مذہببی خبریں

چودہ سو سال قبل نبی کریمﷺ کے ذریعہ انقلاب برپا
مسلم ویمنس اٹلیکچول فورم کے جلسہ سیرت سے مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد 15 اپریل (راست) انقلاب کے معنی ہیں بدل جانا، پلٹ جانا، لوٹ جانا، انسانی معاشرے کے اجتماعی نظام میں کوئی بنیادی تبدیلی پیدا ہوجانا۔ تاریخ انسانی کا اگر ہم جائزہ لیں تو ہم کو معلوم ہوگا کہ دنیا کا سب سے عظیم ترین انقلاب وہ تھا جو محمد عربی صلی اللہ علیہ و سلم نے چودہ سو سال پہلے جزیرہ نما عرب میں برپا فرمایا۔ اس میں ہر شئے بدلی، مذہب بدلا، سیاسی نظام بدلا، معاشرتی نظام بدلا، عقائد ، عبادات بدل گئے۔ غرض یہ کہ آپ ﷺ نے معاشرہ کا مستحکم نظام قائم کیا۔ یہ بات مولانا محمد اعظم ندوی استاذ المعہد العالی الاسلامی نے ’’انقلابِ نبویؐ‘‘ پر مسلم ویمنس انٹلیکچول فورم کی جانب سے منعقدہ ایک روزہ جلسہ سیرت النبیؐ بمقام اے کے فنکشن پیالس محمود گوڑہ سکندرآباد میں بروز منگل خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ محترمہ ثمینہ تحسین صدر مسلم ویمنس اٹلیکچول فورم نے ’’نبیؐ رحمت اللعالمین‘‘ پر تقریر کرتے ہوئے کہاکہ آپ ﷺ نے مشکل ترین حالات و مصائب میں بھی صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ محترمہ سمیہ فہمین نے ’’عظمت مصطفی ﷺ‘‘ پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ﷺ کی عظمت آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا مقام و مرتبہ کا اندازہ لگانا کسی نبی کیلئے ہی ممکن ہے۔ ڈاکٹر قدوس سلطانہ نے ’’نبیؐ معلم اخلاق‘‘ پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ﷺ اخلاق کے بلند ترین مقام پر فائز ہیں۔ محترمہ جبین سلطانہ نے نبی ﷺ کی نبوت سے پہلے کے حالات پر روشنی ڈالی۔ محترمہ امۃ اللہ نے ’’آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی مکی زندگی‘‘ پر مخاطب کیا۔ محترمہ فرزانہ نے ’’آپ ﷺ کی مدنی زندگی‘‘ پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو بشیر و نذیر بناکر بھیجا۔ محترمہ عابدہ صدیقہ نے ’’نبی ﷺ کی صاحبزادیاں‘‘ پر خطاب کیا۔ محترمہ نفیسہ سلطانہ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ محترمہ زینت یٰسین و جائنٹ کنوینر زرینہ نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس جلسہ کا آغاز محترمہ نفیسہ سلطانہ کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ صدف نے نعت شریف پیش کی۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند محلہ ملے پلی کا ہفتہ واری اجتماع بیت الخیر کامپلکس انجمن گراونڈ ملے پلی میں جمعرات 16 اپریل کو بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔ ڈاکٹر محمد محبوب فرید سورۂ حج کے چھٹے رکوع کا درس دیں گے ۔ جناب فہیم الدین احادیث کا حاصل مطالعہ بہ زبان انگریزی پیش کریں گے ۔۔
٭٭ پروفیسر محمد مصطفی شریف ڈائرکٹر دائرۃ المعارف العثمانیہ کا درس قرآن مجید انہی کے مکان واقعہ ڈیفنس کالونی لنگر حوض قریب مسجد غوثیہ بروز جمعرات کو 9 بجے شب منعقد ہے ۔۔

جامعہ فیض الاسلام میں سمر کورس کا آغاز
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : فیض الاسلام سلامی اسٹریٹ وٹے پلی میں اسکول اور کالجس کے طالبات کے لیے نماز و غسل کے طریقے ، واجبات و سنن نماز ، حدیث و دعائیں ، نواقض وضو ، نواقض نماز اور شب و روز کے عام فہم مسائل کی تعلیم و تربیت کے لیے 45 روزہ کورس کا 25 اپریل تا 10 جون قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ اپنے نونہالوں کو قرآن کریم تعلیم اور دیگر دینی معلومات کے لیے بانی و مہتمم جامعہ مولانا محمد عبدالغفار خاں سلامی سے راست اوقات مدرسہ 8 تا 1 بجے یا فون نمبرات 24472591 ۔ 8977994806 پر ربط کریں ۔۔

تحریک اسلامی کی کانفرنس آج مقرر
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کے وصال 22 جمادی الثانی کے موقع پر تحریک اسلامی کے زیر اہتمام کانفرنس 16 اپریل کو بعد نماز عشاء 9 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر قیادت مولانا محمد آصف بلال قادری منعقد ہوگی ۔ صدارت و خصوصی خطابات مولانا محمد مشہودی الرضوی القادری کریں گے ۔ نگرانی مولانا محمد فاروق قادری کریں گے ۔ صدر استقبالیہ حافظ خالد عبدالمنان قادری اور نظامت کے فرائض سید اسماعیل قادری انجام دیں گے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : محترمہ سیدانی ماں صاحبہ کی 2 روزہ عرس تقاریب کا آغاز 17 اپریل کو بعد نماز مغرب بنڈل گوڑہ عثمان باغ مقرر ہے ۔ صندل شریف 17 اپریل کو بعد نماز مغرب اور محفل چراغاں 18 اپریل بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔۔

محفل فیضان نور الانوارؒ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : چندو لال بارہ دری اویسی اسپورٹس گراونڈ عمدہ بازار گورنمنٹ ہائی اسکول میں 16 اپریل جمعرات کو بعد نماز عشاء محفل فیضان حضرت سید نور الانوار منعقد ہوگی ۔ 10-30 بجے شب محفل سماع مقرر ہے ۔ مولانا خواجہ محمد اعجاز علی شاہ قادری نگرانی کریں گے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی قاسمی کے بموجب 16 اپریل کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد زکریا فہد قاسمی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔۔

ہفتہ واری اجتماعات
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : دعوت اسلامی کے زیر اہتمام بروز جمعرات مسجد زبیدہ بیگم آصف نگر پی ایس مہدی پٹنم بعد نماز عشاء ، رضیہ مسجد ملک پیٹ بعد نماز مغرب ، فتح شاہ مسجد تالاب کٹہ بعد نماز عشاء ، خالصہ مسجد غوث نگر بعد نماز عشاء ، مسجد بلال نواب صاحب کنٹہ بعد نماز عشاء اور مسجد معراج قطب شاہی پنجہ گٹہ بعد نماز عشاء اجتماعات مقرر ہے ۔۔

مرکزی جلسہ قرات قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : مدرسہ باب العلوم و اسٹار آرٹ اینڈ کلچرل اسوسی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ مرکزی جلسہ قرات قرآن کریم جامع مسجد رنمست پورہ نزد زو پارک 18 اپریل کو بعد نماز عشاء منعقد ہوگا جس کی صدارت مولانا محمد عبداللہ قریشی نائب شیخ الجامعہ نظامیہ کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا مفتی محمد عظیم الدین ، مولانا ابو عمار عرفان اللہ شاہ نوری ، مولانا سید احمد پاشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا مفتی سید ضیا الدین نقشبندی ، مولانا محمد رضوان قریشی ، میر معظم علی خاں ، الحاج جعفر حسین ، جناب طاہر جمیل عابد شاہ ولی ، مولانا شمس الدین زماں وغیرہ شرکت کریں گے ۔ الداعی حافظ و قاری صلاح الدین جاوید کے بموجب عالمی شہرت یافتہ قراء کرام تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کریں گے ۔ مصری ، سعودی خوش الحانی اور مختلف لہجوں میں مظاہرہ قرات کر کے سامعین کو محظوظ کریں گے ۔ مولانا عبدالرشید خاں اور قاری محمد ولایت قادری نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔

جلسہ ہائے فیضان صدیق اکبرؓ
برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : دعوت اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام 16 اپریل بعد نماز عصر حسب ذیل مقامات پر سالانہ جلسہ ہائے فیضان امیر المومنین سیدنا ابوبکر صدیقؓ برائے خواتین منعقد ہوں گے ۔ تالاب کٹہ بھوانی نگر مدرستہ العطیہ للبنات میں مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری سرپرستی کریں گے ۔ حافظہ فوزیہ طہ ، حافظہ تحسین صدف کے خطابات ہوں گے ۔ جب کہ محمد نگر ( جاوید نگر ) نزد ریلوے بریج عیدی بازار معہد برکات العلوم عربیہ میں قاریہ ام الخیر سیدہ فاطمہ فرحاں نقشبندیہ قادریہ صدارت و نگرانی کریں گی ۔ حافظہ و قاریہ آفرین نورہ کا خطاب ہوگا ۔ صلواۃ و سلام و خصوصی دعا پر جلسوں کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ خدمت و معیت رسولؐ میں سب سے ممتاز
بزم صدیقین کے جشن صدیق اکبرؓ سے مولانا اعظم علی صوفی اور مولانا رضوان پاشاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : حضوراکرمﷺ اپنی حین حیات اپنامصلیٰ سیدنا صدیق اکبرؓ کو عطا فرما کر یہ بتلادیا کہ امامت صدیق اکبرؓ کی ہوگی اور وہ رسول اللہ ﷺ کے جانشین ہو ںگے ۔ حضرت صدیق اکبرؓ کے بارے میں سیدنا عمر ؓ فرمایا کرتے تھے کہ میری زندگی کی تمام نیکیاں لے کر ابوبکرؓ ہجرت کی رات حضور کی خدمت والی نیکی مجھے دیدیں تو میں سمجھوں گا کہ سودا سستا ہے ۔ سیدنا صدیق اکبرؓ صحابہ میں اپنے علم و فضل ، جود و سخا ، ہمت و شجاعت ، جانثاری و وفاداری اور خدمت و معیت رسولؐ میں سب سے ممتاز ہیں ۔ حضرت صدیق اکبرؓ نے اپنا سب کچھ ہمیشہ دین اسلام کے لیے لٹایا ہے اور سورۃ اللیل کی آخری پانچ آیات میں پروردگار نے اس کا تذکرہ کیا ہے ۔ بزم صدیقین کے زیر اہتمام خواجہ شوق ہال اردو مسکن خلوت میں علامہ مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ کی سرپرستی میں منعقدہ جشن صدیق اکبرؓ میں مولانا حافظ سید شاہ رضوان پاشاہ قادری لاابالی نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ قاری احمد محی الدین کی قرات ، قاری ارشد علی صدیقی نیر کی نعت اور سید عمران مصطفی کی منقبت سے جشن کا آغاز ہوا ۔ علامہ مفتی محمد عظیم الدین نے افتتاحی دعا کی ۔ جناب محمد فاروق علی رشید صدیقی نے خطبہ استقبالیہ اور معتمد بزم قاضی اسد ثنائی نے تعارفی تقریر کی ۔ علامہ قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی صدر جمعیتہ المشائخ نے اپنی صدارتی تقریر میں سورۂ فتح کی آخری آیت کو عنوان بناکر فرمایا کہ خلافت کی ترتیب وہی ہے جو اس آیت مبارکہ میں آئی ہے ۔ یعنی معہ سے مراد سیدنا ابوبکر صدیقؓ اشداء علی الکفار سے مراد سیدنا عمر فاروقؓ ہیں ۔ رحماء بینھم سے مراد سیدناعثمان غنیؓ اور ترھم رکعا سجداً سے مراد سیدنا علی ؓ شیر خدا ہیں ۔ اس بات پر اجماع صحابہ اور اہل بیت ہے کہ بعد از انبیاء سب سے افضل حضرت ابوبکر صدیقؓ ہیں ۔ بعد ازاں غیر طرحی منقبتی مشاعرہ منعقد ہوا ۔۔

عرس شریف
٭٭ حضرت شاہ سید احمد القادری الملتانی المعروف نکتہ نما قادری محرم ؒ عرس شریف و سالانہ فاتحہ سید شاہ کریم اللہ حسینی القادری الملتانی ؒ و حضرت پیرانی ماں صاحبہؒ 18 اپریل زیر سرپرستی سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ سید پیر حسینی القادری الملتانی امام پورہ شریف مقرر ہے ۔ تقاریب عرس شریف کا آغاز قیام گاہ سجادہ نشین محلہ سمتا کالونی ٹولی چوکی بعد نماز عصر تلاوت کلام پاک و ختم سے ہوگا ۔ بعد نماز عشاء درگاہ شریف برمزار معزؒ گل افشانی و فاتحہ ہوگی ۔ مراسم عرس شریف خلیفہ و جانشین دوم انجام دیں گے ۔ قیامگاہ سجادہ نشین پر دس بجے شب محفل میلاد شریف منعقد ہوگی ۔۔

مدرسہ سراج المومنات مشیر آباد میں آج جلسہ اردو
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : اردو زبان کی ترقی و ترویج کے لیے نئی نسل کو اردو زبان سے جوڑنے گھر گھر اردو کے ضمن جلسہ اردو 16 اپریل کو 6 بجے شام مدرسہ سراج المومنات واقع مشیر آباد بھولکپور منعقد ہوگا ۔ جناب محمد اسمعیل الرب انصاری صدر نشین تلنگانہ اردو فورم کے تعاون و اشتراک سے جلسہ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔جلسے کے موقع پر طلباء اور طالبات میں اردو دانی ، زبان دانی ، اور انشاء کے اسناد تقسیم کیے جائیں گے ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ العلمائے ہند آندھرا تلنگانہ ، مسرز سجاتا تحصیلدار مشیر آباد ، جناب محمد اسمعیل حسین کے علاوہ دیگر اہم شخصیتیں شرکت کریں گے ۔صدارت جناب محمد اسمعیل الرب انصاری کرینگے ۔۔

تعارف اسلام کلاسیس
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : کنوینر کلاسیس جناب جلال عارف کے بموجب گرمائی تعطیلات میں سید غوث خاموشی اسلامک ٹرسٹ کی جانب سے ہائی اسکولس ، انٹر و ڈگری کالجس کے طلباء وطالبات کے لیے تعارف اسلام کلاسیس 25 اپریل تا 5 مئی تک صبح 9 بجے سے 12-30 بجے دن تک اعظم فنکشن ہال مغل پورہ منعقد ہوں گے ۔ جس میں سیرت طیبہ ، تاریخ ، اسلام ، قرآن و حدیث اور حالات حاضرہ پر علماء ، پروفیسرس و دانشور حضرات ہر روز دو لکچرس دیں گے ۔ بعد ختم کلاسیس منعقد کئے جانے والے امتحان میں میرٹ کی بنیاد پر شیلڈ کی تقسیم بھی عمل میں آئے گی ۔ ہائی اسکولس ، جونیر و ڈگری کالجس کے طلباء و طالبات سے گذارش ہے کہ وہ رجسٹریشن فارم ، ٹائم ٹیبل اعظم فنکشن ہال مغل پورہ سے حاصل کر کے دو پاسپورٹ سائز فوٹوز معہ بونافائیڈ کے 25 اپریل سے پہلے داخل کریں ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9885886775 پر ربط کریں ۔۔

مجلس اہل سنت و جماعت کا مشاورتی اجلاس
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کی جانب سے سلطان الہند حضور خواجہ غریب نوازؒ کے فیضان و تعلیمات سے واقف کروانے اور خراج عقیدت پیش کرنے فیضان خواجہ غریب نواز ؒ کے جلسوں کے انعقاد اور تیاری کے سلسلہ میں مختلف تنظیمی امور پر غور و خوض کرنے کے لیے ایک مشاورتی اجلاس 16 اپریل کو 8-30 بجے شب غریب نواز مارکٹ چھتہ بازار زیر سرپرستی مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدر مجلس مقرر ہے ۔۔

مسلم گرلز اسوسی ایشن کے اسکولس و کالجس
کی طالبات کیلئے ’ تعارف اسلام کورس ‘
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : مسلم گرلز اسوسی ایشن انڈیا کی جانب سے گرمائی تعطیلات میں اسکولس و کالجس کی طالبات اور تعلیم یافتہ خواتین میں اسلامی شعور کو بلند کرنے اور اخلاقی تعلیمات سے آراستہ کرنے کے لیے مختصر مدتی خصوصی 40 روزہ ’تعارف اسلام کورس ‘ منعقد کررہی ہے ۔ اس سال یہ کورس 15 اپریل تا 25 مئی شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے 19 سے زائد علاقوں و مقامات پر آغاز ہوچکا ہے اور مابقی 11 مقامات پر 25 اپریل سے آغاز ہوگا ۔ اس کورس میں ایمانیات ، عبادات ، قرآن کریم ، سیرت النبیؐ ، احادیث ، حلال و حرام ، شریعت اسلامی ، تاریخ اسلام ، حقوق اللہ ، حقوق العباد ، فقہ ، اخلاق و آداب ، اسلام میں عورت کا مقام ، حجاب کی اہمیت ، امہات المومنین ، صحابہ کرام و صحابیات انفرادی و اجتماعی معاملات جیسے 80 سے زائد اہم عنوانات پر اسلامی اسکالرس و پروفیشنل طالبات لکچرس دیں گے ۔ دلچسپی رکھنے والے والدین ، خواتین و طالبات سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ رجسٹریشن فارمس ہیڈ آفس اور متعلقہ سنٹرس سے حاصل کرسکتے ہیں ۔ تفصیلات کے لیے 66632673 پر ربط کریں ۔۔

دفتر سیاست پر دینیات کی کتاب رعایتی قیمت پر دستیاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( راست ) : ادارہ سیاست اور مکتبہ تعلیم بالغان کے تعاون سے دینیات ( رومن انگلش ) کی کتاب مع عربی متن عصری علوم کے طلباء کے لیے ترتیب دی گئی ہے ۔ جو دس عناوین پر مشتمل ہے ۔ نیز دینی گرمائی تعلیمی کورس اور گھر پر دینی تعلیم حاصل کرنے والوں کیلئے مفید ہے ۔ یہ کتاب دفتر سیاست عابڈس پر سے رعایتی قیمت یعنی 20 روپئے میں حاصل کرسکتے ہیں ۔۔

استقبال نقارہ مبارک
حیدرآباد 15 اپریل (راست) بانی ادارہ چہاردہ معصومین مولوی سید کاظم حسین عابدی دارالشفاء میں 29 جمادی الآخر کو 12 بجے شب استقبال نقارہ مبارک مقرر ہے۔ پہلا نقارہ ادارۂ چہاردہ معصومین کی جانب سے برآمد ہوگا۔ دوسرا نقارہ مولا کا چھلہ سے برآمد ہوکر دارالشفاء پہونچے گا۔ سید حسن عباس ہاشم عابدی، سید حیدر عباس عابدی، سید حسین عباس لائق عابدی، سید کامران زیدی اور سید محمد کاظم عباس عابدی قصیدہ خوانی کریں گے۔

عرس شریف
٭ عرس شریف پیر طریقت حضرت سید شاہ سجاد علی صوفی قادری حسنی حسینی درویش صوفی معزؒ 16 اپریل کو درگاہ حضرت بیرون دریچہ بواہیر حسینی علم میں مقرر ہے۔ بعد نماز عصر تا مغرب ختم قرآن مجید اور بعد نماز مغرب صندل مالی کی رسم سجادہ نشین انجام دیں گے۔

جلسہ تقسیم اسناد، عطائے خلعت و دستاربندی فاضلات کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ
حیدرآباد 15 اپریل (پریس نوٹ) علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ کے تحت لڑکیوں کی اعلیٰ دینی تعلیم و تربیت کا مرکز کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ واقع قاضی پورہ، شاہ علی بنڈہ روڈ حیدرآباد کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد 19 اپریل یکشنبہ 10 بجے دن مقرر ہے۔ صدارت محترمہ ممتاز بیگم صدر معلمہ کلیۃ البنات کریں گی۔ محترمہ سیدہ رضوانہ فاطمہ کی قرأت قرآن مجید اور شریفہ مریم کی نعت شریف سے جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوگا۔ محترمہ ممتاز بیگم خطبہ استقبالیہ دیں گی۔ بزبان اُردو سمیرہ فاطمہ اور بزبان عربی عائشہ بیگم کی تقاریر ہوں گی۔ تعلیمی رپورٹ محترمہ عابدۃ النساء بیگم معلمہ کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ پیش کریں گی۔ تذکرہ حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ محترمہ خدیجہ جبین معلمہ کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ بیان کریں گی۔ تقسیم اسناد و خلعت و دستاربندی فاضلات بدست محل مبارک مولانا سید شاہ طاہر رضوی سابق صدر الشیوخ جامعہ نظامیہ و محل مبارک مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ، جامعہ نظامیہ عمل میں آئے گی۔ تقسیم انعامات محل مبارک مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ، گولڈ میڈل بدست محل مبارک مولانا سید محمد صدیق حسینی رکن معزز مجلس انتظامی جامعہ نظامیہ عمل میں آئیں گے۔ سال حال جامعہ نظامیہ کے امتیازی کامیاب طالبات کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ کو حسب ذیل گولڈ میڈل دیئے جارہے ہیں۔ حمیرہ فاطمہ بنت محمد اعظم کو حضرت خواجہ محبوب اللہ شاہ علیہ الرحمہ گولڈ میڈل، منجانب انتظامی کمیٹی درگاہ حضرت خواجہ محبوب اللہ شاہ علیہ الرحمہ ، حمیرہ صدیقہ بنت اشفاق احمد کو امام سبکی علیہ الرحمۃ گولڈ میڈل، مہناز فاطمہ بنت قادرالدین احمد کو حضرت سید شاہ عبدالقادر صوفی محدث سکندرآبادی گولڈ میڈل، منجانب خانقاہ روضۃ الاصفیاء شاہ ولی اللہی سکندرآباد محترمہ سیدہ میمونہ بنت سید رؤف علی، جناب سرتاج محمد خاں گولڈ میڈل، منجانب محترمہ سراج محمد سراج صدر حراء ایجوکیشنل سوسائٹی (جدہ) ۔ اس کے علاوہ مولوی 77 عالمہ، 61 فاضلین، 22 کامل الحدیث، 10 کامل التفسیر، 1 کامل الفقہ، 1 اور ڈپلوما اِن عربک کو 64 اہل خدمات شرعیہ 200 قرأت امام عاصم کوفیؒ 110 طالبات کو اسناد عطاء کئے جائیں گے۔