سمندر ٹھاٹھیں مارتا ہوگا اور وہ بھی کیا دن ہوں گے کہ جب سنت ہاجرہؑ کی پیروی میں لاکھوں انسان سعی صفا و مروہ میں ہوں گے ۔ فریضہ حج سے فراغت پانے کے بعد خانہ کعبہ کا طواف کرتی ہوئی ( مدینہ طیبہ ) کی طرف سلع کی پہاڑیوں کے اُس پار ہونے کو بے تاب ہوں گی اور دل اس راہ میں بچھنے کو بے قرارہوگا ۔۔