مدھیہ پردیش کی کانگریس حکومت اکثریت ثابت کرے

بی جے پی کا مطالبہ ۔ گورنر سے مداخلت کی اپیل۔ کانگریس کا سخت ردعمل
بھوپال ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے پیر کو کہا کہ ریاست کی کمل ناتھ زیرقیادت کانگریس قیادت کو اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنا چاہئے۔ اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر گوپال بھارگوا نے کہا کہ اُن کی پارٹی گورنر آنندی بین پٹیل سے اپیل کرے گی کہ ریاستی اسمبلی کا اسپیشل سیشن طلب کریں تاکہ اہم مسائل پر غوروخوض کیا جائے اور کانگریس حکومت کی عددی طاقت کی آزمائش کی جائے۔ بھارگو نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ گورنر کو مکتوب تحریر کررہے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری انچارچ مدھیہ پردیش دیپک بابریہ نے کہا کہ ریاست کے عوام نے بی جے پی کو مسترد کردیا اور انھیں اسمبلی انتخابات میں ووٹ کے ذریعے بے دخل کردیا۔ کانگریس نے کہا کہ بی جے پی کمل ناتھ حکومت کو غیرمستحکم کرنے کوشاں ہے اور اس کیلئے بدعنوان طریقے استعمال کرنا چاہتی ہے۔