مذہبی خبریں

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی کے بموجب 12 جنوری بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا مصدق القاسمی مخاطب کریں گے ۔۔

جلسہ فیضان غوث اعظم ؒ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام جلسہ فیضان غوث اعظمؒ 12 جنوری کو بعد نماز عشاء مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج زیر نگرانی مولانا ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ شبیر بخاری نقشبندی مقرر ہے ۔ ختم دلائل الخیرات و ختم خواجگان نقشبند کے بعد نگران جلسہ کا خطاب ہوگا ۔۔

 

دفتر سیاست میں اتوار کو عمرہ تربیتی کلاس
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( راست ) : جناب سید شرف الدین صدر لبیک سوسائٹی کے بموجب روزنامہ سیاست و لبیک ایجوکیشنل و ویلفیر سوسائٹی کے اشتراک سے عازمین عمرہ و زائرین مدینہ منورہ کی دینی تربیتی و عملی رہنمائی کے لیے 15 جنوری اتوار 12 تا 1-30 بجے دن گولڈن جوبلی ہال احاطہ روزنامہ سیاست عابڈس میں مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کی نگرانی میں ہفتہ واری حج و عمرہ تربیتی کلاس منعقد ہوگی ۔۔

 

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( راست ) : عرس تقاریب حضرت خواجہ مرزا محمد بیگ چشتی مرزائی واقع آغا پورہ کمان بھوئی گوڑہ میں 11 جنوری کو غسل شریف سے آغاز ہوا ۔ 12 جنوری کو 4 بجے شام جلوس صندل خانقاہ حافظیہ اردو شریف عقب عثمانیہ بازار سے برآمد ہو کر درگاہ شریف آغا پورہ پہنچے گا ۔درگاہ شریف میں بعد مغرب محفل سماع ہوگی ۔ 11 بجے شب صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ 13 جنوری کو مجلس چراغاں جس میں فاتحہ توشہ شریف بعد مغرب جلسہ فیضان اولیاء محفل سماع ہوگی ۔ 14 جنوری بعد فجر مجلس ختم شریف محفل سماع ہوگی ۔ مراسم عرس سجادہ نشین انجام دیں گے ۔۔
٭٭    مولانا سید محمد بادشاہ حسینی قادری و مولانا سید قاسم حسینی قادری ؒ کے اعراس مبارک درگاہ شریف قادری چمن 15 جنوری کو منعقد ہے ۔ بعد نماز عصر حلقہ ذکر ، سلام بحضور ﷺ اور ختم قرآن پاک ہوگا ۔ بعد نماز مغرب محفل سماع مقرر ہے ۔ 16 جنوری بعد نماز فجر حلقہ ذکر ، نعت خوانی ہوگی اور مولانا سید محمد اولیاء حسینی قادری المعروف مرتضی پاشاہ کا وعظ ہوگا ۔ اور بعد نماز مغرب محفل سماع مقرر ہے ۔ 17 جنوری بعد نماز فجر حلقہ ذکر ، نعت خوانی ہوگی ۔ 10 بجے تا 11 بجے دن ختم قرآن پاک ہوگا ۔ 11 بجے دن تا ظہر محفل سماع مقرر ہے ۔۔

نعتیہ مقابلہ مجلس محبان اہلبیتؒ و صحابہؒ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( راست ) : نعتیہ مقابلہ مجلس محبان اہلبیت ؒ و صحابہؒ کے زیر اہتمام نعتیہ مقابلہ برائے اسکول و انٹر میڈیٹ کے طلباء وطالبات کے لیے 15 جنوری کو گڈ سٹیزن کونسپٹ اسکول یوسف گوڑہ میں مقرر ہے ۔ شرکاء کو چاہئے کہ وہ مفت رجسٹریشن 13 جنوری سے قبل مندرجہ بالا اسکول پر کروالیں۔ مقابلہ میں شرکت کرنے والوں کی عمر 17 سے زائد نہ ہو ۔ اسکول کے بونافائیڈ سرٹیفیکٹ کے ہمراہ اپنے نام کا اندراج کردیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 8977306880 یا ۔ 7396135455 پر ربط کریں ۔۔

جلسہ فیضان سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام جلسہ فیضان سیدنا غوث اعظم دستگیرؒ 12 جنوری کو بعد نماز عشاء روبرو مکان جناب اسحاق پٹیل باڑہ پولیس لین عنبر پیٹ زیر صدارت مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر منعقد ہوگا ۔ حافظ شیخ یسین قادری کی قرات کلام پاک ہوگی ۔ جناب محی الدین قادری ، جناب سید مجاہد ملتانی ، جناب علی بن محمد ، جناب سید حسین قادری ، جناب سالم بن محمد نعت شریف اور منقبت غوث پاک پیش کریں گے ۔ مولانا محمد باقر علی صدیقی قادری ، مولانا سید حامد الحسن کلیمی علی پاشاہ قادری چشتی اور صدر ’ پیران پیر کی عظمت و مرتبت ‘ کے زیر عنوان خطابات کریں گے ۔۔

جلسہ محفل افسانہ و مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( راست ) : قاری فیض صدیقی کے بموجب 19 جنوری 7 بجے شام سہیل منشن مہدی پٹنم میں ادارہ ادب صادق کا جلسہ و طرحی مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ ادبی اجلاس کے پہلے دور میں محفل افسانہ اور دوسرے دور میں ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق کی فن اور شخصیت پر روشنی ڈالی جائے گی ۔ ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق سوانح حیات پیش کریں گے ۔ ادارہ کی جانب سے ان کی گلپوشی و شال پوشی بھی کی جائے گی ۔ آخر میں ان کی صدارت میں ایک طرحی مشاعرہ بطرح ’ اب تو ستر کا ہوگیا صادق ‘ ( قافیہ ہوا ۔ کیا وغیرہ ہوں گے ردیف صادق ہوگی ) منعقد ہوگا ۔۔

 

عرس شریف
٭٭    اعراس حضرت سید کریم اللہ شاہ قادریؒ ، حضرت سید علیم اللہ شاہ قادریؒ ، حضرت سیدہ بی بی سلمی قادریہؒ 15 جنوری اتوار لنگا مڑنا منڈل کیشم پیٹ ضلع رنگاریڈی مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق بعد نماز عصر صندل شریف بعد نماز مغرب تناول طعام ، بعد نماز عشاء محفل سماع مقرر ہے ۔ مہمانان خصوصی محمد کریم اللہ شاہ قادری ، محمد جہانگیر قادری ، محمد غوث خاں ، محمد مولانا قادری ، آرمایوری سرپنچ ، آرمدھو سدن گوڑ ، محمد غوث کونسلر فاروق نگر شاد نگر ہوں گے ۔۔

 

حضرت غوثِ اعظم ؒ اور گیارھویں:مولاناغوثوی شاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( راست ) : بیت النور فورٹ ویو کالونی میں 8 جنوری بروز اتوار جلسہ بیاد حضرت غوثِ اعظم ؒ منعقد ہوا ۔ جناب حافظ مجاہد علی کی قرآت سے جلسہ کا آغازہوا ۔ مولانا محمدحکیم احمد علی،مولانا روشن ،مولانا محمد عبدالرفیق جنیدی اورمولانا عظیم الدین شاہ اور کریم پاشاہ کے بعد حضرت مولانا غوثوی شاہ نے جلسہ بیادِ حضرت غوث اعظمؓ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ ربیع الثانی کا مبارک مہینہ ہم میں جلوہ افروز ہوچکا ہے ۔ جس طرح رمضان کا مہینہ قرآن کی نسبت سے ماہِ قرآن کہلاتا ہے اور ربیع الاول کا مہینہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد ِمبارکہ کی وجہ سے میلاد کا مہینہ کہلاتا ہے اِسی طرح یہ مہنیہ ربیع الثانی بھی حضرت غوث اعظم دستگیر رحمۃ اللہ علیہ کی وجہ سے غوث اعظم کامہینہ خصوصًا گیارھویں کا مہینہ کہلاتا ہے ۔کیونکہ گیارہ ربیع الثانی کو حضرت غوث اعظم ؒاپنے پیرِو مرشد کا ہر سال عرس منایاکرتے اِسی وجہ سے گیارھویں کو فضیلت حاصل ہوئی ۔اِسی ماہ ِ مبارک کی 17 تاریخ یعنی 17 ربیع الثانی کو حضرت غوث اعظم ؒ واصل ِ بحق ہوئے ۔مگر یہ اُنکی کرامت ہے کہ گیارھویں کو فاتحہ حضرت غوث اعظم ؒ کے نام سے دیجاتی ہے ۔ مگر تاریخ آپ کے پیر ومرشد کی ہے یعنی حضرت غوث اعظم ؒ خود کو چُھپاکر اپنے پیر کو دکھا رہے ہیں۔حضرت غوث اعظم ؒ اللہ کے محبوب حضور ؐ کے پیارے اور حضرت علیؓ کی اولاد سے ہیں اور شیوخ سلسلہ قادریہ کے مرکز ومنبع ہیں۔ آپ ؒ نے بہ اعتبار کشف اس حقیقت کا اظہار فرمایا کہ ’’میرا قدم تمام اولیاء کی گردن پر ہے‘‘ جس سے ثابت ہوا کہ آپ اپنے وابستگان وغلامانِ سلسلہ کی طرف بہ اعتبار رُوحانیت مِن اللہ قوت سے فیض رساں ہیں ۔ آپ ؒ سے الفت ومحبت ہر وابستہ فردِ مسلم کیلئے لازم ہے۔ آپ کی کرامتوں میں پیدائشی اندھے پن کو بینا کرنا اور مُردے کو زندہ کرنے کے علاوہ ہزاروں کرامتیں ثابت ہیں ۔ آپ ؒکی تعلیمات موجودہ دور میں ہر مسلمان کیلئے مشعل راہ ہیں۔اللہ تعالیٰ ہماری طرف سے حضرت غوثِ اعظم دستگیر ؒ کو بہترین جزاء عطافرمائے اور اُن کے فیوض وبرکات سے ہمکو مالامال کرے۔ یقینا آپؒ کی یاد منانا کھانا کھلانا ‘فاتحہ دلانا ‘گیارھویںکرنا گُناہوں کا کفّارہ اور نزول رحمت کا باعث ہے۔ جلسہ کا اختتام سلام بحضور خیر الانام ؐ پر ہوا ۔ شاہد پیراںاورفاتح شاہ و اکرام شاہ نے جلسہ میں شریک حضرات کا شکریہ ادا کیا ۔