مذہبی خبریں

مسلم پرسنل لا کے موضوع پر کتاب کی اشاعت
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : مسلم پرسنل لاء کے موضوع پر ایک نئی کتاب ’مسلم پرسنل لاء پر اعتراضات اور ان کے جوابات ‘ کی اشاعت عمل میں آئی ہے ۔ اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ مصنف کتاب نے اپنی تحریر میں کسی بھی مسلکی اختلافات کو جگہ نہیں دی ہے ۔ مسلم پرسنل لاء کا مسئلہ تمام امت کا مسئلہ ہے اس لیے اس کتاب میں کوئی پہلو بھی ایسا نہیں جو کسی خاص فرقے یا مسلک سے تعلق رکھتا ہو۔ دشمنان اسلام کو دنددان شکن جواب دینے اور اسلامی قانون کے بارے میں اپنی معلومات بڑھانے کے لیے اس کتاب کا مطالعہ دور حاضر کے ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے ۔ یہ کتاب یسین بک ہاوس مغل پورہ نزد فائر اسٹیشن پر دستیاب ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 66786225 پر ربط کریں ۔۔

تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام
محفل نعت شریف
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کے زیر اہتمام محترمہ صبیحہ صدیقی تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیر سرپرستی مدحت رسول کریم ﷺ اور نعت گوئی کی خواہش مند خواتین کے لیے محفل نعت محترمہ اسریٰ منظور پریسیڈنٹ اسٹوڈنٹ ونگ تنظیم بنت حرم کی نگرانی میں 22 جنوری اتوار 10 بجے دن مدرسہ بنات الحرم ، احاطہ مکہ مسجد منعقد ہوگا ۔ نعتیہ محفل میں حصہ لینے کی خواہش مند شاعرات ، خواتین و طالبات براہ کرم بلا تاخیر مدرسہ بنات الحرم کے ذمہ داران سے مل کر اپنا نام درج کروالیں ۔۔

 

غوث الوریٰ کانفرنس
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا محمد ذاکر حسین اشرفی کے بموجب غوث الوریٰ کانفرنس 20 جنوری بعد عشاء روبرو مسجد حضرت امیر حمزہؓ و دارالعلوم سمنانیہ اشرف المدارس بابا سیلانی نگر بورا بنڈہ میں مقرر ہے۔ مولانا محمد احمد نقشبندی ، مولانا مفتی محمد نیراعظم ، مولانا محمد شہنواز عالم ، مولانا آصف اقبال ، حضرت امیر مینائی مخاطب کرینگے ۔۔

دفتر سیاست میں اتوار کو عمرہ تربیتی کلاس
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : جناب سید شرف الدین صدر لبیک سوسائٹی کے بموجب روزنامہ سیاست و لبیک ایجوکیشنل و ویلفیر سوسائٹی حیدرآباد کے اشتراک سے عازمین عمرہ و زائرین مدینہ منورہ کی دینی تربیت و عملی رہنمائی کے لیے 22 جنوری اتوار 12 تا 1-30 بجے دن گولڈن جوبلی ہال احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس میں مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی جنرل سکریٹری لبیک سوسائٹی کی نگرانی میں ہفتہ واری حج و عمرہ تربیتی کلاس منعقد ہوگی ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی 19 جنوری بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

 

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع 19 جنوری کو بعد نماز عشاء تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مفتی محمد آصف بلال قادری ’ محاسبہ اعمال ‘ پر خطاب کریں گے ۔۔

محفل منقبت شہہ بغدادؒ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام سالانہ محفل منقبت شہہ بغدادؒ کا 19 جنوری کو بعد نماز عشاء 9 بجے شب بمکان محمد اسحاق قادری آئی ٹی آئی کالونی ابوالبرکات منشن میں منعقد ہوگی ۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری کریں گے ۔ سید انوار علی سلمان کی قرات کلام پاک کے بعد محمد ابراہیم ، محمد باسط کی نعت ہوگی ۔ بعد ازاں صرف مدعو نعت خواں و شعراء کرام بارگاہ غوثیت مآبؒ میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ 20 جنوری مسجد افضل خاں گھانسی بازار 21 جنوری مسجد حضرت سردار بیگ صاحب میں محافل منقبت منعقد ہوں گی ۔۔

 

عرس شریف حضرت شیخ جی حالیؒ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : حضرت پیر شاہ محمد قاسم ابوالعلائی المعروف بہ حضرت شیخ جی حالی ؒ کے پنچ روزہ دو سو سالہ عرس شریف 26 جنوری تا 30 جنوری کے درمیان مرکزی آستانہ ابوالعلائیہ اردو شریف منایا جائے گا ۔ سجادہ نشین و متولی مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ناگوری ابوالعلائی نے بتایا کہ نظام العمل کے مطابق روز اول 26 جنوری 8-30 بجے شب نذر حضرت شیخ جی حالی منقبتی طرحی مشاعرہ بہ طرح ولایت کا ہیں اک روشن ستارہ شیخ جی حالی منعقد ہوگا ۔ جس میں مہمان خصوصی مولانا سید فضل المتین معینی چشتی ( گدی نشین بارگاہ حضور غریب نوازؒ ) شرکت کریں گے ۔ مدعو شعراء کرام میں ڈاکٹر عقیل ہاشمی ، محسن جلگانوی ، جلال عارف ، فاروق شکیل ، اکبر خاں اکبر ، طیب پاشاہ قادری ، سردار سلیم ، وجہہ اللہ سبحانی ، محمد شمس الدین زماں ، اسلم فرشوری ، جنید حسینی جنید ، یوسف روش ،کامل حیدرآبادی ، عقیل احمد ، قاضی عظیم عارفی ، انیس احمد ، قاضی اسد ثنائی ، مسعود الاظہری کلام سنائیں گے ۔ جب کہ ناظم مشاعرہ قاضی فاروق عارفی ہوں گے ۔ 27 جنوری 8 بجے شب محفل نعت شریف ، قصیدہ بردہ شریف و حلقہ ذکر 28 جنوری بعد نماز مغرب صندل مالی و محفل سماع 29 جنوری اتوار بعد نماز فجر تا 8 بجے صبح ختم قرآن مجید بعد نماز مغرب تا 11 بجے شب محفل سماع و چراغاں اور 8-30 بجے شب محفل چراغاں مقرر ہے ۔ 30 جنوری بعد نماز مغرب تا 10 بجے شب محفل سماع و قل شریف مقرر ہے ۔۔

جلسہ یاد حضرت حیرت نظامیؒ و فضائل حدیث
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : مدرسہ عربیہ انوارالعلوم ملحقہ جامعہ نظامیہ بھوانی نگر روڈ نمبر 7/A میں 19 جنوری بعد نماز ظہر ’ صاحب کتاب الحدیث ‘ مولانا عبدالخالق حیرت نظامیؒ سابق امام و خطیب جامع مسجد واڑی کی یاد میں جلسہ فضائل احادیث مبارکہ منعقد ہوگا ۔ صدارت بانی مدرسہ حضرت سید شاہ نعمت اللہ قادری صدر مودب جامعہ نظامیہ کریں گے مہمان خصوصی مولانا محمد عبدالباری ساجد نظامی فرزند حضرت ممدوح کا خطاب ہوگا ۔ اس موقع پر جماعت سوم اور چہارم کے طلباء کتاب الحدیث کے مکمل احادیث زبانی سنائیں گے اور انہیں حافظ کتاب الحدیث کی سند دی جائے گی ۔ محمد عرفان حدیث شریف کی ضرورت و اہمیت پر تقریر کریں گے ۔ حافظ سید شاہ انوار اللہ قادری ، مولانا محمد عبداللطیف مدنی ، مولانا محمد عبدالحکیم نقشبندی القادری اور مولانا محمد رضوان قادری کے خطابات ہوں گے ۔۔

 

حضرت غوث الاعظمؒ کی زندگی قرآن و سنت کا آئینہ دار
عرس حضرت عبدالکریم بغدادی کے موقع پر مولانا سادات پیر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا سید سادات پیر بغدادی نے اپنے بیان میں کہا کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے ۔ اے ایمان والو اللہ سے ڈرو اور صدیقین کے ساتھ ہوجاؤ مفسرین فرماتے ہیں کہ صدیقین وہ لوگ ہیں جن پر اللہ نے انعام عطا فرمایا وہ زمرہ اولیاء اللہ کا خاص زمرہ ہے ۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا ولی وہ ہوتا ہے جسے دیکھنے سے اللہ یاد آجائے اولیاء اللہ کی جماعت میں حضور پیران پیر غوث اعظمؒ کا سب سے زیادہ بلند مقام ہے جماعت اولیاء اللہ میں آپ کی ذات نمایاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید سعادت پیر بغدادی نے کل شام روضہ رحمانیہ خطہ صالحین نامپلی میں عرس حضرت پیر سید محمد عبدالکریم بغدادیؒ کے موقع پر ایک اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے سلسلہ بیان جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حضرت غوث الاعظمؒ کی زندگی قرآن و سنت کا آئینہ دار ہے آپ کی ساری زندگی کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے ۔ شریعت اسلامی پر ہر وقت وہ سختی سے کار بند رہتے فرائض و واجبات کے علاوہ سنتوں پر بھی سختی سے پابندی سے عمل کرنے اولیاء اللہ سے عقیدت و محبت رکھنے والوں کو چاہئے کہ وہ اولیاء اللہ کے طریقہ زندگی کو اپنی زندگیوں میں ڈھالیں جس سے ہماری اصلاح زندگی کا بڑا کام ہوتا ہے ۔ایسے ہی خاصان خدا میں حضرت پیر سید محمد عبدالکریم بغدادیؒ کا شمار ہے جو حضور غوث الاعظم ؒ کی اولاد سے ہیں شریعت و طریقت کی تعلیمات کی اشاعت و ترویج میں آپ نے اپنی ساری زندگی صرف کی ۔ قبل ازیں حضرت پیر بغدادی سید محمد حسینی الرفاعی نے افراد خانوادہ ، سادات کرام و علماء و مشائخ کے ہمراہ مراسم عرس انجام دئیے ۔ محفل قصیدہ بردہ شریف کا بھی انعقاد عمل میں آیا ۔ آخر میں عالم اسلام میں امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی ۔۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( راست ) : عرس شریف حضرت جہانگیر پیراںؒ کا 19 جنوری کو صندل مبارک سے آغاز ہوگا ۔ 20 جنوری کو چراغاں جب کہ 21 جنوری کو ختم القرآن مقرر ہے ۔۔
٭٭    عرس شریف حضرت میراں سید شاہ محمد حبیب اللہ قادری تخت نشین ؒ 19 جنوری درگاہ شریف واقع سبزی منڈی ٹپہ چبوترہ میں زیر نگرانی مولانا اکرم پاشاہ قادری تخت نشین سجادہ نشین و متولی درگاہ شریف مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر ختم قرآن مجید ، قبل مغرب صندل مالی بدست سجادہ نشین متولی انجام دیں گے ۔ بعد نماز مغرب محفل وعظ بہ عنوان ’ عشق رسول ‘ پر علمائے کرام مشائخین عظام مخاطب کرینگے ۔۔

 

بین الریاستی جلسہ سیرت غوث اعظم و منقبتی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ /18 جنوری (راست) بزم جانثارانِ مصطفے چندولعل بارہ دری کے زیراہتمام 22 واں جلسہ سیرت سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ غیر طرحی نعتیہ و منقبتی مشاعرہ /21 جنوری بعد نماز مغرب بمکان الحاج میمن محمد ہارون ابوبکر نقشبندی القادری چندولعل بارہ دری زیرسرپرستی مولانا سید شاہ قبول پاشاہ شطاری ، زیرصدارت مولانا سید شاہ محمد احسن الدین شرفی مقرر ہے ۔ الحاج سید شاہ اعظم علی صوفی حسنی الحسینی القادری نگران مشاعرہ ہوں گے ۔ مولانا محمد ضیاء عرفان قادری حسامی نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ صدر بزم الحاج محمد احمد محی الدین قادری الجیلانی سالانہ رپورٹ پیش کریں گے ۔ شعراء میں حلیم بابر ، واحد نظام آبادی ، تاج مضطر ، علی الدین گوہر ، شاخ انور مدعوئین مہمانان خصوصی میں مولانا محمد رفیع الدین شرفی سجادہ نشین بارگاہ علیم الدین شرفی ، ڈاکٹر فاروق شکیل ، ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادق ، ڈاکٹر نعیم عابدی ، جلال عارف ، سردار سلیم ، کامل حیدرآبادی ، ڈاکٹر سلیم ، اسلم فرشوری ، نورالدین امیر ، سید یوسف روش ، عظمت اللہ عظمت قاضی اسد ثنائی ، انجم شافعی ، فرید سحر ، سکندر حسین شرفی ، ڈاکٹر اقبال شریف ، حامد حسین شرفی ، الحاج محمد اکبر خان اکبر (نائب ناظم مشاعرہ) ، سہیل علیم ، قابل حیدرآباد ، حافظ شمس الزماں کے علاوہ نامور شعرائے حیدرآباد شرکت کریں گے ۔