مدھیہ پردیش : روزگار ووٹرس کیلئے اصل مسئلہ :سروے

بھوپال 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات کیلئے روزگار 5.14 کروڑ رائے دہندوں کیلئے اہم مسئلہ ہوگا ۔ جمہوری اصلاحات کی اسوسی ایشن ( اے ڈی آر ) کے ایک سروے میںیہ انکشاف کیا گیا ہے ۔ سروے میں پتہ چلا ہے کہ مدھیہ پردیش میں جملہ 61.91 فیصد رائے دہندوں کیلئے بہتر روزگار کے مواقع اہمیت کے حامل ہیں اور ان کیلئے زراعت ‘ کرپشن یا دہشت گردی کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے ۔ اے ڈی آر کے ریاستی کنوینر رالی شیوہارے نے کہا کہ جملہ 61.91 فیصد رائے دہندوں کیلئے جو دیہی اور شہری علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں بہتر روزگار کے مواقع ہی سب سے بڑا انتخابی مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر سطح پر 46.80 فیصد ووٹرس کیلئے ملازمتیں اہم مسئلہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں 70 فیصد عوام کیلئے روزگار کے بہتر مواقع اصل مسئلہ ہیں جبکہ دیہی علاقوں کے ووٹرس میں 59 فیصد اسے اصل مسئلہ سمجھتے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 39.19 فیصد رائے دہندوں کی دوسری ترجیح زرعی اشیا کی امدادی قیمت ہے جبکہ تیسرا مسئلہ رائے دہندوں کیلئے نگہداشت صحت کا ہے اور وہ بہتر دواخانے چاہتے ہیں۔