مدھیہ پردیش میں عام آدمی پارٹی کا29 نشستوں پر مقابلے کا فیصلہ

بھوپال۔/28فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ عام آدمی پارٹی نے مدھیہ پردیش میں تمام 29نشستوں پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح اب ریاست میں پہلی بار سہ رُخی مقابلہ دیکھنے میں آئے گا۔ قبل ازیں لوک سبھا انتخابات میں دورُخی مقابلے تو کئی بار دیکھنے میں آچکے ہیں۔ دریں اثناء عام آدمی پارٹی کی مدھیہ پردیش یونٹ کے کلید ترجمان اکشے ہنکا نے آج اعتماد کا اظہار کیا کہ پارٹی تیسرے متبادل کے طور پر اُبھریگی کیونکہ عوام نے قبل ازیں کانگریس اور بی جے پی کو کئی مواقع دیئے ہیں۔

مودی محنتی لیڈر اور میرے دوست ہیں: کروناندھی
چینائی۔/28فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر ڈی ایم کے ایم کروناندھی نے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو ایک انتہائی جفاکش شخص قرار دیا اور کہا کہ موصوف ان کے اچھے دوست ہیں۔ تمل روز نامہ ’ دینا ملار‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے مابعد انتخابات زعفرانی پارٹی کے ساتھ سیاسی اتحاد کے سوال کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھا۔ وزیر اعلیٰ گجرات کے بارے میں جب ان کی شحصی رائے پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ انتخابی مہمات کی انتہائی مصروفیت کو دیکھتے ہوئے وہ یہی کہہ سکتے ہیں کہ مودی ایک انتہائی محنتی لیڈر ہیں اور وہ میرے اچھے دوست بھی ہیں۔ ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ حالیہ ڈی ایم کے کی ریاستی کانفرنس میں انہوں نے جو اعلان کیا تھا کہ ڈی ایم کے کسی بھی فرقہ پرست طاقت سے سیاسی اتحاد نہیں کرے گی تو کیا ان کا مطلب بی جے پی سے تھا؟ جس پر فوری طور پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے اینکر سے پوچھ لیا کہ آپ یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ بی جے پی فرقہ پرست جماعت ہے؟ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ مابعد انتخابات بی جے پی کی قیادت والے اتحاد میں ڈی ایم کے شامل ہونے کے امکانات ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں فی الحال اس بارے میں کچھ نہیں سکتا۔ لوک سبھاانتخابات کے بعد صورتحال کیا ہوگی، اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔