مذہبی خبریں

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 16 فروری جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔۔

 

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : مولانا عبدالملک المظاہری 16 فروری کو بعد نماز مغرب جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں اور مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی بعد نماز ظہر مسجد چمن افضل گنج میں درس قرآن دیں گے ۔۔

قرات و اذان کی مفت تربیت
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : جامع مسجد اللہ بنڈہ منگل ہاٹ میں روزآنہ بعد نماز فجر تا 8 بجے صبح قرات اور اذان کی مفت تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ مولانا محمد نصیر الدین خطیب و امام تربیت دیں گے ۔۔

جلسہ نذرانہ عقیدت
حضرت امیر احمد مینائیؒ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : دبستان جلیل شعبہ خواتین کا جلسہ نذرانہ عقیدت حضرت امیر احمد مینائی 19 فروری کو 10-30 بجے دن جلیل منزل نور خاں بازار محترمہ حامدی بیگم کی صدارت ، محترمہ انیس عائشہ اور محترمہ رابعہ نیاز جلیلی کی نگرانی میں منعقد ہوگا ۔محترمہ غوثیہ بیگم اس جلسہ کی داعی اور ڈاکٹر نکہت آراء شاہین ناظم ہوں گی ۔ محترمہ بشریٰ سلطانہ کی قرات کلام پاک کے بعد محترمہ ثریا خیر الدین حمد باری تعالیٰ اور محترمہ ممتاز النساء بیگم نعت شریف پیش کریں گی ۔ محترمہ مریم زمانی سورہ المائدہ رکوع نمبر 15 کی تفسیر بیان کریں گی ۔ محترمہ اصغر صدیقہ اور ڈاکٹر عزیز النساء حضرت امیر کی حیات اور شخصیت پر اپنے مضامین سنائیں گی ۔ محترمہ اطہری فضا ، محترمہ خیر النساء علیم ، محترمہ فخر النساء فہیم جلیلی ، محترمہ شبینہ فرشوری ، محترمہ عاصمہ خلیل اور محترمہ اسریٰ منظور حضرت امیر کا کلام پیش کریں گی ۔ محترمہ فخر النساء فہیم جلیلی اس جلسہ کی کنوینر ہوں گی ۔۔

 

محفل سماع و فاتحہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : حضرت سید غلام حسین مرزا سردار بیگ احمد علی شاہ کی سالانہ فاتحہ 18 جمادی الاول بروز جمعرات کو مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب خواجہ پہاڑی تاڑبن میں مرزائی سجادہ نشین و متولی درگاہ شریف کے زیر نگرانی محفل سماع مقرر ہے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

اراکین عاملہ مجلس علمیہ کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : مولانا محمد مصدق القاسمی ( منتظم مجلس علمیہ ) کی اطلاع کے بموجب بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد اکبری ، اکبر باغ ، بصدارت مولانا سید اکبر مفتاحی ارکان عاملہ کا اجلاس منعقد ہے ۔۔

اصلاحی مجلس
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : حافظ محمد عبدالحقی فہیم معاون کے بموجب 16 فروری بعد نماز عشاء اصلاحی مجلس مقرر ہے ۔ صدارت مولانا مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری ناظم مدرسہ ہذا کریں گے اور مہمان خصوصی مولانا احمد عبید الرحمن اطہر ندوی کا خطاب ہوگا ۔۔

 

ضلع کڑپہ میں درگاہ حضرت امین پیر ؒ کی عرس تقاریب کا اختتام
حیدرآباد 15فروری (یواین آئی ) آندھراپردیش کے ضلع کڑپہ میں درگاہ حضرت امین پیر ؒ کی عرس تقاریب کا اختتام عمل میں آیا ۔ ملک بھر کے مختلف علاقوں سے زائرین کی کثیر تعداد نے عرس تقاریب میں شرکت کی اور درگاہ شریف پر حاضری دیتے ہوئے چادر گل پیش کئے ۔ درگاہ شریف سے صندل مبارک کا جلوس نکالا گیا جو مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا درگاہ شریف واپس پہونچا ۔ یہ ایک مشہور درگاہ ہے ۔ عرس کے موقع پر لاکھوں زائرین ملک کے مختلف مقامات سے یہاں پر حاضری دیتے ہیں ۔ بالی ووڈ کے میوزک ڈائرکٹر اے آر رحمن اکثر و بیشتر یہاں پر حاضری دیتے ہیں۔

 

نئی نسل کی اسلامی تربیت خاندان کے بزرگ اور والدین کی ذمہ داری
مسلم گرلز اسوسی ایشن انڈیا والینٹائن ڈے کے خلاف دعوت و اصلاحی پروگرام
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے والنٹائن ڈے کے خلاف ایم جی اے کی کارکنات نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف کالجس ، اسکولس اور پارکس میں دعوتی و اصلاحی پروگرامس و کارنر میٹنگس کو بحسن خوبی انجام دیا ۔ والنٹائن ڈے کو مسلم طلباء وطالبات عصری تہذیب و تمدن کا حصہ سمجھ رہے ہیں ۔ مغربی باطل تہذیب و گلوبل کلچر کے گہرے اثرات مسلم سوسائٹی بالخصوص نوجوان نسل پر تیزی سے مرتب ہورہے ہیں ۔ مسلم طالبات و خواتین کو افہام و تفہیم اور گفتگو کے ذریعہ ان فحش و حرام کاموں سے تائب کروانے کی بھر پور کوشش کی گئی ۔ سینکڑوں طالبات سے ملاقاتیں کی گئیں اور پروفیشنل کالجس میں تقاریر کا اہتمام کیا گیا ۔ والنٹائن ڈے کے خلاف میٹنگس کے دوران پارکوں میں آٹھویں کلاس سے پی جی لیول تک کے لڑکے لڑکیوں کو کونسلنگ کی گئی ۔ کچھ ایسے بھی کم عمر طلباء وطالبات ملے جو قریبی نواحی علاقوں میں بستے ہیں اور کلاس میٹس و پڑوسی لڑکوں کے ساتھ آئے تھے ۔ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ والدین کے آپسی جھگڑے ، سختی اور گالی گلوچ کی بناء پر موبائل فون پر ربط کر کے اپنے کسی پڑوسی ساتھی لڑکے یا کلاس میٹس کے ساتھ وقت گزارنے پارکس میں آتے ہیں ۔ ان طلباء وطالبات کو کچھ وقت لے کر کونسلنگ کی گئی تو وہ تائب ہو کر دوبارہ اس طرح کی غلطی نہ کرنے کا وعدہ کیا ۔ افسوسناک واقعات جو دیکھنے میں آئے اس میں دینی مدارس کے بعض ایسے طلباء وطالبات سے بھی ملاقات ہوئی جنہوں نے خود ساختہ شرعی جوازات کے ذریعہ گنجائش نکالنے اور مباحث کرنے کی کوشش کی ۔ اس کے علاوہ شادی شدہ عورتیں بھی غیر و اجنبی آدمیوں کے ساتھ پارکس میں پائے گئے جو اپنے چھوٹے لڑکوں و لڑکیوں ، بھتیجیوں اور بھانجیوں کو بھی ساتھ لائے ، ان کی کونسلنگ کرنے پر وہ الجھ پڑ رہے تھے ۔ اور بار بار یہ کہہ رہے تھے کہ یہ ہمارا نجی معاملہ ہے ۔ ہم کسی کے بھی ساتھ آئیں ۔ کارکنات نے بڑے ہی تحمل کے ساتھ افہام و تفہیم کے ذریعہ انہیں سمجھایا ، ان کے مقام و مرتبہ کا لحاظ دلانے پر وہ واپس چلے گئے ۔ والدین اور مسلم قائدین ، گھر کے بزرگ حضرات اور اصلاحی و سماجی اداروں کے ذمہ دار علماء و مشائخین و واعظین و خطباء سے گزارش ہے کہ وہ مسلم سماج میں اسلامی افکار کو بیدار کرنے اور حرام کو سخت معیوب سمجھنے اور حلال و خیر و ثواب کے کاموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے کا رواج اپنے تقاریر و واعظوں کے ذریعہ عام کریں تاکہ اس اٹھنے والے جدید فحش ٹرینڈس کے خلاف شعور پیدا ہو اور ہر گھر میں اصلاح کی راہ ہموار ہوسکے ۔۔

 

جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کے
ہاتھوں عکس غوثوی کا رسم اجراء
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( راست ) : حیدرآباد کے نامور شیخ مولانا غوثوی شاہ جو سترہ کتابوں اور کئی رسائل کے مصنف ہیں اور حیدرآباد ، ممبئی ، مچھلی پٹنم میں قرآن و حدیث کانفرنس ، ختم نبوت کانفرنس چار آئمہ کانفرنس اور عظمت اہل بیت کانفرنس کے علاوہ عالمی مذاہب کانفرنس کو روبہ عمل لانے کا اعزاز حاصل ہے کی 63 سالہ عمر میں 38 سالہ اسلامی خدمات کی منہ بولتی تصاویر کا البم آپ کے دو فرزندوں کریم اللہ شاہ فاتح اور اکرام اللہ شاہ نے مرتب کیا ہے ۔ چار سو صفحات پر 952 فوٹوز پر مشتمل خوبصورت رنگین طباعت کی اس کتاب کا 14 فروری کو رسم اجراء ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ یہ کتاب حسامی بک ڈپو مچھلی کمان اسٹوڈنٹ بک ڈپو اور دکن ٹریڈرس پر دستیاب ہے ۔ کتاب کی قیمت 500 روپئے ہے ۔۔