مذہبی خبریں

عمرہ کے سفر کی روحانی تیاری کرنے کا مشورہ
روزنامہ سیاست میں عمرہ کلاس، مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کا خطاب
حیدرآباد۔ 19 فروری (راست) ہر سفر کی ہم تیاری کرتے ہیں کہ کب جانا ہے، کیسے جانا ہے، کیا کیا لے جانا ہے، اسی طرح بلکہ اس سے کہیں زیادہ ہمیں عمرہ کے سفر میں کرنا چاہئے، اس لئے کہ یہ دینی سفر ہے۔ اس کی نسبت حرم مقدس سے ہے۔ اس کے اعمال خدا کا حکم ہیں۔ رسول اللہؐ کے احکامات کی تعمیل ہے۔ حدیث میں رسول اللہ ؐ فرمایا کہ حج و عمرہ کرنے والے اللہ کے مہمان ہیں۔ ایک مہمان کو کیسے حاضر ہونا چاہئے۔ اس کی جسمانی حاضری ہورہی ہے تو اس کا دل قلب سلیم ہو۔ اس کے اندر ماننے کی کیفیت پیدا ہونی چاہئے۔ دل و نگاہ کو درست کریں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی جنرل سیکریٹری لبیک سوسائٹی نے روزنامہ سیاست کے اشتراک سے گولڈن جوبلی ہال احاطہ روزنامہ سیاست، عابڈس میں منعقدہ ہفتہ واری عمرہ تربیتی کلاس میں کیا اور کہا کہ روحانیت اور نورانیت کے پیدا کرنے کیلئے تربیت ضروری ہے۔ سوسائٹی روزنامہ سیاست کے اشتراک سے یہی فکر و شعور پیدا کررہی ہے کہ اللہ کے گھر کا ہر عازم بنیادی چیزیں سیکھ کر جائے۔ اس کا سفر یادگار سفر بن جائے۔ قبل ازیں جناب محمد نواب نے خیرمقدمی خطاب کیا۔ واضح رہے کہ ہر اتوار کو عمرہ تربیتی کلاس ہوگی۔ مولانا کی دعا پر عمرہ تربیتی کلاس اختتام پذیر ہوئی۔

 

اُمت میں دعوت ِ دین کو عام کرنے خواتین کا اہم حصہ
جامعۃ المؤمنات میں اجتماع ، ڈاکٹر تہمینہ تحسین کا خطاب
حیدرآباد۔ 19 فروری (راست) ’’دعوت ِ دین‘‘ کا مفہوم اتنا ہی وسیع ہے جتنا کہ دین کا مفہوم۔ دعوت وہ عظیم کارنامہ ہے جس کے لئے اللہ نے پہلے نبیوں کا انتخاب فرمایا اور ان کی تعلیمات کو ان کی حیات میں یا ان کے دنیا سے رحلت فرمانے کے بعد دوسروں تک پہنچانے کا ذمہ اُمت پر رکھا گیا۔ اس امت میں دعوت دین کو آگے بڑھانے کا پہلا ذمہ اُمتی ہونے کے اعتبار سے صحابہ کرام پر عائد ہو اور صحابیات بھی ان میں برابر شریک رہیں۔ مثلاً مردوں نے تعلیم حاصل کی تو عورتوں نے بھی حاصل کی۔ تعلیم کو عام کرنے کا کام مردوں نے کیا تو عورتوں نے بھی اس میں کوتاہی نہ کی۔ مردوں نے صعوبتیں برداشت کیں تو عورتیں تماشائی نہ رہیں۔ انہوں نے بھی قربانیاں پیش کیں۔ ان خیالات کا اظہار جامعۃ المؤمنات، مغلپورہ میں منعقدہ خواتین کے اجتماع سے ڈاکٹر مفتیہ تہمینہ تحسین نے کیا۔ جلسہ کا آغاز قاریہ نسرین بیگم کی قرأت اور خدیجہ فاطمہ کی نعت شریف سے ہوا۔ نظامت کے فرائض قاریہ نسرین سلطانہ نے انجام دیئے۔ ڈاکٹر مفتیہ تہمینہ تحسین نے کہا کہ اسلام کی تاریخ میں اسلام کی دولت سے شرف یاب ہونے والی، دعوت دین میں نبی ؐ کو قدم قدم پر تسلی دینے والی نبیؐ پر اپنا تمام تر سرمایہ خرچ کردینے والی خاتون حضرت خدیجہ ؓ ہیں۔ دین کی خاطر جان کی قربانی دینے والی پہلی عورت حضرت سمیہ بنت خباطؓ ہیں۔ دعوت دین میں صحابہ کے ساتھ صحابیات نے جس جوش، خلوص، عزم و استقلال سے اس خدمت کو انجام دیا ہے، اس کی نظیر مشکل سے مل سکے گی۔ دعا و سلام پر اجتماع کا اختتام عمل میں لایا گیا۔

 

جامعہ دارالفرقان للبنات سعیدآباد میں شیخ عبدالہادی مدنی کا طالبات سے خطاب
حیدرآباد 19 فروری (راست) محمد عبدالوحید صدر جامعہ کے مطابق جامعہ دارالفرقان للبنات سعیدآباد میں 16 فروری بروز جمعرات زیرصدارت محمود علی نائب معتمد جامعہ ایک جلسہ منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے الشیخ عبدالہادی مدنی امیر جمعیت اہلحدیث برطانیہ نے شرکت کی۔ جلسہ میں صدر جامعہ صدیق، رکن جامعہ عبدالواسع، رکن جامعہ ابراہیم اور معلمین و معلمات جامعہ بھی شریک تھے۔ جلسہ کا آغاز مریم احسن خلیفہ ڈپلوما اول کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جلسہ کی نظامت بشریٰ السقاف طالبہ فضیلت نے کی۔ طالبات کے مختصر تعلیمی مظاہرہ کے بعد الشیخ عبدالہادی مدنی نے خطاب کرتے ہوئے پردہ کی اہمیت و فضیلت اور اس سے دنیا پر پڑنے والے اثرات کو مثالوں کے ساتھ سمجھایا کہ اس پردہ کی وجہ سے سامنے والے کے دل میں ایک رعب و دبدبہ پیدا ہوتا ہے اور پردہ کرنے والی خواتین کے تعلق سے وہ یہ سوچتا ہے کہ یہ خاتون نیک اور پاکدامن ہے اور ستانے سے گریز کرتا ہے۔ اس کے بعد طالبات نے چند سوالات کئے اور شیخ نے تشفی بخش جوابات دیئے۔ اخیر میں عبدالوحید صدر جامعہ کے کلمات کے ساتھ جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔
اصلاحی و تربیتی مجلس
حیدرآباد 19 فروری (راست) مولانا سید عبادالقاسمی کی اطلاع کے بموجب 20 فروری بروز پیر بعد نماز عشاء جامعہ اسلامیہ تجوید القرآن آزاد نگر عنبرپیٹ میں زیرصدارت حافظ محمد غوث رشیدی اور زیرسرپرستی مولانا شاہ محمد کمال الرحمن قادری چشتی

اصلاحی و تربیتی مجلس منعقد ہے۔ مولانا شاہ فضل الرحمن محمود مخاطب کریں گے۔
جلسہ سیرت النبی ﷺ و تذکرہ اولیاء اللہ
حیدرآباد 19 فروری (راست) زیرسرپرستی مولانا محمد صادق قاسمی خلیفہ مجاز مفتی مظفر حسین سابق ناظم مظاہرالعلوم (وقف) سہارنپور یوپی 23 ، 24 ، 25 فروری کو بعد نماز مغرب تا عشاء جامعہ اسلامیہ ابی ابن کعبؓ آنند کالونی حیات نگر سہ روزہ جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ و سلم و تذکرہ اولیاء اللہ منعقد ہوگا۔ مہمان خصوصی مولانا محمد غیاث الدین امام و خطیب جامع مسجد الہ آباد یونیورسٹی خلیفہ حضرت مولانا مسیح اللہ خان جلال آبادی، مولانا خواجہ نذیرالدین، مولانا محمد شفیع ندوی، مولانا عبدالحئی قاسمی کے خطابات ہوں گے۔
عقیدہ تحفظ ختم نبوت و رد قادیانیت پر اہم ترین کتاب ’’افادۃ الافہام‘‘ منظر عام پر
حیدرآباد 19 فروری (راست) ہندوستان کی سرزمین پر جب قادیانی مذہب بڑے زور و شور کے ساتھ اپنے قدم جمارہا تھا اور عقیدۂ ختم نبوت کو نقصان پہنچانے کی فکر میں لگا ہوا تھا، ایسے نازک حالات میں آصفجاہی دور کی نامور اہم ترین علمی شخصیت، استاذ سلاطین دکن شیخ الاسلام والمسلمین الشاہ امام محمد انواراللہ فاروقی فضیلت جنگؒ بانی جامعہ نظامیہ نے قادیانی مذہب کے رد میں مدلل و محقق کتاب ’’افادۃ الافہام‘‘ دو ضخیم جلدوں میں تصنیف فرماکر اہل اسلام بالخصوص اہلیان دکن کے ایمان و عقیدہ کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا۔ مجلس اشاعۃ العلوم جامعہ نظامیہ نے بزم علم و عرفان حیدرآباد دکن کے تعاون سے اس کو شائع کیا۔ تقاریب عرس شیخ الاسلامؒ کے موقع پر احاطہ جامعہ نظامیہ میں موجود خصوصی بُک اسٹال سے رعایتی قیمت پر اس کتاب کو حاصل کرسکتے ہیں۔