محکمہ مال ، بلدیہ اور پنچایت راج قوانین میں ترمیم کی تجویز

ریاست تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔2جون(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں شفاف اور بدعنوانیوں سے پاک حکمرانی کی فراہمی کیلئے عوام حکومت سے تعاون کرے اور ریاست کی مجموعی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو کامیاب بنائیں۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست تلنگانہ کے 5ویں یوم تاسیس کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد خطاب کے دوران یہ بات کہی۔انہوں نے تلنگانہ عوام کو ریاست کے قیام کے 5سال کی تکمیل کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ نے مختصر مدت میں قومی سطح پر ترقی کا ریکارڈ قائم کیا ہے اور مرکزی حکومت ہی نہیں بلکہ اقوام متحدہ میں بھی ریاست تلنگانہ میں شروع کی جانے والی اسکیمات کی سراہنا کی جارہی ہے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ تبدیلی کو اختیار کرتے ہوئے اقدامات کئے جائیں اور حکومت تلنگانہ نے روایتی اسکیمات اور اقدامات کے بجائے اصلاحات پر توجہ دی اور عوام کے مکمل تعاون کے سبب ریاست تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی ممکن ہورہی ہے۔ انہو ںنے مجوزہ بلدیہ ‘ پنچایت راج اور محکمہ مال کے قوانین میں ترمیم اور نئے ایکٹ کی تدوین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ مال کے قوانین میں موجود نقائص کے سبب رشوت کا چلن عام ہے اور شہریوں کو بدعنوان عہدیداروں کی ہراسانی کا شکار ہونا پڑرہا ہے ۔ اسی لئے حکومت تلنگانہ نے اپنی دوسری معیاد کے آغاز میں محکمہ مال ‘بلدیہ اور پنچایت راج قوانین میں ترمیم کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس منصوبہ کے تحت کئے جانے والے اقدامات کے طور پر نئی قانون سازی کرتے ہوئے ان محکمہ جات میں موجود بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو ختم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں بدلتے وقت کے ساتھ حالات کے تقاضوں کو پورا کرنے والے قوانین کی ضرورت محسوس ہورہی ہے اور حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے علاوہ بدعنوانیوں کے خاتمہ اور شفافیت کے ساتھ روزگار کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے باغ عامہ میں منعقدہ یوم تاسیس تقریب سے خطاب سے قبل یادگار شہیدان تلنگانہ پر پہنچ کر شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے عوام کے ساتھ کامیاب جدوجہد کے ذریعہ علحدہ ریاست حاصل کرتے ہوئے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی شروعات کی اور اسی لئے ریاست تلنگانہ میں حکومت نے بتکماں‘ بونال‘ کرسمس اور رمضان کو سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں مذہبی رواداری اور یکجہتی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہو ںنے ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کسانو ںکی بہبود اور ان کی فصلوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اسی طرح ریاست تلنگانہ میں وظیفہ پیرانہ سالی ‘ بیوگان‘معذورین کی فراہمی اور ان میں اضافہ کیا گیا کیونکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو اس بات کا احساس ہے اور ٹی آر ایس اور تلنگانہ عوام نے عزت نفس کے تحفظ کیلئے ہی علحدہ ریاست تلنگانہ کی جدوجہد کی تھی جو کہ 5سال قبل کامیاب ہوئی۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کو بہتر بنانے کے علاوہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے ہریتا ہرم پراجکٹ کی شروعات کی تاکہ تلنگانہ عوام کو بہترین ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہو ںنے حکومت تلنگانہ کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں وہ تمام طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے ہیں اور ریاست کے تمام طبقات حکومت کے طرز کارکردگی سے مطمئن ہیں۔انہوں نے بتایا تلنگانہ تحریک کے دوران آندھرائی قائدین کی جانب سے تلنگانہ تحریک کا مذاق اڑائے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ تلنگانہ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے تھے وہ لوگ اب گوشۂ گمنامی میں جانے لگے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے سیاسی بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے سبب ریاست کی شرح ترقیات 16.5 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور حکومت کی جانب سے تمام شعبوں میں ترقی کیلئے اقدامات کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ مختصر مدت میں تلنگانہ میں برقی قلت پر قابو پانے کی حکومت کی جانب سے کامیاب کوشش کی گئی جس کے نتیجہ میں اب ریاست تلنگانہ فاضل برقی پیداوار کرنے والی ریاستوں میں شمار کی جانے لگی ہے۔انہو ںنے اپنے خطاب کے د وران تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاست کی گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دیا جائے اور ریاست میں رہنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں میں اتحاد و اتفاق برقرار رہے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی مجموعی اور مثالی ترقی کیلئے حکومت کو ریاست کے عوام کے تعاو ن کی ضرورت ہے تاکہ ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔انہو ںنے اپنے خطاب کے دوران ریاست میں حکومت کی جانب سے مختلف طبقات کے لئے شروع کردہ اقامتی اسکولوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ان اسکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے ذریعہ تمام طبقات کے طلبہ میں مسابقت پیدا کی جا رہی ہے ۔تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب میں مسٹر چندر شیکھر راؤ کے کابینی رفقاء‘ سیاسی قائدین ‘ ارکان پارلیمان‘ ارکان اسمبلی ‘ صدورنشین‘ عہدیداروں کے علاوہ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن اور دیگر موجود تھے۔