مخیر شخص سلوواکیہ کا اولین صدر منتخب

براٹسلاوا۔ 30؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ سیاست میں نووارد لکھ پتی آنڈریج کسکا نے صدارتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ ان کے حریف بائیں بازو کے کہنہ مشق سیاسی قائد وزیراعظم رابرٹ فیکو کو انتخابی شکست کا سامنا کرنا پڑا جو اقتدار پر اپنی گرفت مزید مضبوط کرنا چاہتے تھے۔ نئے صدر غیر جانبدار، اعتدال کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

انھوں نے اپنا کریر ایک تاجر کی حیثیت سے شروع کیا تھا۔ 51 سالہ کسکا سلوواکیہ کے پہلے صدر ہوں گے جنھیں 1993ء میں آزادی کے بعد کمیونسٹ پارٹی کے باہر سے منتخب کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ عوام کے ان پر اعتماد کی تکمیل کریں گے۔ اپنی کامیابی کی اطلاع پر انتخابی ہیڈ کوارٹر پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ سیاست کو زیادہ انسان دوست بنائیں گے۔ انتخابات کے بعد بھی فیکو وزیراعطم کے عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ وزیراعظم کے لئے 2016ء میں انتخابات مقرر ہیں۔ موجودہ وزیراعظم نے اپنی انتخابی ناکامی کا اعتراف کرلیا ہے اور اس کامیابی کا خیرمقدم کیا ہے۔