مدہوش ڈرائیور۔ خودکش بمبار کی مانند

نئی دہلی۔/31مارچ، (سیاست ڈاٹ کام ) ایک مدہوش ڈرائیور ایک خود کش بمبار کی طرح جو نہ صرف اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈال دیتا ہے بلکہ راہگیروں کی جان کیلئے خطرہ بن جاتا ہے۔ سٹی کی ایک عدالت نے آج یہ بات کہی اور حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت سزا کی تجویز پیش کی۔ عدالت نے ایک آٹو ڈرائیور کو دی گئی سزا برقرار رکھتے ہوئے یہ سخت ریمارکس کئے۔ ایڈیشنل سیشن جج و یریندر بھٹ نے کہا کہ ایک مدہوش ڈرائیور ایک خودکش بمبار کی مانند ہوتا ہے جو کہ اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈالتے ہوئے دوسرے راہگیروں کی زندگی کیلئے خطرہ بن جاتا ہے اور وہ سخت سزا کا مستحق ہے تاکہ حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کیلئے عبرت اور حوصلہ شکنی ہوسکے ۔ مذکورہ جج نے ٹرائیل کورٹ کے حکم کے خلاف ملزم کی عرضی کو مسترد کردیا جس نے 20یوم کی سزائے قید سنائی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی سے ہی سڑکوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے اور قیمتی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مدہوش ڈرائیور، گاڑی چلاتے وقت برسر موقع مناسب فیصلہ یا مخالف سمت سے آنے والوں کا فی الفور جواب دینے کے قابل نہیں رہتا۔ عدالت کا یہ تاثر ایک آٹو رکشا ڈرائیور پون کمار کی عرضی پر آیا جس نے مجسٹریل کورٹ کی جانب سے 20یوم سزا قید اور 2ہزار جرمانہ عائد کرنے کے خلاف چیلنج کیا تھا۔ یہ ڈرائیور حالت نشہ میں آٹو چلاتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ آٹو رکشا ڈرائیور نے مصروف ترین اوقات میں گاڑی چلاکر سب سے بڑا جرم کیا ہے۔ اگر ٹریفک پولیس نے اسے نہ روکا ہوتا تو ایک خطرناک حادثہ پیش آسکتا تھا۔
تمباکو اور کینسر پر بی جے پی مرکزی وزیر کا تبصرہ
نئی دہلی ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن پارلیمنٹ دلیپ گاندھی کے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام تحقیقی مضامین سے جن میں تمباکو کو کینسر سے مربوط کیا گیا ہے، تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ہندوستانی سروے رپورٹ اس کی تصدیق نہیں کرتی۔ ان کے کل کے اس بیان پر بی جے پی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ پارلیمانی کمیٹی جس کے دلیپ گاندھی رکن ہیں، نے حکومت پر زور دیا کہ ایسے تبصروں پر امتناع عائد کیا جائے۔