مذہبی خبریں

زندگی کے ہر گوشہ میں اسلامی تعلیمات کو جاری کریں
جماعت اسلامی کے جلسہ سے حافظ محمد رشاد الدین اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : اس وقت ساری دنیا میں مسلمانوں کے لیے حالات انتہائی نا مساعد اور آزمائش سے بھرے ہیں ۔ دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمان انتہائی مظالم کا شکار ہیں ۔ لیکن ان حالات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں بلکہ ثابت قدمی کے ساتھ دین کے احکامات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اور سیرت النبیؐ کی روشنی میں ان حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔ حضور اکرمؐ اور آپؐ کے صحابہؓ بھی شدید آزمائش سے گذارے گئے ۔ لیکن انہوں نے پامردی سے ان حالات کا مقابلہ کیا اور دعوت اسلامی کے پیغام کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے اعلائے کلمۃ الحق کو بلند کیا ۔ ان خیالات کا اظہار حافظ محمد رشاد الدین نے جماعت اسلامی یاقوت پورہ کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ سیرت النبیؐ کو مخاطب کرتے ہوئے رحیم پلازا فنکشن ہال مادنا پیٹ سے کیا ۔ مولانا حافظ محبوب شریف نظامی نے کہا کہ اللہ جسے چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کا تقاضہ ہے کہ اللہ اور اس کے رسولؐ سے محبت بے پناہ کی جائے اور محبت کا تقاضہ ہے کہ ہم ہمارے زندگی کے ہر گوشہ میں اسلام کی تعلیمات کو جاری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خاندانی نظام کو مستحکم کریں ۔ جناب عبدالحفیظ اور قاری عبدالمنان نے بھی مخاطب کیا ۔ محمد کلیم الدین نے شکریہ ادا کیا ۔۔

 

خواتین کانفرنس کے تعارفی اجتماعات
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : 25 سالہ جشن تاسیس جامعتہ المومنات کی اختتامی تقریب دو روزہ کل ہند خواتین کانفرنس کے بضمن تعارفی اجتماع برائے خواتین 5 جنوری مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین کی صدارت میں بمکان احمد بن محمد قریشی تالاب کٹہ زین فنکشن ہال 2 بجے دن ہوگا ۔ عالمہ شکیلہ کوثر ، عالمہ عظمی سلطانہ مخاطب کریں گی ۔ جب کہ بمکان سیف پٹھان عالیہ آباد میں 2-30 بجے دوپہر جس میں مفتیہ عطیہ سلطانہ ، مفتیہ رفعت فاطمہ مخاطب کریں گی اور بمکان محمد جاوید ہاشم آباد میں 2 بجے دوپہر جس میں مفتیہ محسنہ ناز ، مفتیہ شہناز فاطمہ مخاطب کریں گے ۔۔

 

حلقہ ذکر الٰہی و نعت شاہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : حلقہ ذکر الٰہی و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری آستانہ مینائی پھول باغ جہاں نما بروز جمعرات بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔۔

 

ہفتہ واری اجتماع
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع 5 جنوری کو 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 5 جنوری بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ بعد نماز عشاء جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف ہوگا ۔۔

 

حمیدیہ میں آج چھٹی محفل غوث اعظمؒ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک اور انتظامی کمیٹی درگاہ حضرت تاج العرفاء ( شرفی چمن ) کے زیر اہتمام یکم تا 11 ربیع الثانی جاری گیارہ روزہ محافل حضرت غوث اعظم ؒ کے سلسلہ کی چھٹی محفل مبارک 6 ربیع الثانی صبح 8 تا 9 بجے حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں منعقد ہوگی ۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری ، مفتی سید محمد سیف الدین قادری حاکم پاشاہ حمیدی ، صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا علی پاشاہ اور دیگر حضرات کے علاوہ نگران محفل ڈاکٹر سید شاہ محمد حمید الدین قادری شرفی سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاؒ و ڈائرکٹر آئی ہرک موضوع مقدس کے مختلف پہلوؤں پر شرف خطاب حاصل کریں گے ۔۔

 

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی کے بموجب 5 جنوری کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔۔

 

بغداد شریف کو روانگی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : صاحبزادہ الحاج سید ذبیح اللہ حسینی المعروف بھائجو 5 جنوری عراق کے لیے روانہ ہوں گے جہاں پر بارگاہ حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہ ، بارگاہ حضرت سیدنا امام حسینؓ اور حضرت غوث اعظم دستگیرؒ کے علاوہ دیگر مقامات مقدسہ کی زیارت کا شرف حاصل کریں گے ۔۔

 

جشن فیضان دادا پیرؒ و پیران پیرؒ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : حضرت نور المشائخ سید نوری شاہؒ چشتی قادری کے عرس شریف کے موقع پر 7 جنوری کو مسجد نوری ، نوری مسکن جامعہ الھیات نوریہ بنڈلہ گوڑہ بارکس میں جشن فیضان دادا پیرؒ و پیران پیرؒ مقرر ہے ۔ بعد نماز ظہر سمینار میں علماء کرام مولانا سید شاہ بدیع الدین صابری ، ڈاکٹر مصطفی شریف ، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری ، مولانا سید رشید احمد مقالہ جات پیش کریں گے ۔ بعد مغرب قصیدہ بردہ شریف و آثار مبارک کی زیارت کروائی جائے گی ۔ بعد عشاء مولانا سید محمد ناصر الدین جیلانی المعروف اسرار اللہ شاہ نوری کی صدارت میں جلسہ عام منعقد ہوگا ۔ جس کو مولانا سید محمد فرید الدین جیلانی سید محمد قطب الدین جیلانی سید محمد منہاج الدین جیلانی ، ڈاکٹر حافظ محمد معین الدین جیلانی ، سید شاہ عزیز اللہ قادری انوار اللہی ، مولانا سید محمد رضا الحق علیمی شاہ مخاطب کریں گے ۔ مولانا مفتی محمد عظیم الدین ، مولانا مفتی خلیل احمد کے دست ہائے مبارکہ سے صدر جلسہ کی تصنیف کردہ کتاب ’ اسرار محمد درشرح رویت باری ‘ جلد سوم کی رسم اجرائی عمل میں آئے گی ۔۔

 

خواتین اور لڑکیوں کے لیے
سیرت کوئیز 2016
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام 22 جنوری کو 11 تا دوپہر ایک بجے دن مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی مسلم اور غیر مسلم خواتین اور لڑکیوں کے لیے اردوا ور انگریزی میں سیرت تحریری کوئیز 2016 منعقد ہوں گے ۔ جس کا پہلا انعام 10,000 روپئے ، دوسرا انعام 6000 روپئے اور تیسرا انعام 4000 روپئے رہے گا ۔ غیر مسلم خواتین اور لڑکیوں کے لیے خصوصی زمرہ کے تحت 10,000 روپئے کا پہلا ، 6000 روپئے کا دوسرا اور 4000 روپئے کا تیسرا انعام دیا جائے گا ۔ یہ کوئیز پروگرام پیغمبر اسلامؐ کی حیات مبارکہ اور سیرت طیبہ پر معلومات حاصل کرنے کا بہترین موقع ہوں گے ۔ جس میں حوالہ کے لیے تجلیات نبوتؐ ( اردو ) اور ’وین مون اسپلٹ ‘ ( انگریزی ) سی ڈیز کے ساتھ فراہم کئے جائیں گے ۔ جس کے لیے الھدیٰ انسٹی ٹیوٹ کے دفتر واقع ٹولی چوکی یا مصری گنج سے راست یا فون نمبرات 8977867154 ۔ 9885204229 ۔ 9701236367 پر ربط کریں ۔۔