مذہبی خبریں

تنظیم بنت حرم کی مجلس نعت رسول اللہ ؐ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( راست ) : تنظیم بنت حرم کی جانب سے نعتیہ مجلس برائے خواتین و طالبات بروز اتوار یکم جنوری کو صبح 11 تا 3 بجے دن مدرسہ بنات الحرم اندرون مکہ مسجد زیر نگرانی محترمہ صبیحہ صدیقی ( صدر تنظیم بنت حرم و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و ممبر میاریج کونسلنگ کمیٹی ) ہوگی ۔ نعتیہ مجلس کا آغاز محترمہ نعیم النساء فاروقی کی قرات کلام پاک اور طالبہ مدرسہ بنات الحرم کی حمد باری تعالیٰ سے ہوگا ۔۔

 

عرس حضرت صابر احمد حسینی بغدادیؒ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : حضرت سید صابر احمد حسینی بغدادیؒ کے 3 روزہ عرس شریف کا 29 دسمبر سے آغاز مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری ( وارث سرکار وطن چشتی چمن ) کی زیر سرپرستی بعد نماز مغرب مراسم صندل مالی سے ہوگا ۔ جناب احمد علی شاہ افتخاری سجادہ نشین و متولی درگاہ معلیٰ و مسجد حرمین مانصاحب ٹینک کی زیر نگرانی جناب محمد علی شاہ ثانی نائب سجادہ نشین مراسم ادا کریں گے ۔ مولانا پیر نقشبندی ’ حدود شریعت میں مزارات پر حاضری ‘ کے زیر عنوان خطاب اور خصوصی دعا کریں گے ۔ بعد نماز عشاء جلسہ فیضان اولیاء ؒ سے مولانا حبیب خطیب و امام مسجد حرمین مخاطب کریں گے ۔ 30 دسمبر کو بعد نماز عشاء محفل چراغاں کا انعقاد عمل میں آئے گا اور 31 دسمبر کو مجلس ختم قرآن پاک سلام بحضور سرکار ﷺ کے بعد فاتحہ خوانی ہوگی ۔۔

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام دینی اجتماع 29 دسمبر کو 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ نگران تحریک مولانا محمد فاروق رضا قادری خطاب کریں گے ۔۔

 

کل ہند بزم رحمت عالم کا
جلسہ میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( راست ) : کل ہند بزم رحمت عالم کا اجلاس مانصاحب ٹینک میں جناب ایم اے مجید صدر بزم کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ صدر بزم نے کہا کہ بزم کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی جلسہ میلاد النبیؐ یکم جنوری اتوار 2 تا5  بجے دن مدینہ ایجوکیشن سنٹر نزد حج ہاوز نامپلی پر منعقد ہوگا ۔ جس میں مقامی و بیرونی علمائے کرام شرکت اور مخاطب کریں گے ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ جاریہ سال بزم کی جانب سے انٹرنیشنل پیس ایوارڈ غیر مسلم شخص کو دیا جائے ۔۔

 

محفل نعت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( راست ) : انجمن کاروان حسان ؓ طالبات کی مرکزی محفل نعت شہہ کونینﷺ 29 دسمبر ماڈرن فنکشن ہال ہمت پورہ میں منعقد ہے ۔ محفل کا آغاز 2 بجے سے ہوگا ۔۔