مختلف خاندانوں میں رمضان راشن کی تقسیم

انجمن اتحاد ایرانیان دکن کی تقریب میں قونصل جنرل ایران کی شرکت
حیدرآباد 30جون (سیاست نیوز) قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آغا حسن نوریان نے آج مرکزی انجمن اتحاد ایرانیان دکن کی جانب سے مختلف خاندانوں میں رمضان راشن کی تقسیم کی تقریب میں حصہ لیا ۔ دربار حسینی ایرانیان میں منعقدہ اس تقریب میں غریب خاندانوں کو راشن پیاکس تقسیم کئے گئے ۔آغا حسن نوریان نے گذشتہ 20 سال سے جاری راشن تقسیم کی اس کاوش کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران غریب خاندانوں کو امداد کی فراہمی کے ذریعہ انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ضروری ہے اور اس طرح کے پروگرامس کے ذریعہ غریب و مستحق خاندانوں کی مدد کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے انجمن اتحاد ایرانیان دکن کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں موجود خاندانوں میں چاول وغیرہ تقسیم کئے ۔ آغا علی پاریاد سینئر قونصل آغا علی اکبر نیرومند ‘ مہدی آغا کربلائی ‘حسن زارے ‘محمد آغا قبلہ زارے و دیگر موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انجمن کی جانب سے اس سال ماہ رمضان المبارک کے دوران 2 ہزار غریب مستحق خاندانوں میں رمضان راشن پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے اور اس تقسیم کے عمل کا آج باضابطہ آغاز کردیا گیا ۔قونصل جنرل ایران نے اس موقع پر موجود افراد کو ماہ رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران غرباء و مساکین کی دادرسی اُمت مسلمہ کی ذمہ داری ہے اور اس طرح کے اقدامات اُمت واحدہ کے تصور کوفروغ دینے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں ۔ مرکزی انجمن اتحاد ایرنیان کے ذمہ داروں نے بتایا کہ گذشتہ 20 برسوں سے انجمن اپنے طور پر جہاں تک ممکن ہوسکے غریب خاندانوں کی نشاندہی کرکے انہیں غذائی اجناس فراہم کررہی ہے ۔ اسی طرح مستقبل میں بھی اس سلسلہ میں جاری رکھنے کا منصوبہ ہے ۔