محکمہ ٹریفک کی سکھ نوجوان کو چالان کرنے پر معذرت خواہی

پشاور۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے اس شہر میں ٹریفک پولیس حکام نے جمعرات کے روز سکھ برادری سے معذرت خواہی کرلی کہ ایک سکھ موٹرسائیکل کو غلطی سے بغیر ہیلمٹ گاڑی چلانے کیلئے چالان کردیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ایک ٹریفک وارڈن نے منگل کے روز موٹر سائیکل سوار سکھ نوجوان کو چالان کردیا تھا۔ دریں اثناء ٹریفک پولیس کے ترجمان نے بھی اس بات کی توثیق کی کہ سکھ نوجوان پر غلطی سے چالان کیا گیا جس کے بعد سکھوں کے ایک وفد کی جانب سے اس واقعہ کی نشاندہی کئے جانے پر ٹریفک حکام نے معذرت کرلی۔ یاد رہیکہ موٹر سائیکل چلاتے وقت سکھ قوم کے افراد کو ہیلمٹ کے استعمال سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔